Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 April-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶/اپریل ۳۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر سماعت کرنے سے سپریم کورٹ نے کیا انکار؛ کہا شہر کا نام بدلنا حکومت کو ہے اختیار۔
٭ سپریم کورٹ نے ملک کی 14 اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے داخل عرضداشت پر سماعت سے کیا انکار؛ عرضداشت میں CBI اور ED جیسے مرکزی اداروں کے غلط استعمال پر روک لگانے کا کیا گیا تھا مطالبہ۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے لگاتار بارش کو بھی قدرتی آفت کے زمرے میں کیا شامل؛ کسانوں کی امداد کیلئے کیے پیمانے مقرر۔
اور۔۔ ٭ IPL مقابلے میں پنجاب کنگز الیون نے راجستھان رائلز کو ہرایا؛ دلچسپ مقابلے میں 5 رَنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر سماعت کرنے سے سپریم کورٹ نے انکار کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ شہر کا نام بدلنے کا معاملہ حکومت کے دائرہئ اختیار میں آتا ہے اور عدالت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ سپریم کورٹ نے اس بات کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی کہ اورنگ آباد کے نام کی تبدیلی کا معاملہ فی الحال ممبئی ہائیکورٹ کے زیرِ غور ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے ریت کی نیلامی کے طریقہئ کارکو ختم کرتے ہوئے نئی پالیسی کو منظوری دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی صدارت میں ہوئے کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ غیر قانونی طریقے سے ریت نکالنے پر لگام لگانے کیلئے نئی اصلاحی پالیسی تیار کی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق سبھی شہریان کو ایک سال کیلئے تجرباتی بنیادوں پر 600 روپئے فی براس یعنی 133 روپئے فی میٹرک ٹن کے حساب سے ریت دستیاب کروائی جائیگی۔ تاہم دیگر ٹیکس نافذ‘ رہیں گے۔
نئی پالیسی کے مطابق ریت نکالنے‘ نکالنے کے بعد اسے ڈپو تک پہنچانے‘ ڈپو کی تیاری اور اسکے انتظامات کیلئے ایک ٹینڈر طریقہئ کار لاگو ہوگا۔ ا سکے بعد اُسی ڈپو سے ہی ریت کی فروخت ہوگی۔ اسکے علاوہ کسی اور کو ریت نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے ملک کی 14 اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے دائر کردہ اُس عرضداشت پر سماعت سے انکار کردیا‘ جس میں CBI اور ED جیسے مرکزی تفتیشی اداروں کے غلط استعمال پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے اپنی عرضداشت واپس لے لی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر نارائن رانے نے مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی جانب سے موجودہ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے بارے میں استعمال کیے گئے مبینہ نازیبا الفاظ اور الزامات پر سخت تنقید کی ہے۔ رانے‘ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ رانے نے کہا کہ تھانے میں خاتون کارکن کے ساتھ پیش آئے مارپیٹ کے معاملے میں شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے نے بے حد نازیبا اور نچلی سطح کی زبان استعمال کی ہے۔ رانے نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعلیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے اُدّھو ٹھاکرے نے ہمیشہ مجرموں کی پشت پناہی کی۔
دوسری جانب ٹھاکرے گروپ کی خاتون کارکن روشنی شندے کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کی مخالفت میں مہاوِکاس آگھاڑی کی جانب سے کل تھانے میں جلوس نکالا گیا۔ اس جلوس میں آدتیہ ٹھاکرے‘ سشما اندھارے اور جتندر آوہاڑ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقعے پر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ وہ تھانے سے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ جلوس میں شامل افراد نے روشنی شندے کو زدوکوب کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
اس بیچ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہیکہ اُدّھو ٹھاکرے مایوسی کی کیفیت میں ریاستی حکومت پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ممبئی میں یہ بات کہی۔ واضح ہو کہ اُدّھو ٹھاکرے نے مارپیٹ کے بعد خاتون کارکن روشنی شندے سے اسپتال جاکر ملاقات کی تھی اور وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ داخلہ پر الزامات عائد کیے تھے۔ ایکناتھ شندے نے کہا کہ وہ صحیح وقت آنے پر ان الزامات کا جواب دیں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے کل ایک اہم فیصلے کے تحت لگاتار ہونے والی بارش کو بھی قدرتی آفات قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بار بار ہورہی بارش سے کسانوں کو ہورہے نقصان کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے محکمہئ زراعت کی جانب سے نامزد کی گئی کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تجویزوں کو بھی منظوری دی ہے جس میں کسانوں کی مدد کیلئے پیمانے مقرر کیے گئے ہیں۔
ایک دیگر فیصلے میں ریاستی کابینہ نے غیر زرعی یونیورسٹیوں میں برسرِ خدمات اساتذہ اور ان کے ہم منصب عہدوں پر فائز ملازمین کیلئے چھٹا اور ساتواں پے کمیشن نافذ کرنے کو بھی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ پروفیسرس اور پروفیسرس زمرے کی 14 جائیدادیں نکالنے کے فیصلے کو بھی ریاستی کابینہ نے منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں پھر سے غیرموسمی بارش ہونے کی پیشن گوئی ممبئی کے علاقائی دفترِ موسمیات نے کی ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی علاقائی دفترِ موسمیات نے ناندیڑ ضلع میں آج کیلئے یلو الرٹ اور کل کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ ناندیڑ ضلع کے کچھ مقامات پر آج 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور بجلی کی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے‘ جبکہ کل ناندیڑ ضلعے میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ لاتور ضلعے میں بھی آج اور کل طوفانی ہواؤں اور بجلی کی کڑکڑاہٹ کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہئ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔ لاتور ضلع انتظامیہ نے عوام سے کہا ہیکہ وہ بجلی گرنے کے خدشے کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے جاری ڈگری امتحانات کے تحت شیندرا میں واقع والمک راؤ دَلوی کالج کو بطورِ امتحانی مرکز ردّ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس بارے میں قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد یونیورسٹی نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے کہا گیا ہیکہ والمک راؤ دَلوی کالج امتحانی مرکز والے طلباء کے آج سے باقی مضامین کے امتحانات شیندرا کے ہی کالج آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ہوں گے۔
***** ***** *****
اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد‘ ABVP کی جانب سے کل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ڈگری امتحانات کے کام کاج کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی‘ بے ضابطگیوں میں ملوث کالجوں کی منظوری ردّ کرے‘ طلبہ کو وقت پر ہال ٹکٹ جاری کرے اور مقررہ وقت پر امتحانی نتیجوں کا اعلان کرے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے ماجل گاؤں سب ڈویژن بجلی فراہمی کمپنی کے جونیئر کلرک راما لوکھنڈے اور سینئر اسسٹنٹ گیانیشور پانچال کو کل اینٹی کرپشن بیورو نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ یہ دونوں ملازمین 13ہزار روپؤں کی رشوت قبول کررہے تھے۔ ان ملازمین نے شکایت گذار کے نئے نصب کردہ بجلی میٹر میں کم بل لانے کیلئے جعلسازی کرنے کے بدلے یہ رقم طلب کی تھی، جسے قبول کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرلیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے مدکھیڑ تعلقے میں ہوئے حادثے میں جان گنوانے والوں کے ورثاء کو 5 لاکھ روپئے فی کس کی امداد دینے کے احکامات وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دئیے ہیں۔ واضح ہو کہ مدکھیڑ تعلقے کے مگٹ- اِنجلی راستے پر آٹو رکشہ اور ٹرک کے درمیان پیش آئے حادثے میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ حادثے میں زخمی افراد کا علاج سرکاری اسپتال میں کرنے کا بھی وزیرِ اعلیٰ نے حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے مدِنظر ناندیڑ ضلعے میں احتیاطی اقدامات پر عمل آوری شروع کردی گئی ہے۔ ناندیڑ ضلع کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر بالاجی شندے نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ نہ گھبرائیں‘ تاہم حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ عوام سے کہا گیا ہیکہ وہ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جانے سے بچیں‘ ماسک کا استعمال کریں اور سردی‘ کھانسی اور بخار جیسی علامات کے ظاہر ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ‘ IPL کرکٹ مقابلوں میں کل کھیلے گئے مقابلے میں پنجاب کنگز الیون کی ٹیم نے راجستھان رائلز کی ٹیم کو 5 رَنوں سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم نے مقررہ اووروں میں 4 وِکٹ کھوکر 197 رن بنائے۔ جواب میں نشانے کا پیچھا کرنے اُتری راجستھان کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وِکٹ گنواکر 192 رن ہی بناسکی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر سماعت کرنے سے سپریم کورٹ نے کیا انکار؛ کہا شہر کا نام بدلنا حکومت کو ہے اختیار۔
٭ سپریم کورٹ نے ملک کی 14 اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے داخل عرضداشت پر سماعت سے کیا انکار؛ عرضداشت میں CBI اور ED جیسے مرکزی اداروں کے غلط استعمال پر روک لگانے کا کیا گیا تھا مطالبہ۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے لگاتار بارش کو بھی قدرتی آفت کے زمرے میں کیا شامل؛ کسانوں کی امداد کیلئے کیے پیمانے مقرر۔
اور۔۔ ٭ IPL مقابلے میں پنجاب کنگز الیون نے راجستھان رائلز کو ہرایا؛ دلچسپ مقابلے میں 5 رَنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment