سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر کیلئے 2 لاکھ کروڑ روپئوں کے 225 منصوبے منظور؛ وزیرِ اعظم کا اعلان۔
٭ ریاست میں محکمہ جات کے مطابق ملازمت پر تقرری کے خطوط کی تقسیم۔
٭ اندھیری مشرق حلقۂ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں 31.74 فیصد رائے دہی۔
٭ گجرات میں یکم دسمبر اور 5 دسمبر کو اسمبلی انتخابات اور 8 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی۔
٭ بلڈانہ ضلع میں موٹر کنویں میں گری؛ حادثے میں 2 افراد ہلاک۔
اور۔۔٭ T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رَنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومت کی جانب سے بے روزگاری کے مسئلے کو فوقیت دیتے ہوئے حل کرنے اور کئی شعبہ جات میں نوجوانوںکو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر ستائش کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ملک بھر میں 10 لاکھ روزگار فراہمی کے منصوبے کے تحت ریاستی حکومت کی طرف سے روزگار کی فراہمی کیلئے انتہائی قلیل مدت میں کی گئی کاوشوںکو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ درجِ فہرست ذاتوں‘ جماعتوں‘ قبائل‘ عام افراد اور خواتین کیلئے مہاراشٹر میں روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مرکز نے مہاراشٹر کیلئے 2 لاکھ کروڑ روپئوں کے 225 منصوبے منظور کیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست کیلئے 75 ہزار کروڑ روپئوں کے ریلوے منصوبے اور جدید راستوں کیلئے 50 کروڑ روپئوں کے منصوبے کو منظوری دی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان منصوبوں سے لاکھوں روزگار پیداہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ مُدرا یوجنا کے تحت نوجوانوںکو 20لاکھ کروڑ روپئے قرض اس سے قبل فراہم کیا گیا ہے اور اس کا فائدہ مہاراشٹر کے نوجوانوں کو ہوا ہے۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اہل اُمیدواروں کو محکموں کے مطابق تقرری کا خط دیا جائیگا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ جلد ہی محکمۂ پولس میں 18 ہزار 500 امیدواروں اور دیہی ترقی کے محکمے میں 10 ہزار 500 امیدواروں کے تقررات کیے جائیں گے۔ پونے میں رابطہ وزیر چندر کانت پاٹل کے ہاتھوں 316 اُمیدواروں کو تقرری کا خط دیا گیا۔ اسی طرح ناسک میں دادا بھسے نے 456 امیدواروں کو جبکہ روزگار گیارنٹی اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے اور امدادِ باہمی کے وزیر اتل ساوے نے 238 امیدواروں کو ملازمتی تقرری خطوط دئیے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کی عوام کو کارتیکی ایکادشی کی مبارکباد دی ہے۔ وہیں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل پنڈھرپور مذہبی مقام کی ترقی کیلئے خاکہ تیار کرنے کی خاطر میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انھوں نے انتظامیہ کو پنڈھر پور مذہبی مقام کی ترقی کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرنے‘ وارکری‘ عقیدت مندوں اور مقامی شہریان کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی خاطر خاکے کی تیاری کیلئے حتی الامکان کوشش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرِ موصوف نے تیقن دیا کہ اس کیلئے زمین تحویل میں لیتے وقت متاثرین کی باز آبادکاری کی جائیگی۔
***** ***** *****
ممبئی کے اندھیری مشرق حلقۂ انتخاب میں کل ضمنی انتخاب کے دوران 31.74 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ 256 انتخابی مراکز پر یہ رائے دہی عمل میں آئی۔ یہ اطلاع انتخابی افسر پرشانت پاٹل نے دی۔ اس ضمنی انتخاب میں شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے رُتوجا لٹکے سمیت 7 اُمیدوار میدان میں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس سے قبل اپنا اُمیدوار اس چنائو سے واپس لے لیا تھا۔ ووٹوں کی گنتی آئندہ اتوار کو ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نے کل گجرات میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا۔ ریاست میں دو مراحل میں چنائو کرایا جائیگا۔ یکم اور 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 8 دسمبر کو رائے شماری کی جائیگی۔ یہ اطلاع چیف انتخابی کمشنر راجیو کمار اور انتخابی کمشنر انوپ چندر پانڈے نے دی۔ انتخابی ٹائم ٹیبل کے مطابق پہلے مرحلے میں گجرات کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کی 89 نشستوں کیلئے رائے دہی عمل میں آئیگی اور دوسرے مرحلے میں وسطی گجرات کے 93 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع میں شدید بارش کے سبب خریف فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ اس پسِ منظر میں مراٹھواڑہ گریجویٹ حلقے کے رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے ضلع میں گیلا قحط ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ موصوف نے اس خصوص میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کو محضر پیش کیا ہے۔ چوہان نے اپنے محضر میں بتایا کہ گذشتہ تین تا چار برسوں سے مراٹھواڑہ مسلسل شدید بارشوں کا سامنا کررہا ہے۔ اس مرتبہ ماہ ستمبر تا اکتوبر کے دوران ہوئی شدید بارش سے 19 لاکھ ہیکٹر پر کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔
***** ***** *****
پروفیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے یکم تا 15 نومبر کے درمیان ’’اپنی پسند کا ہنر مندی نصاب بنائیں‘‘ نامی ریاست گیر مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ہنر مندی‘ روزگار‘ انٹرپرینرشپ کے وزیر منگل پربھات لوڈھا نے کل ممبئی میں دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس مقابلے میں طلبہ کاشت کاری‘ خودروزگار‘ خواتین کے روزگار‘ جدید ٹکنالوجی پر مبنی کورسیز کے مطابق مشورہ دے سکیں گے۔ وزیرِ موصوف نے طلبہ سے اس مقابلے میں شرکت کیلئے مقامی IIT سے رابطہ قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد اسمارٹ سٹی کی جانب سے شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے EV ٹرانسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی سے معاہدہ کیا جارہا ہے۔ آئندہ 6 مہینوں میں 35 الیکٹرک بسیں شہر میں چلائی جائیں گی۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ابھیجیت چودھری نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ معاہدہ دس برسوں کیلئے کیا گیا ہے۔ اسی دوران اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے تحت کیے جارہے ترقیاتی کاموں کا قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے رہنماء امبا داس دانوے نے کل جائزہ لیا۔ میونسپل کمشنر سمیت دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر نے شیو پرتشٹھان تنظیم کے صدر سنبھاجی بھڑے کو خواتین صحیفہ نگاروں کی جانب سے اپنی پیشانی پر ٹکلی نہ لگانے کے سبب اپنا ردّعمل ظاہر کرنے سے انکار کرنے پر خلاصہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس خصوص میں چاکنکر نے سنبھاجی بھڑے کو خط لکھا ہے۔ اس خط میں انھوں نے کہا کہ آپ کے بیان سے خواتین کے برابری کے حق اور سماجی درجے کو ٹھیس پہنچی ہے۔ آپ کے اس بیان سے سماج کے تمام حلقوں میں بے چینی محسوس کی جارہی ہے۔ موصوفہ نے اس خط کے ذریعے انھیں اپنا مؤقف اس خصوص میں واضح کرنے کی ہدایت دی ۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے رابطہ وزیر گریش مہاجن نے کہا ہے کہ ضلع میں کاشتکاری‘ تعلیم‘ صحت‘ کھیل اور دیگر شعبہ جات میں ترقی کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کو فوقیت دی جائیگی۔ وزیرِ موصوف کل ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ مہاجن نے کاموں کی تیز رفتار تکمیل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلع کے دیول گائوں راجہ میں بے قابو چار پہیہ گاڑی کنویں میں گرنے سے 2 افراد کی موت ہوگئی جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ کل دوپہر یہ حادثہ رونماء ہوا۔ دیول گائوں راجہ کے ایک ٹیچر امول مُرکٹ اپنی اہلیہ سواتی مُرکٹ کو کار چلانا سکھا رہے تھے۔ چکھلی روڈ پر سواتی نے بریک کی بجائے ایکسلیٹر دبا دیا، جس کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر 90 فٹ گہرے کنویں میں گرگئی۔ اس حادثے میں سواتی مُرکٹ اور کار میں موجود ان کی بیٹی ہلاک ہوگئے، جبکہ امول مُرکٹ شدید زخمی ہوگئے۔
***** ***** *****
آسٹریلیاء میں جاری T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں کل پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنوں سے ہرادیا۔ اس جیت کے بعد ٹورنامنٹ میں پاکستان کی اُمیدیں برقرار ہیں۔ آسٹریلیاء کے سڈنی میں کل کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بلّے بازی کی اور 20 اوورس میں 9 وِکٹوں کے نقصان پر 185 رَن بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران افریقہ نے 9 اوورس میں 4 وِکٹوں کے نقصان پر 69 رَن بنائے۔ جس کے بعد بارش نے کھیل میں رخنہ ڈالا‘ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر جنوبی افریقہ کو 14 اوورس میں 142 رَنوں کا ہدف دیا گیا۔ تاہم 9 وِکٹوں کے نقصان پر جنوبی افریقہ کی ٹیم 108 رَن ہی بناسکی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر کیلئے 2 لاکھ کروڑ روپئوں کے 225 منصوبے منظور؛ وزیرِ اعظم کا اعلان۔
٭ ریاست میں محکمہ جات کے مطابق ملازمت پر تقرری کے خطوط کی تقسیم۔
٭ اندھیری مشرق حلقۂ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں 31.74 فیصد رائے دہی‘ اور 8 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی۔
٭ بلڈانہ ضلع میں موٹر کنویں میں گری؛ حادثے میں 2 افراد ہلاک۔
اور۔۔٭ T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رَنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment