Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 09 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ جولائی ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نامیبیا کے دورے پر- توانائی، صحت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہوں گے مفاہمتی معاہدے ۔
٭ آئین ِ ہند کے بنیادی اصول اور بنیادی حقوق آئین کی روح ہیں، چیف جسٹس بھوشن گوائی کا اظہارِ خیال۔
٭ حزبِ اختلاف کے قا ئد کے انتخاب کیلئے مہاوکاس اگھاڑی کی چیف جسٹس سے درخواست۔
٭ امداد یافتہ انجینئرنگ اداروں میں 100 فیصد عہدوں پرتقررات کو وزیراعلیٰ کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں زوردار بارش کا سلسلہ جاری، جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 63 فیصد سے تجاوز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی پانچ ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں آج نامیبیا کےدو رے پر ہیں۔ وزیرِ اعظم کی موجود گی میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، توانائی کی حفاظت، صحت اور ادویات سازی کے شعبوں میں مفاہمتی معاہدے کیے جائیں گے۔
اس بارے میں مزید معلومات ہمارے نمائندے سے...
BYTE
***** ***** *****
چیف جسٹس بھوشن گوائی نےکہا ہے کہ دستورِ ہند کے بنیادی اصول اور بنیادی حقوق آئین کی روح ہیں ‘ ان دونوں پر ایک ساتھ عمل درآمد کر کےسماجی اور معاشی انصاف کیلئے کام کرنے کی اپیل انھوں نے کی ۔ گزشتہ روز، چیف جسٹس گوائی کو ممبئی میں ریاستی اسمبلی کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا، جس کے بعد وہ بھارتی آئین کے موضوع پر حاضرین سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی عہدے کے ساتھ ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں، اور بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پیروکار ہونے کے ناطے انہیں چیف جسٹس کے عہدے کی ذمہ داری ملی جو ان کیلئے بڑے فخر کی بات ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مقننہ، عدلیہ اور ماتحت ادارے آئینی دائرے میں رہ کر کام کریں تو کسی بھی ادارے میں اختلاف کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین نے سبھی شہریوں کو مساو ی حقوق دئیے ہیں اور سبھی اداروں میں ان حقوق پر غیر جانبداری سے عمل آوری کی جائے تو اختلافات کی صورتحال پید ا نہیں ہوسکے گی۔
اس موقعے پر اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے چیف جسٹس کے طریقۂ کار کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت کی خصوصیات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے چیف جسٹس گوائی کی ستائش کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ہر سنیچر او ر اتوارکو کسی عد الت یا وکلا کے پرو گرام میں شرکت کرتے ہیں ‘ تاہم ا ن کے عدالتی کام کاج پر ان کے تعلقات کا کبھی دبائو نہیں آیا۔
اس موقعے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پر اپنے خطاب میںکہا کہ چیف جسٹس کی تقریر میں آئینِ ہندکی اہمیت اور مختلف پہلوؤں کی وضاحت بھارتی جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے اور ایوان کی تاریخ میں اسے سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیف جسٹس کا کام نہ صرف ایک جج کے طور پر بلکہ ایک مثالی شہری اور ایک حساس اور متاثر کن شخصیت کے طور پر بھی سبھی کیلئے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
***** ***** *****
استقبالیہ جلسے سے پہلےاسمبلی کے دونوں ایوانوں میں چیف جسٹس کو مبارکبادی کی قرارداد اتفاقِ ر ائے سے منظور کی گئی۔
دریں اثنا، مہاوکاس اگھاڑی نےاسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے ابھی تک اپوزیشن لیڈر کا انتخاب نہ کیے جانے کی طرف کی چیف جسٹس کی توجہ دلائی۔ اس سلسلے میں آگھاڑی کے ایک وفد نے ایک محضر بھی چیف جسٹس کو پیش کیا۔ شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی اسمبلی کے عام انتخابات کے بعد اسمبلی کا یہ چو تھا اجلاس ہورہا ہے‘ لیکن اب تک اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر مقرر نہیں کیا اور ہم نے چیف جسٹس کو حکومت کی جانب سےاپوزیشن جماعتوں کی آواز دبانے کی کوششوں سے واقف کروایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سرکاری امداد یافتہ انجینئرنگ اداروں میں 100 فیصد آسا میوں پر تقررات کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نےمنظوری دی ہے۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ و تکنیکی تعلیم محکمے کے ایک جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے عوامی د ار الاقا مہ کے فنڈ میں 40 فیصد اضافے کی تجویز کو بھی منظوری دی اور اس تجویز کو فی الفور محکمہ مالیات کو بھجوانے کی ہد ایت د ی۔
وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز اسمبلی کو بتایا کہ خواتین کے امدادِ باہمی اداروں کو ترقیاتی کاموں کی تقسیم کرنے کا معاملہ بھی حکومت کے زیر غور ہے۔ وہ بیڑ ضلعے کے ماجل گاؤں میں آبپاشی محکمے میں کاموں کی تقسیم سے متعلق رکنِ اسمبلی پرکاش سولنکے کی توجہ دلائو تحریک کا جواب دے رہے تھے۔
کل قانون ساز اسمبلی میں دیگر موضوعات پر بھی بحث ہوئی اور حکومت کی جانب سے ان اُمور پر تفصیلی وضاحت پیش کی گئی۔
ریاست میں Zomato اور Swiggy جیسے پلیٹ فارم پر کام کرنے والے گِگ کامگاروں کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے ان کامگاروں کیلئے علیحدہ قانون بنانے پر غور کرنے کی وضاحت وزیر محنت آکاش پھنڈکر نے ایک قرارداد کا جواب د یتے ہوئےکی۔ پھنڈکر نے مزید بتایا کہ غیر منظم مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ریاست میں 68 ورچوئل بورڈز تشکیل د ینے کی تجویز بھی حکومت کے زیرِ غور ہے۔
**
جبکہ ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر اتل ساوے نے ایوان کو بتایا کہ سی بی آئی کی معرفت سرکار ی امدادِ باہمی دودھ فیڈریشن کے پروویڈنٹ فنڈ میں بدعنو انیوں کے معاملات کی تحقیقات کروائی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساوے نے ایو ان کو بتایا کہ فلاحِ معذورین شعبے کی تمام مخلوعہ جائیدادیں آئندہ تین ماہ میں پُر کر دی جائیں گی۔
**
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے ایو ان کو بتایا کہ اب تک گیارہویں جماعت کے آن لائن داخلوں کے عمل میں پانچ لاکھ سے زیادہ طلباء نے اپنے پسندکے کالج میں د اخلہ لیا ہے انھوں نے کسی بھی طالب علم کے داخلے سے محروم نہ رہنے کا ایو ان کو یقین بھی دلایا۔
**
وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے جالنہ ضلعے میں پوکرا اسکیم میں بے ضا بطگیوں کی تحقیقات مکمل کرکے قصورواروں کے خلاف آئندہ پندرہ دنوں میںسخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرو ائی۔ وہ کل‘ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کےقائد امباداس دانوے کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
**
امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل ایو ان کو ریاست کی 261 امدادِ باہمی آبپاشی اسکیموں کے بقایہ قرضوں کے بارے میں کوئی فیصلہ لیے جانے تک متعلقہ بینکوں سے ضبطی کی یا دیگر کوئی کارروائی نہ کروانے کا تیقن دیا ۔ پاٹل نےوضاحت کی کہ اس سلسلے میں عنقریب حکومت کی جا نب سے متعلقہ بینکوں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔
***** ***** *****
حج 2026کیلئے درخواست دہی کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ خواہشمند عازمین آئندہ 31 جولائی تک حج پورٹل یا حج سہولت موبائل ایپ کے ذریعے درخواستیںکر سکتے ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں کل‘ اسکول بند کی اپیل کا جزوی اثر د یکھا گیا۔ اس موقعے پر معلّمین کی مختلف تنظیموں اور غیر تدریسی ملازمین کی انجمنوں کی جانب سے دھاراشیو کے ضلع کلکٹر کو مطالبات پر مبنی ایک محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
ملک کے ہر ضلعے میں مثالی سولار گاؤں بنانے کے مقابلے میں ریاست کے چھ اضلاع سے 63 دیہاتوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں پربھنی ضلعے کے چھ گاؤں شامل ہیں۔ اس مقابلے میں کامیاب ہونے والے گاؤں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا فنڈ دیا جائے گا۔
***** ***** *****
کنوٹ میں منعقدہ نیشنل کیڈیٹس کارپس - این سی سی کی مہاراشٹر بٹالین کے زیر اہتمام ایک کیمپ میں، پربھنی کےشری شیواجی کالج کے کیڈٹس نے ڈرل، فائرنگ، اور مید انی مقابلوں سمیت ثقافتی پروگراموں میں 20 تمغے اپنے نام کیے۔ کالج کی مختلف ٹیموں نے علیحدہ علیحدہ مقابلوں میں مجموعی طور پر 20 تمغے حاصل کئے ہیں۔
***** ***** *****
جعلی کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبے پرکل لاتور میں چھاوا تنظیم کے کارکنان نے جوائنٹ زرعی ڈائریکٹر کے دفتر پرگھنٹہ بجائو آندو لن کیا ۔ اس سلسلے میں مظاہرین کی جانب سے جوائنٹ زرعی ڈائریکٹر کو ایک مطا لباتی محضر دئیے جانے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر بارش ہورہی ہے۔پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں فی الحال 52 ہزار 341مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کے آمد ہو رہی ہے اور ڈیم میںپانی کا ذخیرہ 63اعشاریہ ایک سات فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی نامیبیا کے دورے پر- توانائی، صحت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہوں گے مفاہمتی معاہدے ۔
٭ آئین ِ ہند کے بنیادی اصول اور بنیادی حقوق آئین کی روح ہیں، چیف جسٹس بھوشن گوائی کا اظہارِ خیال۔
٭ حزبِ اختلاف کے قا ئد کے انتخاب کیلئے مہاوکاس اگھاڑی کی چیف جسٹس سے درخواست۔
٭ امداد یافتہ انجینئرنگ اداروں میں 100 فیصد عہدوں پرتقررات کو وزیراعلیٰ کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں زوردار بارش کا سلسلہ جاری، جائیکواڑی آبی پشتے میں پانی کی سطح 63 فیصد سے تجاوز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment