Thursday, 1 June 2023

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 جون 2023‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 01 June-2023

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں 

تاریخ:   یکم جون  ۳۲۰۲ء؁

وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ امدادِ باہمی شعبے کی سب سے بڑی اناج ذخیرہ کرنے کی اسکیم کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔

٭ احمدنگر ضلع کا نام تبدیل کرکے اہلیہ دیوی ہولکر کرنے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان۔

٭ مرکزی حکومت کے 9 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ملک بھر میں بی جے پی کی رابطہ مہم۔

٭ نافیڑ اور NCCF کی معرفت ریاست بھر میں پیاز خریدنے کا آج سے آغاز۔

٭ جائیکواڑی آبی منصوبے کے بازآباد شدہ دیہاتوں میں شہری سہولیات فراہم کرنے کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی رابطہ وزیر سندیپان بھومرے کی ہدایت۔

اور۔۔ ٭ اورنگ آباد کے سنکیت کلکرنی قتل کے جرم میں سنکیت جائے بھائے کو دوہری عمر قید کی سزا۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ صدارت کل مرکزی کابینہ کے اجلاس میں امدادِ باہمی شعبے کے تحت اناج ذخیرہ کرنے کی سب سے بڑی اسکیم کو منظوری دے دی گئی۔ کل نئی دہلی میں کابینی اجلاس کے بعد مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کم و بیش ایک لاکھ کروڑ روپئے کی یہ اسکیم تجرباتی بنیاد پر 10 ریاستوں میں شروع کی جائیگی۔ بعد ازاں اس تجربے کی روشنی میں ملک کی دیگر تمام ریاستوں میں اس پر عمل کیا جائیگا۔ انھوں نے بتایاکہ اس اسکیم کی بدولت امدادِ باہمی شعبے میں اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 700 لاکھ ٹن کا اضافہ ہوگا اور یہ استعداد موجودہ ایک ہزار 450 لاکھ ٹن سے بڑھ کر آئندہ پانچ برسوں میں دو ہزار 150 لاکھ ٹن تک پہنچ جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ہر تعلقے میں دو ہزار ٹن اناج ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے گودام تعمیر کیے جائیں گے۔

انٹی گریٹیڈ اربن مینجمنٹ کو فروغ دینے والے ”سی آئی ٹی- آئی آئی ایس ٹو پوائنٹ او“ پروگرام کو بھی کل کابینی منظوری دی گئی۔ اس پروگرام کیلئے ایک ہزار 866 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے مسابقت کی بنیاد پر 18 شہروں کا انتخاب کیا جائیگا اور بعد ازاں ان شہروں میں انٹی گریٹیڈ ویسٹ مینجمنٹ اور گردشی معیشت سے متعلق منصوبوں پر توجہ دی جائیگی۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ احمدنگر کا نام تبدیل کرکے اہلیہ دیوی ہولکر کے نام سے موسوم کیا جائیگا۔ اہلیہ دیوی ہولکر کی سالگرہ کے سلسلے میں اُن کی جائے پیدائش احمدنگر ضلع کے چونڈی میں منعقدہ ایک اجتماع سے وہ خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اہلیہ دیوی کے کام ہمالیہ پہاڑ جیسے ہیں اور ضلع کو اُن کے نام سے موسوم کرنے سے ضلع کے وقار میں بھی اُتنا ہی اضافہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اہلیہ دیوی نے مملکتی اُمور کی مثال ہمارے سامنے رکھی ہے اور اُن کی جانب سے ملک کے انتظامی ڈھانچے کا تحفہ بہترین اور گرانقدر ہے۔ اہلیہ دیوی کارپوریشن کو ریاستی حکومت کی جانب سے 10کروڑ روپئے خرچ دئیے جانے کا اعلان بھی اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کیا۔

اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اہلیہ دیوی نے کبھی بھی کسی معاملے میں تفریق نہیں کی۔ انھوں نے اپنے اخراجات اور ریاستی مصارف کو الگ الگ رکھا۔ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ نے اہلیہ دیوی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس خصوص میں لگائی گئی نمائش کا معائنہ کیا۔

***** ***** *****

خواتین اور بہبودِ اطفال کے وزیر منگل پربھات لوڈھا نے کہا ہے کہ پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین‘ دیگر خواتین کو بھی سماجی میدان میں کام کرنے کی سمت راغب کریں۔ کل ممبئی‘ تھانہ اور پال گھر کے 15-15 گرام پنچایتوں کی 60ایوارڈ یافتہ خواتین کے استقبالیہ پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ ریاست کے 27 ہزار 897 گرام پنچایتوں میں 55 ہزار 794 خواتین کو کل یہ ایوارڈ دیا گیا۔

***** ***** *****

بارامتی کے سرکاری میڈیکل کالج کو پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کے نام سے موسوم کرنے کو ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ طبّی تعلیم کے وزیر گریش مہاجن نے کل ممبئی میں یہ اطلاع دی۔

***** ***** *****

وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت کے 9 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے کل بی جے پی کی جانب سے ملک بھر میں رابطہ مہم کا آغاز عمل میں آیا۔ اس مہم کا مقصد مرکزی حکومت کی جانب سے 9برسوں میں کیے گئے کاموں کو عوام تک پہنچانا ہے۔ مہم کا آغاز خود وزیرِ اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے شہر اجمیر سے کیا۔ وہاں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی کے دورِ اقتدار میں بدعنوانیوں کی حمایت نہیں کی جاتی، ”بلکہ سب کا ساتھ سب کا وِکاس“ پارٹی کا بنیادی نعرہ ہے اور اسی سے ملک بھر کی عوام مستفیض ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے 50برس قبل غریبی ہٹانے کا تیقن دیا تھا‘ لیکن درحقیقت کانگریس کے دور میں جس پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئیں وہ اُن کے خود کے رہنماء بیان کرتے ہیں۔ اس مہم کے تحت کل ریاست کے لاتور میں رکنِ پارلیمان سدھاکر شنگارے اور بیڑ میں رکنِ پارلیمان پریتم منڈے نے ایک اخباری کانفرنس میں بی جے پی حکومت کی کارکردگی پیش کی۔

***** ***** *****

قومی امدادِ باہمی زرعی مارکیٹنگ فیڈریشن نافیڑ اور صارفین کے قومی ادارے NCCF کی معرفت مشترکہ طور پر موسمِ گرما کی پیاز کی خرید کا آغاز ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں ریاست میں اِن دونوں اداروں کی معرفت تین لاکھ میٹرک ٹن پیاز خریدی جائیگی۔ ناسک ضلع کے دیوڑا میں مرکزی وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر بھارتی پوار کے ہاتھوں پیاز کی خرید کا افتتاح ہوگا۔

***** ***** *****

چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاجپوشی کو اس برس 350 برس مکمل ہورہے ہیں۔ اس خصوص میں آج سے رائے گڑھ میں مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ کل ان پروگراموں کا افتتاح عمل میں آئیگا۔ اس پروگرام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا پیغام نشر کیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت‘ مرکزی وزیر برائے ثقافتی اُمور جی کشن ریڈی‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ ثقافتی اُمور کے وزیر سدھیر منگنٹیوار سمیت شیواجی مہاراج کے عقیدت مند اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔

***** ***** *****

اورنگ آباد ضلع کے پیٹھن تعلقے کے جائیکواڑی آبی منصوبے کے بازآباد شدہ دیہاتوں میں شہری سہولیات سے متعلق کام جلد مکمل کرنے کا حکم اورنگ آباد کے رابطہ وزیر سندیپان بھومرے نے متعلقہ حکام کو دیا ہے۔ کل ممبئی میں پیٹھن تعلقے کے جائیکواڑی منصوبے سے متاثرہ افراد کے مسائل سے متعلق ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر وہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

***** ***** *****

اورنگ آباد شہر میں چھ برس قبل پیش آنے والی سنکیت کلکرنی قتل کی واردات کے ملزم سنکیت جائے بھائے کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے دوہری عمر قید اور 12ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ 23 مارچ 2018 کو کالج کے طالب علم سنکیت کلکرنی کو اس کے دوست سنکیت جائے بھائے نے یکطرفہ معاشقے کے معاملے میں کار سے کچل کر قتل کردیا تھا۔ اس مقدمے میں دیگر تین ملزمان کو ناکافی شہادتوں کی بنیاد پر بری کردیا گیا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ امدادِ باہمی شعبے کی سب سے بڑی اناج ذخیرہ کرنے کی اسکیم کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔

٭ احمدنگر ضلع کا نام تبدیل کرکے اہلیہ دیوی ہولکر کرنے کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان۔

٭ مرکزی حکومت کے 9 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ملک بھر میں بی جے پی کی رابطہ مہم۔

٭ نافیڑ اور NCCF کی معرفت ریاست بھر میں پیاز خریدنے کا آج سے آغاز۔

٭ جائیکواڑی آبی منصوبے کے بازآباد شدہ دیہاتوں میں شہری سہولیات فراہم کرنے کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی رابطہ وزیر سندیپان بھومرے کی ہدایت۔

اور۔۔ ٭ اورنگ آباد کے سنکیت کلکرنی قتل کے جرم میں سنکیت جائے بھائے کو دوہری عمر قید کی سزا۔

***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...