Thursday, 4 July 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 جولائی 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 July-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۴/ جولائی  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    دستورِ ہند روشنی کے ستون کی طرح رہنماء ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا راجیہ سبھا میں بیان؛پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ملتوی۔
    ٭    مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن اسکیم شفاف طریقے سے چلانے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا حکم۔
    ٭    نیتی آیوگ کی مکمل مہم کا آج سے آغاز؛ مخصوص خواہشمند اضلاع میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭     ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کی وطن واپسی؛ وزیرِ اعظم کریں گے ٹیم سے ملاقات۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
     وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دستورِ ہند ہر ایک حکومت کیلئے روشنی کے ستون کی طرح رہنماء ہے۔ کل راجیہ سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطبے کی تحریک پر مباحثے کا وہ جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دئیے گئے آئین کی وجہ سے ہی ان کی طرح کے سیاسی پس منظر نہ رکھنے والے شخص کو سیاست میں حصہ لیکر اتنے بڑے عہدے پر پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ اسی دوران حزبِ اختلاف کے ارکان نے نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
    راجیہ سبھا کے چیئرمن جگدیپ دھنکڑ نے حزبِ اختلاف کے اس رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کا آئین صرف ہاتھ میں رکھنے کیلئے نہیں بلکہ اسے پوری طرح زندگیوں میں داخل کرنا چاہیے۔ قائد ِ حزبِ اختلاف ملک ارجن کھرگے نے ایوان سے باہر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کے چند ایک بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا ہے۔
    وزیرِ اعظم کے خطاب کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ لوک سبھا کا کام کاج پرسوں ہی ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس طرح پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انتباہ دیا ہے کہ ”مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہین“ اسکیم کے عمل میں خواتین کیلئے کوئی بھی رُکاوٹ ڈالی گئی تو متعلقہ افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ یہ مکمل عمل شفاف اور تیز رفتاری کے ساتھ سرانجام دینے کیلئے ضلع کلکٹرز کو مکمل توجہ دینے کی انھوں نے ہدایت کی۔ انھوں نے حکم دیا کہ اسکیم کے نفاذ کیلئے ہر ضلع میں نوڈل آفیسر نامزد کیا جائے۔
    اس اسکیم میں اندراج کیلئے رہائشی صداقت نامے کی بجائے زرد یا زعفرانی راشن کارڈ‘ ووٹنگ کارڈ یا برتھ سرٹیفکیٹ ان میں سے کوئی ایک دستاویز ہی کافی ہوگا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے ترغیب دی ہے کہ خواتین‘ اضافی دستاویزات کیلئے سیتو مرکز پر ہجوم نہ کریں۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کیلئے امتحانات میں ہونے والی بدعنوانیوں کیخلاف قانون وضع کیا جائیگا۔ کل قانون ساز کونسل میں اپنے خطاب میں انھوں نے اعلان کیا کہ اسمبلی کے رواں اجلاس میں ہی اس ضمن میں بل پیش کیاجائیگا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کی حکومت نے دو برس کے دورِ اقتدار میں ایک لاکھ سرکاری ملازمین فراہم کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جن میں 77 ہزار 305 نوجوان رجوع بہ کار ہوچکے ہیں اور آئندہ تین ماہ میں 30 ہزار سے زائد تقرر نامے تفویض کیے جائیں گے۔ دریں اثناء گورنرکے خطبے پر اظہارِ تشکر کی تحریک قانون ساز کونسل میں اتفاقِ رائے سے منظور کرلی گئی۔
***** ***** *****
    چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور تعلقے کے جوگیشوری میں نئے ابتدائی طبّی مرکز کو فی الفور منظوری دینے کا اعلان وزیر برائے صحت ِ عامہ تاناجی ساونت نے کل قانون ساز کونسل میں کیا۔ رکنِ اسمبلی ستیش چوہان کی پیش کردہ توجہ دلاؤ تحریک کا وہ جواب دے رہے تھے۔
    ریاست میں میونسپل طبّی افسران کے زمرے میں آنے والی تمام آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے حکومت مثبت ذہن رکھتی ہے اور اس خصوص میں بہت جلد پالیسی فیصلہ کیاجائیگا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے تحت طبّی افسران کی خالی آسامیاں بھرنے کے سلسلے میں اسمبلی رُکن وِکرم کاڑے کی جانب سے کیے گئے استفسار پر وزیر اُدئے سامنت نے یہ اعلان کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں قومی بلدی طبّی مہم کے تحت طبّی افسران کے زمرے میں 41 منظور شدہ آسامیوں میں سے 29  افراد کا تقرر ہوا ہے۔
***** ***** *****
    قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے سے ایک مکتوب کے ذریعے درخواست کی ہے کہ ایوان سے ان کی معطلی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی جائے۔ بعد ازاں نیلم گورہے نے ایوان کو بتایا کہ اس معطلی پر نظرِ ثانی کرنے کا فیصلہ زیرِ غور ہے۔
***** ***** *****
    مہاراشٹر اسٹیٹ اگزامنیشن کونسل کی جانب سے جماعت پنجم اور جماعت ہشتم کی اسکالر شپ کے امتحانات کا حتمی نتیجہ اور میرٹ لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ جو طلبہ اسکالر شپ کے حقدار قرار پائے ہیں ان کی فہرست کونسل کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔
***** ***** *****
    مہاراشٹر میں زیکا وائرس کے چند ایک واقعات سامنے آنے کے بعد مرکزی وزارت برائے صحت ِ عامہ نے تمام ریاستوں کیلئے اس خصوص میں رہنماء ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ اس ضمن میں تمام ریاستیں پوری طرح چوکنا رہیں اور طبّی مشنری کو مستعد رکھیں۔ ریاستی حکومت نے زیکا وائرس وباء کی موجودہ صورتحال سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ جس کے مطابق اس برس اب تک اس وباء سے متاثرہ 8  تا 10 مریض سامنے آئے ہیں۔ مکتوب میں تلقین کی گئی ہے کہ مچھروں سے پھیلنے والے اس مرض سے بچنے کیلئے احتیاط کریں۔
    دریں اثناء پونا شہر میں زیکا وائرس سے متاثر ہونے والے ساتویں مریض کی موجودگی سامنے آئی۔ متاثرین میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں، جن میں دو خواتین حاملہ بتائی جاتی ہیں۔
***** ***** *****
    ملک کیلئے جان نچھاور کرنے والے اگنی وِیر اجئے کمار کے اہلِ خانہ کو ایک کروڑ 65 لاکھ کی مالی امداد دی گئی ہے۔ فوج کے جاری کردہ ایک بیان میں یہ اطلاع دی گئی۔ ان کے جسد ِ خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ آتش کردیا گیا۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ فوج اگنی ویروں کی بہبود کی پابند ہے۔
***** ***** *****
    نیتی آیوگ کی مکمل مہم آج سے ملک بھر میں شروع ہورہی ہے۔ ملک کے 112 خصوصی خواہشمند اضلاع اور 500 تعلقوں میں 30 ستمبر تک یہ مہم چلائی جائیگی۔ دھاراشیو ضلع کے پرانڈہ میں اس مہم کا آج افتتاح عمل میں آرہا ہے۔
    ناندیڑ ضلع کے کنوٹ میں ضلع کلکٹر ابھیجیت راؤت کے ہاتھوں اس مہم کا آغاز ہوا۔ انھوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت تمام اہداف ماہِ اگست کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے۔
    مراٹھواڑہ کے بیڑ ضلع کے وَڈوَنی‘ جالنہ ضلع کے بدناپور و پرتور اور ہنگولی میں بھی اس مہم کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
    ریاستی حکومت کی جانب سے تمام وارکریوں کا بیمہ کیا جائیگا اور یاتراؤں میں شامل گاڑیوں کیلئے 21 جولائی تک ٹول ٹیکس معاف کیا جائیگا۔ یہ اعلان وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیا۔ وہ کل اسمبلی سیکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔
***** ***** *****
    ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم آج وطن واپس پہنچ چکی ہے۔ اب سے کچھ دیر بعد یہ ٹیم نئی دہلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گی۔ بعد ازاں ٹیم دوپہر میں ممبئی پہنچے گی۔ ممبئی کے مرین ڈرائیو پر ٹیم کے اعزاز میں جلوسِ فتح نکالا جائیگا اور بعد میں وانکھیڑے اسٹیڈیم پر خصوصی استقبالیہ پروگرام ہوگا۔ یہ اطلاع بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے دی۔
***** ***** *****
    عام آدمی کے بجلی کے بل میں 300یونٹ تک بل معاف کرنے کے مطالبے پر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں مظاہرہ کیا گیا۔ مہانگر پرمکھ رینوکا داس ویدیہ کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے بجلی تقسیم کار کمپنی کے چیف انجینئر پون کمار کچھوٹ کو اپنے مطالبات پر مبنی ایک محضر بھی پیش کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    دستورِ ہند روشنی کے ستون کی طرح رہنماء ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا راجیہ سبھا میں بیان؛پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ملتوی۔
    ٭    مکھیہ منتری ماجھی لاڑکی بہن اسکیم شفاف طریقے سے چلانے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا حکم۔
    ٭    نیتی آیوگ کی مکمل مہم کا آج سے آغاز؛ مخصوص خواہشمند اضلاع میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭     ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کی وطن واپسی؛ وزیرِ اعظم کریں گے ٹیم سے ملاقات۔
***** ***** *****

No comments: