Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/ مئی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پہلی عالمی آڈیو ویژیول اور تفریحی سربراہ کانفرنس کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مرکزی حکومت کا ذات کی بنیاد پر مردُم شماری کا فیصلہ؛ گنے کی راست اور معقول شرح 355 روپئے فی کوئنٹل مقرر۔
٭ یومِ مہاراشٹر کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا انعقاد؛ وزیرِ اعلیٰ کے 100 روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کا اعلان بھی آج۔
٭ اَکشئے تُرتیہ کے دن ریاست میں کم عمر کی 26 شادیاں روکنے میں حکومت کو کامیابی۔
اور۔۔۔٭ پرانے کپڑوں کو دوبارہ استعمال کا چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا منفرد اقدام۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھارت کی پہلی آڈیو ویژیول اور تفریحی سربراہ کانفرنس ”Waves“ کا افتتاح آج وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہونے جارہا ہے۔ کنیکٹنگ کرئیٹرز- کنیکٹنگ کنٹریز“ یعنی ”تخلیق کاروں کو جوڑنا اور ممالک کو جوڑنا“ اس نعرے کے تحت ہونے والی اس چار روزہ کانفرنس میں بھارت کو میڈیا‘ تفریح اور ڈیجیٹل اختراعات کے عالمی مرکز کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں وزیرِ اعظم کرپٹو اسپیئر کا دورہ کرکے کرئیٹ اِن انڈیا مہم کے تحت منتخب تخلیقی فنکاروں سے ملاقات کریں گے۔ آج اس کانفرنس کے پہلے دن ”بھارت و مہاراشٹر پویلین“ اور ویوز نمائش کا افتتاح ہوگا۔ ان دونوں پویلینز کا وزیرِ اعظم معائنہ کریں گے۔ اس کانفرنس میں 90 سے زائد ممالک‘ 10ہزار مندوبین‘ ایک ہزار فنکار‘ 300 سے زائد کمپنیاں‘ اور ساڑھے تین سو سے زائد اسٹارٹ اَپس حصہ لے رہے ہیں۔ اس سربراہ کانفرنس میں 42 مرکزی سیشنز‘ 39 خصوصی سیشن اور 32 ماسٹر کلاسیز منعقد ہوں گی۔ اس کانفرنس کے ذریعے ملک کی ترقی پذیر معیشت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے میں مدد ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ کل وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے اس اجلاس کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں تفصیلات پیش کیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Ashvini Vaishnaw
ویشنو نے مزید بتایا کہ کابینہ نے اس برس کے کشید ہنگام کیلئے گنّے کی راست اور معقول قیمت یعنی FRP‘ 355 روپئے فی کوئنٹل مقرر کی ہے۔ ملک بھر کے پانچ کروڑ گنے کے کاشتکار‘ شکر کارخانے اور شکر کی صنعت سے منسلک افراد کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔
اسی دوران ذات کی بنیاد پر ہونے والی مردم شماری کے فیصلے کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے حقیقی ضرورت مند شہریوں کی ترقی کیلئے پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بھی اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ تمام سیاسی طبقات کو ان کا جائز حق دلانے میں مدد کرے گا۔
دوسری جانب ونچیت بہوجن آگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے اس فیصلے پرسخت نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ مردم شماری کب کی جائیگی۔ پرکاش امبیڈکر نے یاددہانی کروائی کہ عدالت ِ عظمیٰ میں داخل کردہ حلف نامے میں حکومت نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ذات پر مبنی مردم شماری ممکن ہی نہیں ہوسکتی۔
***** ***** *****
ہندوستانی اسکول سرٹیفکیٹ کونسل برائے امتحانات (ICSE) نے جماعت دہم اور بارہویں جماعت کے نتائج کا کل اعلان کردیا۔ دسویں جماعت میں طالبات نے 99 اعشاریہ 37 فیصد کے ساتھ لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے، جبکہ طلباء و طالبات کا مجموعی نتیجہ 98 اعشاریہ 84 فیصد رہا۔
بارہویں جماعت میں لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 99 اعشاریہ 45 فیصد رہا‘ جبکہ مجموعی کامیابی کا تناسب 98 اعشاریہ 64 فیصد رہا۔
***** ***** *****
ریاستی مشترکہ داخلہ امتحان سیل کے زیرِ اہتمام 27 اپریل 2025 کو منعقدہ MHT-CET 2025 میں پی سی ایم گروپ کے صبح کے سیشن میں انگریزی میڈیم کے ریاضی کے سوالیہ پرچے میں تکنیکی غلطیاں پائی گئی تھیں۔ اس بارے میں اعلیٰ و فنّی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل کو کئی طلبہ نے شکایت کی تھی۔ جن کا نوٹس لیتے ہوئے سیل نے اعلان کیا ہے کہ اس سیشن کے تمام امیدواروں کیلئے دوبارہ امتحان 5 مئی کو لیا جائے گا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے اعلان کیا ہے کہ اساتذہ کا ریاست گیر آئیڈال بینک تیار کیا جائے گا۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں دیوگیری انجینئرنگ کالج میں منعقدہ ”آئیڈال اساتذہ سے گفتگو“ کے پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے تلقین کی کہ اس مہم کو صرف اپنے تعلیمی ادارے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے ریاست بھر میں پہنچانے کو یقینی بنائیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج یومِ مہاراشٹر منایا جارہا ہے۔ یکم مئی 1960 کو لسانی بنیاد پر ریاست ِ مہاراشٹر کا قیام عمل میں آیا تھا۔ آج یومِ محنت بھی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یومِ مہاراشٹر کے موقع پر ریاست کے قیام کیلئے قربانی دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے صنعت‘ تعلیم‘ صحت‘ زراعت‘ فنون‘کھیل‘ ادب اور سماجی انصاف جیسے شعبوں میں مہاراشٹر کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال مہاراشٹر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یومِ مزدور کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے ریاست کی ترقی میں عوام اور محنت کش طبقے کی خدمات کو سراہا۔ مہاراشٹر دن کے موقع پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پولس کمشنریٹ کے دیوگری میدان پر صبح آٹھ بجے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں عمل میں آرہی ہے۔
لاتور میں رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے، دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک اور بیڑ میں رابطہ وزیر اِندرنیل نائیک کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئے گی۔ اس دوران وزیرِ اعلیٰ کے 100 روزہ دفتری اصلاحات کی مہم کا نتیجہ آج جاری کیاجائے گا۔
***** ***** *****
راشٹرسنت تکڑوجی مہاراج اور مہاتما بسویشور کی جینتی کل پورے مہاراشٹر میں منائی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں اس سلسلے میں مختلف پروگراموں کا انعقادکیا گیا۔ اس کے علاوہ ناندیڑ‘ دھاراشیو اور لاتو ر میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
اکشئے ترتیہ کے موقع پر ممکنہ کم عمر کی شادیوں کو روکنے کیلئے وزیرِ مملکت برائے خواتین و اطفال میگھنا ساکورے بورڈیکر نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی تناظر میں ناندیڑ ضلع کے بھوکر شہر اور مکھیڑ کے تعلقے منگنالی گاؤں میں ہونے والی دو کم عمر کی لڑکیوں کی شادیوں کو بروقت مداخلت کرکے روک دیا گیا۔ ریاست بھر میں 26 کم عمری کی شادیوں کو انتظامیہ نے روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے پرانے کپڑوں کے دوبارہ استعمال کیلئے ایک منفرد پروگرام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے استعمال نہ ہونے والے مگر اچھے کپڑوں کو عطیہ کریں۔ اس کیلئے آج سے ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایک خصوصی ”گھنٹا گاڑی“ ہر وارڈ میں گھوم کر یہ کپڑے جمع کرے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پہلی عالمی آڈیو ویژیول اور تفریحی سربراہ کانفرنس کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ مرکزی حکومت کا ذات کی بنیاد پر مردُم شماری کا فیصلہ؛ گنے کی راست اور معقول شرح 355 روپئے فی کوئنٹل مقرر۔
٭ یومِ مہاراشٹر کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا انعقاد؛ وزیرِ اعلیٰ کے 100 روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کا اعلان بھی آج۔
٭ اَکشئے تُرتیہ کے دن ریاست میں کم عمر کی 26 شادیاں روکنے میں حکومت کو کامیابی۔
اور۔۔۔٭ پرانے کپڑوں کو دوبارہ استعمال کا چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کا منفرد اقدام۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment