Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱؍ جولائی ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آج سے ہوگا آغاز، آپریشن سندور پر ایوان میں بیان دینے کیلئے حکومت تیار - کرن رِجیجو کی وضاحت۔
٭ ملیریا کے خاتمے کیلئے دیسی ویکسین سازی کی کوششوں میں ملک کو ملی بڑی کامیابی۔
٭ دھاراشیو ضلعے میں رابطہ وزیر کے ہاتھوں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز ، آئی ٹی آئی مرکز کو عنقریب ملے گا نیا کامپلیکس۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی، بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آج محکمہ موسمیات کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ 21 اگست تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے د ور ان دونوں ایوانوں کی 21 نشستیں ہوں گی۔ اس اجلاس میں پبلک ٹرسٹ ترمیمی بل 2025 اور نیشنل اسپورٹس ایڈمنسٹریشن بل2025 ایوان میں زیرِبحث آنے کا امکان ہے۔
اسی د وران، اجلاس سے قبل کل، حکومت نے کُل جماعتی میٹنگ طلب کی تھی۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس اجلاس میں تمام جماعتوں کے قائد ین نے اپنے اپنے موقف اور سیشن میں اٹھائے جانے والے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا ۔ انہوں نے دونوں ایوانوں کے کام کاج کو بلا تعطل یقینی بنانے کیلئے حکمراں اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل کرنے کی اُمید بھی ظاہر کی۔
کانگریس رہنما گورو گوگوئی نے بتایا ہے کہ کانگریس پارٹی نے مانسون اجلاس کے دو ر ان وزیر اعظم سے اہم مسائل پر پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مو دی سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے آپریشن سندور کے دوران ‘پانچ طیارے گرائے جانے اور پہلگام میں حفاظتی انتظامات میں خامیوں کے دعوے پر بات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Gaurav Gogoi
دریں اثنا‘ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے وضاحتی بیان جا ری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آپریشن سندورسے متعلق پارلیمنٹ میں بحث کیلئے تیار ہے اور ڈونالڈ ٹرمپ کے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کے دعوے کے بارے میں ایوان میں مناسب جواب دے گی۔
اس اجلاس میں بی جے پی قائد جے پی نڈا، ارجن رام میگھوال، ایل مروگن، کانگریس کے گورو گوگوئی، پرمود تیواری، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، ڈی ایم کے کے تِرُوچی سِیوا اور ٹی آر بالو، اور راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کی سپریا سولے موجود تھیں۔
***** ***** *****
بھارت نے ملیریا کے خاتمے کیلئے اپنی پہلی دیسی ویکسین تیار کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی سی ایم آر) کے مطابق اس ویکسین کی تیاری کیلئے جلد ہی ایک خانگی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا۔ آئی سی ایم آر نے وضاحت کی ہے کہ یہ ویکسین آکسفورڈ اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تیار کردہ ویکسین سے زیادہ موثر ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اور شیو سینا کے قائد ایکناتھ شندے کو’’بھکت شرومنی سنت نامدیو مہاراج ایوارڈ‘‘کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ کل‘ نامدیو مہاراج کی 675 ویں سمادھی تقریب کی مناسبت سے یہ ایوارڈآئندہ 24 جولائی کو پنڈھر پور کے سنت نامدیو مہاراج پھڑ سنستھان اور سنتوں کے ورثا کی جانب سے ایک اجلاس میں تفویض کیا جائے گا۔تقریب کے سربراہ نیورُتّی مہاراج نامداس نے بتایا کہ جس طرح سنت نامدیو مہاراج نے پنجاب، مہاراشٹر اور شمالی بھارت میں سنت روایات کی تبلیغ و ترویج کی، اسی سے تحریک لیکر ایکناتھ شندے نے موجودہ دور میں 'حکومت کے ذریعے سنتوں کے افکار سے متعلق بیداری پیدا کی، اور اس کارنامے کے عوض انھیں یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے اس سال گنیش اُتسو کو ریاستی تہوار کے طور پرجوش و خرو ش کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔ شیلار کل ‘ گنیش کے گاؤں کے نام سے مشہور پین میں واقع ہمرا پور، میں مورتی سازوں کی مختلف تنظیموں کی طرف سے منعقدہ ایک عوامی استقبالیہ تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اس موقعے پر گنیش اُتسوسے متعلق دیگر تفصیلات بھی حاضرین کے سامنے پیش کیں۔
***** ***** *****
اغذیہ و رسد محکمے کے ریاستی وزیر چھگن بھجبل نے وضاحت کی ہے کہ فی الحال راشٹروادی کانگریس پارٹی کے دونوں گرو پو ں کے ایک ساتھ آنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وہ کل ناسک میں میڈیا نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔ بھجبل نے کہا کہ ریاست میں تین جماعتوں والی حکومت ہے اور اگر ایسا کچھ کرنا ہے تو دیگر دو حلیف جماعتوں سے مشورہ کرنا، انہیں اعتماد میں لینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذِمہ دار قائدین سے گفت و شنید کرنے کا فیصلہ ہی صحیح اور مناسب ہے۔
***** ***** *****
پنڈھر پور کوریڈور کے سلسلے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل شولاپور ضلع انتظامیہ کے ہمراہ ایک جائزاتی اجلاس لیا۔ اس موقع پرشولاپور کے ضلع کلکٹر کمار آشیرواد اور تحویلِ ار اضی افسر سنتوش دیشمکھ نے حصولِ اراضی سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ شولاپور ضلع انتظامیہ کی جانب سےاس راہداری سے متعلق سے پنڈھرپور کے مقامی شہریوں کے شبہات کا ازالہ کرنے کیلئے ڈپٹی کلکٹر کی سطح کے تین افسران کو مقرر کیاگیا ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔ کل اسمبلی کے اجلاس کے بعد شہر واپسی کی مناسبت سے ایک ا طلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں اور عہدیداروں کے ناپاک گٹھ جوڑ سے میونسپل کارپوریشن میں بد عنوانیاں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے قائد ِ حزبِ اختلا ف کی حیثیت سے اجلاس کے دوران ہوئے کاموں کے بارے میں بھی صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صوبائی صدر سنیل تٹکرے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ این سی پی آئندہ انتخابات میں بہتر کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ کل بیڑ میں پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس جلسے میں پارٹی کارکنان سے بات چیت بھی کی گئی۔ اس موقعے پر رکن اسمبلی دھننجے منڈے اور ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر بھی موجود تھیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے عمرگہ میں بس اسٹینڈ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیادرابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقعے پر سرنائک نے تیقن دیا کہ عمرگہ کے شہریوں کا بس اسٹینڈ کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو رہا ہے اور اس بس اسٹینڈ کی تعمیر کیلئے درکار فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔
دریں اثنا، سرنائیک نے کل ضلعے کے نلدُرگ قلعے کا خصوصی دو رہ کرکے معائنہ کیا۔ سرنائیک نے بتایا کہ تاریخی اور سیاحتی لحاظ سے اہمیت کے حامل نلدرگ قلعے کی خوبصورتی کو بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ایک عظیم الشان ترقیاتی پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ائیریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی - MHADA کے نئے تہوار کے ایک حصے کے طور پر، کل لوہارا تعلقے کے جیوڑی میں رابطہ وزیر سرنائیک نے شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں سرکاری آئی ٹی آئی ادارہ کی منتقلی اور ایک نئے جدید کمپلیکس کی تعمیر کیلئے مہایوتی حکومت کی جانب سے 40 کروڑ روپے کا فنڈ دستیاب کرایا جائے گا۔ اس کی اطلاع رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ سرکاری طبّی کالج اور اسپتال کی تعمیر کیلئے 435 کروڑ روپے کا فنڈ پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے اوراب آئی ٹی آئی مرکز کی منتقلی کیلئے 40 کروڑ کا فنڈ دستیاب ہوگا۔
***** ***** *****
مہاوترن کے چھترپتی سمبھاجی نگر زون میں وزیر اعظم سوریہ گھر مفت بجلی اسکیم کو بہتر پذیرائی ملی ہے۔ سرکل کے 18 ہزار 870 بجلی صارفین اس اسکیم سے مستفید ہوئے ہیں اور ان کے پاس منصوبے کی 67 اعشاریہ 32 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آج کوکن اور ودربھ کے بیشتر مقامات پر اور وسطی مہاراشٹر و مراٹھواڑہ کے چند مقامات پر بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مراٹھواڑہ کے پربھنی، بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آج سے ہوگا آغاز، آپریشن سندور پر ایوان میں بیان دینے کیلئے حکومت تیار - کرن رِجیجو کی وضاحت۔
٭ ملیریا کے خاتمے کیلئے دیسی ویکسین سازی کی کوششوں میں ملک کو ملی بڑی کامیابی۔
٭ دھاراشیو ضلعے میں رابطہ وزیر کے ہاتھوں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز ، آئی ٹی آئی مرکز کو عنقریب ملے گا نیا کامپلیکس۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے پربھنی، بیڑ، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آج محکمہ موسمیات کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment