Friday, 4 September 2020

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 04.09.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 04 September-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍ ستمبر  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے طلبہ اب گھر سے دے سکیں گے آن لائن امتحان؛ گورنر نے دی فیصلے کو منظوری۔
٭ مذہبی مقامات کو کھولنے میں حکومت برت رہی ہے احتیاط؛ وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے کو سپریم کورٹ کی پانچ رُکنی بیچ کو سونپنے سے متعلق دونوں فریقین کی جرح مکمل‘ فیصلہ محفوظ۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 28 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے ریکارڈ 466 پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے طلبہ اب گھر سے آن لائن امتحان دے سکیں گے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے اس کی اجازت دے دی ۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے یہ اطلاع دی۔ گورنر نے کل ریاست کی 13 غیر زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں آن لائن امتحان لینے کے فیصلے کو منظوری دی۔ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سامنت نے کہا کہ گورنر نے یونیورسٹیوں کی جانب سے قائم کی گئی مینجمنٹ کائونسل اور ایگزامنیشن بورڈ کے بیچ امتحانات کے طریقۂ کار پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر امتحانی طریقۂ کار چننے کو کہا ہے۔ سامنت نے بتایا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن‘ UGC سے مطالبہ کیا جائیگا کہ امتحانات کو ستمبر تک ملتوی کیا جائے۔ انھوںنے کہا کہ حکومت 15 سے 30 ستمبر کے درمیان پریکٹیکل‘ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں تحریری امتحان اور 31 اکتوبر تک نتیجوں کے اعلان کا ارادہ رکھتی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ لاک ڈائون ختم کرنے کے مرحلوں کے دوران مذہبی مقامات کو کھولنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن اس دوران حکومت مکمل احتیاط سے کام لے رہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مغربی مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی صورتحال کے جائزہ اجلاس میں بول رہے تھے۔ BJP اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مذہبی مقامات کھولنے کے مطالبے کے پسِ منظر میں وزیرِ اعلیٰ نے یہ وضاحت کی۔ میٹنگ کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ساتارا‘ سانگلی اور کولہا پور ضلعوں میں کورونا وائرس کا پھیلائو بڑھتا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے افسران سے کہا کہ وہ ممبئی اور تھانے کو چھوڑ کر ان ضلعوں پر بھی توجہ دیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ دیگر چیلنجوں کا بھی سامنا ہے۔ انھوں نے آنے والے دِنو ں میں نوراتر‘ دسہرہ اور دیوالی جیسے تہواروں کے دوران لوگوں کی جانب سے حفاظتی تدابیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے مراٹھا ریزرویشن کے معاملے کو پانچ ججوں کی بینچ کو سونپنے کے بارے میں اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ دونوں فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ واضح ہو کہ ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے مراٹھا ریزرویشن کو قانونی طور پر صحیح ٹھہرائے جانے کے بعد اُسے چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ سپریہ سولے نے کل وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ریاست میں ریسٹورنٹس دوبارہ شروع کیے جائیں۔ ریاستی حکومت نے پیر سے ہوٹل اور لاج دوبارہ شروع کیے ہیں لیکن ریسٹورنٹس کو صرف پارسل دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ سپریہ سولے نے کہا کہ ریسٹورنٹ مالکان مالی مشکلات سے گذر رہے ہیں اور انہیں جسمانی دوری بنائے رکھنے جیسے سبھی احتیاطی اقدامات کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
***** ***** *****
فلم اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں منشیات مخالف بیورو‘ NCB نے کل ایک مشتبہ ملزم کو تفتیش کیلئے حراست میں لیا۔ اس شخص کی شناخت پوشیدہ رکھی گئی ہے۔ تاہم اس معاملے میں پہلے حراست میں لیے گئے باسط پریہار سے اس کے تعلق ہونے کا شک ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس بیچ اس معاملے میں گرفتار کیے گئے زید وِلاترا کو کل مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اُسے 9 ستمبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘ NCB کی تحویل میں بھیج دیا۔ NCB نے بتایا کہ زید نے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ جیند کے پاس سے ساڑھے نو لاکھ روپئوں کی غیر ملکی کرنسی بھی ضبط کی گئی ہے۔ اس دوران CBI نے سُشانت سنگھ موت معاملے میں اداکارہ رِیا چکرورتی کے والد اندر جیت چکرورتی سے کل لگاتار تیسرے دِن بھی پوچھ تاچھ کی۔
***** ***** *****
اس بیچ ممبئی ہائیکورٹ نے کل ذرائع ابلاغ سے کہا کہ وہ سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ہورہی پیش رفت کی کوریج کے دوران تحمل سے کام لیں۔ ممبئی ہائیکورٹ نے یہ بات اُن عرضیوں پر سماعت کے دوران کہی جن میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کی موت پر میڈیا ٹرائل چل رہا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ میڈیا ایسی خبریں نشر نہ کرے جس سے تفتیش کے عمل میں رُکاوٹیں کھڑی ہوں۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ دِل کی بیماریوں‘ ہائی بلڈ پریشر اور ذیابطیس جیسی بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو عام لوگوں کے مقابلے کورونا وائرس کا خطرہ زیادہ ہے، لہٰذا ایسے مریضوں کو چاہیے کہ وہ بیماری کو ہلکے میں نہ لیں۔ انھوںنے کہا کہ مہاراشٹر کے سبھی ضلعوں میں کووِڈ کیئرسینٹرس بہترین انتظامات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ اس لیے مریض گھبرائیں نہیں اور ہمت اور حوصلے سے کورونا وائرس کو شکست دیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 18 ہزار 105 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 43 ہزار 844 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل ایک دِن میں 391 کورونا مریضوں نے جان گنوائی۔ یہ بیماری اب تک مہاراشٹر میں 25 ہزار 586 لوگوں کی جان لے چکی ہے۔ وہیں کل 13 ہزار 988 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروںکو لوٹے۔ اب تک مہاراشٹر میں 6 لاکھ 12 ہزار 848  افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں 2 لاکھ 5 ہزار 428 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 28 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 1678 پازیٹیو مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 9 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ اورنگ آبادمیں کل کورونا وائرس کے 466 پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد میں ایک دِن میں سامنے آئے مریضوں کی یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد رہی۔
ناندیڑ میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں کل بڑا اضافہ درج کیا گیا۔ ناندیڑ ضلعے میں کل ایک دِن میں 443 کوروناپازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ ضلعے میں کل 8 مریضوں کی موت بھی ہوئی۔ 
لاتور ضلعے میں کل 274 کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا اور 8 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔
جالنہ ضلعے میں کل 2 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 151 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی۔ پربھنی ضلعے میں ایک کورونا مریض کی کل موت ہوگئی اور 91 مریضوں کو کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔ اسی طرح عثمان آباد میں 115‘ بیڑ میں 95‘ اور ہنگولی میں 43 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
ریاستی راجدھانی ممبئی میں کل ایک دِن میں 1526 لوگوں کو کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا اور 37 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔ ناسک ضلعے میں 1307 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا کل اضافہ ہوا اور 6 لوگوں نے کل اس بیماری سے جان گنوائی۔ ناگپور میں 1727‘ ساتارا میں 828‘ سانگلی میں 716‘ احمد نگر میں 632‘ رائے گڑھ میں 615  اور امراوتی میں 205 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا ۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن تعلقے میں واقع جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح کے 96% تک پہنچ جانے کے بعد کل ڈیم کے دائیں کنال سے پانی چھوڑنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ڈیم سے 200 گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے کل پانی چھوڑا گیا۔ آبپاشی محکمے کے افسران نے بتایا کہ یہ پانی اگلے چار دِنوں میں بیڑ کے مانجل گائوں ڈیم میں پہنچ جائے گا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر نکھل گپتا اورنگ آباد کے نئے پولس کمشنر ہونگے۔ اسی طرح اسپیشل IG کے طور پر ملکارجن پرسنّا عہدہ سنبھالیں گے۔ موجودہ IG رویندر سنگھل کا ممبئی تبادلہ ہوگیا ہے اور ملکارجن پرسنّا اُن کی جگہ لیں گے۔ اورنگ آباد کے پولس کمشنر چرنجیو پرساد کا بھی ناگپور میں اسپیشل IG کے طور پر تبادلہ ہوا ہے اور ڈاکٹر نکھل گپتا نئے پولس کمشنر کا عہدہ سنبھا لیں گے۔
***** ***** *****
کھیل کے شعبے میں کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مہاراشٹر حکومت نے کھیلوں سے متعلق اپنی پالیسی میں ضروری سدھار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں کل ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ پوار نے بتایا کہ ریاست کی کھیلوں سے متعلق پالیسی میں اصلاح کی جائیگی جس سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر انعام جیتنے والے کھلاڑیوں کو سرکاری نوکری ملنے کی راہ ہموار ہوسکے۔ اجیت پوار نے مزید کہا کہ کھیل پالیسی میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائیگا کہ سرکاری نوکری میں شامل ہونے کے بعد کھلاڑی اپنے کھیل پر توجہ برقرار رکھ سکیں اور ان کھلاڑیوں سے دوسرے کھلاڑی رہنمائی حاصل کرسکیں۔ پوار نے کہا کہ حکومت کا مقصد بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں کل بارش ہوئی۔ اورنگ آباد شہر اور دیہی علاقوں میں بھی کل ہلکی بارش ہوئی۔ بیڑ، لاتور اور عثمان آباد ان تین ضلعوں کی سرحد پر واقع گائووں میں کل تیز طوفانی ہوائوں کے ساتھ زبردست بارش سے پانچ ہیکٹر رقبے سے زیادہ کھڑی فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوگیا۔ علاقے کے کسانوں نے اپنے نقصان کا فوری پنچنامہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے طلبہ اب گھر سے دے سکیں گے آن لائن امتحان؛ گورنر نے دی فیصلے کو منظوری۔
٭ مذہبی مقامات کو کھولنے میں حکومت برت رہی ہے احتیاط؛ وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے معاملے کو سپریم کورٹ کی پانچ رُکنی بیچ کو سونپنے سے متعلق دونوں فریقین کی جرح مکمل‘ فیصلہ محفوظ۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 28 کورونا مریضوں کی موت؛ اورنگ آباد میں پائے گئے ریکارڈ 466 پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****


No comments: