Wednesday, 2 February 2022

Text - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 02.February.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 02 February-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍  فروری  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
ملک کے بیشتر مقامات پر کووِڈ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔اس لیے ہماری سامعین سے گذارش ہے کہ محتاط رہیں اور 15 تا 18 برس کے نوجوانوں اور دیگر اہل شہریوں کو کورونا مدافعتی ٹیکے لینے میں تعاون کریں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا پھیلائو تشویشناک ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے تین سہل احکامات پر عمل کریں۔ ماسک لگائیں‘ دو میٹر کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ اور چہرہ صاف رکھیں۔کووِڈ 19- سے متعلق کسی بھی مدد یا معلومات کیلئے مرکزی ہیلپ لائن نمبر011-23 97 80 46  یا  1075  پر اور ریاستی امدادی مرکز کی ہیلپ لائن نمبر 020- 26 12 73 94  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ہمہ جہت ترقی‘ پیداوار میں اضافہ اور سرمایہ کاری پر خصوصی زور دینے والا سالانہ عام مالیاتی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
٭ بجٹ میں ڈیجیٹل کرنسی‘ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بیٹری سوئپنگ پالیسی اور 25 ہزار کلو میٹر طویل راستوں کی تعمیر کی تجاویز۔
٭ آئندہ 3 برسوں میں 400 وندے بھارت ٹرینیں اور 100 کارگو ٹرمینل شروع کرنے کا ہدف۔
٭ علاقائی زبانوں میں تعلیم کیلئے 200 ٹی وی چینل شروع کیے جائیں گے۔
٭ انکم ٹیکس نظام میں کوئی ردّو بدل نہیں‘ بجٹ پر ریاست بھر سے ملا جلا ردّ عمل۔
٭ OBC کو 50 فیصد کی حد میں ہی ریزرویشن دینے سے متعلق بل پر گورنر کے دستخط۔
اور۔۔٭ ریاست میں کووِڈ کے 14ہزار 372 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 6 مریضوں کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کل سال 2022-23 کا سالانہ عام مالیاتی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں پردھان منتری گتی شکتی‘ ہمہ گیر ترقی‘ پیداوار میں اضافے اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ڈیجیٹل روپیہ، 5-G نیٹ ورک‘ دفاعی شعبہ میں خانگی عمل داری‘ الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق جامع پالیسی‘ زرعی انفراسٹرکچر کے فروغ اور ندیوں کو باہم جوڑنے کے پانچ منصوبوں کو منظوری اس بجٹ کی خصوصیات ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ریزرو بینک آف انڈیا‘ آئندہ مالی سال میں بلاک چین اور دیگر تکنیکی تعاون سے ڈیجیٹل روپیہ جاری کریگی۔ کرپٹو کرنسی کی تجارت میں ہونے والے فائدے پر 30 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی رکھی گئی ہے۔ 5-G  موبائل سروس کیلئے اسپیکٹرم کی نیلامی بھی آئندہ مالی سال میں ہوگی۔ اندرونِ 3 برس دیہاتوں میں آپٹیکل فائبر کنکشن کا کام مکمل کرکے دور دراز کے علاقوں میں براڈ بینڈ اور موبائل خدمات کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائیگی۔
دفاعی شعبے کو خودکفیل بنانے کیلئے خانگی شعبے بالخصوص اسٹارٹ اَپ کا تعاون حاصل کرنے کی حکومت کی تجویز ہے۔ عوامی حمل و نقل کے نظام میں بڑے پیمانے پر الیکٹرک گاڑیاں شامل کی جائیں گی۔ اس خصوص میں بیٹری چارجنگ اسٹیشنز کی تعداد میں اضافے اور بیٹری سوئپنگ پالیسی کو بھی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ جن گاڑیوں کے ایندھن میں ایتھینال کی ملاوٹ نہیں ہے ان پر آئندہ اکتوبر سے فی لیٹر 2 روپئے اضافی ایکسائز ڈیوٹی عائد ہوگی۔ ایتھنال ملاوٹ شدہ ایندھن کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک میں آئندہ برس 25 ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں شاہراہوں کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ملک میں تلہن کی کاشت کو بڑھانے پر زور دیا جائیگا۔ علاوہ ازیں نابارڈ سے کسانوں کو قرض مہیا کرنے کیلئے آئی ٹی بیس سپورٹ حاصل کرنے کی حکومت کوشش کریگی۔ نرملا سیتا رَمن نے بتایا کہ MSP کے تحت حکومت اب تک کسانوں کے کھاتوں میں 2لاکھ 37 ہزار کروڑ روپئے جمع کرواچکی ہے۔
ملک بھر کے دیڑھ لاکھ ڈاک خانوں کو صد فیصد کور بینکنگ میں شامل کیا جائیگا۔ اس مالیاتی بجٹ میں دفاعی شعبے کیلئے 5 لاکھ 25ہزار 166 کروڑ روپئے مختص کیے گئے۔ زرعی شعبے کیلئے ایک لاکھ 32 ہزار 513 کروڑ‘ ریلوے کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار 367 کروڑ‘ دیہی ترقیات کیلئے ایک لاکھ 38 ہزار 203 کروڑ‘ قومی طبّی مہم کیلئے 37ہزار 800 کروڑ اور پنت پردھان آواس یوجنا کیلئے 48 ہزار کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کیے گئے۔ آئندہ 3 برسوں میں 400 وندے بھارت ٹرینیں اور 100 پی ایم گتی شکتی کارگو ٹرمینل تیار کیے جائیں گے۔
گوداوری کرشنا۔ دمن گنگا پنجاڑ اور پارتاپی نربدا سمیت ندیوں کو باہم جورنے کے پانچ منصوبے بجٹ میں شامل کیے گئے۔ PM ۔ای تعلیم پروگرام کے تحت 200 نئے ٹی وی چینل شروع کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وزیرِ مالیات نے بتایا کہ علاقائی زبانوں میں تعلیم پر خصوصی زور دیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ پیداوار کو فروغ دینے کی اسکیم کے تحت 14 شعبوں میں 60 لاکھ نئے روزگار پیدا ہوں گے۔
انکم ٹیکس نظام میں اس بجٹ میں کوئی بھی ردّ و بدل کی تجویز شامل نہیں کی گئی۔ تاہم انکم ٹیکس گوشوارے دو برسوں کی مدت میں جمع کروانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ٹیکس بچانے کے معاملے میں چھاپہ مارنے کی نوبت آتی ہے تو متعلقہ ٹیکس دہندگان کی املاک قرق کرنے کی تجویز بھی بجٹ میں شامل ہے۔
***** ***** *****
2022-23 کے سالانہ مرکزی بجٹ پر ریاست بھر سے ملا جلا ردّ عمل سامنے آیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ نوکری پیشہ طبقے اور عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنے والا ہے۔ اس سے پہلے مرکزی حکومت نے عوام کو کئی خواب دکھاتے ہوئے توقعات پیدا کی تھیں لیکن اُن میں سے کتنے خواب پورے ہوئے اس کی وضاحت نہ کرتے ہوئے کل کے بجٹ میں مزید خواب دکھا دئیے گئے۔ علاوہ ازیں پہلے اور اب کے جو سبز باغ دکھائے گئے ہیں انھیں حاصل کرنے کیلئے کوئی سمت بھی بجٹ میں متعین نہیں کی گئی۔
وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے بجٹ پر اپنا ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ GST میں ریاست کا حصہ دو برسوں کیلئے بڑھائے جانے کی توقع تھی تاہم وہ پوری نہیں ہوئی۔ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف دیویندر پھڑنویس نے بجٹ کو مستقبل میں قومی ترقی کی راہ ہموار کرنے والا اور طاقتور ملک کا خودکفیل بجٹ قرار دیا۔
***** ***** *****
دیگر پسماندہ طبقات OBC کو 50 فیصد کی حد میں ہی ریزرویشن دینے والے بل پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کل دستخط کردئیے۔ یہ بل اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں منظور کیا گیا تھا۔ گورنر کے دستخط کے بعد اب OBC کو 50 فیصد کی حد میں ہی انتخابات میں 27 فیصد ریزرویشن دینے والا قانون عمل میں آجائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون کا ایک بھی نیا مریض نہیں پایا گیا۔ ریاست میں اب تک اومائیکرون ویرئنٹ سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 221 ہے، جن میں سے ایک ہزار 682 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 14 ہزار 372 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ اس طرح ریاست بھر میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 77 لاکھ 35 ہزار 481 ہوگئی ۔ کل 94 مریض دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جس کے بعد ریاست میں اس مہلک وباء سے فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 705 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں ایک لاکھ 91 ہزار 524 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھوا ڑہ میں کل ایک ہزار 343 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 6  افراد دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ جن میں اورنگ آباد اور لاتور کے 2-2  اور ہنگولی و بیڑ کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ کل اورنگ آباد ضلع میں 474 نئے مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ لاتور ضلع میں 163‘ ہنگولی میں 148‘ ناندیڑ 144‘ جالنہ 134‘ بیڑ 106‘ پربھنی 99‘ اور عثمان آباد ضلع میں 79 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں جماعت اوّل تا چہا رم ابتدائی اسکول آئندہ 7 فروری سے کھولنے کو ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر نے منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی فیصلے میں موجود کووِڈ ضوابط پر اسکول مکمل عمل کریں اور 15 تا 18 برس کے بچوں کی صد فیصد ٹیکہ اندازی پر زور دیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ہمہ جہت ترقی‘ پیداوار میں اضافہ اور سرمایہ کاری پر خصوصی زور دینے والا سالانہ عام مالیاتی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش۔
٭ بجٹ میں ڈیجیٹل کرنسی‘ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بیٹری سوئپنگ پالیسی اور 25 ہزار کلو میٹر طویل راستوں کی تعمیر کی تجاویز۔
٭ انکم ٹیکس نظام میں کوئی ردّو بدل نہیں‘ بجٹ پر ریاست بھر سے ملا جلا ردّ عمل۔
٭ OBC کو 50 فیصد کی حد میں ہی ریزرویشن دینے سے متعلق بل پر گورنر کے دستخط۔
اور۔۔٭ ریاست میں کووِڈ کے 14ہزار 372 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 6 مریضوں کی موت۔
***** ***** *****

No comments: