Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 March-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم مارچ ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
کورونا وائرس کا نیا ویرئنٹ ’’اومائیکرون‘‘ فکر مندی کی وجہ ہے۔ لہٰذا ہم سامعین سے احتیاط برتنے اور 15 سے 18 سال کے بچوں سمیت دیگر سبھی لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو کا ٹیکہ لگوانے میں تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ محفوظ رہنے کیلئے تین آسان طریقے اپنائیں۔ ماسک پہنیں‘ دو گز کا محفوظ جسمانی فاصلہ بنائے رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔ کووِڈ 19- سے متعلق جانکاری اور رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن نمبر 011-23 97 80 46 یا 1075 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:
٭ مراٹھا سماج کے ضمن میں تمام مطالبات ریاستی حکومت نے منظور کرنے کے بعد رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے چھترپتی کی بھوک ہڑتال واپس۔
٭ ناگپور ضلع میں رام گنیش گڈکری شکر کارخانے کی غیر آئینی نیلامی میں 13 کروڑ 41 روپئوں کی املاک ضبط۔
٭ کوئلے کی قلّت کے باعث ریاست میں لوڈ شیڈنگ عائد کرنے کا وزیرِ توانائی کا اشارہ۔
٭ ریاست کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر منو کمار شریواستو کا اور ممبئی پولس کمشنر کے عہدے پر سنجے پانڈے کا تقرر۔
اور۔۔٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے 407 نئے مریضوں کی تصدیق؛ مراٹھواڑہ میں 2 افراد فوت‘ تاہم 33 مریضوں کا اندراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مراٹھا سماج کے ضمن میں کیے گئے تمام مطالبات کو ریاستی حکومت ے منظور کرنے کے بعد رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے چھترپتی نے اپنی بھوک ہڑتال کل واپس لے لی۔ ریاست کے وزیرِ داخلہ دلیپ وڑسے پاٹل‘ شہری ترقیات اور تعمیراتِ عامہ کے وزیر ایکناتھ شندے اور طبّی تعلیمی اسی طرح ثقافتی اُمور کے وزیر اَمت دیشمکھ نے کل ہڑتال کی جگہ جاکر سنبھاجی راجے سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ اس بات چیت میں ان کے تمام 15 مطالبات ریاستی حکومت نے منظور کیے گئے یہ بات ایکناتھ شندے نے کہی۔ اس کے بعد رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے نے اپنی بھوک ہڑتال واپس لے لی۔ سارتھی کے ہنرمندی ترقیاتی پروگرام ایک ماہ میں شروع کیے جائیں گے‘ اسی طرح خالی آسامیاں 15 مارچ 2022 تک پُر کی جائیں گی‘ 8 سب سینٹرس کیلئے اراضی دینے کی تجویز 15 مارچ 2022 تک کابینہ میں پیش کی جائیگی‘ انا صا حب پاٹل معاشی ترقیاتی کارپوریشن کو جاری معاشی سال میں 20 کروڑ اور ضمنی مطالبے کے تحت سو کروڑ روپئوں کا فنڈ فراہم کیا جائیگا‘ بیرونی ممالک تعلیم حاصل کررہے طلبہ کے قرضوں کے سود کی واپسی کے سلسلے میں حکومت پالیسی تیار کرے گی‘ ضلعی سطح پر ہاسٹل کے افتتاح گڈی پاڑوا کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کیا جائیگا‘ مراٹھا سماج کے ریزرویشن کے ضمن میں دوبارہ غور کرنے کی عرضداشت کی سماعت عام عدالت میں لینے کے سلسلے میں اندرونِ 15 یوم سپریم کورٹ میں درخواست کی جائیگی‘ وغیرہ مطالبات حکومت نے منظور کیے۔ یہ بات وزیر شندے نے اس موقع پر کہی ہے۔
***** ***** *****
ناگپور ضلع کے سائونیر تعلقے کے رام گنیش گڈکری شکر کارخانے کی غیر آئینی نیلامی میں 13 کروڑ 41 روپئوں کی املاک ED نے ضبط کی ہے۔ ED نے کل ٹویٹ کے ذریعے سے اس کی اطلاع دی۔ مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کی نیلامی میں یہ شکر کارخانہ نہایت کم قیمت میں فروخت ہوا تھا۔ احمد نگر ضلع کے مملکتی وزیر پراجکت تنپورے نے یہ کارخانہ خریدا تھا۔ اس کاروائی میں ED نے شکر کارخانے کی ملکیت کی 50 ایکر زرعی اراضی اور تقریباً ساڑھے پانچ ایکر غیر زرعی اراضی بھی ضبط کی۔
***** ***** *****
ریاست کے تھرمل توانائی پیداوار پروجیکٹس میں کوئلے کی قلّت ہونے کی وجہ سے ریاست میں برقی کٹوتی عائد کی جاسکتی ہے۔ ایسا اشارہ وزیرِ توانائی ڈاکٹر نتن رائوت نے دیا ہے۔ آکولہ ضلع کے بورگائوں منجو، بارشی ٹاکلی تعلقے کے کوتھڑی اور دھوٹا میں برقی توانائی کے سب سینٹر کو عوام کے نام موسوم کیا گیا۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ ریاست میں فی الحال 6 لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن کوئلے کا ذخیرہ ہے۔ ریاست کے 7 برقی پیداوار پروجیکٹس میں روزانہ ایک سے دیڑھ لاکھ میٹرک ٹن تک کوئلہ درکار ہوتا ہے۔ تاہم قلّت ہونے پر لوڈ شیڈنگ کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح صارفین برقی بل فوراً ادا کریں ورنہ برقی فراہمی منقطع کی جائیگی۔ یہ بات وزیرِ توانائی نے کہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر منو کمار شریواستو کا تقرر کیا گیا ہے۔ شریواستو یہ 1986 کی بیچ کے IAS آفیسر ہے۔ سینئریٹی کے لحاظ سے شریواستو کو چیف سیکریٹری بنایا گیا۔ اس سے قبل کے چیف سیکریٹری دیباشیش چکرورتی کل عمر کے لحاظ سے سبکدوش ہوئے۔ فی الحال کے ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس کے طور پر کام کررہے سنجے پانڈے کا ممبئی پولس کمشنر کے عہدے پر تقرر کیا گیا ہے۔ موجودہ پولس کمشنر ہیمنت نگراڑے کا مہاراشٹر تحفظ کارپوریشن کے انتظامیہ ڈائریکٹر کے طور پر تقرر کیا گیا ہے۔ کل وزارتِ داخلہ کی جانب سے اس سلسلے میں حکمنامہ جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ وباء سے متاثرہ نئے 407 مریضوں کی شناخت ہوئی۔ اس کی وجہ سے تمام ریاست میں کووِڈ متاثرین کی جملہ تعداد 78 لاکھ 65ہزار 705 ہوگئی ہے۔ کل چار مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں اس بیماری سے مرنے وا لوں کی جملہ تعداد ایک لاکھ 43 ہزار 701 ہوگئی ہے۔ شرحِ اموات ایک اعشاریہ 82 فیصد ہے۔ کل 967 مریض شفاء یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 77 لاکھ 11 ہزار 343 مریض کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 98 اعشاریہ 04 فیصد ہوگئی ہے۔ ریاست میں فی الحال 6 ہزار 663 مریضوں کا علاج جاری ہے۔ ریاست میں کل اومائیکرون کا ایک بھی نیا مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھوا ڑہ میں کل 33 کورونا وائرس متاثرہ مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ تاہم اورنگ آباد اور لاتور اضلاع میں فی کس ایک مریض دورانِ علاج لقمۂ اجل بن گئے۔ بیڑ ضلع میں 11 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی‘ اورنگ آباد 7‘ عثمان آباد 4‘ لاتور 5‘ جالنہ 3‘ پربھنی 2 اور ناندیڑ ضلع میں ایک نیا مریض پایا گیا۔ ہنگولی ضلع میں کل ایک بھی نیا کووِڈ متاثرہ نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
آج تمام عقیدت کے ساتھ مہاشیوراتری منائی جارہی ہے۔ اورنگ آباد کے ایلورہ، بیڑ ضلع کے پرلی اور ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ کے مندروں میں صبح سے عقیدت مندوں کا درشن کیلئے ہجوم نظر آرہا ہے۔
***** ***** *****
کل شبِ معراج مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر فرزندانِ توحید نے ملک کی سلامتی اور قوم کی بھلائی کیلئے دُعائیں مانگیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:
٭ مراٹھا سماج کے ضمن میں تمام مطالبات ریاستی حکومت نے منظور کرنے کے بعد رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے چھترپتی کی بھوک ہڑتال واپس۔
٭ ناگپور ضلع میں رام گنیش گڈکری شکر کارخانے کی غیر آئینی نیلامی میں 13 کروڑ 41 روپئوں کی املاک ضبط۔
٭ کوئلے کی قلّت کے باعث ریاست میں لوڈ شیڈنگ عائد کرنے کا وزیرِ توانائی کا اشارہ۔
٭ ریاست کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر منو کمار شریواستو کا اور ممبئی پولس کمشنر کے عہدے پر سنجے پانڈے کا تقرر۔
اور۔۔٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے 407 نئے مریضوں کی تصدیق؛ مراٹھواڑہ میں 2 افراد فوت‘ تاہم 33 مریضوں کا اندراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment