Friday, 30 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 30 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ مئی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک گیر ترقی یافتہ زرعی مشن مہم کا آغاز؛ ترقی یافتہ بھات کیلئے زراعت کی ترقی ضروری ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ترقی یافتہ زرعی مشن مہم ریاست کے ساڑھے چار ہزار دیہاتوں میں چلائی جائے گی؛ کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے زرعی یونیورسٹیوں سے مصنوعی ذہانتAI کا استعمال کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی اپیل۔
٭ گذشتہ مالی برس کے دوران مہاراشٹر میں کی گئی ایک لاکھ 64 ہزار 875 کروڑ روپؤں کی غیر ملکی سرمایہ کاری۔
٭ ریاست میں مانسون 12 جون سے دوبارہ سرگرم ہوگا: محکمہئ موسمیات کی پیش گوئی۔
اور۔۔۔٭ بیڑ کے اویناش سابڑے نے 26 ویں ایشیائی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں جیتا طلائی تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل اُڈیشہ میں ملک گیر ترقی یافتہ زرعی مشن مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے کہا کہ آج کا دن تاریخی دِن ہے جب سائنسداں اپنی تجربہ گاہوں سے نکل کر کسانوں تک پہنچ رہے ہیں اور انھیں تازہ ترین تحقیق اور زرعی ترقی کے بارے میں معلومات دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Shivraj Singh Chauhan
اسی دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ زرعی مشن مہم کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے سب سے پہلے زراعت کے شعبے کو ترقی دینا ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کو فصلوں کو مناسب قیمت فراہم کرنے اور زرعی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔ اس مہم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا:
Byte: PM Narendra Modi
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پربھنی میں وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی سے ترقی یافتہ زرعی مشن مہم کا ریاستی سطح پر آغاز کیا۔ اس مہم کے ذریعے ریاست کے کسانوں کو خریف ہنگام کی منصوبہ بندی کیلئے درست رہنمائی ملے گی۔ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانے کا موقع ملے گا اور وہ پائیدار زرعی پیداوار حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس مہم کے رَتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر زراعت کے ریاستی وزیر مانک راؤ کوکاٹے اور پربھنی کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر موجود تھیں۔ یہ مہم محکمہئ زراعت اور 50 زرعی سائنس مراکز کے ذریعہ چار ہزار 500 دیہاتوں میں چلائی جائیگی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے امریکی کپاس کی تین سادہ قسمیں بھی کسانوں کے نام وقف کیں۔۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی مدد کیلئے مختلف سرکاری اسکیمات کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے اور زرعی تحقیق کے ذریعے کسانوں کی رہنمائی کی جائیگی۔ بیجوں کی ان اقسام کی کاشت سے کیمیائی کھادوں اور کیڑے مار ادویات کی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں کل وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں مشترکہ زرعی تحقیق و ترقی کمیٹی کی میٹنگ کا بھی انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر پھڑنویس نے کہا کہ زراعت میں مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع ہوگیا ہے۔ انھوں نے ریاست کی زرعی یونیورسٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ بڑی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کا مؤثر استعمال کرکے ایک ماڈل تیار کرنے پر تحقیق کریں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے کل پربھنی میں سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال کی نئی تجویز کردہ عمارت کا ای سنگ ِ بنیاد رکھا۔ اس کالج کیلئے گنگاکھیڑ روڈپر واقع برہمن گاؤں اور برہمپوری کے مضافات میں 20ہیکٹر زمین فراہم کی گئی ہے۔ اس زمین پر 430 بستروں والا اسپتال اور 100طلبہ کی گنجائش کا میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل جموں و کشمیرمیں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کی خاطر جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ وزیرِ موصوف نے اس موقع پر آئندہ 3 جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس یاترا کیلئے کیے گئے سیکوریٹی کے انتظامات سے متعلق وزیرِ داخلہ کو میٹنگ میں معلومات دی گئی۔ اس اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، بری فوج کے سربراہ جنرل اُپیندر دِویدی، داخلہ سیکریٹری گووند موہن‘ جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری اٹل دُلو، پیراملٹری فورسیز کے سربراہان، پولس اور خفیہ محکمے کے افسران موجود تھے۔ وزیرِ داخلہ کل شام دو روزہ دورے پر جموں پہنچے۔ وہ آج پونچھ میں پاکستانی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ امت شاہ متاثرہ مذہبی مقامات کا بھی دورہ کریں گے، جن میں سنگھ سبھا گردوارہ بھی شامل ہے۔ وہ نقصانات کے جائزے کیلئے میٹنگ کا بھی انعقاد کریں گے۔ جس کے بعد وزیرِ داخلہ پونچھ کے بی ایس ایف کیمپ میں فوجی جوانوں سے بات چیت کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ تمام قسم کی ساڑھے بارہ سو سرکاری خدمات آن لائن طریقے سے فراہم کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ہنگولی اسمبلی حلقے میں 271 کروڑ روپؤں کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ ِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وہ کسانوں اور خواتین کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ پھڑنویس نے بتایاکہ شہریان‘ سرکاری خدمات گھر بیٹھے وہاٹس ایپ کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ نے بتایا کہ آئندہ 150 روزہ پروگرام میں ای گورننس کے ذریعے لوگوں کی زندگی آسان بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعے بھارت کی طاقت دنیا نے دیکھی ہے اور بھارتی فوج نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اپنی طاقت دکھائی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی تیقن دیا کہ ہنگولی ضلع کے کور گاؤں کو تعلقہ بنانے پر غور کیا جائے گا۔ انھوں نے ہنگولی میں میڈیکل کالج کا نام بھارت رَتن ناناجی دیشمکھ کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔ پھڑنویس نے تیقن دیا کہ ہنگولی ضلع میں نرسی نامدیو اور اونڈھا ناگناتھ جیسے مذہبی مقامات کی ترقی کیلئے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ گذشتہ مالی برس کے دوران ایک لاکھ 64 ہزار 875 کروڑ روپؤں کی ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی ہے۔ یہ سرمایہ کاری ملک کی کل سرمایہ کاری کا 40 فیصد ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ یہ سرمایہ کاری گذشتہ برس کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ مالی برس کی آخری سہ ماہی میں 25 ہزار 441 کروڑ روپؤں کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ پھڑنویس نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی یہ گھڑدوڑ جاری رہے گی، عوام کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے امبا جوگائی بس اسٹینڈ پر بس کی زد میں آکر ایک مسافر کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ انکش مورے نامی شخص کا کل صبح بس میں سوار ہورہا تھا کہ قریب کھڑی بس اس پر چڑھ گئی۔ اس معاملے میں پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر سمیت ضلع میں کل تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ اسی بیچ محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کوکن کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں اگلے دو ہفتوں کے دوران بارش میں کمی آئیگی۔ اس کے سبب کسانوں کو زراعت سے متعلق بچے ہوئے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے کافی وقت ملے گا۔ مانسون بھی 12 جون سے ریاست میں واپس آنے کی اُمید ہے۔
***** ***** *****
جنوبی کوریا میں جاری 26 ویں ایشین ایتھلیٹیکس چمپئن شپ میں جیوتی یاراجی اور بیڑ کے اویناش سابڑے نے سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ اویناش نے تین ہزار میٹر Hurdle Run آٹھ منٹ 20سیکنڈ میں مکمل کرکے سیزن کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
***** ***** *****
رائل چیلنجرس بنگلورو نے کل آئی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے کوالیفائنگ میچ میں پنجاب کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل چندی گڑھ میں کھیلے گئے اس میچ میں پنجاب کنگز نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 101 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلورو کی ٹیم نے یہ ہدف 10 اوور اور دو گیندوں میں حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک گیر ترقی یافتہ زرعی مشن مہم کا آغاز؛ ترقی یافتہ بھات کیلئے زراعت کی ترقی ضروری ہے: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ ترقی یافتہ زرعی مشن مہم ریاست کے ساڑھے چار ہزار دیہاتوں میں چلائی جائے گی؛ کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے زرعی یونیورسٹیوں سے مصنوعی ذہانت AIکا استعمال کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی اپیل۔
٭ گذشتہ مالی برس کے دوران مہاراشٹر میں کی گئی ایک لاکھ 64 ہزار 875 کروڑ روپؤں کی غیر ملکی سرمایہ کاری۔
٭ ریاست میں مانسون 12 جون سے دوبارہ سرگرم ہوگا: محکمہئ موسمیات کی پیش گوئی۔
اور۔۔۔٭ بیڑ کے اویناش سابڑے نے 26 ویں ایشیائی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں جیتا طلائی تمغہ۔
***** ***** *****

No comments: