Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/ جولائی ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نئے فوجداری قانون سے عمل ِ عدل میں تیزی آئیگی: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ قانون ساز کونسل کی چار نشستوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان؛ مہاوِکاس آگھاڑی اور مہایوتی کو دو- دو نشستیں۔
٭ سوالنامے افشاء ہونے کو روکنے کیلئے رواں اسمبلی اجلاس میں بل لایا جائیگا: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان۔
٭ قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری۔
اور۔۔۔٭ چنئی کرکٹ ٹیسٹ میں ہندوستانی خواتین کھلاڑیوں کی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف دس وِکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ روز سے نافذ العمل ترمیم شدہ فوجداری قانون میں سزا کی بہ نسبت عدل کو ترجیح دی گئی ہے‘ جس سے عمل ِ انصاف میں تیزی آئیگی۔ کل دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ترمیم شدہ قانون پر عمل درآمد کیلئے عدلیہ اور پولس انتظامیہ میں موجود متعلقہ اربابِ مجاز کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں‘ اس کیلئے قومی سطح پر تربیت کنندگان نامزد کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے گریجویٹس اور اساتذہ حلقوں کی چار نشستوں کیلئے ہوئے انتخابات میں شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے دو‘ بی جے پی نے ایک اور شیوسینا نے ایک نشست حاصل کی ہے۔ ناسک اساتذہ حلقے سے موصول ہونے والے نتیجے کے مطابق شیوسینا امیدوار کشور دراڑے نے کامیابی حاصل کی۔ ممبئی گریجویٹس حلقہئ انتخاب سے شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے امیدوار انیل پرب نے اور ممبئی اساتذہ حلقے سے جگناتھ ابھینکر نے فتح حاصل کی‘ جبکہ کوکن گریجویٹس حلقے سے بی جے پی کے نرنجن ڈاؤ کھرے نے کامیابی حاصل کی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے اعلان کیا ہے کہ امداد یافتہ اسکولوں میں اساتذہ کیلئے پرانی پنشن اسکیم لاگو کرنے سے متعلق فیصلہ آئندہ تین ماہ میں کیا جائیگا۔ انھوں نے کل اسمبلی میں اپنے بیان میں بتایا کہ اس ضمن میں اساتذہ تنظیموں سے گفت و شنید کے ذریعے کامیاب راستہ تلاش کیا گیا ہے۔ تاہم ضلع پریشد کے اساتذہ کی تجویز پر ہنوز کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اُن کی جانب سے مفصل معلومات موصول ہونے کے بعد ہی اس خصوص میں کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تیقن دیا ہے کہ سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کے تدارک کیلئے رواں اسمبلی اجلاس میں ہی ایک بل لایا جائیگا۔ ریاست میں پرچہ افشاء ہونے کے معاملے میں کل اسمبلی میں ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا وہ جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ درجہئ سوم کے ملازمین کی بھرتی MPSC کی معرفت کی جائیگی۔ ریاست میں مزید 31 ہزار سے زائد عہدوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ جس میں امتحانی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ڈپٹی کلکٹر رینک کے افسران کو انسپکٹر کی حیثیت سے نامزدکیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دہلی کی فوجداری و غیر فوجداری مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی ساکیت عدالت نے معروف سماجی کارکن میدھا پاٹکر کو دو دہائیوں سے زیادہ پرانے ہتک ِ عزت مقدمے میں پانچ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ دہلی کے موجودہ لیفٹیننٹ گورنر وِنئے کمار سکسینہ نے‘ جو اُس وقت ایک غیر سرکاری ادارے کے سربراہ تھے‘ میدھا پاٹکر کے خلاف ہتک ِ عزت کی شکایت کی تھی۔ 2002 میں یہ معاملہ عدالت ِ عظمیٰ نے خصوصی عدالت میں بھیج دیا تھا۔ اس ساکیت عدالت نے 25 مئی کو میدھا پاٹکر کو ہتک ِ عزت کا مجرم قرار دیا تھا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے آئندہ انتخابات کیلئے بی جے پی نے اُمیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ ان میں پنکجا منڈے‘ یوگیش ٹڑیکر‘ پرینئے پھوکے‘ امیت گورکھے اور سدابھاؤ کھوت کو نامزد کیا گیا ہے۔ پارٹی کے قومی سیکریٹری ارون سنگھ نے ایک مکتوب کے ذریعے یہ اطلاع دی۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے پردنیا ساتَو کو قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے امیدواری دی گئی ہے۔ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سی وینو گوپال نے کل اس ضمن میں ایک مکتوب جاری کیا۔
***** ***** *****
زرعی انقلاب کے رہنماء سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت راؤ نائیک کی سالگرہ کل ریاست بھر میں زرعی دِن کے طورپر منائی گئی۔ ممبئی میں وسنت راؤ نائیک زرعی تحقیقاتی ادارے اور دیہی ترقیات ٹرسٹ کی جانب سے وسنت راؤ نائیک ایوارڈز کی تقسیم وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ وزیرِ زراعت دھننجے منڈے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بزرگ زرعی صحافی شری کانت کُووڑیکر کو زرعی صحافت اعزاز‘ دھولیہ کے ساکری تعلقے کے کنہیا لال کثیر المقاصد ادارے کو جنرل ایوارڈ اور مہاتما پھلے زرعی یونیورسٹی کے کاسٹ پروجیکٹ کو زراعت میں گرانقدر تعاون کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ جب ریاست میں اناج کی قلّت تھی تب وسنت راؤ نائیک نے مہاراشٹر کو اناج کے معاملے میں خودکفیل بنانے کیلئے کئی نادر اسکیمیں شروع کیں۔ جس کی وجہ سے ایک بڑا سبز انقلاب بھی بپا ہوا۔ اپنی کارکردگی کے سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اب ریاستی حکومت نے 11 لاکھ ہیکٹر سرکاری اور 10لاکھ ہیکٹر کسانوں کی زمین پر بانس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا ہے۔
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک زرعی یونیورسٹی کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر میں زرعی سائنس مرکز میں 100 واں سائنسداں اور کسان مکالمہ پروگرام کل منعقد ہوا۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اِندرمنی اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی سمیت کئی اہم شخصیات نے وسنت راؤ نائیک کی شبیہہ پر پھول چڑھاکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہر میں وسنت راؤ نائیک کے مجسّمے پر میونسپل کارپوریشن سمیت مختلف سرکاری اور سماجی تنظیموں کی جانب سے گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔
لاتور ضلع کے اودگیر شہر میں نصب کردہ وسنت راؤ نائیک کے قد ِ آدم مجسّمے کی نقاب کشائی بھی کل کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر سنجئے بنسوڑے کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس کے علاوہ پربھنی‘ دھاراشیو‘ ہنگولی اور دیگر اضلاع میں بھی مختلف پروگراموں کے ذریعے وسنت راؤ نائیک کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
نیٹ پرچے افشاء ہونے کے لاتور کے معاملے کو مرکزی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کے سپرد کردیا گیاہے۔ سی بی آئی کی ایک ٹیم کی جانب سے لاتور عدالت میں کی گئی ایک درخواست عدالت نے قبول کرلی۔ اس خصوص میں گرفتار ملزمان جمیل خان پٹھان اور سنجے جادھو کی حوالگی کا عمل بھی کل سی بی آئی کی اس ٹیم نے مکمل کیا اور انھیں سی بی آئی کے سپرد کردیا گیا۔ ان دونوں ملزمین کی کسٹڈی کی مدت آج ختم ہورہی ہے اور انھیں آج عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
***** ***** *****
نئے فوجداری قانون پر عمل درآمد سے متعلق کل پربھنی ضلع میں تمام پولس تھانوں میں عوامی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ شہر کے نیا مونڈھا پولس اسٹیشن میں سپرنٹنڈنٹ آف پولس رویندر سنگھ پردیشی اور ماہرِ قانون رَمن دوڈِیا نے عوام کو اس قانون کی معلومات دیں۔
***** ***** *****
بیڑ میں ضلع کلکٹر دفتر کے روبرو کل کسانوں نے مکمل قرض معافی‘ فصل بیمہ کے بقایہ جات کی فی الفور ادائیگی اور سات/ بارہ کو قرض سے صاف کرنے سمیت دیگر مطالبات پر مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ بیڑ میں کل بینک ڈپازیٹرس نے بھی مظاہرہ کیا۔ یہ اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
چنئی میں کھیلے گئے خواتین کے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔ کل میچ کے پانچویں اور آخری دِن مہمان ٹیم کی دوسری اننگ 373 رن پر سمٹ گئی۔ بھارت کی ٹیم نے فتح کیلئے درکار 37 رَن دسویں اوور میں بغیر کوئی وِکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔ میچ میں 10 وِکٹ لینے والی اسنیہہ رانا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ان دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو چنئی میں کھیلا جائیگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نئے فوجداری قانون سے عمل ِ عدل میں تیزی آئیگی: مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ قانون ساز کونسل کی چار نشستوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان؛ مہاوِکاس آگھاڑی اور مہایوتی کو دو- دو نشستیں۔
٭ سوالنامے افشاء ہونے کو روکنے کیلئے رواں اسمبلی اجلاس میں بل لایا جائیگا: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اعلان۔
٭ قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری۔
اور۔۔۔٭ چنئی کرکٹ ٹیسٹ میں ہندوستانی خواتین کھلاڑیوں کی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف دس وِکٹ سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment