Wednesday, 1 September 2021

Text: Urdu Regional News Text Bulletin, Aurangabad. Date: 01.September-2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

 یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔

::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروںکی سرخیاں۔
٭ مہاراشٹر کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش‘ناندیڑ ضلعے میں 3  اور بیڑ میں ایک شخص کی موت‘اورنگ آباد
ضلعے کے دیہی علاقوں میں جاری بارش سے کنڑ کے اَوٹرم گھاٹ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر‘ ٹریفک بحال
ہونے میں لگ سکتے ہیں دو سے تین دِن۔
٭ مہاراشٹر حکومت کسی تہوار کے خلاف نہیں بلکہ کورونا وائرس کے خلاف ہے: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
اور
٭ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیاں توڑ کر BJP  اور MNS کے کارکنوں نے منایا دہی ہنڈی کا تہوار؛ ممبئی کے مختلف
پولس اسٹیشنوں میں کیس درج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مہاراشٹر کے کئی حصوں میں کل موسلا دھار بارش ہوئی‘ وہیں مراٹھواڑہ میں 31 ڈویژنوں میں ژالہ باری درج کی گئی۔ اس دوران ناندیڑ ضلعے میں کل 3  افراد کی پانی کے تیز بہائو میں بہہ جانے سے موت ہوگئی۔ اس بارش میں قندھار تعلقے کے گگن بیڑ میں 26 سالہ نوجوان موٹر سائیکل سمیت تیز بہائو میں بہہ گیا۔ مکھیڑ تعلقے کے اُندری پٹی دیوگائوں کا رہنے والا 15 سالہ لڑکا بھی کل صبح گائوں کے قریب نالے میں آئی اچانک طغیانی کے دوران بہہ گیا۔ ناندیڑ ضلعے کے لوہا تعلقے کے کوشٹھ واڑی کا 32 سالہ نوجوان پیر کے روز جانوروں کو چرانے نکلا تھا۔ اس دوران وہ ندی میں آئی طغیانی میں بہہ گیا۔ بعد میں اُس کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ ناندیڑ ضلعے کے ساتھ محصول ڈویژنوں مالا کولی‘ چاندالا‘ خانا پور‘ مکھیڑ‘ گرولہ، لوہا اور جامب میں ژالہ باری کا اندراج ہوا ہے۔ ان علاقوں میں ندی نالوںمیں آئی زبردست طغیانی سے کھڑی فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہو ا۔ اس بیچ ناندیڑ کے ڈاکٹر شنکر رائو چوہان وِشنو پوری ڈیم کے 2 دروازے کھول کر گوداوری میں پانی کا اخراج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے دیہی علاقوں میں کل علی الصبح شروع ہوئی موسلا دھار بارش صبح دس بجے تک جاری رہی‘ اس کے بعد بھی دِن بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اورنگ آباد ضلعے کے کنڑ تعلقے کے اَوٹرم گھاٹ کے 13 مقامات پر بڑے پیمانے پر چٹانیں کھسک کر سڑکوں پر آگریں، جس کے بعد دھولیہ۔ شولاپور قومی شاہراہ پر ٹریفک روک دی گئی۔ ضلع کلکٹر سنیل چوہان او رکنڑ کے رکنِ اسمبلی اُدئے سنگھ راجپوت نے جائے حادثے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ گھاٹ پر گری چٹانیں ہٹانے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ اَوٹرم گھاٹ پر پھنسی 80 گاڑیوں کو کل شام بحفاظت نکال لیا گیا۔ پورے گھاٹ کے راستے کے ٹھیک ہونے اور حسبِ معمول ٹریفک بحال ہونے میں دو سے تین دِن لگ سکتے ہیں۔ کنڑ تعلقے کے شیونا‘ گڑدگڑ اور گندھاری ندیوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔
جالنہ ضلعے کے بیشتر حصو ںمیں بھی کل علی الصبح موسلا دھار بارش ہوئی۔ اس بارش سے ندی نالوں میں زبردست طغیانی آگئی، جبکہ 8 محصول ڈویژنوں میں ژالہ باری کا اندراج ہوا۔ جالنہ ضلعے کے گھن سائونگی تعلقے کے تیرتھ پوری ڈویژن میں 121 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے اس علاقے میں گنّے کی کھڑی فصلیں پوری طرح تباہ ہوگئیں۔ کپاس او رمکئی کی فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ پورنا ندی میں آئی طغیانی اور سطحِ آب بڑھنے سے جین پور، کوٹھارا میں واقع شنی مندر کے اطراف پانی بہہ رہاہے۔ جالنہ ضلعے کے منٹھا‘ پرتور اور عنبڑ تعلقوں میں بھی دو ہفتے کے وقفے کے بعد کل زبردست بارش ہوئی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے وضاحت کی ہیکہ اُن کی حکومت کسی تہوار کے خلاف نہیں ہے بلکہ کورونا وائرس کے خلاف ہے اور اسی لیے کورونا وائرس سے بچنے کے ضابطوں پر سختی سے عمل کروایاجارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے تھانے میں واقع آکسیجن پلانٹ کا کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاح کیا۔ اس دوران اُنھوں نے یہ بات کہی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے دُنیا بھر میں جو ضابطے اور اُصول تیار کیے گئے ہیں اُن پر عمل کرنا ہی ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے یاد دلایا کہ مرکزی حکومت بھی تہواروں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلائو کے بڑھنے سے متعلق آگاہ کرچکی ہے اور ریاستی حکومت سے محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 4196 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس اضافے کے بعد اَب تک مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 64 لاکھ 64 ہزار 876 ہوگئی ہے۔ وہیں کل ریاست بھر میں 104 کورونا مریض دورانِ علاج فوت ہوگئے۔ مہاراشٹر میں اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک کُل ایک لاکھ 37 ہزار 313 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات لگ بھگ 2 فیصد رہی۔
دوسری جانب کل ریاست بھر میں 4688  افراد کو کورونا وائرس سے صحت یاب قرار دیکر اسپتالوں سے رُخصت کیا گیا۔ ان اعداد و شمار کو ملا کر اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 62 لاکھ 71 ہزار 800 تک جاپہنچی ہے۔ کووِڈ 19- سے ٹھیک ہونے کا ریاستی تناسب 97% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 51 ہزار 834 ہے اور ان سبھی کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ میں کل 200 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے، جبکہ 3 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں اورنگ آباد‘ جالنہ اور بیڑ ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ بیڑ ضلعے میں کل بھی ایک دِن میں کورونا پازیٹیو پائے گئے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔ بیڑ ضلعے میں کل 94 لوگوں کو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ عثمان آباد ضلعے میں 49‘ لاتور میں 18‘ اور پربھنی ضلعے میں 3 لوگوں میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 32 کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس تعداد میں 18 مریض اورنگ آباد کی شہری حدود سے ہیں جبکہ 14 مریض اورنگ آباد ضلعے کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ناندیڑ ضلعے میں 2‘ اور جالنہ اور ہنگولی ضلعو ںمیں ایک۔ ایک کورونا پازیٹیو مریض کا کل اضافہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کے ویجا پور تعلقے کے سابق شیوسینا رُکنِ اسمبلی RM وانی آج علی الصبح ڈیڑھ بجے چل بسے۔ وہ 82 برس کے تھے۔ وانی نے سال 1999‘ 2004  اور 2009 میں تین مرتبہ ودھان سبھا چنائو جیتا تھا۔ اس سے پہلے وہ دو مرتبہ ویجا پور بلدیہ کے صدر بھی رہے۔ اپنے 50 سالہ سیاسی سفر کے دوران وانی شروعات میں کانگریس اور بعد میں شیوسینا سے جڑے رہے۔ وانی کی آخری رسومات آج صبح 11 بجے ویجاپور میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
جاپان کی راجدھانی ٹوکیو میں جاری پیرا اولمپک مقابلو ںمیں بھارت کے کھلاڑی مَری اَپّن تھنگا ویلو‘‘ نے ہائی جمپ مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ بھارت کے دوسرے کھلاڑی شرت کمار نے بھی اسی مقابلے میں کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس سے پہلے کل صبح بھارت کے نشانہ باز سنگھ راج اَدھانا نے مردوں کے 10میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ ٹوکیو پیرا اولمپک مقابلوں میں بھارت اَب تک 9 تمغے جیت چکا ہے۔ کھیلوں کے اُمور کے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے سبھی تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مَری اَپّن نے لگاتار دوسرے پیرا اولمپک مقابلوں میں تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے موجودہ حالات کے مدِ نظر مہاراشٹر حکومت کی جانب سے دہی ہنڈی کا تہوار منانے کی اجازت نہ دئیے جانے سے مشتعل بھارتیہ جنتا پارٹی اور مہاراشٹر نونرمان سینا کے کارکنوں نے کل ممبئی میں دہی ہنڈی کا تہوار منایا۔ واضح ہو کہ کرشن جنماشٹمی کے دوسرے دِن دہی ہنڈی کا تہوار منایا جاتا ہے لیکن کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے مہاراشٹر حکومت نے اس تہوار کو منانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس دوران مہاراشٹر نونرمان سینا کے رہنما سندیپ دیشپانڈے کی قیادت میں دادر اور ممبئی کے مختلف مقامات پر دہی ہنڈی کا تہوار منایا گیا۔ پابندیوںکی خلاف ورزی کرنے اور کورونا مخالف ضابطوں کو توڑنے پر ممبئی کے مختلف پولس اسٹیشنوں میں 6 کیس درج کرلیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
بارش کے دِنو ںمیں وبائی امراض کے پھیلنے کے خدشات کے مدِنظر زیادہ افرادی قوت کا استعمال کرتے ہوئے لاتور شہر کو صاف کرنے کی ہدایت لاتور کے میئر وِکرانت گوجم گنڈے نے دی ہے۔ لاتور میونسپل کارپوریشن کو دی گئی ہدایت میں انھوں نے کہا کہ کارپوریشن کو دی گئی ہدایت میں انھوں نے کہا کہ کارپوریشن اپنے پاس موجود افرادی قوت کو ایک جگہ جمع کرکے اور اُس علاقے کو پوری طرح صاف کیا جائے۔
***** ***** *****
موسم: خلیج ِ بنگال میں تیار ہوئی کم دبائو کی پٹی کی وجہ سے موسم میں کافی تبدیلیاں رُونماء ہوئی ہیں۔ جس سے آج بھی ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی حصوں میں بارش جاری رہ سکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے یہ پیشن گوئی کی ہے۔ پورے کوکن علاقے کو آج Orange  اَلرٹ پر جبکہ ریاست کے باقی حصے کو گرین اَلرٹ پر رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اہم خبریں ایک بار پھرسن لیجیے۔۔
٭ مہاراشٹر کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش‘ناندیڑ ضلعے میں 3  اور بیڑ میں ایک شخص کی موت‘اورنگ آباد ضلعے کے دیہی علاقوں میں جاری
بارش سے کنڑ کے اَوٹرم گھاٹ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر‘ ٹریفک بحال ہونے میں لگ سکتے ہیں دو سے تین دِن۔
٭ مہاراشٹر حکومت کسی تہوار کے خلاف نہیں بلکہ کورونا وائرس کے خلاف ہے: وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
اور۔۔
٭ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیاں توڑ کر BJP  اور MNS کے کارکنوں نے منایا دہی ہنڈی کا تہوار؛ ممبئی کے مختلف
پولس اسٹیشنوں میں کیس درج۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی اورنگ آباد سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد یا AIR NEWS AURANGABAD پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****

No comments: