Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم” دھن دھانیہ کرشی یوجنا“ کو مرکزی کابینہ کی منظوری؛آئندہ 6 برسوں میں ملک بھر کے 100پسماندہ اضلاع میں عمل درآمد۔
٭ شمسی توانائی سے متعلق مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑ نویس کا تیقن۔
٭ خانگی کوچنگ کلاسیس سے وابستہ کالجوں پر پابندی عائد کرنے کیلئے جلد ہی قانون وضع کیا جائے گا۔وزیر تعلیم کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”ایک طالب علم ایک درخت“ اور ”ایک پیڑ ماں کے نام“ مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی ”شاستی سے آزادی“ اسکیم کی جائیدادمالکان کی جانب سے بھرپور پذیرائی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم دھن دھانیہ کرشی یوجنا کو کل مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی۔آئندہ چھ برسوں میں ملک بھر کے100پسماندہ اضلاع میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کل مجلس وزراء کے اجلاس کے بعد اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔انہوں نے کہا۔
Byte: Ashwini Vaishnav
خلاء باز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کی کامیاب خلائی سفر پر ان کا خیر مقدم کرنے سے متعلق ایک قرارداد کل کابینہ نے منظور کی۔ اشونی ویشنو نے کہاکہ بھارت کا خود کا خلائی اسٹیشن تیار کرنے کے ہدف کی سمت یہ خلائی سفر ایک بڑا قدم ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کسانوں پر شمسی توانائی لازمی طور پر لینے کے لئے سختی نہیں کی جارہی،بلکہ شمسی توانائی سے متعلق دشواریوں اور عملی دقتوں کو سمجھ کر ترجیحی بنیادوں پر متبادل تلاش کیے جا رہے ہیں۔وہ کل قانون ساز کاؤنسل میں ابھیجیت ونجاری کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال دیئے جانے والے سولر پمپ نہایت ہی موثر ہیں تاہم کسی جگہ کوئی دشواری ہو تو وہاں کسانوں کو شمسی توانائی کی بجائے روایتی بجلی دینے پر غور کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام صنعتی ترقیاتی کارپوریشنز کے تحت آنے والے علاقوں میں کھلی جگہوں کو گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مستقبل کی منصوبہ بندی کے طور پر اس کھلی اراضی پر کثیر المنزلہ پارکنگ سہولت تیار کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف مقامات پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ان کی فوٹیج سے متعلق ایک مثالی طریقہ کار تیار کرنے کا حکم وزیر اعلیٰ نے محکمہئ داخلہ کو دیا ہے۔ مملکتی وزیر داخلہ پنکج بھوئیر نے گذشتہ روز قانون ساز کاؤنسل میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ نجی اداروں کے سی سی ٹی وی فوٹیج باہر نہ دیئے جانے سے متعلق اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل جامع پالیسی تیار کر لی جائے گی۔ دریں اثناء مہاراشٹر خانگی یونیورسٹی اصلاحات بل 2025کل قانون ساز کاؤنسل نے منظور کر لیا۔
***** ***** *****
اسمبلی میں کل تعلیم اورکسانوں کی سلامتی کے موضوعات پر بحث ہوئی۔ اس موقع پر اسکولی تعلیم کے وزیر دادابھُسے نے کہا کہ خانگی کوچنگ کلاسیس سے وابستہ کالجوں پر پابندی عائد کرنے سے متعلق جلد ہی ایک قانون وضع کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اضافی فیس اور تعلیمی سازو سامان خریدنے کیلئے سختی کیے جانے کے خلاف بھی سخت ضوابط وضع کیے جائیں گے۔اسی دوران امدادباہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کہا کہ ساہوکاروں کی جانب سے کسانوں کی زمینیں ہڑپ کیے جانے کے معاملات کی ضلع کلکٹر کے ذریعے جانچ کروائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کسانوں کی 10ہزار شکایتوں پر 871ہیکٹر زمین بچانے میں کامیابی ملی ہے۔
***** ***** *****
شیو سینا اور رپبلکن سینا کے مابین اتحاد ہو گیا ہے۔ شیو سینا کے رہنماء اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ریپبلکن سینا کے سربراہ آنند راج امبیڈکر نے کل ممبئی میں ایک مشترکہ اخباری کانفرنس میں اس اتحاد کا اعلان کیا۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے اتحاد کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی دشواریوں اورتکالیف کا ہمیں احساس ہے اورعوام کے مفاد میں ہی یہ اتحاد کیا گیا ہے۔ آنند راج امبیڈکر نے بتایا کہ یہ اتحاد بلاشرط ہواہے اس لیئے امبیڈکری کارکنوں کو اقتدار میں حصہ دیئے جانے کی انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سے درخواست کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر محصول چندر شیکھر باون کڑے نے کل ریاست میں محصولاتی امور سے متعلق ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر چھتر پتی سمبھاجی نگر ضلع کے سلوڑ اور سوئے گاؤں حلقہئ انتخاب کے ڈونگر ی اور اجنتا دیہاتوں میں نئے اپر تحصیل دفاتر کی عمارتوں کی منظوری کے سلسلے میں گفت و شنید کی گئی۔دھاراشیو ٖضلع کے موجودہ اجازت یافتہ کھدان مالکان کو ضوابط کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کی اجازت دینے سے متعلق رہنما خطوط بھی اس اجلاس میں جاری کیے گئے۔
***** ***** *****
”ترقی یافتہ مہاراشٹر 2047“ مہم کے حوالے سے معذوروں کی بہبود کے محکمے کا ہمہ گیر اور طویل المدتی ترقی کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری اعلامیہ کل جاری کیا گیا۔ اس کمیٹی میں لاتور کی ڈاکٹر پریتی پوہیکر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کی کونسل کی رُکنیت کی معیاد آئندہ ماہ مکمل ہورہی ہے۔ کل انھیں ایوان میں وداعیہ دیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سمیت متعدد ارکان نے انھیں نیک خواہشات پیش کیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل ”ایک طالب ِ علم ایک درخت“ اور ”ایک پیڑ ماں کے نام“ مہم کا افتتاح ڈیویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ سرسوتی بھون تعلیمی ادارے میں منعقدہ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن پرکاش مکند سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر پاپڑکر نے ترغیب دی کہ اساتذہ ہر طالب علم کو ایک درخت لگانے کی تلقین کریں۔
اسی دوران‘ ڈیویژنل کمشنر پاپڑکر نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کی آبرسانی اسکیم کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی حال میں یہ کام مقررہ وقت میں ہی مکمل کیا جائے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی وزارت برائے خوراک و بلدی رسد کی ٹیم نے کل دھاراشیو ضلع کا دورہ کرکے مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مختلف اسکیموں پر عمل درآمد کی تفصیلات حاصل کیں۔ اس ٹیم نے ضلع کے مختلف دیہاتوں میں وزیرِاعظم غریب کلیان یوجنا‘ ای کے وائی سی‘ فورٹیفائیڈ چاول‘ آدھار اور موبائل سے منسلک راشن کارڈ جیسے معاملات میں استفادہ کنندگان اور راشن دکانداروں سے بات چیت کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی ”شاستی سے آزادی“ اسکیم کو جائیداد مالکان کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ کل شام تک املاک ٹیکس اور واٹر ٹیکس کی مد میں ایک کروڑ 42 لاکھ روپئے وصول کیے گئے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت نے اس ضمن میں تفصیلات دیں۔ انھوں نے بتایا کہ کئی سالوں سے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کیلئے یہ ایک سنہری موقع ہے اور 15 اگست کی مناسبت سے اسے سود سے آزادی کا نام دیکر سہولت دی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ٹیکس وصولی کیلئے دفتری اوقات میں رات 10 بجے تک کی توسیع کی گئی ہے اور ہفتہ اور اتوار کو بھی یہ دفاتر کھلے رہیں گے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے امباجوگائی شہر اور اطراف واکناف میں آج ایک تا ڈیڑھ ماہ بعد بارش ہورہی ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اس بارش کے باعث خریف کی فصلوں کو نئی زندگی ملی ہے۔ اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے جائیکواڑی ڈیم میں سطح ِ آب 78 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
دریں اثناء‘ آئندہ تین دنوں کیلئے ودربھ کے بیشتر اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ممبئی شہر اور مضافات میں آج ہلکی تا اوسط بارش کی پیش گوئی بھی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم” دھن دھانیہ کرشی یوجنا“ کو مرکزی کابینہ کی منظوری؛آئندہ 6 برسوں میں ملک بھر کے 100پسماندہ اضلاع میں عمل درآمد۔
٭ شمسی توانائی سے متعلق مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑ نویس کا تیقن۔
٭ خانگی کوچنگ کلاسیس سے وابستہ کالجوں پر پابندی عائد کرنے کیلئے جلد ہی قانون وضع کیا جائے گا۔وزیر تعلیم کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”ایک طالب علم ایک درخت“ اور ”ایک پیڑ ماں کے نام“ مہم کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھتر پتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی ”شاستی سے آزادی“ اسکیم کی جائیدادمالکان کی جانب سے بھرپور پذیرائی۔
No comments:
Post a Comment