Thursday, 3 September 2020

 Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 03.09.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 03 September-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ ستمبر  ۲۰۲۰ئ؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ عوامی خدمات کا معیار بلند کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت شروع کرے گی ’’مشن کرم یوگی‘‘۔ قومی خاکے کو ملی کابینہ کی منظوری۔
٭ آن لائن گیم Pub-G سمیت  118/ ایپس پر لگائی حکومت نے پابندی؛ ان ایپس کو بتایا ملکی سلامتی اور خود مختاری کیلئے خطرہ۔
٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے آخری سال کے امتحانات کے انعقاد سے متعلق تبادلۂ خیال کیلئے گورنر نے آج بلائی سبھی غیر
زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی میٹنگ۔
اور
٭ پیٹھن کا جائیکواڑی ڈیم 95% لبریز؛ کسی بھی وقت چھوڑا جاسکتا ہے پانی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے نئے جامع اصلاحی خدمات منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندرمودی کی صدارت میں کل ہوئے کابینی اجلاس میں ’’مشن کرم یوگی‘‘ نام سے شروع کیے گئے اس منصوبے کو منظوری دی گئی، جس کے تحت نئے قومی خاکے کو قطعیت دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جائوڑیکر نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد مرکزی حکومت کی خدمات میں ذاتی اور ادارہ جاتی سطح پر بہتری لانا ہے۔ جائوڑیکر  نے کہا کہ یہ کارگر انسانی وسائل پیدا کرنے کی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے آن لائن گیم Pub-G سمیت 118  ایپس پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سے پہلے حکومت نے Tik Tok سمیت سو سے زیادہ چینی ایپس پر پابندی لگادی تھی۔ Pub-G کے ساتھ ساتھ Pub-G Mobile‘ Nordic Map‘ Livic‘ Pub-G Mobile Lite‘ Vchat Work‘ Vchat Reading‘ Cyber Hunter‘ Life After اور War Path جیسے ایپس پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ اطلاعات و نشریات کی وزارت کی جانب سے کہا گیا ہیکہ ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو درپیش خطرات کے پیشِ نظر ان ایپس پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ پابندی لگائے جانے کی اس کاروائی سے کروڑوں بھارتی موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔
***** ***** *****
گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے آخری سال کے امتحانات منعقد کرنے س متعلق موضوع پر تبادلۂ خیال کرنے کیلئے گورنر اور ریاست کی سبھی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج تیرہ غیر زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی میٹنگ بلائی ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے بتایا کہ اس میٹنگ کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کی ریاستی کمیٹی کی میٹنگ ہوگی، جس میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار بھی شرکت کریں گے۔سامنت نے کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے راج بھون جاکر ملاقات کی‘ جہاں انھوں نے آخری سال کے امتحانات منعقد کرنے کے بارے میں وائس چانسلروں اور طلبہ تنظیموں سے ہوئے اپنے تبادلۂ خیال سے گورنر کو واقف کروایا۔ سامنت نے کہا کہ گورنر سالِ آخر کے امتحانات کو آسان طریقے سے منعقد کرنے کے بارے میں مثبت نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر فیصلہ ہونے کے بعد دو سے تین دِنوں میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن‘ UGC کو اس بارے میں تجویز روانہ کی جائیگی۔
***** ***** *****
فلم اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں منشیات مخالف بیورو‘ NCB نے ایک منشیات فروخت کرنے والے کو گرفتار کیا ہے۔ یہ بات منظرِ عام پر آئی ہیکہ زید نامی یہ شخص ممبئی میں ہونے والی بڑی پارٹیوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔ سشانت سنگھ راجپوت کی دوست رِیا چکرورتی کے موبائل سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ED نے منشیات کی خریداری سے متعلق معلومات حاصل کی، جس کے بعد اسے نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘ NCB کو دیا گیا۔ اس بیچ مہاراشٹر، دلّی اور گوا میں منشیات فروخت کرنے والے کچھ تاجروں کی تلاش کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں 40 سینئر پولس افسران کے کل تبادلے کردئیے گئے۔ ان میں ناسک کے پولس کمشنر وشواس ناگرے پاٹل بھی شامل ہیں جو اَب ممبئی کے جوائنٹ پولس کمشنر (لاء اینڈ آرڈر) ہونگے۔ سڈکو کے DIG نثار تامبولی کا ناندیڑ کے اسپیشل IG کی حیثیت سے تبادلہ کیا گیا ہے۔ ناسک‘ نئی ممبئی‘ میرا۔ بھائندر‘ وسئی وِرار‘ پمپری۔ چنچوڑ‘ امراوتی اور ناگپور کے پولس کمشنروں کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اس دوران ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے افسران کے تبادلو ںپر تنقید کی ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ ریاست میں جاری کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کی بجائے مہاراشٹر حکومت کو افسران کے تبادلے کرنے میں زیادہ دلچسپی ہے۔ پھڑنویس نے ناگپور میں یہ بات کہی، جہاں وہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال افسروں کے تبادلوں کو ملتوی کیا جاسکتا تھا۔ اس دوران پھڑنویس نے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہیکہ ممبئی میں کورونا وائرس ٹسٹ کی تعداد بڑھائی جائے۔ پھڑنویس نے کہا کہ جولائی کے مہینے کے مقابلے میں اگست میں ممبئی میں صرف 14% زیادہ ٹسٹ ہوئے ہیں۔ پوری ریاست میں بھی اضافی ٹسٹ کی شرح صرف 42% ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ شفافیت اور دیانت داری ان دو اُصولوں کی بنیاد پر مہاراشٹر حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کام کررہی ہے۔ ٹوپے کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انھو ںنے واضح کیا کہ کورونا ٹسٹ کی تعداد کم نہیں ہوئی ہے۔ ٹوپے نے اس بات پر زور دیا کہ ضرورت مند مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر ICU میں علاج دستیاب کروایا جائے۔ ٹوپے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماری کو ہلکے میں نہ لیں اور علامتیں ظاہر ہونے کے فوری بعد طبّی مشورے لے کر علاج شروع کریں۔ عوامی بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹوپے نے ضروری جسمانی دوری بنائے رکھنے‘ ماسک کا استعمال کرنے اور بار بار ہاتھ دھوتے رہنے جیسے تین اُصولوں کو زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل مزید 17 ہزار 433 کورونا پازیٹیو مریضوں کے اضافے کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 739 ہوگئی ہے۔ کل ایک دِن میں 292 کورونا مریضوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ وہیں 13 ہزار 959 مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد کل ریاست کے مختلف اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ مہاراشٹر میں اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 496 کورونا مریض ٹھیک ہوچکے ہیں اور فی الحال 2 لاکھ ایک ہزار 703 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 33 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ 1703 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ بھی ہوا۔ اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں میں کل 9-9 مریضوں کی موت ہوگئی۔ کل اورنگ آباد ضلعے میں 320 اور لاتور ضلعے میں 315 کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ناندیڑ ضلعے میں گذشتہ روز 6 لوگوں کی موت ہوگئی اور 380 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
عثمان آباد ضلعے میں 4 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا اور 204 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ بیڑ ضلعے میں تین کورونا مریض فوت ہوگئے اور 212 نئے مریض سامنے آئے۔ پربھنی میں دو لوگوں نے کل کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوائی اور 111 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا۔ اسی طرح جالنہ ضلعے میں کل 129 اور ہنگولی ضلعے میں 32 کورونا مریضوں کا پتہ چلا۔
***** ***** *****
ممبئی میں کل ایک دِن میں 1622 نئے کورونا پازیٹیو مریضو ںکا انکشاف ہوا ہے۔ جبکہ 34 افراد کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ پونے ضلعے میں کل 3535 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے اور 74 افرادکی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ناسک ضلعے میں گذشتہ روز 972 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے اور 17 مریضوں نے جان گنوائی۔
***** ***** *****
بخار کوئی بھی ہو کورونا ٹسٹ کروانا ہر مریض کیلئے لازمی ہے۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی میڈیکل افسر ڈاکٹر نیتا پاڈڑکر نے یہ وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ آباد میں بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ڈاکٹرس ایسے مریضوں کا Viral Infection کا علاج کررہے ہیں۔ پاڈڑکر نے کہا کہ ایساکرنے میں وقت ضائع ہوجاتا ہے اور اگر مریض کورونا پازیٹیو ہے تو اُس سے رابطے میں آئے لوگوں پر بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں وقت ضائع نہ کرتے ہوئے فوراً کورونا وائرس کا ٹسٹ کروانا چاہیے۔
***** ***** *****
شاہ گنج کی مسجد کھلوانے جارہے اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل کو کل پولس نے راستے میں حراست میں لے لیا۔ امتیاز جلیل اپنے کارکنوں کے ساتھ اپنے دفتر سے شاہ گنج کی مسجد کھلوانے اور وہاں ظہر کی نماز ادا کرنے نکلے تھے، تاہم پولس نے انہیں فاضل پورے میں حراست میں لے لیا۔ انہیں بعد میں کچھ وقت کے بعد رِہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امتیاز جلیل نے مطالبہ کیا کہ مسلمانو ںکو حکومت کی جانب سے جاری کردہ سبھی ہدایتوں پر عمل کرتے ہوئے مسجدوں میں نماز ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا احتجاج تب تک جاری رہے گا جب تک مذہبی مقامات کو عقیدت مندوں کیلئے نہیں کھول دیا جاتا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے سابق رکنِ پارلیمنٹ اور سینئر کانگریس رہنما رام کرشن بابا پاٹل کی آخری رسومات کل ویجا پور تعلقے کے دہے گائوں میں ادا کی گئیں۔ پاٹل کل علی الصبح مختصر بیماری کے بعد چل بسے تھے۔ وہ 88 برس کے تھے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی ڈیم سے آج گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں اورنگ آباد ضلع انتظامیہ نے گوداوری ندی کے کنارے آباد سبھی گائووں میں سیلاب کے خطرہ سے خبردار کیا ہے۔ کل رات ڈیم کی آبی سطح 95% سے اوپر پہنچ گئی تھی۔ ڈیم میں اب بھی بڑی مقدار میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیم کی آبی سطح کے 96% ہونے کے بعد کسی بھی وقت پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں اب سبھی دُکانیں اب صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ ضلع کلکٹر نے اس کی اجازت دے دی ہے۔ اس بیچ ضلع کلکٹر کوسبھ دِویگائونکر نے عثمان آباد شہر کے رام نگر میں واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر میں Antigen Test مرکز شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس مرکز میں آنے والے مریضوں کی تھرمل اسکریننگ اورMeater  Oxy ریڈنگ لی جائیگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ عوامی خدمات کا معیار بلند کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت شروع کرے گی ’’مشن کرم یوگی‘‘۔ قومی خاکے کو ملی کابینہ کی منظوری۔
٭ آن لائن گیم Pub-G سمیت  118/ ایپس پر لگائی حکومت نے پابندی؛ ان ایپس کو بتایا ملکی سلامتی اور خود مختاری کیلئے خطرہ۔
٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے آخری سال کے امتحانات کے انعقاد سے متعلق تبادلۂ خیال کیلئے گورنر نے آج بلائی سبھی غیر
زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی میٹنگ۔
اور
٭ پیٹھن کا جائیکواڑی ڈیم 95% لبریز؛ کسی بھی وقت چھوڑا جاسکتا ہے پانی۔
***** ***** *****

No comments: