Wednesday, 28 August 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 اگست 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 28 August-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۸؍ اگست  ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭             بچوں کو صنفی مساوات کی تعلیم دینا اور حساس بنانا ضروری، بدلا پور کے جنسی زیادتی معاملے میں ممبئی عد الت ِ عالیہ کا مشاہدہ۔

                ٭             ناگپور کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکے وائرس ریسرچ اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کومنکی پاکس جانچ لیبارٹری کے طور پر منظوری۔

                ٭             آشا رضاکاروں اور گروپ پروموٹرز کو امداد فراہمی کے فیصلے کونافذ کرنے کیلئے سرکا ری حکمنامہ جاری۔

اور۔۔۔٭     قومی سطح کے اساتذہ ایوارڈ کا اعلان؛ ریاست کے دو معلّمین بھی ایوارڈ یافتگان میں شامل۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                ممبئی عدالت ِ عالیہ نے کہا ہے کہ بچوں کو صنفی مساوات کی تعلیم د ینااور حساس بنانا ضروری ہے۔ بدلاپور میں اسکولی طالبات پر زیادتی کے معاملے میں خود عدالت کی جانب سے د اخل کردہ عرضی پر کل عدالت ِ عالیہ میں سماعت ہوئی۔عدالت نے کہا کہ ایسے واقعات رونما ہونے کے بعد ہم متاثرہ لڑکیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں‘ تاہم ایسے معاملات میں بچوں کی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لڑکیوں کی نہیں بلکہ لڑکوں کی ذہن سازی کرنے اور انھیں کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہےاس کی جانکاری دینے کی تلقین کی۔ عدالت نے کہا کہ لڑکیوں اور خواتین کی عزت و احتر ام سے ایسے واقعات کو ٹالا جا سکتا ہے ۔. جسٹس ریوتی موہیتے اور جسٹس پرتھوی راج چوہان کی بنچ نے ایسے معاملات کی روک تھام کیلئےکیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں‘ اس کی سفارشات کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل کرنے کیلئے چند نام تجویز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اس کمیٹی کی معرفت بچوں کو صنفی مساوات سے متعلق آگاہ کرنے کی ترغیب بھی دی۔

                عدالت نے کچھ خبروں میں متعلقہ اسکول کا نام آنے پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان معاملات میں میڈیا کو POCSO قانون کی معلومات لیکر حساس انداز میں کی خبرنگاری کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے، ساتھ ہی ریاست میں POCSO قا نون کی تمام دفعات پر سختی سے عمل کیے جانے کی امید ظاہر کی ۔

***** ***** *****

                 رتناگیری میں پیش آئے جنسی زیادتی کے معاملے کے ملزم کو فوری تلاش کرکے سخت کارروائی کرنے کے احکامات ضلعے کے رابطہ وزیر ادئے سامنت نے دیئے ہیں۔ سامنت نے کل متاثرہ اور اس کے افرادِ خانہ سے ملاقات کرکے ان کی مزاج پُرسی کی۔ بعد ازاں انھوں نے اس معاملے میں پولس کی جانب سے کچھ لوگوں کو حراست میں لیکر معاملے کی تحقیقات شروع کیے جانے کی اطلاع بھی دی۔

***** ***** *****

                 خواتین اور کمسن بچیوں کیخلاف تشدد کے واقعات تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو سرِعام سزا دی جانی چاہیے۔ بی جے پی رہنما اوررکنِ کونسل پنکجا منڈے نے یہ ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ کل لاتور ضلعے کے دیونی تعلقے کے وَلانڈی میں رکنِ اسمبلی سمبھاجی پاٹل نیلنگیکر کی جن سمان پیدل یاترا کے دوران منڈےذرائع ابلاغ سے مخاطب تھیں۔

                دریں اثناء خواتین پر مظالم کے واقعات کی مذمت میں چھترپتی سمبھاجی نگر میںضلع وکیل تنظیم کی جانب سے آج احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔

***** ***** *****

                آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، AIIMS کےناگپور میں واقع وائرولوجیکل ریسرچ اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کو منکی پاکس جانچ لیبارٹری کی منظوری دی گئی ہے۔ اس منظوری کے بعد ناگپور کا ایمس سینٹر اب مہاراشٹر میں منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں کی جانچ کیلئے ایک منظورشدہ مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ ملک بھر میں منکی پاکس کے مشتبہ معاملات کی جانچ کیلئے تسلیم شدہ 35 لیبارٹریز میں، ناگپور کی یہ لیبارٹری ریاست میں منکی پاکس مرض کی روک تھام میں اہم ثابت ہوگی۔

***** ***** *****

                 آشا کارکنان اور گروپ پروموٹرز کی خدمات کی انجام دہی کے دوران حادثاتی موت کی صورت میں 10 لاکھ روپئے اور مستقل معذوری کی صورت میں پانچ لاکھ روپے امداد کے فیصلے کو نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت نے ایک حکم نامہ جاری کیا۔ یکم اپریل 2024 سے یہ فیصلہ نافذ العمل ہو گا، اور اس کیلئے سالانہ ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ساتھ ہی اس مد کیلئے درکار فنڈز آئندہ اجلاس میں سپلیمنٹری مطالبات کے ذریعے فراہم کرانے کی منظوری دی گئی۔

***** ***** *****

                سندھو درگ ضلعے کے راجکوٹ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسّمہ گرنے کے اسباب کا پتہ لگانےاور مجسّمے کی دوبارہ تنصیب کیلئے بحریہ کا ایک دستہ  روانہ کیا گیا ہے۔ کل ایک صحافتی بیان کے ذریعے بحریہ نے یہ اطلاع دی۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت اور ماہرین کے تعاون سے کام جاری ہونے کی وضاحت بھی بحریہ کی جانب سے کی گئی ہے۔

                دریں اثناء اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے وضاحت کی ہے کہ یہ مجسمہ گرنا ایک حادثہ تھا اور اسی جگہ 100 فٹ بلند مجسمہ نصب کرنے کی درخواست وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سے کی جائیگی۔کیسرکر گزشتہ روز راجکوٹ میں متعلقہ مقام کا معائنہ کرنے کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس مقام پر ایک جگہ مرکز بناکر سندھو درگ تک آمد و رفت کےذرائع فراہم کیے جائیں تو یہ یادگار سیاحوں کیلئے توجہ ترجیحی مقام بن سکتی ہے۔ انھوںنے یقین دلایا کہ مجسّمے کاگرنا ایک حادثہ ہے اور سبھی کو اس حادثے کو اسی نظریے سے دیکھنا چاہئے، انھوں نے حکومت کی جانب سے اس حادثہ کی تحقیقات کرنے کی وضاحت بھی کی۔

***** ***** *****

                نیپال میں پیش آئے بس حادثے میں زخمی ہونے والے سات افراد کو بذریعہ طیارہ ممبئی لایا گیا ہے اور انہیں علاج کیلئے بامبے اسپتال میںشریک کیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل دوپہر اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔

***** ***** *****

                ناندیڑ کے رکنِ پارلیمان وسنت راؤ چوہان کی آخری رسومات کل ناندیڑ ضلعے کے نائیگاؤں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔ دیہی ترقیات اور ناندیڑضلع کے رابطہ وزیر گریش مہاجن نے ریاستی حکومت کی جانب سے آنجہانی چوہان کے جسدِ خاکی پر گلہائے عقیدت نچھاورکرکے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ کے افسران و ملازمین سمیت عام شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پولس دستے کی جانب سےآنجہانی چوہان کو ہوا میں تین راؤنڈ فائر کرکے آخری سلامی دی گئی۔ چوہان‘ کاپرسوں دورا نِ علاج حیدرآباد کے ایک اسپتال میں انتقال ہوا تھا۔

***** ***** *****

                مرکزی وزارت تعلیم کی طرف سے دیئے جانے والے قومی اساتذہ ایوارڈز کا کل اعلان کردیا گیا۔ اعزاز یافتگان میں ریاست کے دو اساتذہ بھی شامل ہیں۔ کولہاپورکے سَو، سَ، مَ لوہیا ہائی اسکول اور جونیئر کالج کے آرٹ ٹیچر ساگر بگاڑے اور گڈچرولی ضلع کے ایٹا پلی تعلقہ میں آدیواسی اکثریتی علاقے جاجاونڈی کے ضلع پریشد ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول کے معلم منتیّا بیڑکے کویہ ایوارڈ دئیے جائیں گے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں نئی دہلی میں آئندہ پانچ ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر یہ ایوارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

                وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تیقن دیا ہے کہ لاڈلی بہن کی طرح محفوظ بہن کی ذمہ دار ی بھی حکومت کی ہی ہے اور حکومت کسی بھی مجرم کو نہیں چھوڑے گی۔  کل تھانہ میں رُکنِ اسمبلی پرتاپ سرنائیک کے سنسکرتی یوا پرتشٹھان دہی ہنڈی کے موقع پر وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہمیشہ سے ہی گووندا کے ساتھ کھڑی ہے اور گووندا کیلئے جو کچھ بھی ممکن ہوسکتا ہے کیا جائےگا۔

                دریں اثنا‘ دہی ہنڈی کا تہوار کل ریاست بھر میںمنایا گیا۔ ممبئی شہر اور مضافات میں گووندا دستوں نے بلند و بالا انسانی مینار بنائے، جنھیں دیکھنے کیلئے شائقین کی بھیڑ اُمڈ پڑی تھی۔

                چھترپتی سمبھاجی نگر کے گلمنڈی‘ کیناٹ پیلس، ٹی وی سینٹر، گجانن مہاراج مندر چوک او ر نرالا بازار جیسے مقامات پر بھی دہی ہنڈی کی تقا ریب منعقد ہوئیں۔

***** ***** *****

                چھترپتی سمبھاجی نگر کے دیوگیری کالج کے پرنسپل اشوک تیجنکر نے کہا ہے کہ موسمِ برسات میں ہر شخص ایک پود ا لگائے اور اس کی حفاظت کرے تو زمین اورماحولیات کا توازن برقرار رہے گا۔ دیوگری کالج کے قومی خدمت اسکیم محکمہ کی جانب سے ایک پیڑ ماں کے نام مہم کے تحت کل پانچ سو پودے لگائے گئے۔

***** ***** *****

                وسنت ر ائو چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو سونونے نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے ماحولیات کا توازن بگڑ گیا ہے اور شجرکاری سے ہی ماحولیاتی توازن بہتر ہوگا۔ یونیورسٹی کے گودلیے ہوئے گھن شیت گائوں میں اَشومیدھ سماجی تنظیم کی جانب سے 51 کلو کے بیج سے 20 ہزار سیڈ بال تیار کیے گئے ہیں اور یہ سیڈ بال طلبہ و عوام کے توسط سے یہاں کے جنگلات میں ڈالے گئے۔

***** ***** *****

                بیڑ ضلعے کے مانجر سمبا بس اسٹاپ سے گذشتہ تین دِنوں سے بس نہ آنے کی وجہ سے طلبہ نے پرنسپل اور اساتذہ کو ساتھ لیکر بس اسٹاپ پر احتجاج کیا۔ بس نہ آنے کی وجہ سے طلبہ کو اسکول و کالج جانے میں دشواری ہورہی ہے اور طلبہ کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔ اس احتجاج کے فور ی بعد ایس ٹی کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ بس اسٹاپ کیلئے ایک بس فراہم کی گئی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭             بچوں کو صنفی مساوات کی تعلیم دینا اور حساس بنانا ضروری، بدلا پور کے جنسی زیادتی معاملے میں ممبئی عد الت ِ عالیہ کا مشاہدہ۔

                ٭             ناگپور کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکے وائرس ریسرچ اینڈ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کومنکی پاکس جانچ لیبارٹری کے طور پر منظوری۔

                ٭             آشا رضاکاروں اور گروپ پروموٹرز کو امداد فراہمی کے فیصلے کونافذ کرنے کیلئے سرکا ری حکمنامہ جاری۔

اور۔۔۔٭     قومی سطح کے اساتذہ ایوارڈ کا اعلان؛ ریاست کے دو معلّمین بھی ایوارڈ یافتگان میں شامل۔

***** ***** *****

No comments:

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 14 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...