Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 08 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں جلد ہی سرکاری نوکر بھرتی کا کابینہ میں وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ داخلہ و مراٹھی محکمہ سمیت آٹھ محکموں کے ضمنی مطالبات اسمبلی میں منظور۔
٭ عوامی تقسیم کے نظام میں مبینہ چاول بدعنوانی معاملے میں تحقیقات کے اسپیکر کے احکامات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کا ”شیام دیشپانڈے گرنتھ سکھا ایوارڈ“ امبہ جوگائی کے ابھیجیت جوندھڑے کو ظاہر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے اکثر اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ؛ جائیکواڑی میں 57 فیصد پانی کا ذخیرہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز اسمبلی میں ریاست کیلئے جلد ہی سرکاری ملازمتوں کیلئے ایک میگا بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ ایک توجہ دلاؤ تحریک کے جواب میں وہ اطلاع دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے 70 ہزار آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کیا تھا اور اب یہ تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پرانے ڈھانچے میں 150 دن کے اندر ترمیم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور یہ عمل مکمل ہونے کے بعد بھرتی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ درجِ فہرست قبائل کی پوائنٹ لسٹ میں تمام آسامیاں نئی بھرتی کے عمل میں پُر کی جائیں گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ ذات کے سرٹیفکیٹ کی درستگی کے نظام کو مزید شفاف اور تیز تر بنایا جائے گا۔ انھوں نے یقین دلایا کہ درجِ فہرست قبائل کی خالی آسامیوں کو پُر کیا جارہا ہے اور قبائلی برادری کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائیگی۔
اس اجلاس میں پیش کیے گئے ضمنی مطالبات میں سے مختلف محکموں کے ضمنی مطالبات کو اسمبلی نے کل ہوئی بحث کے بعد منظور کرلیا۔ اس میں محکمہ داخلہ کے 421 کروڑ 72 لاکھ روپئے‘ محکمہ زراعت کے 132 کروڑ 33 لاکھ، محکمہئ تحفظ ِ مویشیان کے 15 کروڑ 20 لاکھ، دودھ محکمہ کے 66کروڑ 42 لاکھ، محکمہ ماہی پروری کے 15 کروڑ 41 لاکھ، صنعتی محکمے کے 88کروڑ 61 لاکھ‘ توانائی محکمے کے 47 کروڑ 68 لاکھ، لیبر اور مائننگ محکمے کے دو کروڑ 73لاکھ، جبکہ مراٹھی زبان محکمے کے 45لاکھ 74 ہزار روپؤں کے ضمنی مطالبات اسمبلی نے صوتی ووٹوں سے منظور کرلیے۔
قبل ازیں متعلقہ محکموں کے وزراء نے ضمنی مطالبات پر ہونے والی بحث کا جواب دیا۔
***** ***** *****
اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے ریاست میں عوامی خوراک تقسیم کے نظام کے تحت چاول کی خریداری اور تقسیم میں بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا اور اجلاس کے اختتام سے قبل رپورٹ پیش کرنے کے احکامات بھی دئیے۔ کانگریس کے نانا پٹولے نے کچھ دن پہلے یہ الزام لگایا تھا اسی پر اسپیکر نے یہ احکامات جاری کیے ہیں۔
طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو سرکاری اسپتالوں کیلئے مختص بجٹ کا 30 فیصد تک ادویات خریدنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ اختیار مقامی انتظامیہ کو دیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ادویات فوری طور پر دستیاب ہوں۔
***** ***** *****
قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے کل قانون ساز کونسل میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی وِٹس ہوٹل ٹینڈر معاملے میں ایک توجہ دلاؤ تحریک پیش کی۔ وزیرِ محصول چندر شیکھرباون کڑے نے کہا کہ اس معاملے میں پیش کی گئی تحریک بے معنی ہے کیونکہ ٹینڈر کا عمل منسوخ کردیا گیا ہے۔ تاہم‘ چونکہ اپوزیشن اس سے مطمئن نہیں تھی اس لیے وزیرِاعلیٰ نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس پورے عمل کی اعلیٰ سطحی جانچ کروائی جائے گی۔
***** ***** *****
لاتور کے رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے قانون ساز اسمبلی میں کسانوں کے قرض معافی اور زرعی پیداوار کی ضمانت شدہ قیمت کے مطالبے پر سوال اٹھایا۔ انھوں نے دہلی جانے والی شاہراہ پر لاتور میں ٹرک ٹرمینل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ دیشمکھ نے بجلی کی بڑھتی ہوئی شرح‘ اسمارٹ میٹر مزدوروں کے مسائل اور شکتی پیٹھ ہائی وے کا معاملہ بھی ایوان میں رکھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے لاسور میں اسکول کی تعمیر اور گرو دھانورا کے ابتدائی طبّی مرکز کی تعمیر معاملے میں متعلقہ برانچ انجینئر اور ایکزیکٹیو انجینئر کو معطل کردیا گیا ہے۔ دیہی ترقی کے وزیر جئے کمار گورے نے قانون ساز کونسل میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سنڈے کلب اور دیشپانڈے خاندان کی جانب سے دئیے جانے والے شیام دیشپانڈے گرنتھ سکھا ایوارڈ کا اعلان بیڑ ضلعے کے امبا جوگائی کے ابھیجیت جوندھڑے کے نام کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ گیارہ ہزار روپئے نقد اور مومنٹو پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ تقسیم تقریب 3 اگست کو منعقد ہوگی۔ جوندھڑے جو امبا جوگائی میں انوراگ لائبریری چلاتے ہیں‘ گذشتہ دس سالوں سے ایک اختراعی پہل ”پستک پیٹی“ کو عمل میں لارہے ہیں۔ اس اقدام سے دیہی علاقوں کے کم از کم پندرہ ہزار طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
خواتین کے قومی کمیشن نے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ودِیا دیپ چلڈرن ہوم سے لڑکیوں کے جانے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کی چیئرپرسن وِجیا راہٹکر نے پولس ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط لکھ کر معاملے کی تحقیقات اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کے احکامات دئیے ہیں۔ گذشتہ 30 جون کو لڑکیاں چلڈرن ہوم سے فرار ہوگئی تھیں۔ جن میں سے آٹھ لڑکیاں ملی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے گنگاکھیڑ تعلقے میں 41 مختلف کار گزار امدادِ باہمی اداروں کا رجسٹریشن منسوخ کردیا گیاہے۔ اس سلسلے میں گنگاکھیڑ کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر رتناکر گٹے نے بجٹ اجلاس میں ایک توجہ دلاؤ تحریک پیش کی تھی، جس کے مطابق اداروں کو نوٹس دینے کے باوجود ساٹھ دنوں میں تسلی بخش جواب نہ دینے پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں یکم جولائی سے ”قوم کیلئے ثالثی کے 90 دن“ کے نام سے ایک خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے خاندانی تنازعات، صارفین کی شکایات، قرض کی وصولی وغیرہ جیسے معاملات کو خصوصی تربیت یافتہ ثالثوں کے ذریعے حل کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم زیر التواء عدالتی مقدمات کو تیزی سے نمٹانے اور عدالت پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے مقصد سے چلائی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں جزوی امداد یافتہ اسکولوں کے اساتذہ آج سے ریاست گیر سطح پر دو روزہ اسکول بند احتجاج کریں گے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ضمنی مطالبات میں جزوی طور پر امداد یافتہ اسکولوں کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم نہ کرنے کی مذمت میں یہ بند منایا جارہا ہے۔اس احتجاج میں شرکت کیلئے بیڑ ضلع کے کئی معلّمین ممبئی روانہ ہو گئے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے عنبڑشہر میں چھترپتی شیواجی مہاراج چوک کے قریب پاچوڑ راستے پر ایک مال بردار ٹرک اور دو پہیہ گاڑی کے حادثے میں ٹرک کے نیچے کچلے جانے سے ضعیف العمر خاتون اور اس کے ڈیڑھ سالہ پوتے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ گذشتہ شام پیش آیا۔ دونوں مہلوکین پیٹھن تعلقے کے داول واڑی کے ساکن بتائے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے جلگاؤں روڈ سے کل‘ تقریباً 250 تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ جبکہ جالنہ روڈ سے تجاوزات ہٹا دیئے جانے کے بعد اس راستے کو کشادہ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایم آئی ڈی سی کے ڈویژنل افسر امیت بھامرے نے بتایا کہ اس راستے پر سروس روڈ کی تعمیر کیلئے اراضی پیمائش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے مقامی کرائم برانچ دستے نے ناندیڑ شہر سمیت بھوکر، بسمت اور ریاست تلنگانہ میں چوری کی موٹر سائیکلوں اور پستول کا استعمال کرکے نقب زنی کی وارداتیں انجام دینے اور دو پہیہ گاڑیوں کی چوری اور خواتین کے زیورات چھیننے میں ملوث ایک بین الریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ناندیڑ ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار نے بتایا کہ پولس نے اس گروہ کے سات افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے مختلف واقعات میں مسروقہ چھ لاکھ 89 ہزار روپے کا قیمتی سامان ضبط کیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے گیورائی تعلقے میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش کی وجہ سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا اور متعدد درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔
اسی طرح ناسک ضلعے میں مسلسل بارش کی وجہ سے آبی پشتوں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ فی الحال ناندور- مدھمیشور پشتے سے گوداوری ندی میں 43 ہزار 882 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح 57 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔
دریں اثنا، مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی گر، جالنہ، پربھنی، بیڑ، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان اضلاع کے اکثر مقامات پر بجلی کی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں اگلی سماعت 22 جولائی کو ہوگی۔ والمک کراڑ سمیت دیگر ملزمین کی جائیداد ضبطی عرض پر کل بحث ہوئی۔ اس کے بعد خصوصی سرکاری وکیل اُجول نکم نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست میں جلد ہی سرکاری نوکر بھرتی کا کابینہ میں وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ داخلہ و مراٹھی محکمہ سمیت آٹھ محکموں کے ضمنی مطالبات اسمبلی میں منظور۔
٭ عوامی تقسیم کے نظام میں مبینہ چاول بدعنوانی معاملے میں تحقیقات کے اسپیکر کے احکامات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کا ”شیام دیشپانڈے گرنتھ سکھا ایوارڈ“ امبہ جوگائی کے ابھیجیت جوندھڑے کو ظاہر۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے اکثر اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ؛ جائیکواڑی میں 57 فیصد پانی کا ذخیرہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment