Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Dated : 02.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ قانون ساز کونسل کی 6 نشستوں کیلئے اوسطاً 69 فیصد رائے دہی؛ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب میں 64 فیصد پولنگ۔
٭ جل یُکت شیوار مہم کی تحقیقات کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کمیٹی کا قیام۔
٭ شادی کی تقاریب اور آخری رسومات میں شرکاء کی تعدادکی حد کا دیگر تقاریب پر اطلاق نہیں؛ ممبئی عدالت ِ عالیہ کی وضاحت۔
٭ کووِڈ کے ٹیکے ضرورتمندوں میں مرحلہ وار دئیے جائیں گے۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں کل 4 ہزار 930 نئے مریضوں کی کورونا جانچ مثبت؛ مراٹھواڑہ میں 7 مریضوںکی موت۔
اور۔۔ ٭ ناندیڑ ضلع میں جماعت نہم تا بارہویں کی جماعتوں کا آج سے ایک دن ناغے کے ساتھ آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
قانون ساز کونسل کے تین گریجویٹس‘ 2 ٹیچرس اور ایک مقامی خود مختار ادارے کے حلقہ جات انتخاب میں اوسطاً 69 فیصد رائے دہی ہوئی۔ انتخابی افسرکے دفتر کے ذرائع سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق اورنگ آباد گریجویٹس حلقے میں رائے دہی کا فیصد 61.8 رہا۔ پونا گریجویٹس حلقۂ انتخاب میں 50.30‘ ناگپور گریجویٹس حلقے میں 58.76‘ امراوتی ٹیچرس حلقۂ انتخاب میں تقریباً 83 فیصد‘ پونا ٹیچرس حلقے میں 70.44 اور دھولیہ۔ نندوربار مقامی خود مختار حلقے میں 99.31 فیصد رائے دہی عمل میں آئی۔
اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب میں رائے دہی پُرامن رہی۔ اس نشست کیلئے 35 امیدواروںکا مستقبل بیلیٹ بکسوںمیں بند ہوگیا۔ ڈویژن میں کل اوسطاً 64.49 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق ِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ پربھنی ضلع میں سب سے زیادہ 67.64 فیصد‘ جبکہ بیڑ ضلع میں سب سے کم 62 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اورنگ آباد میں 63.05 فیصد‘ ہنگولی میں 65.58‘ جالنہ ضلع میں 66.58‘ ناندیڑ میں 64.7‘ لاتور میں 66.11 اور عثمان آباد میں 67 فیصد رائے دہی عمل میں آئی۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود یوولے سمیت یونیورسٹی کے دیگر افسران نے اورنگ آباد شہر کے مختلف رائے دہی مرکز پر ووٹ ڈالے۔ اورنگ آبادکے ضلع سرکاری اسپتال اورمیونسپل کارپوریشن کے کووِڈ مراکز پر زیرِ علاج 12 کورونا مریضوں نے PPE کٹ پہن کر رائے دہی مراکز پر ووٹ ڈالے۔ ان مریضوں کو شام 4 تا 5 بجے کے دوران ووٹ ڈالنے کیلئے بھیجے جانے کا حکم دیا گیا تھا۔ یہ اطلاع ڈسٹرکٹ سیول سرجن ڈاکٹر سندر کلکرنی نے دی۔
***** ***** *****
ریاست میں جل یُکت شیوار مہم کے تحت سرانجام دئیے گئے تمام کاموں کی کھلی جانچ کرنے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ اس خصوص میں سبکدوش اپرچیف سیکریٹری وجئے کمار کی زیرِ صدارت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مرکزی کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں شامل 6 اضلاع کے 120 مقامات پر ایک ہزار 128 کاموںمیں سے کسی کام کی کھلی جانچ ہوگی اور کس کام کی محکمہ جاتی تحقیقات ہوگی اس کی سفارش کرنے کیلئے حکومت نے یہ کمیٹی قائم کی ہے۔ اس کے علاوہ بھی کمیٹی ضروری سمجھے تو کسی بھی کام کی کھلی جانچ کی سفارش کرسکتی ہے۔ اس کمیٹی کی مدتِ کار 6 ماہ کی ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اس یقین کا اظہار کیا ہیکہ مہاراشٹر کی کوئی بھی صنعت ریاست سے باہر نہیں جائیگی بلکہ دیگر ریاستوں کی کاروباری اکائیاں تجارت کیلئے مہاراشٹر آئیں گی۔ کل انڈین چیمبر آف کامرس کی جانب سے منعقدہ ویب پروگرام سے وہ مخاطب تھے۔ وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی‘ آئی ایم سی کے صدر راجیو پوددار اور دیگر اہم کاروباری شخصیات نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر ’’مشن انگیج‘‘ نامی کتاب اور ڈیجیٹل آرٹ نامی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔
***** ***** *****
ادویات و اغذیہ کے انتظامی امور کے وزیر ڈاکٹر راجندر شنگنے نے ترغیب دی ہے کہ عطیۂ خون کیلئے شہری رضاکارانہ طور پر آگے آئیں۔ ڈاکٹر شنگنے نے کل ممبئی اور تھانہ بلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھو ںنے کہا کہ لاک ڈائون کے اختتام کے بعد اب معمول کے مطابق عمل جراحی شروع ہوچکی ہے۔ اس لیے خون کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں تھیلیسیمیا اور سرطان کے مریضوں کی بھی خون کی ضرورت برقرار ہے۔ اس لیے رضاکار تنظیمیں اور سرکاری ادارے عطیۂ خون کیمپ کا انعقاد کریں۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے وضاحت کی ہے کہ شادی کی تقاریب اور آخری رسومات میں شرکاء کی تعداد کی معینہ حد کا دیگر تقاریب پر اطلاق نہیں ہوسکتا۔ ایک عرضداشت میں عدالت ِ عالیہ سے درخواست کی گئی تھی کہ شادی بیاہ کی تقاریب اور آخری رسومات کی طرز پر دیگر مختصر تقاریب کیلئے بھی شرکاء کی حد متعین کی جائے۔ اس عرضداشت پر سماعت کے دوران کل جسٹس سنیل شکرے اور جسٹس اویناش گھاروٹے پر مشتمل بینچ نے کہا کہ ہر تقریب کی نوعیت اور تقریب گاہ کی پیمائش کو مدِنظر رکھ کر شرکاء کی تعداد سے متعلق فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
اوبی سی رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ ہری بھائو راٹھوڑ نے پسماندہ طبقات کو نظر انداز کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے آئندہ 5 دسمبر سے ممبئی کے آزاد میدان پر غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال کا انتباہ دیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ 4 دسمبر سے قبل ان کے مطالبات پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاتا تو وہ بے مدت بھوک ہڑتال کریںگے۔
***** ***** *****
اداکارہ اُرمیلا ماتونڈکر نے کل شیوسینا میں شمولیت اختیارکرلی۔ شیوسینا سربراہ اور وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری میں رَشمی ٹھاکرے نے ان کا استقبال کیا۔ وزیرِ سیاحت آدتیہ ٹھاکرے‘ ممبئی کے میئر کشوری پیڈنیکر‘ شیوسینا کے سیکریٹری آدیش باندیکر اور پارٹی ترجمان پرینکا چترویدی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُرمیلا نے مہا وِکاس آگھاڑی حکومت کے کاموں کی تعریف کی۔
***** ***** *****
وزیر برائے صحت ِ عامہ راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ کووِڈ کے مجوزہ ٹیکے پر مرکز اور ریاستی حکومت کا کنٹرول رہے گا اور ہر ایک شخص کو ٹیکہ اندازی کے مرحلوںکے مطابق ہی ٹیکہ لگایا جائیگا۔ کل جالنہ میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کی 5 کمپنیوں کی معرفت کووِڈ ویکسین تیار کرنے کا کام جاری ہے اور ویکسین دریافت ہوجانے کے بعد اس کے استعمال سے متعلق مرکزی حکومت رہنما خطوط جاری کررہی ہے۔ یہ ویکسین پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں‘ پولس اہلکاروں اور مختلف امراض سے متاثرہ افرادکو ہی دی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 4 ہزار 930 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔ اس طرح اب ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 18 لاکھ 28 ہزار 826 ہوگئی ہے۔ کل ریاست بھر میں 95 افراد دورانِ علاج چل بسے۔ 6ہزار 290 مریضوں کو شفا یاب ہونے کے بعد کل گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ مراٹھواڑہ میں کل 7 کورونا مریضوں کی موت واقع ہوگئی‘ جبکہ 366 نئے مریض پائے گئے۔ لاتور اور عثمان آباد میں 2-2 اور جالنہ، بیڑ و اورنگ آباد میں ایک۔ ایک شخص چل بسا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے کلمنوری نگر پریشد کے چیف آفیسر امیش کوٹھیکر کو انتخابی کاموں میں کاہلی برتنے پر معطل کیے جانے کی سفارش تحصیلدار دتو شیواڑے نے کی ہے۔ انھوں نے اپنا سفارشی مکتوب ضلع کلکٹر کو ارسال کیا۔ کوٹھیکر کو شہری علاقوں میں ضابطۂ اخلاق نفاذ ٹیم کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم جب تحصیلدار اور دیگر افسران نے رائے دہی مرکز کا دورہ کیا تو کوٹھیکر غیر حاضر تھے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں جعلی کرنسی نوٹ کے معاملے میں پولس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 200 روپئوں کے 48 جعلی کرنسی نوٹ ضبط کرلیے۔ دیٹھن پولس نے تھانے کے تحت پرسوں رات کی گئی کاروائی میں 3 افراد کو اور ماجل گائوں سے 2 افراد کو پولس نے حراست میں لیا۔ ان میں سے ایک ملزم نابالغ ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں جماعت نہم تا بارہویں جماعت کی کلاسیس کا آج سے ایک دِن ناغے کے ساتھ آغاز ہوگا۔ تمام پرنسپلس‘ اسکول انتظامی کمیٹی‘ اساتذہ و سرپرستوںکی تنظیموں اور دیگر متعلقہ تنظیموںکو ضروری احتیاط کی ہدایت کے ساتھ ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر اور ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو ورشا ٹھاکر نے اسکول شروع کرنے کی اجازت دی۔ دہم اور بارہویں کے طلبہ جفت اور نہم اور گیارہویں کے طلبہ طاق تاریخوں کو اسکول آئیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ قانون ساز کونسل کی 6 نشستوں کیلئے اوسطاً 69 فیصد رائے دہی؛ اورنگ آباد گریجویٹس حلقۂ انتخاب میں 64 فیصد پولنگ۔
٭ جل یُکت شیوار مہم کی تحقیقات کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کمیٹی کا قیام۔
٭ شادی کی تقاریب اور آخری رسومات میں شرکاء کی تعدادکی حد کا دیگر تقاریب پر اطلاق نہیں؛ ممبئی عدالت ِ عالیہ کی وضاحت۔
٭ کووِڈ کے ٹیکے ضرورتمندوں میں مرحلہ وار دئیے جائیں گے۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں کل 4 ہزار 930 نئے مریضوں کی کورونا جانچ مثبت؛ مراٹھواڑہ میں 7 مریضوںکی موت۔
اور۔۔ ٭ ناندیڑ ضلع میں جماعت نہم تا بارہویں کی جماعتوں کا آج سے ایک دن ناغے کے ساتھ آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment