Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 09 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹؍ مئی ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت کے کئی شہروں پر پاکستان کے حملوں کو حفاظتی دستوں نے ناکام بنایا؛ بھارت کی جانب سے لاہور سمیت پاکستان کے بعض مقامات پرحفاظتی رَڈار اور نظام تباہ۔
٭ کُل جماعتی سربراہان کے اجلاس میں آپریشن سندور کی متفقہ طور پر حمایت؛بھارتی فوج کی شجاعت و بہادری کا خیر مقدم۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاریخ قومی تعلیمی نصاب میں شامل کی جائے گی۔
٭ صفائی ملازمین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار و مستحکم کرنے کیلئے حکومت عہد بند۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا مقا بلوں میں 55 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر پہلے مقام پر برقرار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پاکستان کی جانب سے ڈرونز اور میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے بھارت کے کئی شہروں پر کیے گئے حملوں کو حفاظتی دستوں نے ناکام بنا دیا ہے۔ کل نئی دہلی میں خارجہ سکریٹری وکرم مستری اور کرنل صوفیہ قریشی نے ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ 7او ر 8 مئی کی درمیانی شب، پاکستان نے بھارت کی شمالی اور مغربی سرحدوں پر واقع فوجی اڈوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ان حملوں کو انٹیگریٹڈ کاؤنٹر یو اے ایس گِریڈ اور فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔ کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ ان حملوںمیں استعمال شدہ میزائلوں کے ملبے کئی مقامات سے مل رہے ہیں جو پاکستانی حملوں کے ثبوت ہیں۔ کرنل صوفیہ قریشی نے کہا...
Byte: Col Sofiya Quraishi
دریں اثنا‘وزارت دفاع نےبتایا ہے کہ گذشتہ شب جموں و کشمیر پر پاکستان کے میزائل اور ڈرون حملوں کو بھی بھارت نے ناکام بنایا ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکستان کی طرف سے پنجاب، راجستھان اور گجرات کے سرحدی شہروں پر حملے کی کوشش کی گئی۔
بھارت کی مسلح افواج نے لاہور سمیت پاکستان کے بعض مقامات پر فضائی دفاعی رَڈار اور نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ سرحدی حفاظتی دستوں نے بتایا کہ پنجاب کے فیروز پور میں دراندازی کرنے والے ایک پاکستانی شہری کو بھی مار گرایا گیا ہے۔ ساتھ ہی حفاظتی دستوں نے جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں دراندازی کی ایک کوشش کو بھی ناکام بنا دیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، پاکستان کے حملوں کے پیشِ نظر راجستھان، پنجاب، جموں و کشمیر، چندی گڑھ اور ہماچل پردیش سمیت کچھ ریاستوں میں فضائی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تاہم‘ وزارتِ شہری ہوا بازی نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں کو بند کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
***** ***** *****
آپریشن سندور کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردوں کے اڈوں کو تباہ کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پربھارتی فوج کی ستائش کرتے ہوئے فوج کی حمایت کی ہے۔ گزشتہ روز نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک کُل جماعتی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔ اس میٹنگ کے بعد پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتا یا کہ:
Byte: Kiren Rijiju
اجلاس میں موجود رہنماؤں نے یقین دلایا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ ان حا لات میں ہم سب حکومت کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Mallikarjun Kharge
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پاکستانی پروگراموں کی نشریات پر حکومت نےپابندی عائد کر دی ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا۔
دریں اثنا،پہلگام میں دہشت گردانہ حملے سے متعلق مزید معلومات، تصاویر یا ویڈیوز کی اطلاع موبائل نمبر96 54 95 88 96 یا لینڈ لائن نمبر 011 - 24 36 88 00پر این آئی اے کو دینے کی اپیل شہریوں سے کی گئی ہے۔
***** ***** *****
کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور بیجوں کی نئی اقسام سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے آئندہ 29 مئی سے 12 جون کے درمیان ملک گیر سطح پر ’’ترقی یافتہ زرعی تصورات‘‘ مہم چلائی جائے گی۔ مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کل نئی دہلی میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر کے 700 اضلاع میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ کاشتکاروں تک پہنچنے کا ہدف ہے۔
***** ***** *****
سولہویں مالیاتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑھیا نے بتایا ہے کہ مہاراشٹر کی اقتصادی حالت بہتر ہے اور ریاست کا مالیاتی خسارہ بھی کم ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کی ترقی کیلئے پچاس ہزار کروڑ روپے کی خصوصی رقم مختص کرنے کی درخواست کیے جانے کی اطلاع بھی پنگڑھیا نے دی۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسےنے قومی تعلیمی نصاب میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاریخ کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے ہمراہ ایک اجلاس کے بعد انھوں نے یہ جانکاری دی۔ بھوسے نے بتایا کہ قومی سطح پر مراٹھی زبان کو بھی تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ پردھان سے کیا گیا ہے، اور انہوں نے اس مطالبہ پر مناسب اقد امات کرنے کا یقین دلایا ہے۔
***** ***** *****
آنگن واڑی خدمتگاروں اور مددگاروں کیلئے ڈاکٹر آنندی بائی جوشی طبّی جانچ کیمپ منعقد کیے جا تے ہیں اور رواں سال سے ان ملازمین کے اہلِ خانہ کو مفت طبّی جانچ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ بہبودیِ خواتین و اطفال کی وزیر آدیتی تٹکرے نے یہ اطلاع دی۔ وہ گزشتہ روز ناسک میں ایک جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف وِریندر کمار نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ‘صفائی ملازمین کو وقار کے ساتھ سماجی اور معاشی طور پر مستحکم و بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزارتِ سماجی انصاف کے تحت منعقدہ ایک پروگرام سے مخاطب تھے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے آئندہ تین سالوں میں ملک کے سبھی چار ہزار آٹھ سو سے زیادہ شہری خود مختار اداروں میں نیشنل ایکشن فار میکانائزڈ سینیٹیشن ایکو سسٹم اسکیم کو لاگو کیا جائے گا۔ اس تقریب میں ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹھ بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
بہار میں جاری کھیلو انڈیا کھیل مقابلوں میں مہاراشٹر 55 تمغوں کے ساتھ پہلے مقام پر برقرارہے۔ ان میں 21 طلائی اور 18 نقرئی تمغے شامل ہیں۔ راجستھان دوسرے ‘ جبکہ کرناٹک تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ریاست کے تیراکوں نے اب تک چھ طلائی تمغے اپنے نام کیے ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے آج بیڑ ضلعے کے دورے پر آ رہے ہیں۔ وہ صبح سو ا گیارہ بجے چھترپتی سمبھاجی نگر طیران گاہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر بیڑجائیں گے اور تارکیشور گڑھ کے بانی نارائن مہاراج کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں شندے دوپہر ایک بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پونے کیلئے روانہ ہوں گے۔
***** ***** *****
رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے تلجا پور کے مذہبی مقام کی ترقی کیلئے ایک منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کابینہ نے تلجا پور شہر اور اس کے آس پاس کے علاقے کی ترقی کیلئےایک ہزار 866 کروڑ روپے کے ایک ترقیاتی منصوبے کو منظوری دی ہے۔ انھوں نے آئندہ تین سالوں میں اس ترقیاتی منصوبے کو مکمل کرنے کیلئےمنظم منصوبہ بندی کرنے کی ترغیب بھی دی۔
***** ***** *****
ممبئی سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں کل غیر موسمی بارش ہوئی۔ اس بارش سے رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں آم کی فصل کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی ہے۔ اکولا ضلع کے پنج علاقے میں طوفانی ہوائوں اور بارش سے کیلے کی فصلیں متاثر ہوئیں‘ جبکہ ناسک ضلعے میں غیر موسمی بارش سے انار اور پیاز کی فصلوں کے ساتھ ساتھ مرغ پروری مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت کے کئی شہروں پر پاکستان کے حملوں کو حفاظتی دستوں نے ناکام بنایا؛ بھارت کی جانب سے لاہور سمیت پاکستان کے بعض مقامات پرحفاظتی رَڈار اور نظام تباہ۔
٭ کُل جماعتی سربراہان کے اجلاس میں آپریشن سندور کی متفقہ طور پر حمایت؛بھارتی فوج کی شجاعت و بہادری کا خیر مقدم۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاریخ قومی تعلیمی نصاب میں شامل کی جائے گی۔
٭ صفائی ملازمین کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار و مستحکم کرنے کیلئے حکومت عہد بند۔
اور۔۔۔٭ کھیلو انڈیا مقا بلوں میں 55 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر پہلے مقام پر برقرار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment