Thursday, 24 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے پر الیکشن کیلئے مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کا آغاز۔
٭ عوامی گنیش مورتیوں کا وسرجن سمندر میں کیا جائے گا؛ ریاستی حکومت کا ممبئی عدالت ِ عالیہ میں حلف نامہ۔
٭ اس بار کا لوک مانیہ تلک قومی اعزاز مرکزی وزیر نتن گڈکری کو۔
٭ انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بھارت کے چار وکٹ پر 264 رن۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی ذخائر میں اوسطاً 48 فیصد پانی کا ذخیرہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
نائب صدرِ جمہوریہ کے انتخاب کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کا آغاز کردیا ہے۔ انتخابات کے باضابطہ اعلان سے قبل راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے نامزد اراکین کی شمولیت کے ساتھ ووٹر حلقوں کی تیاری‘ انتخابی افسران اور ان کے معاونین کی نامزدگی کو حتمی شکل دینے جیسے کاموں کی شروعات کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ خبرو ں میں بتایا گیا ہے کہ نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے کے انتخاب کیلئے تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ موجودہ نائب صدر جگدیپ دھنکڑ نے خرابیئ صحت کے سبب اچانک ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے باعث نائب صدر کا عہدہ خالی ہوا تھا۔
***** ***** *****
نوجوانوں کی بہبود اور کھیلوں کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے کل لوک سبھا میں قومی کھیل انتظامی بل اور نیشنل ڈوپنگ کنٹرول بل پیش کیا۔ کھیلوں کے انتظامی اُمور میں غیر جانبداری اور اخلاقیات کو فروغ دینا ان دونوں بلوں کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حزبِ اختلاف کی جانب سے مختلف موضوعات پر کی گئی نعرے بازی اور شور و غل کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی کل مسلسل تیسرے دن بھی متاثر ہوئی۔ لوک سبھا میں وقفہئ سوالات کے آغاز میں ہی بہار میں انتخابی فہرستوں کے جائزے پر مباحثہ کروانے کا مطالبہ کیا۔ تاہم اسپیکر نے کہا کہ ضابطے کے مطابق ہی اس پر بحث کروائی جائیگی۔ اس پر غیر مطمئن اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی ابتداء میں دوبار اور بعد میں دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا میں بھی اسی مسئلے پر ہنگامہ آرائی کے بعد ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔
***** ***** *****
حکومت ِ مہاراشٹر نے ممبئی عدالت ِ عالیہ میں داخل کردہ حلف نامے میں کہا ہے کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے مخصوص اونچائی تک کی گنیش مورتیوں کو مصنوعی تالاب میں اور عوامی مقامات پر بٹھائی جانے والی مورتیوں کو روایتی طور پر سمندر بُرد کیا جائے گا‘ اور ماحولیاتی تحفظ کے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ عدالت کی جانب سے پی او پی کے استعمال پر عائد پابندی ختم کیے جانے کے بعد اس سلسلے میں ریاستی حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ جس پر ڈاکٹر کاکوڑکر کمیٹی کی سفارشات پر مبنی یہ حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی گیان رادھا ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کے معاملے میں ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سوسائٹی کے 11 ڈپازیٹرس نے ان کے ساتھ مبینہ جعلسازی پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اس عرضداشت پر کل ہوئی ابتدائی سماعت میں ہی عدالت ِ عالیہ کی بینچ نے مرکز اور ریاستی حکومتوں اور ای ڈی کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ سنت نامدیو مہاراج نے بھاگوت دھرم کو عالمی مذہب کی شکل دی اور وارکری افکارکو ملک کے کونے کونے تک پہنچایا۔ سنت نامدیو مہاراج کی 675 ویں سمادھی تقریب پر وزیرِ اعلیٰ نے پنڈھرپور کے وٹھل مندر میں نامدیو پائری کے درشن کیے۔ اس موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نامدیو مہاراج کی سمادھی پر عالمی درجے کی یادگار تعمیر کی جائیگی اور اس کیلئے فنڈز کی کمی محسوس نہیں ہونے دی جائیگی۔ پھڑنویس نے مندر میں جاری کاموں کا معائنہ بھی کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے نے ”مہاراشٹر روڈ کنکٹیویٹی چین“ اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی ہے۔ کل ممبئی میں تعمیراتِ عامہ کے وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے کے ساتھ ملاقات کے دوران باون کڑے نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے محکمہئ محصول ہر ممکنہ مالی اعانت کرے گا۔ وزیرِ موصوف نے ہر ریونیو ڈویژن کو دوسری ریاستوں سے راست طور پر جوڑنے والے ڈیڑھ سو تا دو سو کلومیٹر طویل نئے بین الریاستی شاہراہ کے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
لوک مانیہ تلک میمورئیل ٹرسٹ کی جانب سے دیا جانے والا اس سال کا لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ مرکزی وزیر نتن گڈکری کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تلک میمورئیل ٹرسٹ کے چیئرمن ڈاکٹر روہت تلک نے کل پونا میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ آئندہ یکم اگست کو تلک کی برسی کے موقع پر پونا کے تلک مندر میں مجوزہ ایک تقریب میں گڈکری کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ شیلڈ‘ سپاسنامے اور نقد ایک لاکھ روپئے پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں ریاست کی پہلی ہلدی پیدا کرنے والی خواتین کسانوں کی کوآپریٹیو سوسائٹی قائم کی جائیگی۔ ہنگولی ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجلی رمیش نے اس کیلئے پہل کی ہے۔ اس خصوص میں جیون اُنتی مہم کے تحت ضلع پریشد کے گٹ کی سطح پر خواتین کو گردشی قرضے دئیے جائیں گے۔ اب تک اس کیلئے 300 خواتین رجسٹریشن کروا چکی ہیں۔
***** ***** *****
کل سے شروع ہونے والے شراون مہینے کے پیشِ نظر چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل ایلورہ کے گھرشنیشور مندر کے احاطے میں ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہاکہ عقیدت مندوں کو بہترین سہولتیں دینے کیلئے انتظامیہ پُرعزم ہے۔ اس کیلئے مندر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جہاں سے زائرین کو ہنگامی طبّی سہولتیں اور دیگر ضروریات کیلئے رہنمائی کی جائیگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ غیر مجاز اور غیر معیاری خوراک بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائیگی۔
***** ***** *****
جارجیا کے بٹومی میں جاری فڈے خواتین شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کی دیویا دیشمکھ نے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ کل ہوئے سیمی فائنل میں انھوں نے چین کی کھلاڑی کو شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی دیویا پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ بھارت ہی کی کونیرو ہمپی کا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
کرکٹ: بھارت اور انگلینڈ کے مابین جاری رواں اینڈرسن-ٹینڈولکر ٹیسٹ سیریز کے مانچسٹر میں جاری چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کل کھیل کے اختتام تک بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں چار وکٹ کے نقصان پر 264 رن بنالیے ہیں۔ کل جب کھیل ختم ہوا تو رویندر جڈیجہ اور شاردُل ٹھاکر یکساں 19 رنوں پر وکٹ پر موجود تھے۔ کل دورانِ بلّے بازی رشبھ پنت کے زخمی ہونے کے باعث وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پورنا تعلقے کے ہائی ٹیک اقامتی اسکول کے معاملے میں اسکول کی منتظم شوہر اور بیوی کو پورنا کی مقامی عدالت نے چار دن تک پولس کسٹڈی میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ حال ہی میں اپنی لڑکی کی ٹی سی مانگنے کیلئے جانے والے جگناتھ ہیڈگے کو اسکول منتظمین کی جانب سے کیے گئے زدو کوب کے بعد ہیڈگے کی موت واقع ہوگئی تھی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کھام گاؤں علاقے میں دریائے گوداوری کے کنارے غیر قانونی ریت نکالنے کی کارروائی کے خلاف پولس نے پریتم کانڈیکر نامی شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس کارروئی میں چار ٹریکٹر اور 23 لاکھ روپئے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں اور بجلی کی گھن گرج کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مراٹھواڑہ کے مختلف آبی ذخائر میں پانی کا ذخیرہ اوسطاً 48 فیصد سے زائد ہوچکا ہے۔ جبکہ جائیکواڑی آبی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 78 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے پر الیکشن کیلئے مرکزی انتخابی کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کا آغاز۔
٭ عوامی گنیش مورتیوں کا وسرجن سمندر میں کیا جائے گا؛ ریاستی حکومت کا ممبئی عدالت ِ عالیہ میں حلف نامہ۔
٭ اس بار کا لوک مانیہ تلک قومی اعزاز مرکزی وزیر نتن گڈکری کو۔
٭ انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بھارت کے چار وکٹ پر 264 رن۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی ذخائر میں اوسطاً 48 فیصد پانی کا ذخیرہ۔
***** ***** *****

No comments: