Monday, 26 August 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 اگست 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 26 August-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۶؍ اگست  ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭             ریاستی ملازمین کیلئے تصحیح شدہ قومی پنشن اسکیم نافذ کرنے کے فیصلے کوریاستی کابینہ کی منظوری۔

                ٭             ملک میں طاقت ِ نسواں کےتحفظ کو اولین ترجیح دینے کا وزیر اعظم کا عزم؛ جلگاؤں میں منعقدہ پروگرام میں بچت گروپوں کیلئےڈھائی ہزار کروڑ روپے کا گشتی فنڈ جاری ۔

                ٭             ناندیڑ کے رکنِ پارلیمان وسنت چوہان کا انتقال؛ کل آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

اور۔۔۔٭     مر اٹھو اڑہ سمیت ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، جائیکواڑی آبی منصوبے میں 44 فیصدپانی کا ذخیر۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                مرکزی حکومت کےماتحت افسران اور ملازمین کی طرز پر ریاستی حکومت کے افسران اور ملازمین کیلئے بھی تصحیح شدہ قومی پنشن اسکیم کے نفاذ کوریاستی کابینہ نے کل منظوری دے دی ہے۔ مارچ 2024 سے اس اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی اور ریاستی حکومت کے خدمات پر مامور تقریباً18  لاکھ سے زیادہ ملازمین اس سے مستفید ہوں گے۔ اس اسکیم کا انتخاب کرنے والےملازمین کو ان کی آخری تنخواہ کے 50 فیصد کے برابر سبکدوشی وظیفہ اور مہنگائی اضافے کےعلاوہ سبکدوشی وظیفے کے 60 فیصد کے برابر فیملی پنشن ملے گی۔

                ریاستی کابینہ نے کسانوں کو دن میں غیر مسدود بجلی فراہم کرنے کی اسکیم کی مدتِ کار میں توسیع کرنے کے فیصلےکو بھی منظوری دی۔ اسی طرح نار-پار-گرنا ندی جوڑنے کے منصوبے کو بھی حکومت نے کل منظوری دی۔سات ہزار 15 کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ سے ناسک، جلگاؤں ضلع کو کافی فائدہ پہنچے گا۔

                اسی طرح محکمہ صحت میں برسرِکار گروپ پروموٹرز کی تنخواہوں میں چار ہزار روپئے کا اضافہ، 30 اگست تک سرکاری ملازمین کے تبادلے کرنے اور بزرگ شہریوں کیلئے فلاحی کارپوریشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کل منعقدہ کابینی اجلاس میں لیا گیا۔

***** ***** *****

                 ملک میں طاقت نسواںکے تحفظ کو اولین ترجیح دینا ہی مرکزی حکومت کا مقصد او ر مؤقف ہے اور اس نسوانی طاقت پر کوئی ظلم کرتا ہے تو یہ ناقابل معافی گناہ ہے۔ اس طرح کا انتباہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دیا۔ کل جلگاؤں میں وزیر اعظم نے ملک کے مختلف گوشوں سے آئی ہوئی لکھ پتی دیدی اسکیم کی مستفید خواتین سے بات چیت کی۔ اس موقعے پر وزیر اعظم نے کہا کہ طاقت ِ نسواں نے سماج اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس پروگرام میں 11 لاکھ مستفیدین کا اسناد دیکر اعزاز کیا گیا۔ وزیر اعظم نے خود مدد گروپس کیلئے 2500 کروڑ روپے کا گشتی فنڈ بھی جاری کیا جس سے چار لاکھ تین ہزار بچت گرو پس کے تقریباً   48 لاکھ اراکین مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کے ہاتھوں پانچ ہزار کروڑ روپے کا بینک قرض بھی بچت گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ دو لاکھ 35 ہزار بچت گروپس کے 25 لاکھ آٹھ ہزار اراکین کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔

                 گزشتہ 10 سالوں میں ایک کروڑ لکھ پتی دیدی بنائی گئی تھیں اور صرف دو ماہ میں اس ایک کروڑ میں مزید 11 لاکھ دیدی شامل کیے جانے کی بات وزیراعظم نے بتائی۔ انھوں نے کہا:

’’تین کروڑ ایسی بہنیں جو سیلف ہیلپ گرو پس کیلئے کام کرتی ہیں‘ جن کی ایک سال کی کمائی ایک لاکھ روپئے سے ادھک ہوگی‘ بیتے دس ورشوں میں ایک کروڑ لکھ پتی دیدی بنیں اور صرف دو مہینے میں گیارہ لاکھ اور لکھ پتی دیدی اُس میں جڑگئیں۔‘‘

                اس تقریب میں لکھ پتی دیدی کی جانب سے تحائف دیکر وزیرِ اعظم کااستقبال کیا گیا۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم مودی نے منتخبہ خواتین سے بات چیت کی۔ جلگاؤں میں داخل ہوتے ہی، وزیر اعظم کا روایتی طریقے سے استقبال کیا گیا۔

                ریاستی گورنر سی۔ پی۔ رادھا کرشنن، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور دیویندر پھڑنویس، مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان، بہبودِ خواتین و اطفال محکمے کی وزیر آدیتی تٹکرے، جلگاؤں ضلعے کے رابطہ وزیر گلاب راؤ پاٹل اس تقریب میں موجود تھے۔

                اس موقعے پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے خطاب میں ملک کو سپر پاور بنانے کیلئے خواتین کی شراکت داری کو ضروری بتاتے ہوئے اس مقصدکیلئے لکھ پتی دیدی اسکیم رہنما ثابت ہونے کا یقین ظاہر کیا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حکومت کےمنصوبوں کی وجہ سے دیہی علاقوں میں پچھلے دس سالوں میں دس کروڑ خواتین اپنے پیرو ں پر کھڑے ہونے کا دعو یٰ بھی کیا۔

                 نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے خواتین کو خودکفیل بنانے کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے کیے جا رہے کاموں کی اس موقعے پر جانکاری دی۔ وزیر اعظم نےتین کروڑ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا خواب دیکھا ہے اور اس خواب کو پورا کرنے کیلئے مہاراشٹر میں 50 لاکھ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا عزم نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نےظاہر کیا۔

***** ***** *****

                دھاراشیو ضلعے کے واشی تعلقے کے پارگاؤں، پارا، تیرکھیڑا میں بھی لکھ پتی دیدی کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں لکھ پتی دیدی اسکیم کی مستفید خواتین کو سرٹیفکیٹس تفویض کیے گئے۔

***** ***** *****

                ناندیڑ کے رکنِ پارلیمان وسنت چوہان کا آج طویل علالت کے باعث انتقال ہوگیا۔ وہ 70 برس کے تھے۔ گذشتہ کئی روز سے حیدرآباد کے کِمس اسپتال میں وہ زیرِ علاج تھے۔ حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں وسنت را ئو چوہان نے بی جے پی کے پرتاپ ر ائو پاٹل چکھلیکر کو بڑے فرق سے شکست دی تھی۔

                وسنت چوہان کا سیاسی سفر 1978 میں شروع ہوا تھا اور وہ نائیگائوں کے سرپنچ منتخب ہوئے تھے‘ جبکہ سال 2002 میں وہ ضلع پریشد کیلئے منتخب ہوئے‘ اور اس کے فور ی بعد ہی قانون ساز کونسل کیلئے ان کا انتخاب عمل میں آیا۔ 2009 میں نائیگائوں اسمبلی حلقہ وجود میں آنے کے بعد وہ اس حلقے کے اوّلین رکنِ اسمبلی بنے۔

                اُن کی آخری رسومات کل صبح گیارہ بجے نائیگا ئوں میں ادا کیے جانے کی اطلاع اُن کے اہلِ خانہ نے دی ہے۔

***** ***** *****

                ملک کی آزادی کیلئے بہت سے مجاہدین نے کوئی سیاسی پس منظر نہ ہونے کے باوجود تحریکِ آزادی کی جدوجہد میں خود کو وقف کر دیا۔ ترقی یافتہ بھارت کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے آج ایسے ہی جذبے سے سرشار لوگوں کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ بات کہی۔ کل آکاشوانی پر نشر ہونے والے پروگرام ’’من کی بات‘‘ کے توسط سے وزیرِ اعظم مودی نےاہلِ وطن سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد سیاست میں آنے کیلئے تیار ہے اور انہیں صرف رہنمائی اور مناسب موقع دینے کی ضرورت ہے۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

                ریلوے کے مرکزی وزیرِ مملکت رَونیت سنگھ نے یقین دلایا ہے کہ گرو گووِند سنگھ جی کے قدموں سےمستفیض ہونے والے ناندیڑ ریلوے اسٹیشن کومستقبلِ قریب میں تمام سہولیات سے مزین کیا جائے گا۔ انہوں نے کل ناندیڑ میں ایک خصوصی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، اس موقعے پر وہ مخاطب تھے۔ شہید بابا بھجنگ سنگھ جی چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے آئندہ 6 ستمبر تک پنچ تخت صاحب کے درشن کیلئےاس خصوصی ٹرین یاترا کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اس یاترا کی پہلی ٹرین کل روانہ ہوئی۔

***** ***** *****

                ریاست کے مختلف مقامات پر کل بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا‘ جس کی وجہ سے بیشتر آبی منصوبوں سے پانی کا اخراج جاری ہے۔

                مراٹھواڑہ میں گذشتہ دو دِنوں سے اطمینان بخش بارش ہورہی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگرشہر اور ضلع میں کل دن بھر بارش کا سلسلہ جا ری رہا۔ ضلعے میں اب تک سالانہ اوسط 94 اعشاریہ نو فیصد، جالنہ ضلعے میں 95 اعشاریہ پانچ فیصد، جبکہ بیڑ ضلعے میں 97 فیصد بارش ہوئی ہے۔

                جالنہ ضلعے کی دودھنا ندی کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے اور کئی پشتے لبریز ہوکر بہنے لگے ہیں۔ بیڑ ضلعے کی مانجرا ندی میں آئی طغیانی سے کیج اور کلمب تعلقوں کی سرحد پر فخرآباد پشتہ پھوٹنے سے بیڑ اور دھارا شیو ضلعوں میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

                ناسک شہر سمیت ضلع بھر میں کل موسلادھار بارش ہوئی۔ گنگاپور آبی پشتے سے پانی کا اخراج جاری رہنے سے گوداوری ندی میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ گنگاپور آبی پشتے سے آٹھ ہزار 427‘ د ارنا آبی پشتے سے 14 ہزار 416جبکہ ناندور۔ مدھمیشور سے 52ہزار 308 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ناسک شہر کے ر ام کُنڈ علاقے کے کئی منادر زیرِ آب آچکے ہیں۔

                چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں 58  ہزار 799 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے‘ جبکہ جائیکواڑی کی آبی سطح 44 فیصد تک جاپہنچی ہے۔ نئی ممبئی‘ پال گھر، کولہاپور، ستارا، نندوربار، دھولیہ اضلاع میں بھی کل زوردار بارش ہوئی اور آبی پشتوں سے پانی کا اخراج کیا گیا۔

***** ***** *****

                جالنہ صنعتی بستی کے گج کیسری اسٹیل کارخانہ میں ہوئے دھماکے میں ایک زخمی مزدور کی چھترپتی سمبھاجی نگر کے نجی اسپتال میں دورا نِ علاج کل موت واقع ہوگئی‘ فوت شدہ ملازم کا نام رام شریشٹھ بھٹوریاہے‘ جبکہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر تین مزدوروں کی حالت تشویشناک ہونے کی اطلاع پولس ذرائع نے دی ہے۔

                دریں اثنا‘ اس معاملے میں چندن جھیرا پولس اسٹیشن میں شکایت درج ہونے کے بعد گرفتار شدہ کمپنی مالک سمیت دیگر دو ملزمین کی عد الت نے ضمانت منظور کرلی۔

***** ***** *****

                شیوسینا اُدّھو باڑا صا حب پارٹی کے یووا سینا کے صدر و رکنِ اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے دورہ پر ہیں اور کل انھوں نے پارٹی کارکنان سے تبادلۂ خیال کیا۔ انھوں نے کارکنان کو ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کی ترغیب دی۔ بے روزگاری‘ خواتین کے تحفظ جیسے موضوعات پر انھوں نے حکومت پر نکتہ چینی بھی کی۔ آدتیہ ٹھاکرے آج بھی ضلع کے مختلف علاقو ں کا دو رہ کرکے کسانوں سے بات چیت کریں گے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭             ریاستی ملازمین کیلئے تصحیح شدہ قومی پنشن اسکیم نافذ کرنے کے فیصلے کوریاستی کابینہ کی منظوری۔

                ٭             ملک میں طاقت ِ نسواں کےتحفظ کو اولین ترجیح دینے کا وزیر اعظم کا عزم؛ جلگاؤں میں منعقدہ پروگرام میں بچت گروپوں کیلئےڈھائی ہزار کروڑ روپے کا گشتی فنڈ جاری ۔

                ٭             ناندیڑ کے رکنِ پارلیمان وسنت چوہان کا انتقال؛ کل آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

اور۔۔۔٭     مر اٹھو اڑہ سمیت ریاست بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، جائیکواڑی آبی منصوبے میں 44 فیصدپانی کا ذخیر۔

***** ***** *****

No comments: