Friday, 1 April 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں تاریخ: 01 اپریل 2022 وقت: صبح 09:00-09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 01 April-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم اپریل  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کورونا کے پیشِ نظر ریاست میں عائد تمام پابندیاں کل سے ختم کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ ماسک کا استعمال اب لازمی کی بجائے اختیاری۔
٭ 40 تا 50 عمر زمرے کے سرکاری ملازمین کی 2 سال میں ایک بار اور اس سے زائد عمر کے ملازمین کی ہر برس طبّی جانچ کروانے کا کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاستی کابینہ نے کیا S.T. کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کل پائے گئے کورونا کے 183 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 7 نئے متاثرین کا اضافہ۔
٭ ریاست کی اسکولوں کو 2 مئی سے 12 جون تک تعطیل دئیے جانے کا اعلان۔
٭ تحقیق کرنے والے طالب علم سے رشوت طلب کرنے کے معاملے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم کی سربراہ
ڈاکٹر اُجولا بھڑنگے معطل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے کورونا کے پیشِ نظر عائد کی گئی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے وزیرِ صحت نے صحیفہ نگاروں کو بتایا کہ ماسک کا استعمال کرنا اب لازمی کی بجائے اختیاری کردیا گیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ 50 فیصد حاضری‘ ماسک کا لازمی استعمال‘ ٹیکے کی دو خوراکیں لینا جیسی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم مطمئن ہوجائیں بلکہ ہمیں اب بھی احتیاط برتنا چاہیے۔ ٹوپے نے مزید کہا کہ ریاست میں اب گڑی پاڑوا‘ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی اور دیگر تقاریب مکمل جوش و خروش کے ساتھ منائی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے کل منعقدہ کابینی اجلاس میں ریاست کی عوام کو گڑی پاڑوا موقع پر تہنیت پیش کی ہے۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ نے مستقبل میں کورونا سے محتاط رہنے کیلئے ماسک کا استعمال کرنے‘ دوسروں سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے اور کورونا کا مدافعتی ٹیکہ لینے کو ضروری کیا ہے۔ انھوں نے عوام سے صحت کے رہنماء اُصول پر عمل کرنے اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے دوران ریاست کی مختلف ذات‘ برادریوں اور مذاہب کے ماننے والوں نے اپنے تہوار اور دیگر تقاریب کو محدود کرکے صبر کا مظاہرہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران پولس مشنری‘ مقامی خود مختار اداروں‘ محصول اور حکومت کے دیگر محکموں نے اس بیماری کا دِن رات مقابلہ کیا۔ اس کیلئے انھوں نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے کل منعقدہ کابینی اجلاس میں 40 تا 50 برس عمر زمرے کے سرکاری ملازمین کی دو برس میں ایک بار اور 51 برس اور اس سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین کی ہر سال طبّی جانچ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے فی کس پانچ ہزار روپئے دئیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ریاستی حکومت کے ملازمین اور دیگر اہل ملازمین کے سفری Allounce کی شرح میں بھی آج سے ترمیم کیے جانے کا فیصلہ کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ اب کم از کم 675 اور زیادہ سے زیادہ 5400 روپئے سفری Allounce کے طور پر ہر مہینے ملازمین کو دئیے جائیں گے۔ سرکاری طبّی کالجس‘ ڈینٹل اور آیورویدک کالجس کے پروفیسرس‘ ڈین‘ ڈائریکٹر‘ ڈپٹی ڈائریکٹر زمرے کے ملازمین کو ساتویں اُجرتی کمیشن کے مطابق Allounce دئیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے ماضی میں بیل گاڑی مقابلے منعقد کرنے والوں پر دائر مقدمات واپس لینے کو بھی کل منظوری دی۔ گرانٹ یافتہ فنونِ لطیفہ کے اداروں اور آرٹ ڈائریکٹوریٹ کے تحت 31 غیر سرکاری آرٹس کالج کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مختلف خدمات کیلئے معاوضہ دینے‘ 100 فاسٹ ٹریک عدالتوں کی مدت میں مزید پانچ برسوں کیلئے توسیع کرنے اور 14 ویں مالیاتی کمیشن کے تحت 5 برسوں کیلئے قائم کی گئی فیملی عدالتوں کو مستقل کرنے کا بھی کل کابینہ نے فیصلہ کیا۔ کابینہ نے کل ہافکن بائیو فارماسٹیکل کارپوریشن میں کوویکسین تیار کرنے اور پیداواری تکنیک میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی خاطر ایک پروجیکٹ کو مالی امداد دینے کو بھی منظوری دی۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ میں کل S.T. کارپوریشن کے ہڑتال پر گئے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حمل و نقل کے ریاستی وزیر انیل پرب نے کل صحیفہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصو ف نے بتایا کہ ان ملازمین کو کام پر رجوع ہونے کیلئے 7 مرتبہ اپیل کی گئی۔ تاہم ہڑتالی ملازمین اپنے مطالبات پر بضد رہے اور ان ملازمین کی جاری ہڑتال سے طلبہ اور دیگر شہریان کو بڑے پیمانے پر تکلیف برداشت کرنی پڑرہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب کانٹریکٹ کی بنیاد پر کارپوریشن میں ملازمت دی جائیگی اور اسے مکمل صلاحیت کے ساتھ چلایا جائیگا۔ پرب نے بتایا کہ کم و بیش 11 ہزار ملازمین کے کانٹریکٹ کی بنیاد پر تقررات کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء کل وزیرِ مالیات اجیت پوار کی ہدایت پر بس گاڑیوں کی تجدید کیلئے 39 کروڑ روپئے S.T. کارپوریشن کو ادا کیے گئے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 183 نئے مریض پائے گئے‘ جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 78 لاکھ 74 ہزار 24 ہوچکی ہے۔ اس بیماری سے کل ایک مریض ہلاک ہوگیا۔ ریاست میں اس مرض سے اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 783  افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 219مریض شفاء یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 77 لاکھ 25 ہزار 339کورونا مریض ٹھیک ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں 902 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل کورونا کے 7 نئے کیسیز درج کیے گئے۔ جن میں بیڑ ضلع کے 3‘ اورنگ آباد ‘جالنہ ، لاتور‘ عثمان آباد‘ اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ پربھنی‘ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں کل کورونا کا ایک بھی معاملہ منظرِ عام پر نہیں آیا۔
***** ***** *****
ریاست کی پرائمری‘ ثانوی اور اعلیٰ ثانوی اسکولوں میں 2 مئی سے 12 جون تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسکولی محکمۂ تعلیم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز آئندہ 13 جون سے ہوگا‘ تاہم گرمی کی شدت کے پیشِ نظر ودربھ میں اسکول 27 جون سے شروع کیے جائیں گے۔ گرمی کی طویل چھٹیوں کو کم کرکے یہ چھٹیاں دیوالی‘ گنیش اُتسو یا کرسمس جیسے تہواروں کے دوران دی جاسکتی ہے۔ مقامی تعلیمی حکام کو یہ تعطیلات دینے کا اختیار ہوگا۔ تاہم احکامات میںکہا گیا ہے کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ چھٹیاں 76 دِنوں سے زیادہ نہ ہوں۔
***** ***** *****
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نانا پٹولے کے وکیل ستیش اوکے کو گرفتار کرلیا۔ قطعۂ اراضی کے لین دین معاملے میں کل ان پر کاروائی کی گئی۔ ان سے 12 گھنٹے کی تفتیش کی گئی‘ جس کے بعد انھیں حراست میں لے لیا گیا۔ 2018 میں زمین سے متعلق لین دین معاملے میں انھیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ توہینِ عدالت معاملے میں عدالتِ عالیہ کی ناگپور بینچ نے پولس کے روبرو حاضر نہ ہونے کی پاداش میں ان کی املاک ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔
***** ***** *****
پی ایچ ڈگری کیلئے تحقیق کرنے والی ایک طالبہ سے 25 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کرنے کے معاملے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم کی سربراہ ڈاکٹر اُجولا بھڑنگے کو کل معطل کردیا گیا۔ پی ایچ ڈی کرنے والے ہر طالب علم سے سرِدست 25 ہزار روپئے اور زبانی امتحان کے وقت اتنی ہی رقم گائیڈ کو ادا کرنی ہوتی ہے ایسی آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور شعبۂ تعلیم کی سربراہ کی جانب سے پی ایچ ڈی طالبہ سے کُل 50 ہزار روپئے رشوت طلب کی گئی تھی۔ اس پورے معاملے میں طلبہ تنظیم نے وائس چانسلر اور بیگم پورہ پولس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ایولے نے اس معاملے کی جانچ کے بعد معطلی کی کاروائی کی۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ توانائی ڈاکٹر نتن رائوت نے انتباہ دیا ہے کہ بجلی بورڈ کے افسران و ملازمین کو دھمکیاں دینے اور غیر مہذب زبان کا استعمال کرنے کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ سابق وزیر ببن رائو لونیکر کے ذریعے مہاوِترن کے افسران و ملازمین کو دھمکانے اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے پر رائوت نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور لونیکر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ کورونا کے پیشِ نظر ریاست میں عائد تمام پابندیاں کل سے ختم کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ ماسک کا استعمال اب لازمی کی بجائے اختیاری۔
٭ 40 تا 50 عمر زمرے کے سرکاری ملازمین کی 2 سال میں ایک بار اور اس سے زائد عمر کے ملازمین کی ہر برس طبّی جانچ کروانے کا کابینہ کا فیصلہ۔
٭ ریاستی کابینہ نے کیا S.T. کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کل پائے گئے کورونا کے 183 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 7 نئے متاثرین کا اضافہ۔
٭ ریاست کی اسکولوں کو 2 مئی سے 12 جون تک تعطیل دئیے جانے کا اعلان۔
٭ تحقیق کرنے والے طالب علم سے رشوت طلب کرنے کے معاملے میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم کی سربراہ
ڈاکٹر اُجولا بھڑنگے معطل۔
***** ***** *****

No comments: