Thursday, 2 December 2021

TEXT: Regional Urdu News Text Bulletin, Aurangabad. Date: 02.12.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

 آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ دسمبر  ۲۰۲۱ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
یہ آکاشوانی اورنگ آباد ہے۔
مرکزاورریاستی حکومتوں نے گھر گھر جاکر کورونا کے مدافعتی ٹیکے دینے کی مہم شروع کی ہے۔سامعین سے گذارش ہے کہ اس مہم میں شامل ہوکر کورونا تدارک کے ٹیکے ضرور لیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔ یاد رکھیں کورونا کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔ اس لیے احتیاط لازمی ہے۔ ماسک کا استعمال کریں۔محفوظ جسمانی فاصلہ برقراررکھیں۔ہاتھ اور منہ کو صاف رکھیں۔
کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے کسانوں کو مالی امداد دینے سے مرکزی حکومت کا انکار۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے زرعی قوانین واپس لینے کے بل کو صدرِ جمہوریہ کی منظوری۔
٭ مراٹھوا ڑہ میں آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں کو خصوصی امدادی پیکیج دینے کا اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل کا لوک سبھا میںمطالبہ۔
٭ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں غیر بی جے پی جماعتوں کے اتحاد کیلئے مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی اور NCP سربراہ شرد پوار کے مابین گفتگو۔
اور۔۔ ٭ شیوسینا کے سابق وزیر ارجن کھوتکر پر ڈھائی سو کروڑ روپئے کی بدعنوانی کا BJP کا الزام۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت کے منظور کردہ تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف مظاہروں کے دوران متعدد کسانوں کی موت واقع ہوئی۔ دورانِ مظاہرہ ہلاک ہونے والے ان کسانوں کے خاندانوں کو کسی بھی قسم کی مالی امداد نہیںدی جائیگی۔ مرکزی وزیرِ زراعت نریندر سنگھ تومر نے کل لوک سبھا میںیہ وضاحت کی۔ مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے ان کسانوں کو معاوضہ دینے سے متعلق لوک سبھا میں اُٹھائے گئے موضوع پر انھوں نے یہ وضاحت دی۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ تقریباً ایک برس جاری رہنے والے ان مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے اعداد و شمار موجود نہیں ہیں‘ اس لیے اُن کے ورثاء کو مالی امداد دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسی دوران کسانوں کی تحریک کی قیادت کرنے والے سنیکت کسان مورچہ کا مؤقف ہے کہ اس تحریک کے دوران 700 سے زائد کسانوں کی موت واقع ہوئی۔
***** ***** *****
تین متنازعہ زرعی قوانین واپس لینے سے متعلق پارلیمنٹ میں منظور شدہ بل کو کل صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند نے منظوری دے دی۔ اس طرح اب یہ قوانین منسوخ کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھواڑہ میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو خصوصی پیکیج دیا جائے۔ کل لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے امتیاز جلیل نے کہا کہ صرف گذشتہ برس مراٹھواڑہ میں فصلیں تباہ ہونے سے پریشان 756 کسانوں نے خودکشی کی۔ آفاتِ سماوی کے باعث ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگایا جاتا رہا اور پنچنامے ہوئے، تاہم فصلوں کے بیمے کی رقم کسانوں کو نہیں ملی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کہتی ہے کہ اس کیلئے مرکزی حکومت نے اپنا حصہ ادا نہیں کیا، اس لیے بیمے کی رقم ادا نہیں کی جاسکتی۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی اسی لڑائی کے باعث کسان خودکشی پر مجبور ہور ہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت متاثرہ کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج جاری کرے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مستحکم متبادل فراہم کرنے کیلئے مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی سے بات چیت ہوئی۔ ممبئی کے سہ روزہ دورے پر آئی ہوئی ممتا بنرجی نے کل شرد پوارسے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرد پوار نے بتایا کہ دورانِ ملاقات ملک کی ہم خیال جماعتوں کے قومی سطح پر اتحاد اور دیگر موضوعات پر تبادلۂ خیال ہوا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی مخالف کوئی بھی سیاسی جماعت اس اتحاد میں شامل ہونا چاہے تو اس کااستقبال ہے۔ اتحاد کی قیادت کوئی اہم مسئلہ نہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ریاستوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے نئے اومائیکرون ویرئنٹ کی دریافت کے پیشِ نظر مرکز کے جاری کردہ رہنماء ضوابط کی بنیاد پر ہی پابندیاں عائد کی جائیں۔ اس خصوص میںمرکزی سیکریٹری برائے صحت ِ عامہ راجیش بھوشن نے ایک مکتوب ریاستی حکومتوں کو ارسال کیا‘ جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستوں کی جانب سے غیر ملکی مسافروں پر عائد پابندیاں مرکزی حکومت کے رہنماء ضوابط سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ریاستی حکومت نے بیرونِ ملک سے آنے والے تمام مسافروں کیلئے RT-PCR جانچ لازمی قرار دی ہے، تاہم مرکزی حکومت نے صرف اومائیکرون سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے ہی RT-PCR جانچ کو ضروری قرار دیا۔ بقیہ ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے صرف 14 دِن کورنٹائن کی شرط ہی رکھی گئی ہے۔
***** ***** *****
مقامی خود مختار اداروں کے آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر 5 دسمبر تک تمام اہل شہری‘ فہرست رائے دہندگان میں اپنا نام درج کروا سکتے ہیں۔ ریاستی انتخابی کمشنر یو پی ایس مدان نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ قومی انتخابی کمیشن کی جانب سے مختصر نظرِ ثانی پروگرام کی معیاد میں توسیع کیے جانے کے باعث یہ اندراج ممکن ہوسکے گا۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر مقامات پر کل سے ابتدائی مدارس شروع کردئیے گئے۔ جالنہ، پربھنی، ہنگولی، لاتور، عثمان آباد اور بیڑ اضلاع میں تمام پرائمری اسکول کل سے کھول دئیے گئے۔ اورنگ آباد کے دیہی علاقوں میں بھی ابتدائی مدارس کل سے کھول دئیے گئے۔ کل پہلے دِن اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے آئے والدین کا اسکولوں پر ہجوم دیکھا گیا۔
***** ***** *****
بی جے پی کے رکنِ پارلیمان کریٹ سومیا نے الزام عائد کیا ہے کہ شیوسینا کے سابق مملکتی وزیر ارجن کھوتکر نے ڈھائی سو کروڑ روپئے کی بدعنوانی کی ہے۔ کل جالنہ میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جالنہ تعلقے کے رام نگر امدادِ باہمی شکر کارخانے کی زمین ارجن کھوتکر نے ہڑپ لی اور جالنہ زرعی مارکیٹ کمیٹی میں ارجن بزنس سینٹر شروع کیا۔ سومیا نے کہا کہ اس ضمن میں دستاویزات مختلف محکموں کو پیش کیے گئے ۔ اسی دوران ارجن کھوتکر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر یہ بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 767 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک اس وباء کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 66 لاکھ 36 ہزار 425 ہوگئی ۔ کل 28 مریض دوران علاج فوت ہوگئے۔ اس طرح ریاست بھر میں اب تک کورونا کے باعث ایک لاکھ 41 ہزار 25  اموات ہوچکی ہیں۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 7 ہزار 319 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ میں کل 36 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 4 مریض انتقال کرگئے۔ جن میںاورنگ آباد کے 3  اور بیڑ ضلع کا ایک شخص شامل ہے۔ کل اورنگ آباد ضلع میں 12 نئے کورونا مریض پائے گئے‘ جبکہ بیڑمیں 10‘ لاتور 6‘ پربھنی اور عثمان آباد میں 3-3‘ اور ناندیڑ و ہنگولی اضلاع میں ایک۔ ایک نئے مریض کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ۔ واگھالا میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر کے عہدے پر کانگریس کے عبدالغفار عبدالستار اور مجلس قائمہ کے سربراہ کے عہدے پر کشور سوامی کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میںآیا ۔ ان دونوں عہدوں کیلئے کل تک صرف ایک۔ ایک درخواست ِ نامزدگی موصول ہوئی تھی۔
***** ***** *****
بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال میں ہوا کے شدید کم دبائو کے باعث ریاست کے بیشتر مقامات پر عین موسمِ سرما میں کل زوردار بارش ہوئی۔ کل ممبئی‘ پونا‘ وسطی مہاراشٹر اور خاندیش میں غیر موسمی بارش ہوئی‘ جبکہ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں دِن بھر موسم ابر آلود ہونے کے باعث درجۂ حرارت میں کمی درج کی گئی۔ کل ناسک ضلع میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث انگور اور پیاز کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اورآخر میں ا س بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے کسانوں کو مالی امداد دینے سے مرکزی حکومت کا انکار۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے زرعی قوانین واپس لینے کے بل کو صدرِ جمہوریہ کی منظوری۔
٭ مراٹھوا ڑہ میں آفاتِ سماوی سے متاثرہ کسانوں کو خصوصی امدادی پیکیج دینے کا اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل کا لوک سبھا میںمطالبہ۔
٭ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں غیر بی جے پی جماعتوں کے اتحاد کیلئے مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی اور NCP سربراہ شرد پوار کے مابین گفتگو۔
اور۔۔ ٭ شیوسینا کے سابق وزیر ارجن کھوتکر پر ڈھائی سو کروڑ روپئے کی بدعنوانی کا BJP کا الزام۔
***** ***** *****

No comments: