Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۶؍ جولائی ۲۰۲۴ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پیاز کے ذخیرےکیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ناسک
اور شولاپور میں جوہری توانائی پرمبنی پیاز کے مہابینک منصوبے قائم کیے جائیں گے۔
٭ دودھ
اور دودھ کی مصنوعات میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے علیحدہ قانون وضع کرنے کا وزیر اعلیٰ
کا اعلان۔
٭
ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش سے نظام زندگی
مفلوج؛ سرکاری مشنریوں کو تال میل کے ساتھ حالات سے نمٹنے کی ہد ایات۔
اور۔۔۔٭ پیرس
اولمپک مقابلوں میںبھارت کی خواتین اور مرد تیر انداز کوارٹر فائنل میں داخل، اولمپک
مقابلوں کا آج باقاعدہ افتتاح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ
اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کے چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ناسک اور شولاپور میں فوری
طور پر پیاز کے مہا بینک پروجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست میں پیاز کے نقصان
کی رو ک تھام اور پیاز کا ذخیرہ کرنے کیلئےجوہری توانائی پر چلنے والا پیاز بینک پروجیکٹ
شروع کیا جا رہا ہے ۔ کل اس خصوص میں منعقدہ جائزاتی اجلاس میں وزیر اعلیٰ نےیہ ہدایات
دیں۔ ان بینکوں کے قیام کیلئے صنعتی ترقیاتی کارپوریشن، شعبۂ مارکیٹنگ اور ریاستی
شاہراہ ترقیات کارپوریشن کی دستیاب جگہوں کا استعمال کرنے کی ہد ایات بھی وزیرِ اعلیٰ نے
دیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دودھ اور دودھ سے تیار
ہونے والی اشیا‘ میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئےریاستی حکومت کی جانب سے ایک علیحدہ سخت
قانون بنانے کا اعلان کیا ہے۔ کل‘ اس سلسلے میں منعقدہ میٹنگ کے بعد وزیرِ اعلیٰ
نے یہ جانکاری دی۔ نیا قانون‘ موجودہ ریاستی قانون ‘مہاراشٹر پروہیبیشن آف ڈینجرس
ایکٹیویٹیز،( (MPDA سے بھی
زیادہ سخت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف غیر
ضمانتی مقدمہ درج کرنے کےسلسلے میں بھی مرکزی حکومت سے سفارش کی جائیگی۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ نے سابق فوجیوں کی فلاح و
بہبود کیلئے ایک کارپوریشن قائم کرنے کے احکامات بھی دیئے ہیں۔ اسی طرح ریاست کے سبھی
سرکاری دفاتر میں اہل امیدواروں کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کی ہد ایت بھی وزیر اعلیٰ نے دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت گڈچرولی ضلع
کی سونالی گیڈام کو ریاست میں پہلی تقرری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست
کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے۔
پونے میںاس بارش کا سب سے زیادہ اثر رہا۔ کھڑک واسلہ ڈیم سے مُٹھا ندی میں پانی چھوڑنے
کے سبب شہر کی کئی بستیوں میں پانی داخل ہو گیا۔ سنہہ گڑھ روڈ پر واقع ایکتا نگر میں
نیشنل ڈیزاسٹر رِسپانس دستے اور فوج کے جوانوں نے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
جبکہ پونے ضلعے میں کل کی بارش کے سبب مختلف حادثات میں چار افراد کی موت اور 12 افراد
زخمی ہوگئے۔
ممبئی، پنویل، پال گھر، کلیان ۔ڈومبیولی، رائے گڑھ،
رتناگیری اور ستارااضلاع میں بھی کل شدید بارش ہوئی۔ ممبئی کے کئی نشیبی علاقوں میں
پانی بھر جانے کی وجہ سے راستوں سمیت ٹرینوں کی آمدورفت پر اثر پڑا۔ تھانے ضلع کی
الہاس ندی خطرے کے نشان کو عبور کر چکی ہے اور بیشتر راستوں پر ٹریفک کی آمد و رفت
بند کر دی گئی ہے۔ رائے گڑھ ضلع کی ساوتری اور امبا ندیوں نے بھی خطرے کا نشان پار
کرلیا ہے۔
کولہاپور ضلعے کے رادھا نگری آبی پشتے سے پانی
کا اخراج کیے جانے سے پنچ گنگا ندی نے خطرے کے نشان کو عبور کر لیا ہے۔ ندی کے اطرا
ف کے دیہاتوں کے ساکنان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھاراشیو ضلع میں اب تک اوسطاً 395 ملی میٹر بارش
کا اندراج کیا گیا ہے اور یہ بارش خریف کی فصلوں کیلئے مفید ہونے سمیت ضلع میں آبی
سطح کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔
لاتور ضلعے میں اب تک تقریباً 432 ملی میٹر بارش
درج کی گئی ہے۔ ضلع کے کئی ندیوں اورنالوںمیں طغیانی آنے کی وجہ سے ضلع کے مانجرا،
ماکنی، نمن تیرنا آبی پشتوں میں پانی کی مسلسل آمد جاری ہے۔ ضلع میں کئی مقامات پر
پل زیرِ آب آگئے ہیں‘ جس کے سبب متعلقہ راستے ٹریفک کیلئے بند ہوگئے ہیں۔
ناندیڑ ضلعے کا وشنو پوری آبی منصوبہ 83 فیصد بھر
چکا ہے۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ابھیجیت رائوت نےبتایا کہ ڈیم کے دروازے کسی بھی وقت کھولےجاسکتے
ہیں، لہٰذا ساحلی علاقوں پر آباددیہاتوں کو چوکنا رہنے کی ہد ایات جاری کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
محکمہ
موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے چاروں ڈویژنوں میں بیشتر مقامات پر
بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر
موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ریاست
میں سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں جنگی پیمانے پر راحت رسانی کے کام کیے جارہے
ہیں۔ لہٰذ ا وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شہریوں سے ضرو رت کے مطابق ہی گھرو ں
سے باہر نکلنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے قومی اور ریاستی انسدادِ آفاتِ سماوی
دستوں، فوج، بحریہ، پولس، آتش فرو دستے سمیت شعبۂ صحت کے ذمہ دارا ن کو آپسی تال
میل کے ذریعے ضرورت کے مطابق شہریوں کا تعاون کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف وجے وڑیٹیوار
نے کہا ہے کہ ریاست میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے کسان طبقہ ایک بار پھر مشکلات سے دوچار
ہوا ہے۔ لہٰذا نقصان سے متاثرہ کسانوں کو خاطر خواہ امداد فراہم کر نے کا انہوں نے
حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف حصوں میں جار ی شدید بارش کے پیش
نظر آج معلّنہ دسویں اور بارہویں کے سپلیمنٹری امتحانات کے پرچے ملتوی کر دیے گئے
ہیں۔ آج،دہم جماعت کا سائنس اور ٹیکنالوجی حصہ دوم، مضمون کا پرچہ آئندہ 31 جولائی
بروز بدھ صبح گیارہ بجے سے دوپہرایک بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔ جبکہ بارہویں جماعت
کے کامرس آرگنائزیشن اینڈ مینجمنٹ، علمِ اغذیات سمیت ایم سی وی سی حصہ دوم کا پرچہ
آئندہ9 اگست برو زِ جمعہ کو صبح گیارہ تا دوپہر دو بجے کے درمیان لیا جائےگا۔ ان پرچہ
جات کے علاوہ سپلیمنٹری امتحانات کے نظام الاوقات میں دیگر کوئی تبدیلی نہ کرنے کی
اطلاع تعلیمی بورڈ کی جانب سے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
آج کارگل جنگ میں فتح کا 25 واں یومِ تاسیس منایا
جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے وزیر اعظم نریندر مودی کارگل جنگ کی یادگار پر شہیدوں کے اعزاز
میں گلہائے عقیدت نچھاور کریں گے۔ ساتھ ہی وزیراعظم ٹیلی کانفرنسنگ سسٹم کے ذریعے شِنکون
لا نامی زیرِ زمین منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ جبکہ کارگل فتح دِن کے موقع پر
آج ستارا میں وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پیرس اولمپک کھیلوں میں بھارت نےشاندار کارکرد گی
سے حصولِ تمغہ جات مہم کا آغاز کیا ہے۔ تیر اندا زی میں بھارتی خواتین اور مرد کھلاڑیوںنے
کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ تیر اند از ترون دیپ رائے اورپروین جادھوسمیت
دیپیکا کماری‘ اَنکیتا بھگت‘ بھجن کور اور بی دھیرج نے سنگل رینکنگ ر ائونڈ میں حصہ
لیا۔
ٹورنامنٹ کے باقی مرحلے 28 جولائی تا 4
اگست کے درمیان ہوں گے۔ جبکہ پیرس اولمپک کھیلوں کی افتتاحی تقریب ا ٓج بھارتی
وقت کے مطابق رات گیارہ بجے شرو ع ہوگی۔ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور ٹیبل ٹینس
کھلاڑی شرتھ کمل کو بھارت کے پرچم بردار ہونے کا اعزاز دیا گیا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس میں ایک گولڈ میڈل سمیت سات تمغے
جیتنے والے 117 کھلاڑیوں پر مشتمل بھارتی دستہ پیرس میں داخل ہوچکا ہے۔ ایتھلیٹکس میں
سب سے زیادہ 29، نشانے بازی میں 21، بیڈمنٹن 7 اور تیر اندازی اور کشتی زمرے میں فی
کس چھ کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ ان میں، سبھی کی نظریں اسٹیپل چیس میں بیڑ کے اویناش سابڑے، تیر اندازی
میں پروین جادھو، بیڈمنٹن میں چراغ شیٹی، نشانے بازی میں سوپنیل کُسڑے اور ہائی جمپ
میں سرویش کشارے پر ٹکی ہوئی ہیں، ۔ ٹوکیو اولمپکس میں شاندارکارکردگی کے بعد اویناش
سابڑے سے تمغے کی بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
34ویں ریاستی جونیئر تائیکواندو ٹورنامنٹ کا آج سے
بیڑ میں آغاز ہورہا ہے۔ ریاست بھر سے تقریباً ساڑھے چار سو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں
شرکت کیلئے بیڑ پہنچ چکے ہیں۔ 27جولائی تک یہ مقابلے جا ری رہیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں
کل شام پُومسے زمرے کے مقابلے ہونے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی پولس محکمے کے موٹر شعبے کی جانب سے ’’شی
وَین‘‘ تیار کی گئی ہے۔ اس جدید گاڑی میں خواتین پولس ملازمین کیلئے درکا ر ضروری سہولیات
فراہم کی گئی ہیں۔ پولس سپرنٹنڈنٹ رو یندر سنگھ پردیشی نے کل اس وَین کا افتتاح کرتے
ہوئے بتایاکہ یہ وَین بندوبست پر تعینات خواتین پولس ملازمین کیلئے تیار کی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے زرعی سائنس مرکز میں ’’آم
؛بہتر زرعی طریقہ‘‘کے موضوع پر کل ایک ر وزہ تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ پربھنی کی وسنت
رائو نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اِندر مَنی کے ہاتھوں پروگرام
کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس کیمپ میں سو سے زائد کسانوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
وسطی ر یلوے کے دَونڈ ریلوے اسٹیشن پر درستی کے
کاموں کے پیشِ نظر آئندہ اتوار سے کچھ ریلوے گاڑیوں کی خدمات آئندہ چند دِنوں تک
منسوخ کردی گئی ہیں۔ ان میں ناندیڑ۔ پنویل۔ ناندیڑ‘ پونے۔ نظام آباد۔ پونے‘ او ر نظام
آباد۔ پنڈھر پور گاڑیاں شامل ہیں۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ زون دفتر نے مسافروں
سے اس منسوخی کو نوٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پیاز کے ذخیرےکیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت ناسک
اور شولاپور میں جوہری توانائی پرمبنی پیاز کے مہابینک منصوبے قائم کیے جائیں گے۔
٭ دودھ
اور دودھ کی مصنوعات میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے علیحدہ قانون وضع کرنے کا وزیر اعلیٰ
کا اعلان۔
٭
ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش سے نظام زندگی
مفلوج؛ سرکاری مشنریوں کو تال میل کے ساتھ حالات سے نمٹنے کی ہد ایات۔
اور۔۔۔٭ پیرس
اولمپک مقابلوں میںبھارت کی خواتین اور مرد تیر انداز کوارٹر فائنل میں داخل، اولمپک
مقابلوں کا آج باقاعدہ افتتاح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment