Wednesday, 3 August 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں تتاریخ:03 اگست 2022 وقت: صبح 9:00-09:10

::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 16  ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے اور شیوسینا کے شندے اور ٹھاکرے گروپوں کی داخل کردہ درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت۔
٭ ریاستی کابینہ میں توسیع بہت جلد کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ شندے گروپ کے رہنماء اور سابق وزیر اُدئے سامنت کی کار پر حملہ۔
٭ ریاست میں سیلاب کے باعث کسانوں کو فی ہیکٹر 75 ہزار روپئے امداد کا اجیت پوار کا مطالبہ۔
٭ ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 886 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 82 متاثر۔
٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو مزید 2طلائی اور 2 نقرئی تمغے۔
اور۔۔٭ تیسرے ٹی۔ ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 وِکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
16  ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے سمیت شیوسینا کے شندے اور ٹھاکرے گروپوں کی جانب سے داخل کردہ مختلف درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس این وی رمنا‘ جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس ہِما کوہلی پر مشتمل بینچ ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ شندے حکومت اور اسمبلی اسپیکر کے انتخاب کو چیلنج کرنے والی ٹھاکرے گروپ عرضداشت اور شندے گروپ میں شامل ہونے والے ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے‘ نیز شندے گروپ کی جانب سے حقیقی پارٹی ہونے کا دعویٰ کرنے والی درخواستوں کو یکجا کرکے عدالت شنوائی کریگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ریاستی کابینہ میں عنقریب توسیع کی جائیگی۔ وہ کل پونا میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ریاستی حکومت کے بے حس ہونے سے متعلق حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار کے الزام کو وزیرِ اعلیٰ نے مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کو 50 ہزار روپئے امداد دینے کی اسکیم بند ہوچکی تھی جسے ہم نے دوبارہ شروع کیا‘ اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی کم کی گئیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیے گئے دورے کی تفصیلات سے بھی صحافیوں کو آگاہ کیا۔
اسی دوران پونا ڈویژنل کمشنر کے دفتر میں بارش‘ سیلاب‘ فصلوں کا معائنہ اور ترقیاتی کاموں سے متعلق ایک اجلاس میں بھی وزیرِ اعلیٰ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شندے نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے کسی بھی صورت فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی اور حکومت انتظامیہ سے مکمل تعاون کرے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے گروپ کے رہنماء اور سابق وزیر اُدئے سامنت کی کار پر کل شیوسینکوں نے حملہ کردیا۔ یہ واقعہ پونا کے کاترج چوک پر رونماء ہوا‘ جس کے بعد سامنت نے کوتروڑ پولس اسٹیشن میں اس خصوص میں شکایت درج کروائی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اُن پر کیا گیا حملہ منصوبہ بند تھا اور کرایے کے غنڈوں کے ذریعے کسی نے انھیں جان سے مارنے کی کوشش کی۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں سیلاب کی صورتحال کے پیشِ نظر کسانوں کو فی ہیکٹر 75 ہزار روپئے کی امداد دی جائے۔ اجیت پوار کی زیرِ قیادت ایک نمائندہ وفد نے کل ممبئی میں گورنر سے ملاقات کرکے انھیں ایک مطالباتی محضر پیش کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں سیلابی صورتحال کے باعث بہت زیادہ نقصان ہوچکا ہے۔ ان متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرکے متاثرین کو فوری امداد دی جائے۔ مکتوب میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا کہ ریاستی کابینہ میں اب تک توسیع نہیں ہوئی۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے اجیت پوار نے بتایا کہ گورنر نے انھیں تیقن دیا ہے کہ وہ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ سے گفتگو کریں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا ہیکہ دنیا بھر کی کرنسیوں کی بہ نسبت ہندوستانی روپئے کی قدر بہت ہی بہتر ہے اور اب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بتدریج مستحکم ہورہا ہے۔ کل راجیہ سبھا میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپئے کی شرح میں بڑے پیمانے پر کمی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا وہ جواب دے رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ روپئے کی قیمت میں عدم استحکام کو روکنے کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا نے وقت بر وقت مداخلت کرکے اہم فیصلے کیے۔ سیتا رَمن نے کہا کہ فی الحال افراطِ زر کی شرح 7 فیصد ہے اور اسے 6 فیصد کرنے کیلئے RBI کے تعاون سے کوششیں کی جائیں گی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ بینکوں سے رقومات نکلوانے پر GST عائد نہیںہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ سے متاثر ایک ہزار 886 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 80 لاکھ 50 ہزار 171 ہوگئی ہے۔ کل اس وباء کے باعث 5مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا سے فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 110 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 12ہزار 583 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 82 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ کل متاثر ہونے والوں میں ناندیڑ ضلع کے 25‘ اورنگ آباد کے 22‘ لاتور 18‘ عثمان آباد 10‘ اور جالنہ ضلع کے 7  افراد شامل ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی کے پتراچال باز آبادکاری منصوبے میں بدعنوانی کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے کل ممبئی میں دو مقامات پر چھاپے مارے۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ پتراچال بازآبادکاری اسکیم میں جو بدعنوانی کی گئی اس سے حاصل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ جعلی کاروبار کے ذریعے نقد رقم میں تبدیل کرکے زمینوں کی خرید و فروخت اور دیگر کاروبار میں لگایا گیا۔
***** ***** *****
بزرگ مراٹھی صحافی‘ ڈرامہ نگار و شاعر شری کانت بھراڑے کل اورنگ آباد میں چل بسے۔ وہ 67 برس کے تھے۔ شہر کے کینسر اسپتال میں اُن کا علاج جاری تھا۔ بھراڑے اورنگ آباد۔ جالنہ۔ پربھنی اور ناندیڑ میں لوک مت گروپوں کے ساتھ شعبۂ ادارت سے طویل عرصے تک منسلک رہے۔
***** ***** *****
ای شرم پورٹل پر ای شرم کارڈ کیلئے غیر منظم شعبے کے زیادہ سے زیادہ محنت کش افراد اندراج کرواسکیں۔ اس غرض سے آج اور کل پورے مہاراشٹر میں اندراج مہم منعقد کی گئی ہے۔ سرکاری افسران برائے محکمۂ محنت نے ترغیب دی ہے کہ اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ محنت کش افراد اپنے ناموں کا اندراج کروائیں۔ بیڑ ضلع کے قریب کے کامن سروس سینٹر CSC پر جاکر یہ نام درج کروائے جاسکتے ہیں۔
***** ***** *****
برمنگھم میں جاری دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں کل بھارت نے 2طلائی اور 2 نقرئی تمغے حاصل کیے۔ لان بال میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کی خواتین کو 17-10 سے شکست دی۔ ٹیبل ٹینس کے فائنل میں ہندوستانی مردوں نے سنگاپور کو شکست دیکر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ویٹ لفٹنگ کے 96 کلو کے زمرے میں وکاس ٹھاکر نے نقرئی تمغہ جیتا۔ انھوں نے مجموعی طور پر 346 کلو وزن اٹھاکر یہ سلور میڈل حاصل کیا۔ بیڈمنٹن میں بھارت کی مشترکہ ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ فائنل میں انھیں ملیشیاء نے شکست دی۔ میڈل ٹیلی میں بھارت 5 گولڈ میڈل کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے نونامزد کمشنر ڈاکٹر ابھیجیت چودھری نے کل سابق کمشنر آستک کمار پانڈے سے عہدے کا جائزہ حاصل کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تیقن دیا کہ اورنگ آباد کے شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔ شہر کے نئے ترقیاتی منصوبے‘ اورنگ آباد کی نہایت اہم آبرسانی اسکیم اور اسمارٹ سٹی کی اسکیموں کیلئے وہ ہر ممکنہ قدم اٹھائیں گے۔ ڈاکٹر ابھیجیت چودھری اس سے قبل اورنگ آباد ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
***** ***** *****
سینٹ کٹس میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ اووروں میں 5 وِکٹ کے نقصان پر 164 رَن بنائے۔ جواب میں بھارت نے 19 ویں اوور میں ہی 3 وکٹ کے نقصان پر ہی یہ ہدف حاصل کرلیا۔ اب 5 میچوں کی سیریز میں بھارت 2-1 سے سبقت حاصل کرچکا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ 16  ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے اور شیوسینا کے شندے اور ٹھاکرے گروپوں کی داخل کردہ درخواستوں پر آج عدالت ِ عظمیٰ میں سماعت۔
٭ ریاستی کابینہ میں توسیع بہت جلد کی جائیگی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ شندے گروپ کے رہنماء اور سابق وزیر اُدئے سامنت کی کار پر حملہ۔
٭ ریاست میں سیلاب کے باعث کسانوں کو فی ہیکٹر 75 ہزار روپئے امداد کا اجیت پوار کا مطالبہ۔
٭ ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 886 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 82 متاثر۔
٭ دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو مزید 2طلائی اور 2 نقرئی تمغے۔
اور۔۔٭ تیسرے ٹی۔ ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 وِکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments: