Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 22 May-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/ مئی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 18 ریاستوں کے 103 امرت بھارت ریلوے اسٹیشنوں کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ ریاست کے 15 اسٹیشن بھی شامل۔
٭ خریف ہنگام میں دو کروڑ چار لاکھ ٹن زرعی پیداوار کا ہدف مقرر کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا عندیہ۔
٭ کسانوں کو 200 روپئے فیس کے عوض زمین کی تقسیم کی پیمائش اور نقشے فراہم کرنے کا حکومت کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ڈرینج کی صفائی کیلئے روبوٹک نظام فعال۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات کی جانب سے مانسون کے قبل از وقت آغاز کے امکان کا اظہار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج بیکانیر سے 18 ریاستوں کے 103 امرت بھارت ریلوے اسٹیشنز کا افتتاح کریں گے۔ ان ریلوے اسٹیشنوں پر جدید انتظار گاہ‘ بیت الخلاء اور پناہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی دیگر سہولیات ان اسٹیشنز پر موجود ہیں۔ ان میں ریاست کے آم گاؤں‘ چاندا فورٹ‘ چنچ پوکھلی‘ دیولالی‘ دھولیہ، کیڑ گاؤں‘ لاسل گاؤں‘ لونند جنکشن، ماٹنگا، مرتضیٰ پور، اتواری، پریل، ساؤدا، شاہاڑ اور وڈالہ روڈ اسٹیشن بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست نے اس برس خریف ہنگام میں دو کروڑ چار لاکھ ٹن زرعی پیداوار کا ہدف رکھا ہے۔ کل ممبئی میں خریف ہنگام کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد وہ اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ محکمہئ موسمیات نے اس برس اوسط سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے‘ اس لیے وزیرِ اعلیٰ نے موسمِ خریف میں زیادہ پیداوار ہونے کی اُمید ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں تخم اور کھادوں کا وافر ذخیرہ موجود ہے‘ اور کسانوں کو کسی بھی قسم کی قلّت محسوس نہیں ہونے دی جائیگی۔ نقلی بیجوں کی روک تھام کیلئے ریاستی حکومت نے پہلی بار ”ساتھی“ پورٹل پر تخم کا اندراج لازمی قرار دیا ہے۔ جس سے بیج کس جگہ تیار کیا گیا اس کا پتہ چل سکے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ آفاتِ سماوی کے سبب کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں۔ اس لیے اب محکمہئ موسمیات کی مدد سے آفاتِ سماوی کی قبل از وقت اطلاع کسانوں کو دئیے جانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ نے کل مانسون کی آمد سے قبل تیاریوں کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موسمِ باراں کے دوران جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے کام کریں۔ اس کے علاوہ ہنگامی حالات میں تمام انتظامی افسران‘ ذمہ داری سمجھ کر ہیڈکوارٹر سے رابطے میں رہتے ہوئے 24 گھنٹے کام کریں اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردّ عمل دیں۔
***** ***** *****
کسانوں کو صرف 200 روپئے پیمائش فیس ادا کرکے زمین کی تقسیم کی پیمائش اور نقشے فراہم کرنے کا فیصلہ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کیا ہے۔ محکمہئ محصول کے جمع بندی کمشنر اور زمین ایکوائر کرنے کے ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کی وجہ سے ریاست بھر کے لاکھوں کسان خاندان قانونی طریقے سے زمین کی تقسیم کے عمل بہ آسانی مکمل کرسکیں گے۔
***** ***** *****
بزرگ ماہرِ فلکیات ڈاکٹر جینت نارڑیکر کی آخری رسومات کل پونا کے ویکنٹھ شمشان بھومی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ کل صبح ان کے جسد ِ خاکی کو ”آیوکا“ میں آخری دیدار کیلئے رکھا گیا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ سینئر سائنسداں رگھوناتھ ماشیلکر سمیت دیگر اہم شخصیات نے ان کا آخری دیدار کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے چند آئی اے ایس افسران کے تبادلے کردئیے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے‘ خدمات سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ ان کی جگہ دھولیہ کے ضلع کلکٹر جتندر پاپڑکر کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سڈکو کی ایڈمنسٹریٹیو افسر بھاگیہ شری ویسپوتے کو دھولیہ کا ضلع کلکٹر نامزد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کل دہشت گردی مخالف دِن کے طور پر منائی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے راجیو گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی اور تشدد مخالف دن کے سلسلے میں حاضرین کو حلف دلایا گیا۔ اسی دوران شہر میں کل ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے ترنگا یاترا نکال کر راجیو گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
آپریشن سندور کی حمایت میں کل ناندیڑ میں خواتین نے تیز بارش کے دوران سندور یاترا نکالی۔ بی جے پی کی خواتین شاخ کی ریاستی صدر چترا واگھ اور رکنِ اسمبلی شری جیا چوہان کی قیادت میں نکالی گئی اس یاترا میں خواتین کو قوم پرستی اور قومی اتحاد کا پیغام دیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ڈرینج کی صفائی کو مزید مؤثر اور محفوظ بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے روبوٹک نظام کو فعال کردیا ہے۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت کی رہنمائی میں یہ جدید اور اہم مہم شروع کی گئی۔ اس جدید روبوٹک مشین کی مدد سے ڈرینج کی صفائی کا کام اب مزید تیزی سے اور مؤثر طور پر ممکن ہوسکے گا۔ اب صفائی ملازمین کو نالے میں اُترنے کی ضرورت نہیں پڑے گی‘ اس طرح ان کی حفاظت کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ کے سو روزہ پروگرام کے تحت دھاراشیو ضلع کے عمرگہ پولس اسٹیشن نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ اس تھانے کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور وہاں مخصوص انداز میں شجر کاری بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں پولس اسٹیشن کے انتظامی اُمور میں بھی بہتری آئی ہے۔ عمرگہ اور تعلقے کے بیشتر شہریوں نے اس پولس اسٹیشن کے طرزِ کار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر کے سبکدوش ملازم اور سابق فوجی نامدیو بورڈے کل چل بسے۔ وہ 85 برس کے تھے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں کل مسلسل چوتھے دِن غیر موسمی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اس بارش کے باعث رینا ندی بہہ نکلی ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ ضلع میں فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ کسان اس غیر موسمی بارش کی آفت سے باہر نکالنے کیلئے انھیں معاوضہ ادا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں۔
دھاراشیو ضلع کے تمام تعلقوں میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے ہدایت کی ہے کہ اس بارش سے ہونے والے نقصانات کے پنچنامے کرکے رپورٹ حکومت کو روانہ کی جائے۔
***** ***** *****
اس برس مانسون کی قبل از وقت آمد کی پیش گوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔ عموماً کیرالہ میں یکم جون کو مانسون پہنچتا ہے۔ تاہم اس برس مانسون کے پانچ روز قبل ہی پہنچنے کیلئے حالات سازگار ہیں۔ یہ اطلاع محکمہئ موسمیات کے سائنسداں نریش کمار نے آکاشوانی سے بات چیت کرتے ہوئے دی۔
دریں اثناء‘ مہاراشٹر‘ کیرالہ، گوا اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں زوردار بارش جاری ہے اور آئندہ پانچ تا چھ دِنوں تک اسی طرح کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ریلوے اسٹیشن کا نام دھاراشیو ریلوے اسٹیشن کرنے کو مرکزی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے ریلوے کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کرکے ریلوے اسٹیشن کا نام فی الفور تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ 18 ریاستوں کے 103 امرت بھارت ریلوے اسٹیشنوں کا آج وزیرِ اعظم کے ہاتھوں افتتاح؛ ریاست کے 15 اسٹیشن بھی شامل۔
٭ خریف ہنگام میں دو کروڑ چار لاکھ ٹن زرعی پیداوار کا ہدف مقرر کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا عندیہ۔
٭ کسانوں کو 200 روپئے فیس کے عوض زمین کی تقسیم کی پیمائش اور نقشے فراہم کرنے کا حکومت کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ڈرینج کی صفائی کیلئے روبوٹک نظام فعال۔
اور۔۔۔٭ محکمہئ موسمیات کی جانب سے مانسون کے قبل از وقت آغاز کے امکان کا اظہار۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment