Monday, 20 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 20 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/ جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دستور سازوں کیلئے بھی قابلِ فخر بھارت تعمیر کرنے کیلئے کوشاں رہنے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔
٭ سوئٹزرلینڈ کے ڈاوس میں آج سے مختلف شعبوں سے متعلق مفاہمتیں متوقع۔
٭ سرکاری میڈیکل کالج میں اعضاء کی پیوندکاری کی سہولت اندرونِ ایک برس مہیا کی جائیگی۔ طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف کا تیقن۔
٭ پہلا کھوکھو عالمی کپ بھارت کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے جیت لیا۔
اور۔۔۔٭ دسواں اجنتا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول اختتام پذیر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تلقین کی ہے کہ ایسا بھارت تعمیر کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں جس پر دستور ساز بھی فخر محسوس کریں۔ کل آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے سلسلے کے 118 ویں حصے میں وہ عوام سے بات چیت کررہے تھے۔ جمہوریہ ہند کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے‘ دستور ساز اسمبلی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر‘ ڈاکٹر راجندر پرشاد اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے بیانات وزیرِ اعظم نے سامعین کو سنوائے۔
”جب سنویدھان سبھا نے اپنا کام شروع کیا تو بابا صاحب امبیڈکر نے پرسپر سہیوگ کو لیکر ایک بہت مہتوپورن بات کہی تھی۔
"Our difficulty as I said is not about the ultimate future. Our difficulty is how to make the heterogeneous mass that we have today, take a decision in common and march in a cooperative way on that road which is bound to lead us to unity."
یہ آڈیو ڈاکٹر راجندر پرشادجی کا ہے:
ہماری زندگی اور سنسکرتی میں کچھ ایسا ہے جس نے ہمیں سمئے کے تھپیڑوں کے باوجود زندہ رہنے کی شکتی دی ہے۔ اگر ہم اپنے آدرشوں کو سامنے رکھے رہیں گے توہم سنسار کی بڑی سیوا کرپائیں گے۔“
اب میں آپ کو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی آواز سناتا ہوں۔“
آئندہ 23 جنوری کو نیتاجی سبھاش چندر بوس کے یومِ پیدائش کے حوالے سے منایا جانے والا پراکرم دِن‘ 25 جنوری کو قومی یومِ رائے دہندگان‘ ہندوستائی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کے خلاء میں دو سیاروں کو باہم جوڑنے کا کامیاب تجربہ، ہندوستانی خلائی ٹکنالوجی نجی سیٹیلائٹ لانچ کا کامیاب تجربہ، اسٹارٹ اَپ منصوبے کی کامیاب پیش رفت‘ جنگلی حیات کے تحفظ وغیرہ جیسے موضوعات پر وزیرِ اعظم نے اس پروگرام میں اظہارِ خیال کیا۔ خواتین بچت گروپوں کی قابلِ تقلید تفصیلات بھی انھوں نے سامعین کو سنائی۔ نریندر مودی نے کہا کہ اس بار کے کمبھ میلے میں اکثریت نوجوانوں کی ہے اور اس کمبھ میلے کو ڈیجیٹل ذرائع سے عالمی سطح پربھی پذیرائی مل رہی ہے۔
***** ***** *****
سوئٹزرلینڈ کے ڈاوس میں آج سے عالمی اقتصادی فورم 2025 کا آغاز ہورہا ہے۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو شرکت کریں گے اور فورم پر ملک کے ترقیاتی منصوبے کی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور وزیرِ صنعت اُدئے سامنے ڈاوس پہنچ چکے ہیں۔ اس دورے کے دوران مختلف شعبوں میں متعدد معاہدے ہونے کی اُمید ہے۔
***** ***** *****
پراویڈنٹ فنڈ سے متعلق ملازمین کی انجمن ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ اسوسی ایشن نے ممبران کی پروفائل اپڈیٹ کرنے کیلئے آن لائن طریقہئ کار کو مزید سہل بنادیا ہے۔ جن ارکان کے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر آدھار کارڈ کے ذریعے توثیق شدہ ہیں وہ ارکان اپنے پروفائل میں خود کا نام‘ تاریخِ پیدائش‘ جنس‘ قومیت‘ ولدیت‘ رجوع بہ کار ہونے کی تاریخ اور سبکدوش ہونے کی تاریخ و دیگر تفصیلات کسی بھی دستاویز کے بغیر اَپلوڈ کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کا فائدہ تین لاکھ 90 ہزار ملازمین کو ہوگا۔ یہ اطلاع روزگار و محنت کی وزارت کی جانب سے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور متصل اسپتالوں میں آرگن ٹرانسپلانٹیشن یعنی اعضاء کی پیوندکاری اور دیگر تمام ضروری سہولیات اندرونِ ایک برس مہیاکرنے کا تیقن طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف نے دیا ہے۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں سرکاری میڈیکل کالج میں انتہائی نگہداشت اسپتال کا افتتاح اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے مختلف سہولتوں کا سنگ ِ بنیاد رکھنے کیلئے منعقدہ پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس اسپتال میں مراٹھواڑہ بھر سے غریب افراد علاج کیلئے آتے ہیں جو خانگی اسپتالوں کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ اس لیے سرکاری اسپتالوں میں کڈنی ٹرانسپلانٹ‘ ہارٹ ٹرانسپلانٹ‘ لیور ٹرانسپلانٹ جیسی سہولیات فراہم کرنا میرا ایک خواب ہے اور یہ خواب پورا کرنے کیلئے ایک برس کے اندر اس طرح کی سہولتیں سرکاری میڈیکل کالجوں میں فراہم کی جائیں گی۔ ضلع کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے اعلان کیا کہ ان سہولیات کی فراہمی بحیثیت ِ رابطہ وزیر میری ذمہ داری ہے اور ان کاموں کیلئے یکمشت فنڈ دینے کا انھوں نے وعدہ کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے محقق پروفیسر راجہ رام مانے اور ڈاکٹر زوئیک شیخ کی تحقیق کو امریکی پیٹنٹ حاصل ہوگیا ہے۔ اس تحقیق کے ذریعے انسانی پیشاب کے ذریعے کاربن مرکب تیار کرکے اس کا استعمال ہائیڈروجن توانائی تیار کرنے میں مددگار ہونے کی اطلاع یونیورسٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔ اس کامیابی پر ڈاکٹر مانے اور ڈاکٹر شیخ اور ان کے معاونین کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر نے مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
پہلے کھوکھو عالمی کپ مقابلوں میں بھارتی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں غیر مفتوح رہیں۔ دہلی میں کل کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستانی خواتین نے نیپال کے خلاف 40 کے مقابلے میں 78 اور مردوں کی ٹیم نے نیپال کے خلاف ہی 36 کے مقابلے میں 54 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔ مرکزی وزیر کرین رِجیجو اور سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اس موقع پر موجود تھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ دسواں اجنتا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کل مقبول فلمی ہدایت کار فرح خان کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس اختتامی تقریب میں بہترین فلم کیلئے سورن کیلاش ایوارڈ شانتی نکیتن فلم کو دیا گیا۔ آسکر ایوارڈ یافتہ ساؤنڈ ڈیزائنر پدم شری رسول پوکٹّی‘ اسٹیٹ فلم تھیٹر اور کلچرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر دھننجے ساوڑکر اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
بیڑ تعلقے کے گھوڑکا راجوری گاؤں کے قریب کل صبح ایس ٹی بس کی ٹکر سے تین نوجوان ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین کے اہلِ خانہ کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی امداد دینے کی ہدایت ٹرانسپورٹ کے وزیر پرتاپ سرنائیک نے ایس ٹی انتظامیہ کو دی ہے۔ بس ڈرائیور کے مطابق صبح کے کہر میں دوڑ کا مقابلہ کررہے یہ نوجوان اُسے نظر نہیں آئے اس لیے یہ حادثہ ہوا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا پدم وبھوشن گووند بھائی صراف میمورئیل ایوارڈ بزرگ سماجی کارکن اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی سیکریٹری ڈاکٹر بھالچندر کانگو کو کل تفویض کیا گیا۔ شیلڈ‘ نقد رقم اور سپاسنامے پر مشتمل یہ ایوارڈ ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ڈی کے دیشمکھ کے ہاتھوں انھیں دیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج تعلقے کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل اور پربھنی میں پولس کی تحویل میں سومناتھ سوریہ ونشی کی ہلاکت کی مذمت اور انھیں انصاف دلانے کے مطالبے کیلئے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اس جلوس میں مراٹھا ریزرویشن کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل‘ سابق رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل‘ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے کے ساتھ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے کلمنوری کے ضلع پریشد میدان پر کل سرکاری خدمات اور منصوبوں کا مہامیلہ اور عمل درآمد کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا افتتاح ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ کے جج نتن سوریہ ونشی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر موجود مہمانوں کے ہاتھوں آدیواسی مستفیدین میں سرکاری منصوبوں کے فوائد تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دستور سازوں کیلئے بھی قابلِ فخر بھارت تعمیر کرنے کیلئے کام کرنے کی وزیرِ اعظم کی تلقین۔
٭ سوئٹزرلینڈ کے ڈاوس میں آج سے مختلف شعبوں سے متعلق مفاہمتیں متوقع۔
٭ سرکاری میڈیکل کالج میں اعضاء کی پیوندکاری کی سہولت اندرونِ ایک برس مہیا کی جائیگی۔ طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف کا تیقن۔
٭ پہلا کھوکھو عالمی کپ بھارت کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے جیت لیا۔
اور۔۔۔٭ دسواں اجنتا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول اختتام پذیر۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 اپریل 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 23 April-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں...