Wednesday, 2 September 2020

 Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.09.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 September-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ ستمبر  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ 10 دِن تک چلے گنیش اُتسو کا کل ہوا اختتام؛ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے جگہ جگہ ضروری جسمانی دوری برقرار رکھتے ہوئے ہوا وِسرجن۔
٭ وِسرجن کے دوران ڈوبنے سے ریاست میں ہوئی 7 لوگوں کی موت۔
٭ سابق صدرِ جمہوریہ پرنب مکھرجی کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ہوئی آخری رسومات ادا۔
٭ انجینئرنگ کے انٹرنس امتحان JEE کا آغاز۔
اور
٭ اورنگ آباد کے سابق رکنِ پارلیمنٹ رام کرشن بابا پاٹل چل بسے۔ آج سہ پہر چار بجے ویجا پور کے دہے گائو ںمیں ادا کی جائیں گی آخری رسومات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
دس دِنوں تک چلے گنیش اُتسو کا کل اختتام ہوا۔ کورونا وائرس کے پسِ منظر میں جلوس نہ نکالتے ہوئے گنیش کی مورتیوں کا وِسرجن کیا گیا۔ لوگوں کی بھیڑ کو ٹالنے کیلئے مقامی انتظامیہ نے جگہ جگہ وِسرجن کے انتظامات کیے تھے۔ اس دوران کئی حادثات بھی رونما ہوئے اور ریاست بھر میں سات لوگوں کی وِسرجن کے دوران پانی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔
ریاستی راجدھانی ممبئی میں وِسرجن کے انتظامات کے تحت 35 ہزار سے زیادہ پولس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ پونے میں بھی جلوس نکالے بغیر گنیش مورتیوں کو وِسرجت کیا گیا۔ اس دوران پونے میں 128 سالو ںمیں پہلی مرتبہ بناء جلوس نکالے وِسرجن کیا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں بھی اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں 22 مقامات پر گنیش مورتیاں جمع کرنے کیلئے مورتی سنکلن کیندر بنائے گئے تھے۔ جبکہ گیارہ مقامات پر سیدھے وِسرجن کا انتظام کیا گیا تھا۔ شہرکے سنستھان گنپتی مندر کے سامنے بٹھائی گئی گنیش مورتیوں کو مندر کے سامنے بنائے گئے مصنوعی تالاب میں وِسرجت کیا گیا۔ اورنگ آبادکے دیہی علاقوں میں بھی وِسرجن کیلئے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا تھا جو مورتیاں جمع کررہی تھیں۔
جالنہ میں بھی نگر پالیکا نے سبھی مورتیاں جمع کرکے انہیں موتی تالاب میں وِسرجت کیا۔ اس کے علاوہ پربھنی‘ ناندیڑ اور بیڑ میں بھی نہایت سادگی سے وِسرجن کیا گیا۔ اس دوران کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ضروری جسمانی دوری برقرار رکھنے پر خاص توجہ دی گئی۔ ہنگولی میں بھی ڈھول تاشوں کے جلوس کے بغیر ہی وِسرجن کیا گیا۔
اس بیچ وِسرجن کے دوران پیش آئے حادثوں میں ریاست بھر میں سات لوگوں کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ ناسک ضلعے میں تین مقامات پر وِسرجن کے دوران پانچ لوگ ڈوب گئے۔ ان میں دو لوگوںکی موت ہوگئی جبکہ دو افراد کو بچا لیا گیا۔ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب نفاڈ تعلقے کے پمپل گائوںکے بسونت گرام پنچایت کے ملازم کی بھی ندی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ وہیں جالنہ شہر کے قادرآباد جھینڈا علاقے کے دو لوگوںکی بھی وِسرجن کے دوران پانی میں ڈوبنے سے جان چلی گئی۔
***** ***** *****
سابق صدرِ جمہوریہ اور بھارت رَتن پرنب مکھرجی کی کل نئی دلّی کے لودھی روڈ گھاٹ پر آخری رسومات ادا کی گئیں۔ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ منعقدہ اس تقریب میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے سبھی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس دوران مسلح افواج کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سے پہلے کل صبح صدرِ جمہوریہ جناب رام ناتھ کووِند‘ نائب صدرِ جمہوریہ وینکیا نائیڈو‘ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور دیگر رہنمائوں نے پرنب مکھرجی کی رہائش گاہ جاکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ برّی فوج‘ فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے بھی مکھرجی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پرنب مکھرجی کا 10  اگست کو دماغ کا آپریشن کیا گیا تھا، جسکے بعد سے وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ 84 سالہ مکھرجی نے پرسوں شام دلّی کے ملٹری اسپتال میں آخری سانس لی۔
***** ***** *****
انجینئرنگ کورسیز میں داخلوں کیلئے لیے جانے والے انٹرنس امتحان JEE کی کل سے شروعات ہوئی۔ اس امتحان کیلئے ملک بھر میں 660  امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جہاں 9 لاکھ 58ہزار طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ سبھی امتحانی مراکز کو کووِڈ 19- کے پھیلائو سے بچنے کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس دوران ممبئی ہائیکورٹ کی ناگپور بینچ نے JEE امتحان ملتوی کرنے سے انکارکردیا ہے۔ تاہم عدالت نے یہ بھی کہا ہیکہ ریاست میں خصوصاً ودربھ کے سیلاب زدہ علاقوں سے اگر کوئی امیدوار امتحانی مرکز پر نہ پہنچ پائے یا دیر سے پہنچے تو وہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی‘ NTA سے اپنے لیے دوبارہ امتحان کا انعقاد کرنے کا مطالبہ کرسکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایجنسی اس طرح کی درخواستوں کی صداقت کی جانچ کرے اور پندرہ دِنوں میں امتحان لینے سے متعلق فیصلہ کرے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ریاست میں مسافر برداری کی شروعات کے بعد سینٹرل ریلوے نے بھی آج سے ریاست میں سفر کیلئے ٹکٹ بکنگ شروع کی ہے۔ اس بارے میں سینٹرل ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ریزرویشن کے ذریعے ہی ریاست میں سفر کیا جاسکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ فی الحال ملک میں چل رہی لمبی مسافت کی 200 ٹرینو ںمیں بھی ریزرویشن کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے ریاست کے سبھی خانگی اسپتالوں اور چیئریٹی کمشنر دفتر میں اندراج شدہ اسپتالوں کے 80% فیصد بیڈز کو کورونا مریضوں کیلئے مختص رکھنے کے اپنے فیصلے میں تین مہینوں کی توسیع کردی ہے۔ محکمۂ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پردیپ وِیاس نے اس بارے میں ترمیم شدہ حکمنامہ جاری کیا۔ اِن ہدایتوں پر عمل کرنا سبھی اسپتالوں پر لازمی ہوگا۔ اسکے علاوہ حکومت کی جانب سے طئے کی گئی فیس پر مریضوں کا علاج کرنا بھی اسپتالوں کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔ ان میں آکسیجن کی قیمت بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 8 لاکھ کے پار ہوگئی ہے۔ کل دِن بھر میں ریاست میں 15 ہزار 765 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا مریضوںکی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 8 ہزار 306 ہوگئی ہے۔ وہیں کل دِن بھر میں ریاست میں 320 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس طرح مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 24 ہزار 903 ہوچکی ہے۔ اس دوران کل ایک دِن میں دس ہزار 978 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ریاست کے مختلف اسپتالوں سے رُخصت بھی کیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں 5 لاکھ 42 ہزار 537 کورونا مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں ایک لاکھ 98 ہزار 523 کورونا مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب کل ایک دِن میں مراٹھواڑہ کے 6 ضلعوں میں 42 کورونا مریض ہلاک ہوگئے، جبکہ 1101 نئے پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل 8 لوگوں کی موت ہوگئی اور 234 مریضوں کا اضافہ ہوا۔ جالنہ ضلعے میں 9 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا اور 97 نئے مریض پائے گئے۔ ناندیڑ میں بھی 8 مریض چل بسے اور 312 نئے کورونا پازیٹیو معاملوں کا پتہ چلا۔ لاتور ضلعے میں بھی کل ایک دِن میں 8 کورونا مریضوں نے جان گنوائی اور مزید 224 نئے مریض پائے گئے۔ عثمان آباد ضلعے میں کل 6 کورونا مریضوں نے دَم توڑ دیا اور 168 نئے مریضوں کا اندراج ہوا۔ پربھنی ضلعے میں 3 کورونا مریض ہلاک ہوگئے اور 66  افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
ریاستی راجدھانی ممبئی میں کل ایک دِن میں 1142 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے جبکہ 35 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ پونے میں کل 3433 کورونا پازیٹیومریضوں کا اضافہ ہوا اور 56 لوگوں کی موت ہوگئی۔ اسکے علاوہ ناگپور ضلعے میں 1447‘ سانگلی میں 568‘ ساتارا میں 589‘ جلگائوں میں 541‘ امراوتی میں 148‘ اور بلڈانہ میں 88 کورونا پازیٹیو مریضوں کا کل انکشاف ہوا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل نے ریاستی حکومت کو انتباہ دیا ہیکہ وہ سبھی مذہبی مقامات کو عقیدت مندوں کیلئے کھول دے ورنہ سڑکوں پر آکر احتجاج کیا جائیگا۔ امتیاز جلیل گذشتہ روز شہر کے کھڑکیشور علاقے میں واقع مہادیو مندر کے پجاری کو محضر پیش کرکے مندر کھولنے کا مطالبہ کرنے والے تھے تاہم شیوسینا کارکنان اس سے پہلے ہی مندر کے سامنے جمع ہوگئے اور مخالفت کرنے لگے۔ اس موقعے پر شیوسینا رہنما چندر کانت کھیرے‘ رکنِ اسمبلی امبا داس دانوے اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ پولس انتظامیہ نے گنیش وِسرجن کی وجہ سے ان سے اپنا آندولن واپس لینے کی درخواست کی تھی جس کے بعد وہ مندر کھلوانے کے ارادے سے دستبردار ہورہے ہیں۔ اس بیچ جلیل نے مزید کہا کہ وہ آج شاہ گنج کی مسجد کھلوائیں گے اور وہاں ظہر کی نماز ادا کریں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں عیسائی قبرستان کیلئے دس ایکر کی زمین مختص کرنے کے مطالبہ پر مارکسسٹ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے ضلع کلکٹر دفترکے روبرو احتجاج کیا گیا۔ ناندیڑ ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنر کو دئیے گئے مطالباتی محضر میں کہا گیا ہیکہ موجودہ قبرستان کی جگہ ناکافی ہے لہٰذا دس ایکر کی جگہ عیسائی قبرستان کیلئے دی جائے۔
***** ***** *****
ودربھ کے سیلاب سے متاثرہ چار ضلعو ںکے 53 ہزار سے زیادہ لوگوں کو اب تک محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ ودربھ کے ناگپور‘ بھنڈارا‘ چندر پور اور گڑچرولی ضلعوں کے 175 گائووں میں یہ کاروائی جار ی ہے۔ گذشتہ کچھ دِنوں سے جاری بارش کی وجہ سے ان چار ضلعوں میں آئے سیلاب سے قریب 92 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ NDRF اور ریاستی امداد اور بچائو ٹیمیں راحت پہنچانے کے کام میں مصروف ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے سابق رُکنِ پارلیمنٹ اور کانگریس کے سینئر رہنما رام کرشن بابا پاٹل آج صبح ساڑھے چھ بجے چل بسے۔ وہ 91 برس کے تھے۔ رام کرشن بابا پاٹل گذشتہ کئی دِنوں سے بیمار تھے اور ان کا ویجا پور کے اسپتال میں علاج جاری تھا۔ آج سہ پہر چار بجے ویجا پور تعلقے کے دہے گائوں میں رام کرشن بابا پاٹل کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ 10 دِن تک چلے گنیش اُتسو کا کل ہوا اختتام؛ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے جگہ جگہ ضروری جسمانی دوری برقرار رکھتے ہوئے ہوا وِسرجن۔
٭ وِسرجن کے دوران ڈوبنے سے ریاست میں ہوئی 7 لوگوں کی موت۔
٭ سابق صدرِ جمہوریہ پرنب مکھرجی کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ہوئی آخری رسومات ادا۔
٭ انجینئرنگ کے انٹرنس امتحان JEE کا آغاز۔
اور
٭ اورنگ آباد کے سابق رکنِ پارلیمنٹ رام کرشن بابا پاٹل چل بسے۔ آج سہ پہر چار بجے ویجا پور کے دہے گائو ںمیں ادا کی جائیں گی آخری رسومات۔
***** ***** *****

No comments: