Tuesday, 20 May 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 مئی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 20 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۰؍ مئی ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ زرعی قرض کیلئے CIBIL کی شرط کے بغیر قرض فراہم کرنے کی وزیراعلیٰ کی بینکوں کو ہدایت۔
٭ خریف ہنگام میں کاشتکاروںکی ہر ممکن مدد کرنے کا وزیرِ زراعت کا تیقن، ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے 27 ہزار ہیکٹر کی فصلوں کا نقصان۔
٭ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بیجوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے 29 مئی سے ملک گیر زرعی عزم مہم کا آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ میں مختلف مقامات پر پیش آئے حادثات میں 12 افراد کی موت ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں غیر موسمی بارش کا زور، آئندہ دو دنوں تک بارش جاری رہنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کسانوں کو زرعی قرضہ جات فر اہم کرنے کیلئے CIBIL کی شرط نہ لگانے کی ہد ایت بینکوں کو دی ہے۔ وہ ممبئی میں ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کے 167ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعےپر مالیاتی سال 2025-26 کیلئے ریاست کے 44لاکھ 76ہزار 804 کروڑ روپے کے کریڈٹ خاکے کو بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے قومی بینکوں کو زراعتی قرض فراہمی کو بڑھانے اور اس سال مقررہ ہدف کو پورا کرنے کیلئے خصوصی اقد امات کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے موسمِ باراں میں امسال بہتر بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے، اس کے پیشِ نظر حکومت کی جانب سے کسانوں کو خریف ہنگام کی فصلوںکیلئے درکار ضروری مدد فراہم کرنے کا تیقن ریاستی وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے دیا ہے۔ کوکاٹے گزشتہ روز ناسک ضلعے کے قبل از خریف ہنگام جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں کھاد فروشوں کی جانب سے کسانوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی دھوکے بازی کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے قومی بینکوں سے اپیل کی کہ وہ خریف کی فصلوں کیلئے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ قرضہ جات فراہم کریں۔
اسی دوران‘ کوکاٹے نے ریاست میں غیر موسمی بارشوں کی وجہ سے مجموعی طو ر پر 27ہزار ہیکٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو جلد از جلد نقصانات کے پنچنامے کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہد ایات دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے زرعی کھاد کی لنکنگ سے متعلق قانون وضع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز بیڑ میں قبل از خریف ہنگام جائزاتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے بیڑ ضلعے میں گیلے یا سوکھے قحط کی صورتحال بدلنے کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
اسی دور ان‘ پوار نے شریکشیتر پرلی ویجناتھ جیوترلنگ مذہبی مقا م کے ترقیاتی منصوبے کے تحت جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ان کاموں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے اور فنڈز کی کمی نہیں ہونے دینے کا وعدہ کیا‘ ساتھ ہی ترقیاتی منصوبے کے کاموں میں معیار کو برقرار رکھنے کی ہدا یت بھی کی۔ اس ترقیاتی منصوبےکیلئے 268 کروڑ68لاکھ روپئے کے صرفے سے 92ترقیاتی کاموں کو منظوری د ینے کی اطلاع ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے دی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ پوار نے پرلی برقی تو انائی مرکز کے تحت جاری کام، سوامی رامانند تیرتھ دیہی سرکاری طبّی کالج اور اسپتال میں ضروری سہولیات اور اہلیا نگر - بیڑ - پرلی ریلوے لائن کے کاموں سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر ِزراعت شیوراج سنگھ چوہان نےکسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بیجوں کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے 29 مئی سے ملک گیر سطح کی ’’ترقی یافتہ زرعی عزم مہم‘‘ شروع کرنے کا اعلا ن کیا ہے۔ وہ‘ کل نئی دہلی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد ڈیڑھ کروڑ کسانوں تک زرعی معلومات پہنچانا ہے اور یہ مہم ملک کے 723 اضلاع میں چلائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی سائنسدانوں کی ایک ماہر ٹیم تقریباً 65 ہزار دیہات میں جاکر کسانوں کو عملی طور پر تربیت دے گی اور زرعی معلومات فراہم کرے گی۔انھوں نے کہا:
Byte: Shivraj Singh Chavhan
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رہنما چھگن بھجبل کو ریاستی مجلس ِ وزرا میں شامل کیا جائے گا۔ ان کی حلف برداری کی تقریب آج صبح ہونے کی اطلاع خبر رساں ایجنسی نے دی ہے۔ بھجبل کو خوراک و رسد محکمہ کی ذِمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ نے تعلیمی سال 2025-26 میںگیارہویں جماعت کے آن لائن داخلے کے عمل کا اعلان کردیا ہے۔ اس سے طلباء کو آن لائن فارم پُر کرنے اور خواہش کے مطابق کالج کی ترجیحات رجسٹر کرنے کا موقع ملے گا۔آج رات 12 بجے تک اس عملی مشق کے فارمس دستیاب ہوں گے۔ جبکہ داخلے کیلئے درخواست 21 مئی تا 28 مئی کے درمیان کی جاسکے گی۔
***** ***** *****
آپریشن سندور میں حاصل ہوئی کامیابی کے سلسلے میں ریاست کے مختلف حصوں میں ترنگا یاترائوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ناندیڑ شہر میں آئی ٹی آئی روڈ پر شدید بارش میں ترنگا پرچم ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں ضلعے کے رابطہ وزیر اتل ساوے، رکنِ پا رلیمان اشوک چوہان، رکنِ پارلیمان ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے کے علاوہ سابق فوجی، این سی سی کے طلباء اور شہریان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سیاحتی شعبے کے تاجر جسونت سنگھ نے آپریشن سندور سے متعلق بات کرتے ہوئے اس جنگ میں پاکستان کا ساتھ د ینے والے ترکی اور آذربائیجان کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر اور ناندیڑ ضلع کے رابطہ وزیر اتل ساوے نے کل دیگلور تعلقے کے تملور میں ملک کیلئے جان د ینے والے سچن ونجے کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ اس موقعے پر ساوے نے ونجے کے ورثا ‘ کو حکومت کی جانب سے مناسب مدد کرنے اور گھرکل اسکیم سے پختہ مکان فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا چیک ونجے کے اہل خانہ کے سپرد کیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر پیش آئے حادثات میں بارہ افراد کی موت ہو گئی۔ لاتور-ناندیڑ شاہراہ پر چاکور تعلقے کے گھرنی گاؤں کے قریب دو ‘دو پہیہ گاڑیوں کے تصادم میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ کل دوپہر پیش آئے اس حادثے کے مہلوکین میں گھرنی کے وٹھل شندے، یشودا شندے اور لالہ صاحب پوار شامل ہیں۔
اسی طرح چاکور تعلقے کے آشٹاموڈ ٹول ناکہ کے قریب دیگر ایک حادثے میں کار اور دوپہیہ گاڑی کے تصادم میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ جبکہ لاتور ۔بارشی شاہراہ پر آٹورکشہ اور ٹریکٹر کے درمیان ہوئے حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ پولس نے متعلقہ ٹریکٹر کو تحویل میں لے لیا ہے،جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور کے فرار ہوجانے کی اطلاع متعلقہ خبر میں دی گئی ہے۔
دھولیہ-شولاپور شاہراہ پر واقع جالنہ ضلعے کے سوندل گائوں شیوار میں پیدل جانے والی ماں اور بیٹی کی کار کی زد میں آکر موت ہوگئی۔ یہ حادثہ کل صبح پیش آیا۔ روہنی چوہان اور نُورَوی چوہان اس حادثے میں فوت ہوئے ہیں۔ پولس نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک کار ڈرائیور امردیپ چوہان بیڑ جارہا تھا‘ اسی اثنا‘ وہ اپنی کار پر سے تو ازن کھو بیٹھا ‘ جس کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔
ہنگولی ضلعے کے آکھاڑا باڑاپور میں ہائیوا کے موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر دینے کے باعث دو سگے بھائیوں کی موت ہو گئی۔ ساتھ ہی چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ناچن ویل میں ایک پِک اپ کی ٹکر سےوٹھل گھلے نامی نوجوان کی موت ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر سمیت ضلعے کے بیشتر علاقوں میں کل بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ بھوکردن تعلقے کے پمپل گاؤں رینوکائی میں بجلی گرنے سے کھیت میں کام کرنے والے دو افراد کی موت ہو گئی۔ ضلع میں گزشتہ دو دنوں میں بجلی گرنے سے چار لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلعے کے متعدد مقامات پر بھی کل غیر موسمی بارش ہوئی۔ ویجا پور تعلقہ کے لونی خورد علاقے نائیگوہان میں زوردار ہوائوں کے سبب لیموں کا درخت گرنے سے ایک گائے کی موت ہو گئی۔ ضلعے کے پیٹھن، خلد آباد اور ویجا پور تعلقہ جات میں موسلادھار بارش ہوئی۔ گنگاپور تعلقے میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں آندھیوں ا ور بجلی کی گھن گرج کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر پروین دریکر نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دفتر میں سیلف ری ڈیولپمنٹ لون اسکیم کے سلسلے میں ایک جائزاتی اجلاس لیا۔ اس اسکیم کے ذریعے پرانی ہاؤسنگ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے اراکین کی بحالی کیلئے معمولی شرح سود پر قرض فراہم کیے جا رہے ہیں۔ دریکر نے میڈیا کو بتایا کہ اس اسکیم سے ار اکین کو اپنی ہائوسنگ سوسائٹیوں کو خود دوبارہ بحال کرنا ممکن ہوجائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ زرعی قرض کیلئے CIBIL کی شرط کے بغیر قرض فراہم کرنے کی وزیراعلیٰ کی بینکوں کو ہدایت۔
٭ خریف ہنگام میں کاشتکاروںکی ہر ممکن مدد کرنے کا وزیرِ زراعت کا تیقن، ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے 27 ہزار ہیکٹر کی فصلوں کا نقصان۔
٭ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بیجوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے 29 مئی سے ملک گیر زرعی عزم مہم کا آغاز۔
٭ مراٹھواڑہ میں مختلف مقامات پر پیش آئے حادثات میں 12 افراد کی موت ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں غیر موسمی بارش کا زور، آئندہ دو دنوں تک بارش جاری رہنے کی محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments: