Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 August-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم اگست ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ٹویوٹا کِرلوسکر کا منصوبے کے قیام کیلئے ریاستی حکومت کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ۔
٭ مراٹھواڑہ میں آبپاشی منصوبوں کیلئے فنڈز کی کمی نہ ہونے دینے کی نائب وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کی یقین دہانی۔
٭ ریاست میں شکر کارخانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے قومی امدادِ باہمی ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے سولہ سو کروڑ روپے منتقل۔
٭ UPSC کی جانب سے پوجا کھیڑکر کی امیدواری منسوخ؛ مستقبل میں امتحان دینے کیلئے نااہل قرار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے ”ایک گھنٹہ شہرکیلئے“ صفائی مہم کا اغاز۔
اور۔۔۔٭ پیرس اولمپکس مقابلوں میں مکّے بازی، بیڈمنٹن اور نشانے بازی زمروں میں بھارتی کھلاڑیوں کی پیش قدمی جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ٹویوٹا کِرلوسکر کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے منصوبے کی وجہ سے مراٹھواڑہ کو بہت فائدہ ہوگا اور ملک و ریاست کی موٹر سازی کی صنعت میں ایک انقلاب آئے گا۔ کل ممبئی میں ریاستی حکومت کے صنعتی محکمہ اور ٹویوٹا کِرلوسکر کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ کیا گیا۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے آرِک سٹی میں الیکٹرک اور ہائبریڈ کار سازی سے متعلق اس منصوبے کیلئے 20ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور آٹھ ہزار راست و آٹھ ہزار بالراست روزگار پیدا ہوں گے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے قائم کیے جانے والے ڈیفنس کلسٹر صنعتی گروپ میں شرڈی صنعتی علاقہ کا انتخاب کیا گیا ہے اور حکومت نے اس کیلئے رعایتی شرح پر جگہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے یہ اطلاع فراہم کی۔ اس صنعتی شہر میں سڑکوں اور بجلی کی ترقی کیلئے 100 کروڑ روپئے کا فنڈ بھی منظور کیا گیا۔ احمدنگر ضلعے کے سرپرست وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے یقین ظاہر کیا ہیکہ ان فیصلوں کی وجہ سے اب شرڈی بھی ایک صنعتی شہر کے طور پر جانا جائے گا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ گڑھ چرولی ضلعے کے دیسائی گنج، احمدنگر ضلعے کے لِنگدیو، اکولے، ناسک ضلعے کے کَڑوَن، سُورگانہ اور جامبُوٹکے اور امراوتی ضلعے کے وَروڑ میں صنعتی علاقے MIDC کے قیام کیلئے مکمل تجاویز پیش کریں۔ انھوں نے کہا کہ پونہ ضلعے کے جُنّر تعلقے کے ڈومبرواڑی میں فوڈ پروسیسنگ صنعت قائم کرنے کیلئے ریاستی حکومت مثبت مؤقف رکھتی ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ مراٹھواڑہ میں آبپاشی منصوبوں کیلئے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائیگی‘ لیکن جو منصوبے شروع کیے گئے ہیں اُن کی منظوری اور انتظامی اُمور کو مکمل طور پر کیا جائیگا۔ وہ کل ممبئی میں مراٹھواڑہ آبپاشی منصوبے کے ضمن میں منعقدہ جائزاتی میٹنگ سے مخاطب تھے۔ اس موقعے پر OBC اور بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے‘ رکنِ اسمبلی سنجے شرساٹھ موجود تھے۔
دریں اثناء کل پھڑنویس کی صدارت میں چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں نئے آبرسانی منصوبے کے تعلق سے ایک جائزاتی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اس دوران انھوں نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت پانی فراہمی منصوبے کے کاموں کی تکمیل کیلئے میونسپل کارپوریشن کے حصے کے فنڈ کی فراہمی میں تعاون کرے گی۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی نائب چیئرمین ڈاکٹر نیلم گورہے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں آبی قلّت کی صورتحال سمیت بارش کی کمی اور ریاستی حکومت کی مختلف اسکیموں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انھوں نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ خواتین اور تمام طبقات بشمول وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم سمیت حکومت کی فلاحی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرے اور مستحق افراد کو فوری فوائد پہنچائے جائیں۔ گورہے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں آبی قلّت کی صورتحال اور سہولیات سے متعلق کی گئی انتظامیہ کی کارروائی اور وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم سمیت خواتین سے متعلق فلاحی اسکیمات کا بھی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
ریاست کے شکر کارخانوں کو معاشی مدد فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کے قومی امدادی ترقیاتی کارپوریشن نے ایک ہزار 900 کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔ ریاست کے 13 کوآپریٹیو شکر کارخانوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ اس میں سے تقریباً سولہ سو کروڑ کی رقم کارپوریشن نے کل ریاستی حکومت کو منتقل کیے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی عوامی خدمات کمیشن UPSC نے پوجا کھیڑکر کی اُمیدواری منسوخ کردی ہے اور وہ ٹرینی آفیسر نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ وہ مستقبل میں UPSC کے کسی بھی مقابلہ جاتی امتحان میں شرکت نہیں کرسکیں گی۔
دریں اثناء پوجا کھیڑکر کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر کل دہلی کی ایک عدالت میں سماعت ہوئی۔ انھوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی معذوری کے صداقت نامے درست ہیں اور اُن میں 47 فیصد معذوری کا ذکر ہے۔ اس ضمن میں آج عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔
***** ***** *****
ریاست کے نوتقرر شدہ گورنر سی پی رادھا کرشنن کو کل ممبئی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے نے عہدے کا حلف دلایا۔ کل صبح ممبئی کے راج بھون میں ہوئی حلف برداری تقریب میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ دریں اثناء مہاراشٹر وِدھان سبھا کے اسپیکر ہری بھاؤ باگڑے نے کل راجستھان کے گورنر کے طور پر حلف لیا۔ جئے پور کے راج بھون میں یہ حلف برداری تقریب منعقد ہوئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا ہے کہ اس سال کے بجٹ میں اقتصادی ترقی‘ روزگار، بہبود، سرمایہ کاری اور مالیاتی مضبوطی جیسی ترجیحات کے درمیان توازن قائم کیا گیا ہے۔ وہ کل راجیہ سبھا میں بجٹ پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مخاطب تھیں۔ انھوں نے بجٹ میں زرعی شعبہ کے فنڈ میں تخفیف کے الزام کو مسترد کردیا۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے کل لوک سبھا میں مطالبہ کیا کہ لاتور- ممبئی ٹرین کو کلمب روڈ پر اور ناندیڑ- پنویل ٹرین کو ڈھوکی پر روکا جائے۔ اسی کے ساتھ شولاپور-تلجاپور -دھاراشیو ریلوے لائن کے 80فیصد زمین کا حصول مکمل ہونے پر ریلوے لائن کے ٹینڈر نکالے جائیں۔ کورونا میں بزرگ شہریوں، معذور صحافیوں کیلئے ریلوے میں جاری کی گئیں سہولیات دوبارہ شروع کی جائیں اور لاتور- ممبئی- بیدر- ممبئی ان ریلوے گاڑیوں میں اضافی جنرل ڈبے جوڑے جائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن اور اسمارٹ سٹی شہر بھر میں مہا صفائی مہم ”شہر کیلئے ایک گھنٹہ“ آج سے آئندہ 15 اگست تک عمل میں لائے گی۔ یہ مہم آج صبح آٹھ بجے کرانتی چوک سے شروع ہوئی۔ میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت کی ایماء پر اس مہم پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کیلئے سماج کے مختلف طبقات اور تنظیموں نے حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس کا مقصد ہر شہری کو اس مہم میں شامل کرنا ہے۔
***** ***** *****
پیرس اولمپک مقابلوں میں کل بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی۔ بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سِندھو خواتین کے سنگلز میں اگلے راؤنڈ میں داخل ہوگئی۔ انھوں نے ایسٹونیا کرسٹین کُوبا کو بآسانی 21-10,21-5 سے شکست دی۔ مردوں کے سنگلز میں لکش سین نے انڈونیشیاء کے جوناتَن کِرسٹی کو 21-12,21-8 سے شکست دی۔
مردوں کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن زمرے میں سوپنیل کُسڑے نے ساتویں پوزیشن حاصل کرکے پیشقدمی کی، جبکہ ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر نے گیارہویں پوزیشن کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنا چیلنج ختم کیا۔ مکے باز لولینا بورگوہین نے ناروے کے کھلاڑی کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ تیراندازی میں دیپیکا کماری نے بھی پیش رفت کی۔
ٹیبل ٹینس میں خواتین سنگلز میں شری جا اکولا اور منیکا بترا کو سیمی فائنل میں شکست ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ میں بھارت کا ٹیبل ٹینس سنگلز میں چیلنج ختم ہوا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کو ہنگولی ضلع کے دیہی و شہری علاقوں میں خواتین کی زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ ضلع میں اب تک ایک لاکھ 68 ہزار 443 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال گھاٹی کے کانٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے مطالبات سمیت دیگر مطالبات کیلئے آئیٹک سے ملحقہ مہاراشٹر کامگار ملازمین تنظیم کی جانب سے کل احتجاج کیا گیا۔ تنظیم کے سیکریٹری ایڈوکیٹ ابھئے ٹاکسال کی سرپرستی میں دیگر کارکنان اس احتجاج میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
ریاست میں آج سے ایک مہینے تک طلبہ کے معیار کی ترقی کی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ناندیڑ ضلع پریشد کی سی ای او مینل کرنوال نے ہدایت دی ہے کہ ناندیڑ کے تمام عہدیدار اور تمام اسکولس اس میں شامل ہوں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ٹویوٹا کِرلوسکر کا منصوبے کے قیام کیلئے ریاستی حکومت کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ۔
٭ مراٹھواڑہ میں آبپاشی منصوبوں کیلئے فنڈز کی کمی نہ ہونے دینے کی نائب وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کی یقین دہانی۔
٭ ریاست میں شکر کارخانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے قومی امدادِ باہمی ترقیاتی کارپوریشن کی جانب سے سولہ سو کروڑ روپے منتقل۔
٭ UPSC کی جانب سے پوجا کھیڑکر کی امیدواری منسوخ؛ مستقبل میں امتحان دینے کیلئے نااہل قرار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے ”ایک گھنٹہ شہرکیلئے“ صفائی مہم کا اغاز۔
اور۔۔۔٭ پیرس اولمپکس مقابلوں میں مکّے بازی، بیڈمنٹن اور نشانے بازی زمروں میں بھارتی کھلاڑیوں کی پیش قدمی جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment