Friday, 28 June 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 جون 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 28 June-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۸؍جون  ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

                ٭             ترمیم شدہ فوجداری قوانین میں سزا پر انصاف کو ترجیح دینے کا صدر ِ جمہور یہ درَوپد ی مُرموکا عندیہ۔

                ٭             ر یاستی اسمبلی کے ما نسون اجلاس کا آغاز؛ رواں مالی سال کا مالیاتی بجٹ آج مقننہ میں پیش ہوگا۔

                ٭               اسمارٹ میٹر صرف سرکاری دفاتر میں نصب کیے جانے کی بجلی فراہمی کمپنی مہا وِترن کی وضاحت۔

                ٭             ناندیڑ سے پونے اور ناگپور کیلئے فضائی خدمات کا کل سے آغاز۔

اور۔۔۔٭       انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ کے فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

                اب خبریں تفصیل سے:

                صدرِ جمہو ر یہ درَوپدی مُرمو نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے ملک میں نافذ ہونے والے نظرثانی شدہ فوجداری قوانین میں سزا کے بجائے انصاف کو ترجیح دی جائے گی۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں صدرِ جمہوریہ مُرمو نے دونوں ایوانوں سےکل مشترکہ خطاب کیا۔

                اپنے خطاب میں صدرِ جمہوریہ نے حالیہ لوک سبھا انتخابات، ہندوستانی معیشت کی بلند ی اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ حکومت کا آئندہ بجٹ مستقبل کی منصوبہ بندی اور تیز رفتار اصلاحات پر توجہ مرکوز کرنے والا ہونے کا یقین انہوں نےظاہر کیا۔

                انہوں نے بتایا کہ پرچہ افشا ہونے کے معاملات کی رو ک تھام کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیے جانے کا یقین صدرِ جمہوریہ نے ظاہر کیا۔

                دریں اثنا‘ صدر کے خطبے کے بعد لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے نئے وزراء کا تعارف کرانے کے بعد کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

***** ***** *****

                 ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا‘ کل سے آغاز ہوا۔ مالی سال 2024-25 کا ر یاستی مالیاتی بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ کل، اجلاس کے پہلے دن، وزیر خزانہ نے دونوں ایوانوں کے فلور پر مالی سال 2023-24کی معاشی معائنہ رپورٹ پیش کی۔ جس میں ریاستی معیشت کی ترقی سات اعشاریہ چھ فیصد رہنے کا قیاس ظاہر کیا گیا۔ مالی سال 2022-23 میں ریاست کی مجموعی پیداوار میں نو اعشاریہ چار فیصد کا اضافہ ہوا تھا اور خدمات کے شعبےمیں سب سے زیادہ ترقی آٹھ اعشاریہ آٹھ ‘ جبکہ زرعی شعبے میں سب سے کم ایک اعشاریہ نو فیصد رہی تھی۔ صنعتی شعبے کی شرح نمو سات اعشاریہ چھ فیصد رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

                فی کس آمدنی کے لحاظ سے مہاراشٹر ملک میں چھٹے نمبر پر ہے۔ جبکہ گزشتہ مالی سال میں بھی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مہاراشٹر سرِفہرست رہا ہے۔

***** ***** *****

                علاقائی منصوبہ بندی اور شہری ترقیات اور ریاستی فروغِ ہنر یونیورسٹی سے متعلق آرڈیننس کل قانون ساز کونسل میں پیش کیے گئے۔ اسی طرح دونوں ایوانوں سے منظور شدہ سات بلوں کو گورنر کی منظوری ملنے کا اعلان بھی ایوان کیا گیا ۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نیلم گورہے نے پرساد لاڑ، ولاس پوتنیس، امول مٹکری، ابھیجیت وَنجاری اور منیشا کائندے کی میز کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کی۔

                قائد حزب اختلاف امباداس دانوے نے کل قانون ساز کونسل میں ریاست میں جاری پولس بھرتی کے عمل میں شریک ہونےوالے امیدواروں کو مناسب سہولیات نہ ملنے کا معاملہ پیش کیا۔ اس پر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایات دے دئیے جانےکی وضاحت کی۔

***** ***** *****

                 ریاست میں مہایوتی مضبوط اور مستحکم ہے اور گذشتہ دو سالوں میں ریاستی حکومت نے عوامی مفادات کے فیصلے کیے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس طرح کا دعویٰ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل اسمبلی کے احاطے میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ منشیات کے معاملے میں ریاست گیر سطح پر کارروائی کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں، اور اسکول کالج کے علاقے میں موجود ٹپریاں ہٹائی جا رہی ہیں۔

***** ***** *****

                شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حکومت سے اسمبلی انتخابات سے پہلے کسانوں کے قرضے معاف کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے ریاست میں جاری او بی سی اور مراٹھا ریزرویشن معاملے کا کوئی مشترکہ حل نکالنے پر حکومت کا ساتھ دینے کی وضاحت بھی کی۔ کسانوں کی خودکشی، پولس بھرتی، اور منشیات کی اسمگلنگ کے بڑھتےمعاملات کی طرف بھی ٹھاکرے نے حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشرکی جارہی ہیں۔

***** ***** *****

                کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے‘بجلی بلوں کی معافی اور آفاتِ سماوی سے ہونے والے نقصانات کے معاوضے فرا ہم کرنے کے مطالبات کو لیکر حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے کل اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا۔ اس موقعے پر قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے ریاستی حکومت پر کسانوں کے مسائل سے چشم پوشی کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

***** ***** *****

                وزیرِ اعظم نریندر مودی پرسو ں اتوار کو آکاشوانی کے ’’من کی بات‘‘ پر وگرام کے ذریعہ ملک کی عوام سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام اس سلسلے کے تیسرے ا یڈیشن کا پہلا حصہ ہوگا۔ آکاشوانی او ر دُوردرشن کے تمام چینلوں پر صبح گیارہ بجے یہ پروگرام نشر کیاجائےگا۔

***** ***** *****

                بجلی فرا ہمی کمپنی مہاوِترن نے وضاحت کی ہےکہ اسمارٹ میٹر عوام کیلئے متعارف نہیں کروائے گئے ہیں بلکہ یہ میٹر سرکار ی دفاتر میں لگائے جائیں گے۔ مہاوِترن کی ترمیم شدہ سپلائی زون اسکیم کی وجہ سے ر یاست کے بجلی صارفین کو قابلِ اعتماد اور معیاری بجلی فراہمی میں مدد ملے گی۔ بجلی ریگولیٹر کمیشن کی منظوری کے بعد لائنوں کو ملانے‘ تقسیم کے د ور ان نقصانات کو کم کرنے‘ تقسیمی طریقۂ کار کو مضبوط کرنے اور اسمارٹ میٹرنگ جیسے پر وگرام مہاوِترن کی جانب سے کیے جانے کی اطلاع صحافتی بیان کے ذریعے دی گئی ہے۔

***** ***** *****

                طبّی نصاب کورس میں داخلوں کے امتحان NEET میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) نے کل د و افراد کو بہار کے پٹنہ سے گرفتار کیا۔ ریاست میں NEET امتحان میں بے قاعدگی کے معاملے کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کی گئی ہے‘ جبکہ اس معاملے میں لاتور پولس نے بھی اب تک دو معلّمین کو گرفتار کیا ہے۔

***** ***** *****

                ناندیڑ طیران گاہ سے پونے اور ناگپور کیلئے فضائی خدمات کا‘ کل سے آغاز ہوگیا۔ صبح ساڑھے دس بجے ناندیڑ سے اُڑان بھرنے والی پرواز صبح ساڑھے گیارہ بجے پونہ پہنچے گی، جبکہ دوپہر ایک بجکر دس منٹ پر روانہ ہونے والا طیارہ دوپہر دو بجے ناگپور پہنچے گا۔ ہفتے میں چار دن یعنی پیر، منگل، جمعرات اور جمعہ کو یہ فضائی خدمات مسافر وں کو فراہم ہوسکیں گی۔

***** ***** *****

                وزیرِ محصول را دھا کرشن وِکھے پاٹل کی صدارت میں کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے مختلف موضو عات پر ایک جائزاتی اجلاس منعقدہوا۔اس اجلاس میں ضلعے کے مختلف مسائل پر تفصیلی غور و فکر کرکے اس پر مثبت فیصلے لیے گئے۔ سلوڑ تعلقہ دو دھ تنظیم کو مہانند کے ساتھ رُکنیت دینے او ر سوئےگائوں  تحفظ ِ مویشیان محکمہ کی خالی جائیدادوں کو پُر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مارکیٹنگ اور اقلیتی اُمور کے ر یاستی وزیر عبدالستار بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔

***** ***** *****

                T-20 کرکٹ عالمی کپ کا فائنل مقابلہ کل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔ گزشتہ روز منعقدہ سیمی فائنل میں بھارت نےانگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ اس میچ میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ اووروں میں سات وکٹ پر 171 رنز اسکور کیے۔ روہت شرما نے 57 ، سوریہ کمار یادو نے 47 او ر ہاردک پانڈیا نے 23 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل نے تین تین جبکہ جسپریت بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ چھ گیندوں میں دس رنز بنانے اور انگلینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے والے اکشر پٹیل کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

                دریں اثنا‘ گزشتہ روز صبح ہوئے پہلے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

***** ***** *****

                دو دھ کو کم از کم 40 ر وپئے فی لیٹر قیمت دینے اور امداد د ینے کے مطالبے پر دو دھ کے کاروباری کسا ن سنگھرش کمیٹی نے آج سے ر یاست گیر احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ دریں اثنا‘ ر یاست کے تحفظ ِ مویشیان اور دودھ کاروبار ترقی محکمے کے وزیرر ادھا کرشن وِکھے پاٹل کی صدارت میں دودھ کی قیمت بڑھانے سے متعلق دودھ کے کارو باری کسانوں کی ایک اہم میٹنگ کل سنیچر کو ودھان بھون میں منعقد ہوگی۔

***** ***** *****

                پرلی۔ پورنا۔ پرلی پیسنجر ریلوے گاڑی آج سے آئندہ 8  جولائی تک منسوخ کی گئی ہے‘ جبکہ دھرم آباد۔ منماڑ ریلوے گاڑی دھرم آباد تا ناند یڑ کے درمیان منسوخ کیے جانے کی اطلاع جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ عو امی رابطہ دفتر نے دی ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

                آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

                ٭             ترمیم شدہ فوجداری قوانین میں سزا پر انصاف کو ترجیح دینے کا صدر ِ جمہور یہ درَوپد ی مُرموکا عندیہ۔

                ٭             ر یاستی اسمبلی کے ما نسون اجلاس کا آغاز؛ رواں مالی سال کا مالیاتی بجٹ آج مقننہ میں پیش ہوگا۔

                ٭               اسمارٹ میٹر صرف سرکاری دفاتر میں نصب کیے جانے کی بجلی فراہمی کمپنی مہا وِترن کی وضاحت۔

                ٭             ناندیڑ سے پونے اور ناگپور کیلئے فضائی خدمات کا کل سے آغاز۔

اور۔۔۔٭       انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ کے فائنل میں داخل۔

***** ***** *****

No comments:

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 14 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...