Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 20 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/فروری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا 395 واں یومِ پیدائش مختلف تقریبات کے ساتھ منایا گیا؛ بارہ قلعے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے درجے کیلئے نامزد۔
٭ ریاست میں ”جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ پدیاترا کو بہتر پذیرائی۔
٭ حکومت آرِک صنعتی علاقہ کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے: مرکزی وزیر پیوش گوئل کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ میں آج بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
چھترپتی شیواجی مہاراج کا 395 واں یومِ پیدائش کل ہر طرف منایا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے چھترپتی شیواجی مہاراج کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ممبئی کے راج بھون میں مہاراج کے مجسّمے پر پھول چڑھائے۔ ممبئی کے مختلف پروگراموں میں گورنر نے شرکت کی۔
***** ***** *****
پونے میں شیوجینتی کی مرکزی تقریب منائی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت کئی معززین نے شیونیری قلعے میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ شیواجی مہاراج سے منسوب قلعے ہمارے کیلئے مندروں سے بھی بڑے ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے تحفظ کا کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کیلئے نامزد کیا ہے۔ وزیرِ ثقافت آشیش شیلار پہلے مرحلے میں یونیسکو کے پیرس جائیں گے اور اس سلسلے میں ایک پریزنٹیشن دیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ شیواجی مہاراج کے قلعوں کو یونیسکو واقعی عالمی ثقافتی ورثے کے طورپر قبول کرے گا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ریاستی حکومت چھترپتی شیواجی مہاراج کا ارادہ رکھنے والی بادشاہت بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
اجیت پوار نے یقین دلایا کہ قلعوں کے تحفظ کیلئے فنڈ کی کمی نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
نوجوانوں کے اُمور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر من سُکھ مانڈویہ اور وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کل پونے کے قریب امبے گاؤں میں بنائے جارہے شیو سُرشٹی کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں پھڑنویس نے یقین کا اظہار کیا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے بارہ قلعوں کو وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یونیسکو کے عالمی ورثے کے درجے کیلئے نامزد کیا ہے اور جلد ہی انھیں منظوری مل جائے گی۔
***** ***** *****
”جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ پدیاترا کل ریاست کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس پر منعقدکی گئی۔ مرکزی وزیر من سکھ مانڈویہ اور وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں پونے میں مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ کولہاپور کے تاریخی پنہال گڑھ میں تقریباً تین ہزار شیو عقیدت مندوں کی موجودگی میں ”جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ جلوس نکالا گیا۔ اس مارچ کو مراٹھواڑہ میں بھی پُرجوش ردّ عمل ملا۔
جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ پیدل یاترا کا آغاز دیگر پسماندہ طبقات کے وزیر اتل ساوے‘ ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے اور ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کے ہمراہ کرانتی چوک میں شیو کی مورتی کی پوجا کرکے ہوا۔ جس میں روایتی لباس میں سینکڑوں طلبہ اور شہریان نے شرکت کی۔
جالنہ میں ”جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ پیدل یاترا کو پُرجوش ردّ عمل ملا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے کو پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بیڑ کے ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک نے ہری جھنڈی دکھاکر جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ یاترا کا آغاز کیا۔
پیدل یاترا پربھنی میں منعقد کی گئی، جس میں شہریان اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس میں بچوں کی کارکردگی نے سب کے دل جیت لیے۔
ہنگولی میں ضلع کلکٹر ابھینو گوئل کی موجودگی میں پیدل یاترا نکالی گئی۔ اسکے بعدمہاراج کے مجسّمے کے علاقے میں شجرکاری کی گئی۔
ناندیڑ میں کلکٹر راہل کرڈِیلے کے ساتھ سینکڑوں طلبہ، سماجی تنظیمیں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں پیدل یاترا میں شرکت کی۔
دھاراشیو میں پیدل یاترا جوش و خروش سے نکالی گئی۔ اس میں تقریباًساڑھے تین ہزار طلبہ نے شرکت کی۔
لاتور میں ”جئے شیواجی جئے بھارت“ یاترا میں طلبہ نے لیجھم کا مظاہرہ کیا۔
***** ***** *****
شیوجینتی کے موقع پر کل تلجاپور میں شری تلجا بھوانی دیوی کی بھوانی تلوار النکار مہاپوجا کی گئی۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ شیواجی مہاراج کو دیوی نے بھوانی تلوار دی تھی۔ یہ پوجا اس کی یاد میں کی جاتی ہے۔
اجنکیہ دیوگری پرتشٹھان کے صدر ونود پاٹل اور ان کے ساتھیوں نے کل اُترپردیش کے آگرہ کے لال قلعے کے علاقے میں شیوجینتی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ قانون ساز کونسل کے اسپیکر رام شندے اور کئی معززین موجود تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ اس جگہ پر ایک عظیم الشان یادگار تعمیر کی جائیگی‘ جہاں شیواجی مہاراج کو قید کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں شیوجینتی کے موقع پر سیاسی مبصر اور ”سکل جنواد شیورائے“ اس کتاب کے مصنف ڈاکٹر پرکاش پوار کا لیکچرکا انعقاد کیا گیا۔ پوار نے اس موقع پر کہا کہ شیواجی کی طرزِ حکمرانی ہی مہاراشٹر دھرم ہے۔
***** ***** *****
کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کے موقع پر پونے سے دہلی مراٹھی ساہتیہ یاتری سمّیلن کا آغاز ہوا۔ یہ سمّیلن پونے سے دہلی کے سفر کے دوران چلتی ٹرین ہورہا ہے۔ اجلاس کے استقبالیہ سربراہ ریاستی وزیر برائے مراٹھی زبان اُدئے سامنت نے بھی اس خصوصی ٹرین میں ادیبوں کے ساتھ سفر کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر تجارت پیوش گویل نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر آرِک صنعتی علاقہ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی حکومت کوشش کر رہی ہے۔ گویل کل آرِک سٹی کے میٹنگ ہال میں صنعتکاروں کی تنظیموں کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شیندرا اور بڑکن صنعتی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور صفر بدعنوانی اور صفر تاخیر کا طریقہ اپناتے ہوئے اس منصوبے پر عمل درآمدکیا جائے گا۔ انہوں نے صنعتکاروں سے اپیل کی کہ صنعتوں کو جلد از جلد فعال کرکے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو ترجیح دیں۔ گوئل نے صنعتی شعبے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔
***** ***** *****
نویں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ دبئی میں ہونے والے اس میچ کا ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے سے آغاز ہوگا۔
دریں اثناء‘ گزشتہ روز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی۔
***** ***** *****
ممبئی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ ملند ریگے‘گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے ممبئی کے ایک خانگی اسپتال میں انتقال کر گئے، وہ 76 برس کے تھے۔ ملند ریگے ممبئی ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
***** ***** *****
دھاراشیو تعلقے کے آڑنی کے بزرگ گاندھی وادی رہنماء چندرکانت راؤ ویر کل انتقال کرگئے۔وہ 91 برس کے تھے۔ ضلع پریشد کے رکن کے طور پر خدمات انجام دینے والے ویر نے ضلع ہوم گارڈ منتظم، زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر اور کانگریس کمیٹی کے دھاراشیو شہر صدر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔
***** ***** *****
ایوت محل پولس کے مقامی کرائم برانچ دستے نے جھارکھنڈ کے ایک نکسلی کمانڈر کو گرفتار کیا ہے۔ تلسی عرف دلیپ مہاتو،نامی اس نکسلی کمانڈر کے خلاف 1993 سے لیکر 1997 کے درمیان نکسلی حملوں کے سلسلے میں چھ مقدمات درج ہیں۔
***** ***** *****
دہلی کی بی جے پی رُکنِ اسمبلی‘ ریکھا گپتا آج وزیرِ اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گی۔ کل بی جے پی قانون ساز گروپ نے انھیں نامزد کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ آنجہانی صاحب سنگھ ورما کے بیٹے پرویش ورما نائب وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
***** ***** *****
ریاست کے سماجی انصاف کے وزیر سنجئے شرساٹ نے کل ممبئی کے اِندو مل میں حکومت کی طرف سے تعمیر کیے جانے والے بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے عظیم الشان مجسّمے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ شرساٹ نے مجسّمے کے کام کے معیار‘ پیش رفت وغیرہ کا جائزہ لیا اور مجسمہ ساز رام سُتار اور عہدیداران سے بات کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا 395 واں یومِ پیدائش مختلف تقریبات کے ساتھ منایا گیا؛ بارہ قلعے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے درجے کیلئے نامزد۔
٭ ریاست میں ”جئے شیواجی‘ جئے بھارت“ پدیاترا کو بہتر پذیرائی۔
٭ حکومت آرِک صنعتی علاقہ کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے: مرکزی وزیر پیوش گوئل کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئن ٹرافی ٹورنامنٹ میں آج بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment