Wednesday, 2 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 02 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ اپریل ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین میں بھارت کو منفرد مقام دلانے میں ریزرو بینک کا کردار اہم : صدر ِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کا بیان۔
٭ بحث و منظوری کیلئےوقف ترمیمی بل آج لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔
٭ ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں بائیک ٹیکسیوں کی اجازت دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ ، بیڑ ضلعے میں بیریج کو منظوری ۔
٭ مغربی ڈویژن میں اقتصادی و صنعتی ترقی کیلئے نئی صنعتیں لانے کا سی آئی آئی کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں غیر موسمی بارش، آئندہ پانچ دنوں تک موسم ابر آلود رہنے کی پیش گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدر ِ جمہو ریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بھارت کو ڈیجیٹل مالیاتی لین دین میں عالمی سطح پر منفرد مقام دلانے میں ریزرو بینک آف انڈیا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ صدر مُرمو‘ کل ممبئی میں ریزرو بینک آف انڈیا کی 90ویں تاسیسی تقریبات کی اختتامی تقریب سےخطاب کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ریزرو بینک نےنابارڈ، IDBI اور نیشنل ہاؤسنگ بینک جیسے ادارے قائم کرکے ملک کی معیشت کو استحکام بخشا ہے، انہوں نے معاشی استحکام کی برقراری میں آر بی آئی کے کلیدی کردار کی ستائش بھی کی۔
***** ***** *****
رہائشی مکان، شادی، تعلیم اور صحت سے متعلق اخراجات کیلئے پراویڈنٹ فنڈ کی رقم قبل از وقت نکالنے کی حد بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ یہ حد پہلے ایک لاکھ روپے تھی۔ ملک کے ساڑھے سات کروڑ ملازمین کو اس فیصلے کا فائدہ پہنچے گا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب یو پی آئی کے ذریعے پی ایف کی رقم نکالنے کیلئے ایک نیا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، اور جون کے آخر تک یو پی آئی اور اے ٹی ایم کے ذریعے پی ایف کی رقم نکالی جا سکے گی۔
***** ***** *****
وقف ترمیمی بل آج بحث اور منظوری کیلئے لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رِجیجو نے کل پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بل سے متعلق تمام سوالوں کے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر شاہنواز حسین نے وقف ترمیمی بل سے متعلق اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ملک کے کسی بھی مسلمان کو اس سے نقصان نہیں پہنچے گا۔ حسین نے کچھ لوگوں پر اس بل کے حوالے سے عوام میں غلط فہمیاں پھیلا نے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ:
BYTE: SHAH NAWAZ HUSAIN
دریں اثنا، اس بل کی پیشکشی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بی جے پی سمیت قومی جمہوری اتحاد کی تمام حلیف جماعتوں کے علاوہ کانگریس نے اپنے تمام ارکانِ پارلیمان کو ایوان میں موجود رہنے کا وہپ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں بائیک ٹیکسی خدمات شروع کرنے کا فیصلہ کل منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا۔اس فیصلے کے تحت ایک لاکھ کی آبادی والے تمام شہروں میں بائیک ٹیکسی خدمات شروع کرنے کے فیصلے کو منظوری دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں رجسٹرڈ گاڑیوں کو ڈسپوزل سینٹرز پر رضاکارانہ طور پر ٹھکانے لگانے کے حوالے سے نظرثانی شدہ ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ بھی لیا گیا۔ جبکہ پونے-اہلیانگر-چھترپتی سمبھاجی نگر قومی شاہراہ کی تکمیل کے بعد مرکزی وزار ت برائے زمینی حمل و نقل و شاہراہ کی 2008 کی ٹول پالیسی کے مطابق تمام گاڑیوں پر ٹول لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
ریاستی حکومت اور مائیکروسافٹ کے مابین کل وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میںریاست میں مصنوعی ذہانت کے مراکز کے قیام کیلئے ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس شراکت کے تحت تین مصنوعی ذہانت مراکز قائم ہونے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے تمام دیہی ساکنان سے ماحول دوست بجلی سازی کیلئے پہل کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل گنگاپور تعلقہ کے رانجن گاوں شین پونجی میں ’’ہر گھر سولر، گھر گھر اجالا‘‘ وزیر اعظم سوریہ گھر یوجنا سے متعلق رہنمائی ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ اس موقع پر گنگاپور۔خلدآباد کے رکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے کہا کہ گرام پنچایت کی معرفت گاؤں کے تمام ساکنان کو اپنے گھروں کی چھتوں پر سولر پینل لگانے کو لازمی کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ’’کلکٹر‘ تحصیل کے دروازے پر‘‘ پہل کا ‘کل سے آغاز ہوگیا۔ ورچول طریقے سے منعقدہ اس پہل کے ذریعے کل ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے سوئیگاؤں، پھلمبری اور ویجا پور تعلقہ کے چالیس سے زیادہ شہریوں کی شکایتیں سنیں اور ان میں سے سات شکایتوں کو موقعے پر ہی فیصل کیا۔
***** ***** *****
ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ یعنی WAVES کا ایک حصہ، کرئیٹ اِن انڈیا کے پہلے مرحلے میں 85 ہزار رجسٹریشن مکمل ہوئے ہیں۔ ان میں گیارہ ہزار بین الاقوامی شرکا بھی شامل ہیں۔ 32 مختلف زمروں کیلئے لیے گئے راؤنڈز میں سے 750 سے زائد امیدواروں کو فائنل راؤنڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ پولس نے آئی پی ایل کرکٹ میچوں پر سٹہ لگانے والے سات مشتبہ افراد کوکل گرفتار کرلیا۔ سبھی ملزمین‘ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ممبئی انڈینز کے میچ پر سٹہ لگاتے ہوئے پائے گئے۔ مقامی کرائم برانچ کے ایک دستے نے جالنہ-چھترپتی سمبھاجی نگر روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر یہ کارروائی انجام دی۔ مشتبہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، نقدرقم اور دیگر 53ہزار روپے مالیت کا قیمتی سامان ضبط کیا گیا۔ جالنہ پولس نے کرکٹ پر سٹہ لگانے سے متعلق اب تک تین کارروائیاں کی ہیں، جن میں 16 سٹے بازوں کے خلاف کارروائی کیے جانے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
***** ***** *****
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII) نے مغربی ڈویژن میں اقتصادی اور صنعتی ترقی کیلئے ایک پالیسی مرتب کی ہے ۔ اس کی اطلاع سی آئی آئی کے مغربی ڈویژن کے نومنتخبہ صدر رشی کیش باگلا نے دی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے اس پالیسی کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت پورے مغربی ڈویژن میں مزید صنعتیں لانے پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان بھی کیا۔
باگلا نے اندرونِ ایک سال چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ایک ہنر مندی مرکز قائم کرکے بے روزگار نوجوانوں کو ہنر اور روزگار فراہم کرنے کا یقین بھی ظاہر کیا۔
***** ***** *****
رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دھاراشیو ضلعے میں سال بھر آبپاشی سمیت کھیت اور پگڈنڈی راستوں کی تیاری اور مانسون سے قبل آبی ذخائر سے گال نکالنے کیلئے تمام محکمہ جات کو 15 اپریل سے مشن موڈ پر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں انہوں نے ان کاموں کیلئے 42 کروڑ روپے موصول ہونے کی اطلاع بھی دی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع جیل میںسنیچر کو قیدیوں کے درمیان مارپیٹ کے واقعے کے بعد آٹھولے گینگ کے تین افراد کو کل ناسک سنٹرل جیل میں منتقل کر دیا گیا۔ ان قیدیوں کے نام اکشے آٹھولے، اونکار سوئی اور منیش شر ساگر بتائے گئے ہیں۔ جبکہ گیتے گینگ کے چار ارکان کو چھترپتی سمبھاجی نگر کی ہرسول سینٹرل جیل میں منتقل کیا گیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نو نرمان سینا نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے خلد آباد میں واقع اورنگ زیب کے مقبرے کے ارد گرد سجاوٹ او ر آرائشی کام نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم این ایس کے ضلع صدر سمیت کھامبیکر کے ہمراہ ایک وفد نے کل اس سلسلے میں ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کو ایک محضر پیش کیا ‘ جس میں اسکولی طلباء کو تعلیمی سیر کے تحت اورنگ زیب کی قبر دکھانےاور اورنگ زیب کو خلدآباد میں دفن کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے متعدد علاقوں میں کل غیر موسمی بارش ہوئی۔جالنہ شہر سمیت، گھن ساونگی، تیرتھ پوری اور بدناپور تعلقہ کے دابھاڑی میں بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلع کے پیٹھن تعلقے میں بھی کل بارش ہوئی۔ اس بارش سے مکئی، گندم اور چنے کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔
دھاراشیو شہر اور اطراف کے علاقوں میں کل رات بھی غیر موسمی بارش ہوئی۔ اس بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔
دریں اثنا ریاست کے کچھ حصوں میں اگلے پانچ دنوں تک موسم ا برآلود رہنے کا اندازہ ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت برمہا پوری میں 42 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 39 اعشاریہ چار، پربھنی میں 40 اعشاریہ پانچ اور بیڑ میں 41 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** ****
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین میں بھارت کو منفرد مقام دلانے میں ریزرو بینک کا کردار اہم : صدر ِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کا بیان۔
٭ بحث و منظوری کیلئےوقف ترمیمی بل آج لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔
٭ ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں بائیک ٹیکسیوں کی اجازت دینے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ ، بیڑ ضلعے میں بیریج کو منظوری ۔
٭ مغربی ڈویژن میں اقتصادی و صنعتی ترقی کیلئے نئی صنعتیں لانے کا سی آئی آئی کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں غیر موسمی بارش، آئندہ پانچ دنوں تک موسم ابر آلود رہنے کی پیش گوئی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 07.04.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 07 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...