Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 22 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/ جنوری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کیلئے داووس میں چھ لاکھ 25ہزار کروڑ روپئے سے زائد کے مفاہمتی قراردادوں پر دستخط۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع تین کمپنیوں کی پہل پر 15 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری۔
٭ چھتیس گڑھ- اُڑیسہ سرحد پر حفاظتی دستوں کی کارروائی میں 14 نکسلائٹس ہلاک۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی خواتین کھلاڑیوں کی ملیشیاء کے خلاف صرف 17 گیندوں پر فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سوئٹزر لینڈ کے شہر داووس میں جاری عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں مہاراشٹر کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اب تک چھ لاکھ 25 ہزار 457 کروڑ روپئے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں جے ایس ڈبلیو گروپ کے ساتھ کی گئی تین لاکھ کروڑ روپئے کی مفاہمت کے تحت گڈچرولی میں 25 ملین ٹن کی صلاحیت رکھنے والا جدید ماحولیات دوست فولادمنصوبہ لگایا جائے گا‘ کلیانی صنعتی گروپ کے ساتھ دفاعی‘ فولاد‘ الیکٹرانک گاڑیوں کے شعبے میں‘ ریلائنس انفراسٹرکچر کے ساتھ دفاعی شعبے میں اور ویراج پروفائل پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ساتھ فولاد اوردھاتوں کے شعبے میں معاہدے کیے گئے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اے بی ان بیو‘ اَوَنی پاور بیٹریز اور جینسول میں تقریباً 15 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گرین موبیلٹی‘ الیکٹرک بس‘ ٹرک اور سستی الیکٹرک گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مختلف میدانوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دنیا کی سب سے بڑی شراب ساز کمپنی اے بی انبیو کے ساتھ حکومت ِ مہاراشٹر نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 250 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ اس ضمن میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ان تمام مفاہمتوں کے باعث ریاست بھر میں 92 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل عالمی اقتصادی فورم کے پروگرام کے تحت مختلف کمپنیوں کے عہدیداروں و مالکان سے ملاقات کرکے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری سے متعلق گفت و شنید کی۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئرمن پروفیسر رام شندے نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بھارت ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے شناخت حاصل کرچکا ہے۔ دستورِ ہند کے سبب مضبوط اساس کی بنیاد پر ہی یہ ممکن ہوسکا۔ پٹنہ میں 85 ویں کُل ہند پریسائیڈنگ آفیسر کانفرنس سے وہ کل خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں آزادی‘ ہم آہنگی اور بھائی چارہ‘ یہ تین نہایت اہم اقدار ہیں اور ترغیب دی کہ ہر ایک ان قدروں کے تئیں پابند رہیں۔
***** ***** *****
آئندہ 26 جنوری کو یومِ جمہوریہ کے موقع پر نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر ہونے والی پُروقار پریڈ میں ہندوستانی ثقافتی ورثے اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کا نظارہ کیا جاسکے گا۔ دفاعی تحقیقاتی و ترقیاتی ادارے DRDO کے تیار کردہ ”پرلَئے“ میزائیل کی پہلی بار کرتویہ پتھ پر نمائش کی جائیگی۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ آئین کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے دو خصوصی جھانکیاں بھی اس پریڈ میں شامل ہوں گی۔ انڈونیشیاء کے صدر پربووو سوبریانتو اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس برس کی پریڈ میں انڈونیشیاء کے 160 فوجیوں کا ایک دستہ اور 190 نفری فوجی بینڈ بھی حصہ لے گا۔
دریں اثناء‘ نئی دہلی میں یومِ جمہوریہ کی تقاریب کے سلسلے میں منعقد کیے گئے قومی اسکول بینڈ مقابلوں میں مہاراشٹر کے دو اسکول گرینڈ فِنالے کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ ان میں اسلام پور کے راجا رام باپو ملٹری اسکول اور اسپورٹس اکیڈمی اور ناسک کے بھوسلے ملٹری گرلز اسکول کے دستے شامل ہیں۔ یہ فائنل پرسوں 24 اور 25 جنوری کو ہوگا۔
***** ***** *****
تلنگانہ عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس آلوک آرادھے نے کل ممبئی عدالت ِ عالیہ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔ کل شام ممبئی میں منعقدہ ایک سادہ سی تقریب میں گورنر سی پی رادھا کرشنن نے جسٹس آرادھے کو عہدے کا حلف دلایا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آئندہ 25 جنوری کو یومِ رائے دہندگان کے موقع پر کانگریس پارٹی نے ریاست گیر تحریک چلانے کا اشارہ دیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ریاست میں 50لاکھ ووٹ کیونکر بڑھے اس کی تفصیلات دینے سے الیکشن کمیشن قاصر ہے‘ اس لیے کانگریس پارٹی اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلائے گی۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اعلان کیا کہ ریاست کے ہر ضلع و تعلقے میں احتجاج کرکے ضلع کلکٹرز اور تحصیلداروں کو محضر پیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ اور اُڑیسہ کی سرحدسے قریب پیر کی شب کی گئی مشترکہ کارروائی میں 14 نکسلائٹس ہلاک ہوگئے۔ کلہاڑی گھاٹ محفوظ جنگلاتی علاقے میں بڑی تعداد میں نکسلائٹ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھتیس گڑھ اور اُڑیسہ کی پولس اور مرکزی محفوظ پولس دستے نے یہ مشترکہ کارروائی کی۔ مہلوکین میں نکسلائٹس مرکزی کمیٹی کے رُکن جئے رام عرف چل پتی بھی شامل ہے۔ اس پر ایک کروڑ روپئے کا انعام تھا۔
اسی دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ اس کارروائی کے باعث نکسل ازم سے پاک بھارت کے قیام کی سمت حفاظتی دستوں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شاہ نے کہا کہ یہ نکسلائٹس پر ایک بہت بڑا وار ہے۔
***** ***** *****
19 برس سے کم عمر کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارتی خواتین کی ٹیم نے محض 17 گیندوں میں میزبان ملیشیاء کو شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔ ملیشیاء کے کوالالمپور میں کل ہوئے اس میچ میں بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارتی گیندبازوں کی قاتلانہ بولنگ کے سامنے ملیشیاء کی پوری ٹیم صرف 31 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی ویشنوی شرما نے اپنے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کے ساتھ صرف پانچ رن دیکر پانچ وکٹ لیے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے اوپنر جی تریشا کے 12 گیندوں میں غیر مفتوح 27 رنوں کی بدولت محض دو اوور اور پانچ گیندوں میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ ویشنوی شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں بھارت کا اگلا میچ جمعرات کو سری لنکا کے خلاف ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر میں آشرم اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کے دو روزہ علاقائی کھیلوں کا افتتاح کل علاقائی ڈپٹی ڈائریکٹر دلیپ کمار راٹھوڑ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ لاتور‘ دھاراشیو‘ ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں واقع آشرم اسکولوں کے طلبہ ان کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
ٹووہیلر سواروں کے تحفظ کیلئے انھیں ہیلمٹ پہننا لازمی ہے۔ ناگپور کی راشٹرسنت ٹکڑوجی مہاراج یونیورسٹی کے طبعیات کے پروفیسر ڈاکٹر سنجے ڈھوبلے اور ان کی شاگرد آدیتی دیشمکھ نے ٹووہیلر سواروں کیلئے فولڈنگ ہیلمٹ تیار کرلیا ہے۔ اس ہیلمٹ کو تیار کرتے وقت مضبوطی اور استعمال کے تمام تقاضوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ نئی ٹکنالوجی سے تیار کردہ اس فولڈنگ ہیلمٹ کیلئے پروفیسر ڈھوبلے اور ان کی شاگرد آدیتی دیشمکھ کو بین الاقوامی پیٹنٹ بھی حاصل ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے گروپ کے شہر پرمکھ وشوناتھ سوامی نے متعدد عہدیداروں اور شیوسینکوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ ممبئی میں منعقدہ اس پروگرام میں پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
ریاست کے امدادِ باہمی اور خانگی دودھ پروجیکٹ کو دودھ فراہم کرنے والے کسانوں کو حکومت نے فی لیٹر پانچ روپئے کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں اب تک 12 ہزار 167 کسانوں کے کھاتوں میں 15 کروڑ آٹھ لاکھ روپئے کی امدادی رقم جمع ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میں کل میونسپل کارپوریشن اور ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ کی پلاسٹک کے خلاف کارروائی میں جانچ مہم کی گئی۔ جس میں 10کلو پلاسٹک ضبط کی گئی اور انتباہ دیا گیا کہ آئندہ غیر قانونی پلاسٹک پائے جانے پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کیلئے داووس میں چھ لاکھ 25ہزار کروڑ روپئے سے زائد کے مفاہمتی قراردادوں پر دستخط۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع تین کمپنیوں کی پہل پر 15 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری۔
٭ چھتیس گڑھ- اُڑیسہ سرحد پر حفاظتی دستوں کی کارروائی میں 14 نکسلائٹس ہلاک۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارتی خواتین کھلاڑیوں کی ملیشیاء کے خلاف صرف 17 گیندوں پر فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment