Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 21 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱؍ جنوری ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ڈھائی لاکھ روپے آمدنی والے زمرے کی خو اتین کو ہی لاڑکی بہین اسکیم کا فائدہ ملے گا - نائب وزیر اعلی اجیت پوار کی وضاحت۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں بنگلہ دیشی دراندازوں کی تلاش مہم شروع کرنے کا رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کا اعلان۔
٭ پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میلے سے ملکی معیشت کو دو لاکھ کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔
٭ ایم ٹی ڈی سی کی جانب سے گولڈن جوبلی سال کے موقعےپر سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ’’ماجھی وسندھرا ‘‘مہم میںچھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو ڈویژن میں سرِفہرست مقام ،ڈیڑھ کروڑ روپے کا انعام دیکر میونسپل انتظامیہ کا اعزاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ لاڑکی بہن یوجنا بند نہیں کی جائے گی ؛ تاہم جن خواتین کی آمدنی ڈھائی لاکھ روپئے سے کم ہے وہی خواتین اس اسکیم کا فائدہ حاصل کرسکیں گی۔ کل جالنہ میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر پوار بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت نے بہبودیِ خواتین و اطفال محکمے کو تین ہزار سات سو کروڑ روپے کا فنڈ دیا ہے، اور اس فنڈ سےمتعدد خواتین کے بینک کھاتوں میں اسکیم کے پیسے جمع کرنے کی شروعات ہوگئی ہے۔
دریں اثنا، جالنہ میں انتظامی عمارت کے ساتھ منصوبہ بندی عمارت کے کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد، پوار نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کاموں کو سہل بنانے کا مشورہ بھی دیا۔
***** ***** *****
پریسائیڈنگ افسران کی 85ویں کُل ہند کانفرنس کا کل سے بہار کے پٹنہ میں آغاز ہوا۔ دستورِ ہند کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے آئین کے استحکام اور پارلیمنٹ و ریاستی اسمبلیوں کے تعاون پر اس کانفرنس میں تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے پریسائیڈنگ افسران، مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے اسپیکر رام شندے، اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر سمیت قانون ساز اداروں کے اسپیکر اور ملک کے مختلف حصوں سے دیگر افسران وعہدیداران اس میں شریک ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
***** ***** *****
کولکاتہ کے آر جی کار اسپتال میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے معاملے میں ملزم سنجے رائے کوسِیالدہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نےمتوفی ڈاکٹر کے ورثاکو 17 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ گزشتہ برس اگست کے مہینے میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔
***** ***** *****
بدلاپور میں بچوں کے جنسی استحصال معاملے کے ملزم اکشئے شندے کے مبینہ انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ کل ممبئی ہائی کورٹ میں پیش کی گئی۔ اکشئے کی موت کیلئے صرف پانچ پولس اہلکار ذمہ دار ہونے کی وضاحت اس رپورٹ میںکی گئی ہے۔ ملزم کے ساتھ ہاتھا پائی میں مذکورہ پانچ پولس اہلکاروں کی جانب سے طاقت کے استعمال کو غلط قرار دیتے ہوئے پستول پر ملزم کے انگلیوں کے نشانات نہ ملنے اور پولس کی جانب سے اپنے دفاع میں ملزم پر گولی چلانے کا دعویٰ مشکوک ہونے کی بات بھی رپورٹ میں موجود ہے۔ 23 ستمبر 2024 کو ہوئے اس انکاؤنٹر میں اکشئے شندے مارا گیا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے ضلعے میں بنگلہ دیشی شہریوں کی تلاشی کیلئے مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ کل سلوڑمیں بی جے پی رہنماکریٹ سومیا نے سب ڈویژنل افسر لطیف پٹھان سے ملاقات کرکے ضلعے میں بنگلہ دیشی دراندازوں کی موجودگی سے متعلق بات کی تھی‘ اس بارے میں صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شرساٹ نے آئندہ دو ہفتوں میں یہ تلاشی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ شرساٹ نے مزید بتایا کہ آئندہ ایک ہفتہ یا پندرہ دِنوں میں ضلع کلکٹر‘ پولس اور د یہی پولس سپرنٹنڈنٹ کا ایک مشترکہ دستہ تشکیل کرکےگھر گھر جاکر متعلقہ تمام اطلاعات کی معلومات حاصل کی جائیں گی۔ شہر میں جعلی آدھا ر اور الیکشن کارڈ بنانے والی ٹولی کے سرگرم ہونے او ر شہر و ضلع میں بنگلہ دیشی درانداز موجود ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے شرساٹ نے ان کی دھر پکڑ کیلئے مہم شرو ع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمشنر عہدہ پر دنیش واگھمارے کا تقرر کیا گیا ہے۔ گورنر کے حکم پر اس سلسلے میں کل ایک سرکا ری اعلامیہ جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میلے سے ملک کی معیشت میں دو لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہونے کی اطلاع وزارت خارجہ نے د ی ہے۔ کل دہلی میں اُمورِ خارجہ اور اتر پردیش حکومت کے اہلکاروں نے غیر ملکی صحافیوں سے بات چیت کی۔ عیاں رہے کہ مہا کمبھ میلے میں 45 کروڑ عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے‘ ساتھ ہی 15 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ گذشتہ 13 جنوری سے شروع ہونے والا مہا کمبھ میلہ آئندہ ماہ 26 فروری تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
قومی طلبہ تنظیم (این سی سی) میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کووزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ہاتھوں کل وزارتِ دفاع اعز ازات سے نوازا گیا۔ اعزاز یافتہ طلبہ میں مہاراشٹر کا ایک طالب علم منن شرما بھی شامل ہے۔ کل نئی دہلی میں این سی سی کے یوم جمہوریہ کیمپ میں تقسیمِ ایوا رڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقعے پر راج ناتھ سنگھ نے اپنی تقریر میں تمام طلباء سے زندگی بھر اتحاد اور قومی سالمیت کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
ر یاستی سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن اپنے قیام کے 50 سال مکمل کررہا ہے۔ اس گو لڈن جوبلی سال کے موقعے پر سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں اور مہم چلائی جارہی ہیں۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے سیاحتی کارپوریشن کے دفتر کے روبرو رنگولی بناکر اور دِیے روشن کرکے ان سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔ ترقیاتی کا رپوریشن کے علاقائی مینیجر دیپک ہرنے‘ نے بتایا کہ سیاحتی کارپوریشن نے ثقافتی، تاریخی اور مذہبی مقامات کے تحفظ اور ہمہ گیر ترقی کے کام کیے ہیں۔ گولڈن جوبلی سال کی مناسبت سے کارپوریشن مختلف سرگرمیاں، خصوصی پروگرام، نمائش اور سیاحوں کیلئے خصوصی اقد امات کررہا ہے۔ اس میں مقامی افراد کی شراکت سے سیاحتی ترقی کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر بر ائے ماحولیات و بقائے مویشیان پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ ملاوٹ سے پاک دودھ وقت کی ضرورت ہے او ر اس کام میں علاقے کے محققین کا کردار اہم ہے۔ کل ناگپور میں مہاراشٹر مویشی و ماہی سائنس یونیورسٹی کے ’’ورلڈ اینیمل نیوٹر یشن کانفرنس‘ وین کان کے افتتاح کے موقع پر وہ مخاطب تھیں۔ دریں اثنا‘ انھوں نے سنتوش دیشمکھ قتل معاملے کو سیاست سے نہیں بلکہ حساسیت سے حل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی ماجھی وسندھرا مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے ڈویژن میں سرِفہرست مقام حاصل کیا ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کا رپوریشن کو ڈیڑھ کروڑ کے انعامات د یکر اعزاز سے نوازا گیا۔ صفائی سے متعلق مختلف منصوبوں او ر تحفظ ِ ماحولیات کے تئیں بیداری‘ شجرکاری‘ کچرے کو ٹھکانے لگانے‘ شہر کی خوبصورتی و تزئین کاری‘ فضائی آلودگی کی روک تھام‘ کھام ندی کے تحفظ و بحالی کے اقد امات کرنے پر میونسپل کارپوریشن کو اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے تلجابھوانی مندر کمیٹی کی زمین پر 300میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے کی تعمیر کیلئے تقریباً ایک ہزار 350 کروڑ روپئوں کی سرمایہ کاری کیلئے ملک بھر کی نامور کمپنیوں نے پیش رفت کی ہے۔ مندر کمیٹی کے ٹرسٹی و رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل اس ضمن میں منعقدہ میٹنگ میں یہ اطلاع دی۔
دریں اثنا‘ وزیرِ اعلیٰ شمسی زرعی پمپ اسکیم اور ناناجی دیشمکھ زرعی سنجیونی منصوبے کے ذریعے دھاراشیو کے جینت جگداڑے نے اپنے کھیت کی فصل میں اضافہ کیا ہے۔
***** ***** *****
مادھور ائو پاٹل شیڑگائونکر نے کہا ہے کہ اگر محنت کشوں کو انعام د ینے کے منصوبے بنائے جائیں تو ملک ترقی کرے گا۔ وہ ہنگولی ضلع کے کرشن پور کے نارائن واگھمارے کالج کے نیشنل سروس اسکیم کیمپ کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ڈھائی لاکھ روپے آمدنی والے زمرے کی خو اتین کو ہی لاڑکی بہین اسکیم کا فائدہ ملے گا - نائب وزیر اعلی اجیت پوار کی وضاحت۔
٭ چھترپتی سمبھاج نگر ضلعے میں بنگلہ دیشی دراندازوں کی تلاش مہم شروع کرنے کا رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کا اعلان۔
٭ پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میلے سے ملکی معیشت کو دو لاکھ کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔
٭ ایم ٹی ڈی سی کی جانب سے مختلف گولڈن جوبلی سال کے موقعےپر سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے سرگرمیوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ ’’ماجھی وسندھرا ‘‘مہم میںچھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو ڈویژن میں سرِفہرست مقام ،ڈیڑھ کروڑ روپے کا انعام دیکر میونسپل انتظامیہ کا اعزاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment