Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 27 September-2023
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نوجوان طاقت کے بل بوتے پر ملک میں مثبت تبدیلی کا تجربہ: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا دعویٰ۔
٭ سرکاری نوکریوں میں نئے بھرتی ہونے والے تقریباً 51 ہزار ملازمین کو تقرر نامے تفویض؛ ناندیڑ میں رائو صاحب دانوے کے ہاتھوں مراٹھواڑہ کے ملازمین کو تقرر نامے دئیے گئے۔
٭ صفائی ہی خدمت مہم سو فیصد کامیاب بنانےکیلئے انتظامیہ کو’’مشن موڈ‘‘ پر کام کرنےکے وزیرِ اعلیٰ کے احکامات۔
٭ معروف اداکارہ وحیدہ رحمٰن کا اس سال کا دادا صاحب پھالکے جیون گورو ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
اور۔۔ ٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی گھڑسواری ٹیم نے سونے کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نوجوان طاقت کے بل بوتے پر ملک میں ایک مثبت تبدیلی واقع ہورہی ہے۔ کل نئی دہلی میں بھارت منڈپم میں G-20 یونیورسٹی کنیکٹ فِنالے پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ جب جب بھی بھارت کے تعلقات دوسرے ممالک کے ساتھ کھلتے ہیں تب تب معیشت کے ساتھ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ہاتھوں جی 20- صدر عہدہ کے موضوع پر چار کتابوں کا اجرا بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
سرکاری ملازمتوں میں نوتقرر شدہ تقریباً 51 ہزارملازمین کو وزیرِ اعظم نریندرمودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقرر نامے تفویض کیے۔ تقرر نامے حاصل کرنے والوں میں کئی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ابھی ابھی وجود میں آئے ناری شکتی وندن قانون کی وجہ سے ملک کو نئی طاقت ملی ہے۔
ملک بھر کے 46 مقامات پر اس روزگارمیلے کے اجلاس منعقد ہوئے۔ جس میں مرکزی حکومت کے ڈاک‘ جوہری توانائی‘ محصول‘ اعلیٰ تعلیم اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں ملازمین کی تقرری عمل میں آئی۔
ناندیڑ میں وزیرِ مملکت برائے ریلوے رائو صاحب دانوے کے ہاتھوں سو سے زائد امیدواروں کو تقرر نامے دئیے گئے۔ جن میںناندیڑ ‘ پربھنی‘ چھترپتی سنبھاجی نگر‘ دھارا شیو‘ لاتور‘ بھساول اورجلگائوں اضلاع کے نوجوان شامل ہیں۔ رکنِ پارلیمان پرتاپ رائو چکھلیکر‘ رکنِ اسمبلی رام پاٹل راتوڑیکر‘ جنوب وسطی ریلوے کے مینیجر نیتی سرکار سمیت دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔
ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ جبکہ پنویل میں مرکزی وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں روزگار میلے منعقد ہوئے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے احکامات دئیے ہیں کہ صفائی ہی خدمت مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنارکرنے کیلئے انتظامیہ مشن موڈ پر کام کرے۔ آئندہ ایک تاریخ کو عمل میںلائی جانے والی صفائی مہم کیلئے ’’ایک تاریخ‘ ایک گھنٹہ‘‘ اس مہم کی تیاری کے جائزاتی اجلاس سے وزیرِ اعلیٰ مخاطب تھے۔ دو اکتوبر تک یہ صفائی پندھر واڑہ منایا جائےگا۔ اس مہم کے تحت بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش سے ایک روز قبل یعنی آئندہ یکم اکتوبر کو یہ مہم عمل میں لائی جائیگی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ایک اکتوبر کو ہر ایک باشندے سے اپنا ایک گھنٹہ صفائی کیلئے دینے کی درخواست کی ہے۔
***** ***** *****
دھنگر سماج کو درجِ فہرست قبائل زمرے سے ریزرویشن دینےکے مطالبے پر احمد نگر ضلعے کے چونڈی میں جاری یشونت سیناکی احتجاجی بھوک ہڑتال کل ختم کردی گئی۔ دیہی ترقیات کے وزیر گریش مہاجن نے چونڈی جاکر بھوک ہڑتال کرنے والے سریش بنڈگر اور انا صاحب روپنور سے گفت و شنید کی۔ اس کے بعد انھوں نے مہاجن کے ہاتھوں شربت پی کر گذشتہ 21 دِنوں سے جاری ہڑتال ختم کروائی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے مرکزی حکومت کے تعاون سے ناسک ضلعے کے پیاز کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کا یقین ظاہرکیا ہے۔ کل ممبئی میں منترالیہ میں پیاز کے تاجروں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں اجیت پوار نے مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل سے بذریعۂ فون بات کی۔ اس دوران پیوش گوئل نے پیاز کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کا تیقن دیا۔ اس ضمن میں نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی کوششوں پر تاجروں نے اطمینان کا اظہار کیا‘ جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ نے کسانوں کو مالی نقصان سے بچانے کیلئے تاجروں سے فوری پیاز کی خرید و فروخت شروع کرنے کی درخواست کی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہےکہ خواتین ریزرویشن بل پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے سے منظور ہوا ہے اور کسی نے بھی اس بل کی مخالفت نہیں کی ہے۔ پوار کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر خواتین کو ریزرویشن دینے والی اوّلین ریاست ہے اور جب وہ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ تھے تب انھوں نے مقامی خود مختار اداروں میں خواتین کو ریزرویشن دیا تھا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر خواتین کے مفادات میں پالیسیاں نافذ کرنے والی پہلی ریاست ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے نے الزام عائد کیا کہ کانٹریکٹروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ناگپور کو سیمنٹ کانکریٹ کی بستی میں تبدیل کرکے شہریوں کو سیلابی صورتحال میں دھکیل دیا گیا ہے۔ کل ناگپور میں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینےکے بعد دانوے نے صحافتی کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوںنے ناگپور میونسپل کارپوریشن اور ناگپور سُدھار تنظیم کو سیلاب کا ذمہ دار قرار دیا۔
***** ***** *****
پیغمبر ِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی یومِ وِلادت کی مناسبت سے کل عیدمیلادالنبیؐ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائےگی۔ اس ضمن میں خلدآباد میں پیرہن مبارک اور موئے مبارک کی زیارت کروائی جائےگی‘ اسی طرح 30 ستمبر بروز سنیچر کو اورنگ آباد شہر میں جلوسِ محمدی کا بھی اہتمام کیا جائےگا۔ اسکی اطلاع درگاہ کمیٹی اور عیدمیلادالنبی کمیٹی نے دی ہے۔
***** ***** *****
اپنے وقت کی معروف فلمی اداکار وحیدہ رحمان کو رواں سال کے دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات انوراگ سنہہ ٹھاکر نے کل یہ اطلاع دی۔ ٹھاکر نے کہاکہ وحیدہ رحمان نے پانچ دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں اداکاری کا بہترین نمونہ پیش کرکے فلم انڈسٹری کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور فلموں کے علاوہ سماجی کاموں میں بھی اپنا گرانقدر تعاون دیا۔ وحیدہ رحمان کو اس سے قبل ریشما اور شیرا فلم کیلئے قومی ایوارڈ اور پدم شری و پدم وبھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
چین میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں بھارت کی گھڑسواری ٹیم نے تقریباً 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ سُدِپتی حجیلا‘ دیویہ کرتی سنگھ‘ اَنوش اگروال اور رِدَئے چھیڈا کی ٹیم نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کامیابی پر اپنے مبارکبادی پیغام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہاکہ اس ٹیم نے متحدہ مظاہرہ کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
کشتی رانی مقابلوں کے بادبانی زمرے میں نیہا ٹھاکر نے سلورمیڈل اپنے نام کیا‘ جبکہ مَردوں کے بادبانی زمرے میں ایبداد علی نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ ان مقابلوں میں بھارت اب تک تین گولڈ میڈل‘ چار سلوراور سات کانسے کے تمغے اس طرح مجموعی 14 تمغے جیت کر میڈلس فہرست میں ساتویں مقام پر ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیا کے مابین جاری ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرااور آخری مقابلہ آج راجکوٹ میں کھیلا جائےگا۔ دوپہر ڈیڑھ بجے سے مقابلے کا آغاز ہوگا۔ تین ایک روزہ مقابلوں کے پہلے دو مقابلے جیت کر بھارت نے پہلے ہی سیریز میں برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
صفائی پندھرواڑے کے تحت لاتورضلعے میں آئندہ یکم اکتوبر کو ’’ صفائی کیلئے ایک تاریخ‘ ایک گھنٹہ‘‘ تصورپر عمل درآمد کیا جائےگا۔ اس کے تحت ضلعے کے مختلف مقامات پر صفائی کے کام کیے جائیں گے۔ لاتور کی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے نے سبھی شہریوں سے اس مہم میں شریک ہونے مہم کو کامیاب کرنے کی ترغیب دی ہے۔ انھوں نے عوامی گنیش منڈلوں سے بھی صفائی مہم میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے۔
دریں اثنا صفائی ہی خدمت مہم کے تحت کل ناندیڑ میونسپل انتظامیہ کے صفائی شعبے کی جانب سے گرودوارہ احاطے میں صفائی مہم چلائی گئی۔ اس دوران شہریوں کو کچرا اکھٹا کرنے والی گھنٹہ گاڑیوں میں گیلا اور سوکھا کچرا علیحدہ علیحدہ دینے کا پیغام دیا گیا۔ اس پندھر واڑے کے تحت ناندیڑ ضلع انتظامیہ کی جانب سے آج شہر میں صفائی دوڑ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ نوجوان طاقت کے بل بوتے پر ملک میں مثبت تبدیلی کا تجربہ: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا دعویٰ۔
٭ سرکاری نوکریوں میں نئے بھرتی ہونے والے تقریباً 51 ہزار ملازمین کو تقرر نامے تفویض؛ ناندیڑ میں رائو صاحب دانوے کے ہاتھوں مراٹھواڑہ کے ملازمین کو تقرر نامے دئیے گئے۔
٭ صفائی ہی خدمت مہم سو فیصد کامیاب بنانےکیلئے انتظامیہ کو’’مشن موڑ‘‘ پر کام کرنےکے وزیرِ اعلیٰ کے احکامات۔
٭ معروف اداکارہ وحیدہ رحمٰن کا اس سال کا دادا صاحب پھالکے جیون گورو ایوارڈ کیلئے انتخاب۔
اور۔۔ ٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی گھڑسواری ٹیم نے سونے کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ آکاشوانی سماچار اورنگ آباد اور یوٹیوب چینل‘ اورنگ آباد NEWS AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment