Thursday, 29 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہشت گردی کو مکمل طورپر ختم کیا جائے گا؛ ممبئی کے ایک پروگرام میں نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کا بیان۔
٭ 2025-26 کے مارکیٹنگ سیزن کیلئے مرکزی کابینہ نے خریف کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت بڑھانے کا کیا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی پانی فراہمی کی اسکیم کو اکتوبر کے آخر تک نافذ کرنے کے وزیرِاعلیٰ کے احکامات۔
٭ تلجاپور سمیت مختلف مندروں کیلئے تین ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی منصوبوں کو انتظامی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ملک بھر میں آج سے ترقی یافتہ زرعی سنکلپ مہم؛ زرعی سائنس مراکز کی جانب سے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اسے مکمل طور پر تباہ کردیا جائے گا۔ وہ کل ممبئی کے گوونڈی میں انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاپولیشن سائنسیز کے 65 و 66 ویں جلسہئ تقسیمِ اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جنگ کی تیاری ہی امن کی ضمانت ہے۔
دھنکھڑ نے کہا کہ آبادی‘ جمہوریت اور تنوع نئے بھارت کے تین ستون ہیں اور آبادی کا مطالعہ کرنے والے طلبہ اعداد و شمار اور پالیسی سازی کے درمیان ایک کڑی کا کام کرتے ہیں اور وہ ان تین ستونوں کے مرکز میں کھڑے ہیں۔ دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت میں ڈیموگرافی کی تحقیق صرف نصاب تک ہی محدود نہیں ہونی چاہیے۔
***** ***** *****
اقتصادی اُمور کی کابینہ کمیٹی نے 2025-26 کے مارکیٹنگ سیزن کیلئے خریف کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمتوں میں اضافے کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ MSP میں اضافہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت ملے۔انھوں نے کہا:
BYTE: ASHVINI VAISHNAV
اس میں اَلسی کیلئے 820 روپئے فی کوئنٹل‘ ناچنی 596 روپئے‘ کپاس کیلئے 589 روپئے اور تل کیلئے 579 روپئے فی کوئنٹل مقرر کی گیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں دو ملٹی ٹریکنگ منصوبوں کو بھی منظوری دی ہے تاکہ ریل مسافروں اور سامان کی بغیر کسی رکاوٹ اور تیز رفتار نقل و حرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس منصوبے میں دلّی‘ چنئی‘ ریلوے لائن پر وردھا تا بلار شاہ کے درمیان چوتھی لائن شامل ہے۔ ویشنو نے کہا کہ ان دو منصوبوں کی وجہ سے بھارتی ریلوے کا جال تقریباً 176 کلو میٹر تک بڑھے گا۔
اجلاس میں کسان کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت سود پر سبسڈی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو کسانوں کو سستی شرح سود پر قرض فراہم کرتی ہے۔ اس سے سات کروڑ 71 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے احکامات دئیے ہیں کہ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی پانی فراہمی اسکیم کے تمام تکنیکی پہلوؤں کو مکمل کرنے کے بعد اکتوبر کے آخر تک نافذ کیا جائے۔ وہ کل اس ضمن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ تجاویز پیش کیں کہ تمام ایجنسیوں کو آپس میں مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ اس اسکیم کے تحت زیرِ التواء تمام کاموں کو فوری طورپر مکمل کیا جاسکے اور میونسپل کمشنر خود کام کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل حل کریں۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے خبردار کیا کہ اس اسکیم کا 26 ایم ایل ڈی واٹر سپلائی مرحلہ جون کے آخر تک مکمل کرلیا جائے۔ پائپ لائن بچھانے کا کام 15جون کے بعد بند کردیا جائے اور اس کام میں کسی قسم کی رُکاوٹ کو روکنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کو فوری طور پر 822 کروڑ روپئے کا قرض فنڈ جمع کرنے کی منظوری دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ٹھیکیدار نے وقت پر کام مکمل نہیں کیا تو اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج پربھنی ضلعے کے دورے پر ہیں اور وہ وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے جلسہئ تقسیمِ اسناد میں شرکت کریں گے۔ پربھنی ضلع کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد و افتتاح کریں گے اور جلسہئ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں مختلف مندروں کی ترقی کیلئے تقریباً تین ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی منصوبوں کو انتظامی منظوری مل گئی ہے اور اس سلسلے میں حکومتی فیصلے کل محکمہ منصوبہ بندی نے جاری کیا۔ اس میں تلجا بھوانی مندر کی ترقی کیلئے ایک ہزار 865 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام‘ چونڈی کے اہلیا دیوی ہولکر میمورئیل کی ترقی کیلئے 681 کروڑ‘ کولہاپور کی جیوتی با مندر کی ترقی کیلئے 259 کروڑ‘ اَشٹ وِنایک مندر کی ترقی کیلئے 148 کروڑ روپئے کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ان مندروں اور ان کے عقیدت مندوں‘ سیاحوں کو بنیادی سہولیات فراہم ہوں گی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یقین ظاہر کیا کہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی اسمارٹ بسیں AIٹکنالوجی پر مبنی حفاظتی نظام سے لیس ہوں گی‘ اس لیے یہ نئی بسیں سفر کیلئے زیادہ محفوظ ہوں گی۔ وہ کل تھانے اور ناگپور کے درمیان ایس ٹی کارپوریشن کی جانب سے چلائی جانے والی اسمارٹ بس میں نصب AI حفاظتی نظام کا معائنہ کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ اس نظام کے تحت ڈرائیور کے ڈرائیونگ انداز سے لیکر بس میں بیٹھے مسافروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے سی سی ٹی وی کیمرے‘ وائی فائی‘ LED اسکرین‘ GPS سسٹم سمیت فوم پر مبنی آگ سے بچاؤ کے نظام بھی نصب کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
آزادی پسند ونایک دامودر ساورکر کا 142 واں یومِ پیدائش ہر جگہ منایا گیا۔ مختلف پارٹی تنظیموں نے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے سمرتھ نگر میں ساورکر کے مجسّمے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دھاراشیو شہر میں جیوستو پرتشٹھان نے چھترپتی شیواجی مہاراج چوک میں ساورکر کے مجسّمے کی پوجا کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
آج سے پورے ملک میں ایڈوانسڈ زرعی مہم نافذ کی جائے گی۔ اس مہم کے ذریعے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے 90 گاؤں کے کسانوں کوزرعی ٹکنالوجی، خریف کی فصلوں‘ زرعی آلات اور نئے تیار کردہ زرعی تحقیق اور منصوبوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ زرعی سائنس مرکز کی ڈاکٹر دِپتی پاڑگاؤنکر نے کسانوں سے اس مہم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میں عین خریف سیزن کے موقع پر محکمہ زراعت نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 320میٹرک ٹن ممنوعہ فاسفورس جپسم کھاد ضبط کی، جس کی مالیت 20لاکھ روپئے ہے۔ محکمہئ زراعت کے دستے نے کل جالنہ۔ راجور شاہراہ پر واقع غنڈے واڑی شیوار میں کرشنا فاس کے ایم لمیٹڈ کے کرایہ پر لیے ہوئے گودام پر چھاپہ مارکر یہ کارروائی انجام دی۔ اس معاملے میں کمپنی کے ذمہ دار شخص کے ساتھ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارتی افواج کو آپریشن سندور میں ملی تاریخی فتح پر خوشی کا اظہار کرنے اور کسانوں کے مختلف مسائل کی طرف توجہ مبذول کروانے کیلئے، کانگریس پارٹی کی جانب سے کل ناندیڑ میں ”جئے جوان جئے کسان“ ترنگا مہا ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال سمیت پارٹی عہدیداران، کارکنان اور شہریان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے پاتھری ڈپو کو ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سے 14 نئی بسیں موصول ہوئی ہیں، رکنِ اسمبلی راجیش وِٹیکر کے ہاتھوں کل ان بسوں کی رُونمائی کی گئی۔ پاتھری ڈپو میں بسوں کی مجموعی تعداد اب 74 ہو گئی ہے، اور ان بسوں سے روزانہ تقریباً 25 ہزار کلومیٹر مسافت کی سفری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ وِٹیکر نے بتایا کہ نئی بسوں سے مسافروں کو مزید خدمات فراہم کرنے میں مدد ہوگی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں قبل از مانسون بارش سے کئی علاقوں میں زرعی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ان حالات میں شہریوں کی مدد کیلئے تمام سرکاری محکمہ جات کو باہمی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت ضلعے کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے دی ہے۔ وہ گزشتہ روز ضلعے میں بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے بدناپور میں شدید بارش سے ہوئے نقصان کا کل رُکنِ اسمبلی نارائن کوچے اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچاڑ نے معائنہ کیا۔اس موقعے پر انھوں نے متاثرہ کسانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے فی الفور نقصانات کے پنچنامے کرنے کے احکامات دئیے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دہشت گردی کو مکمل طورپر ختم کیا جائے گا؛ ممبئی کے ایک پروگرام میں نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کا بیان۔
٭ 2025-26 کے مارکیٹنگ سیزن کیلئے مرکزی کابینہ نے خریف کی 14 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت بڑھانے کا کیا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کی پانی فراہمی کی اسکیم کو اکتوبر کے آخر تک نافذ کرنے کے وزیرِاعلیٰ کے احکامات۔
٭ تلجاپور سمیت مختلف مندروں کیلئے تین ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی منصوبوں کو انتظامی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ملک بھر میں آج سے ترقی یافتہ زرعی سنکلپ مہم؛ زرعی سائنس مراکز کی جانب سے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments: