Tuesday, 2 February 2021

 Regional News Urdu  Text Bulletin, Aurangabad. Date : 02.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ فروری  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ مرکزی حکومت کے سالانہ مرکزی بجٹ میں شعبۂ زراعت و صحت پر زور؛ وزیرِ اعظم خودکفیل بھارت اسکیم کیلئے 64 ہزار 180 کروڑ روپئے مختص۔
٭ ٹیکس نظام میں کوئی تبدیلی نہیں؛ 75 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر استثنیٰ۔
٭ حقیقت پسندانہ اور ترقی و اعتماد پر مشتمل بجٹ: وزیرِ اعظم کا ردّ عمل۔ بڑے صنعتی گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا بجٹ ؛ کانگریس کی تنقید۔
٭ حصص بازار میں 2 ہزار 315 پوائنٹس کا اُچھال۔
اور۔۔٭ ریاست میں ایک ہزار 948  اور مراٹھواڑہ میں 141 کورونا کے نئے مریض۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
2021-22 کا سالانہ مالیاتی بجٹ کل مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کل پارلیمنٹ میں پیش کیا‘ جس میں کورونا وباء کے پسِ منظر میں شعبۂ صحت پر اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ لوک سبھا کے ساتھ ہی راجیہ سبھا میں بھی پیش کیے گئے اس بجٹ میں کاغذ کا استعمال نہیں کیا گیا۔ بجٹ میں وزیرِ مالیات نے وزیرِ اعظم خود کفیل بھارت اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے اس کیلئے 64 ہزار 180 کروڑ روپئے مختص کیے ۔ کووِڈ کے تدارک کیلئے ٹیکے تیار کرنے کی مد میں 35 ہزار کروڑ روپئے رکھے گئے ہیں۔ اس بار کے عام بجٹ میں شعبۂ صحت کیلئے فنڈز میں 137 فیصد اضافہ کرکے 2 لاکھ 23ہزار 846 کروڑ روپئے کی گنجائش رکھی گئی۔ نمونیہ سے بچائو کیلئے ملک ہی میں تیار کردہ نیوموکول ٹیکہ ملک بھرکے بچوں کو دیا جائیگا۔ شاہراہوں کی بہتری کیلئے ایک لاکھ 18 ہزار 101 کروڑ روپئے‘ اندرونِ شہر بس خدمات کیلئے 18ہزار کروڑ روپئے کی نئی اسکیم‘ دفاعی شعبے کیلئے 4 لاکھ 78 ہزار کروڑ‘ شہری سوچّھ بھارت منصوبے کیلئے ایک لاکھ 41 ہزار 678 کروڑ روپئے‘ دیہی ترقیاتی منصوبے کیلئے 40 ہزار کروڑ روپئے‘ چھوٹی اور بڑی صنعتوں کیلئے 15 ہزار 700 کروڑ اور بینکوں کے گردشی سرمایہ کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے اس بجٹ میں رکھے گئے ۔ اسکے علاوہ آئندہ 5 برسوں میں 2 کروڑ 46 لاکھ گھروں میں صاف پینے کی پانی کی سہولت بہم پہنچانے کیلئے نل کنکشن دینے کا منصوبہ ہے۔ آئندہ تین برسوں میں ملک میں 7 ٹیکسٹائل پارکس کا قیام‘ آنے والے ایک برس میں زرعی قرضہ جات کیلئے ساڑھے 16 لاکھ کروڑ روپئے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
علاوہ ازیں شفاف توانائی کیلئے ہائیڈروجن توانائی مشن کا اعلان‘ زرعی مارکیٹ کمیٹیوں کی ترقی کیلئے زرعی بنیادی فنڈ کا قیام‘ نئے 100 فوجی اسکولوں کا قیام‘ ماہی گیری کیلئے بندرگاہ ترقیاتی منصوبہ، ممبئی تا کنیا کماری اقتصادی ترقیاتی راہداری کی تعمیر‘ ملک کے 15 ہزار اسکولوں کی ترقی‘ آئندہ تین سالوں میں 300 سے زائد اضلاع کو گیس رسد جال سے جوڑنے‘ IDBI بینک اور دیگر 2 سرکاری بینکوں کی آئندہ مالی سال میں نجکاری کا اعلان بھی وزیرِ مالیات نے کیا۔
بجٹ میں بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ‘ ایئر انڈیا‘ شپنگ کارپوریشن آف انڈیا اور دیگر چند ایک سرکاری کمپنیوں کی عدم سرمایہ کاری کے منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ بیمہ کمپنیوں میں غیر ملکی راست سرمایہ کاری کی حد 49 فیصد سے بڑھاکر 74 فیصد کرنے اور لائف انشورنس کمپنی کا IPO لانے کا اعلان بھی بجٹ میں کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے مختلف امداد اور قرض کی تقسیم کیلئے ریاستی حکومتوں کا حصہ 13 لاکھ 88 ہزار کروڑ روپئے کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کپاس پر کسٹمز ڈیوٹی 10 فیصد اور خام ریشم و ریشمی دھاگے پر کسٹمز ڈیوٹی 15 فیصد کردی گئی ہے۔ اسٹارٹ اَپ اسکیم کو فروغ دینے کیلئے ٹیکس میں رعایت کی معیاد 31 مارچ 2022ء تک بڑھا دی گئی ۔ اس عام مالیاتی بجٹ میں اسٹیل‘ نائیلان‘ سونا اور دیگر اشیاء کی درآمد پر عائد ٹیکس کی مد میں کمی کی گئی ہے۔ پرنٹر کارٹریج‘ موبائل کے کل پرزے‘ فریج کمپریسر، شمسی توانائی پر چلنے والے لائٹس‘ گاڑیوں کے کل پرزے اور دیگر چند ایک اشیاء پر درآمداتی ٹیکس میں اضافہ کیاگیا ۔ ریلوے کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار 55 کروڑ روپئے مختص کیے گئے‘ بھساول سے مغربی بنگال کے دان کُنی تک ریلوے لائن اور اِٹارسی تا وجئے واڑہ شمالاً۔ جنوباً ریلوے لائن کا اعلان بھی وزیرِ خزانہ نے کیا۔ ریلوے لائنوں کو الیکٹرک ریلوے لائن میں تبدیل کرنے کا کام اس برس کے آخر تک 71 فیصد اور دسمبر 2023 تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ناگپور میٹرو پروجیکٹ کیلئے5 ہزار 976 کروڑ روپئے اور ناسک میٹرو پروجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے اس کیلئے 2 ہزار 92 کروڑ روپئے بھی مختص کیے گئے۔
اس بجٹ میں پٹرول پر ڈھائی روپئے اور ڈیزل پر 4 روپئے اضافی زرعی سرچارج لگایا گیا ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے ایکسائز ڈیوٹی کم کردئیے جانے کے سبب پٹرول او رڈیزل کی قیمتیں تبدیل نہیں ہوں گی۔ سالانہ بجٹ میں ٹیکس نظام میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔ تاہم 75 برس سے زائد عمر کے ٹیکس دہندگان اور صرف وظیفوں پر انحصار کرنے والے افراد کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سالانہ مالیاتی بجٹ پر ردّ عمل دیتے ہوئے اسے حقیقت پسندانہ اور ترقی کیلئے پُراعتمادی کا مظہر قرار دیا۔ انھوںنے کہا کہ اس بجٹ میں ترقی کیلئے نئے مواقع‘ نوجوانوں کیلئے نئی راہیں‘ عددی وسائل کے پہلو اور نئے شعبوں میں ترقی کے روشن امکانات موجود ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے مرکزی بجٹ پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی بجٹ‘ انتخابات کیلئے نہیں بلکہ ملک کے مفادات کو پیشِ نظر رکھ کر بنانا چاہیے۔
کانگریس نے عام بجٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے بڑے صنعتی گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا بجٹ قرار دیا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اشوک چوہان نے کہا کہ اس بجٹ سے نوکری پیشہ طبقے اور کسانوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ اس بجٹ میں مہاراشٹر کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمان کو ترغیب دی کہ وہ وزیرِ خزانہ سے ملاقات کرکے ریاست کی عوام کو اُن کے حقوق دلانے کیلئے کوشش کریں۔ کُل ہند کسان سبھا کے ریاستی چیف سیکریٹری اجیت نولے اور مراٹھواڑہ گریجویٹس حلقے سے رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے بھی اس بجٹ پر سخت تنقید کی۔
مختلف صنعتی اور کاروباری تنظیموں نے بجٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ شیئر بازار میں بھی بجٹ کا اچھا ردّ عمل دیکھنے کو ملا۔ نجکاری اور عدم سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد شیئر بازار اِشاریے میں 2 ہزار 315 پوائنٹس کا اُچھال دیکھنے کو ملا۔ جب بازار بند ہوئے تو سینسیکس 48 ہزار 500 پوائنٹس پر تھا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل ایک ہزار 948 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں کووِڈ سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 20 لاکھ 28 ہزار 347 ہوگئی۔ کل 27 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں اس وباء کے باعث اب تک مجموعی طور پر 51ہزار 109  افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں اب تک 19 لاکھ 32 ہزار 294 مریض شفاء یاب ہوئے اور فی الحال 43 ہزار 701 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 141 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت آئی۔ اورنگ آباد اور ناندیڑ ضلع میں 26-26‘ بیڑ میں 31‘ لاتور میں 24‘ عثمان آباد میں 5‘ اور پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں 4-4 نئے مریضوںکی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
مقبول کرکٹ کھلاڑی روہت شرما اور دھول کلکرنی ناندیڑ شہر میں کرکٹ اکیڈمی شروع کرنے جارہے ہیں۔ دھول کلکرنی نے کل ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان سے ممبئی میں ملاقات کرکے اس ضمن میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر اشوک چوہان نے امید ظاہر کی کہ یہ اکیڈمی شروع ہونے کے بعد ناندیڑ کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی درجے کی تربیت مل پائے گی۔
***** ***** *****
پربھنی میں حضرت سیّد شاہ تراب الحق عرس کے سلسلے میں کل ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر نے سرکاری صندل کو درگاہ کی سمت روانہ کیا۔ اس موقع پر اقامتی ڈپٹی کلکٹر مہیش وڑدکر، تحصیلدار سنجے برادار‘ سپرنٹنڈنٹ آف پولس ویویکانند پاٹل کا وقف بورڈ کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مرکزی حکومت کے سالانہ مرکزی بجٹ میں شعبۂ زراعت و صحت پر زور؛ وزیرِ اعظم خودکفیل بھارت اسکیم کیلئے 64 ہزار 180 کروڑ روپئے مختص۔
٭ ٹیکس نظام میں کوئی تبدیلی نہیں؛ 75 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر استثنیٰ۔
٭ حقیقت پسندانہ اور ترقی و اعتماد پر مشتمل بجٹ: وزیرِ اعظم کا ردّ عمل۔ بڑے صنعتی گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والا بجٹ ؛ کانگریس کی تنقید۔
٭ حصص بازار میں 2 ہزار 315 پوائنٹس کا اُچھال۔
اور۔۔٭ ریاست میں ایک ہزار 948  اور مراٹھواڑہ میں 141 کورونا کے نئے مریض۔
***** ***** *****

No comments: