Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کو قومی ڈیزاسٹر رِسپانس فنڈ سے مالی مدد فراہم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا مرکزی حکومت سے مطالبہ۔
٭ وزیروں کے مراٹھواڑہ میں فصل نقصان معائنہ دورے؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے صنعتی علاقے کے نقصانات کا وزیرِ صنعت کی جانب سے جائزہ۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کو دیوالی تک قرض معافی فراہم کریں: سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں آج خاندیش کے اضلاع کے علاوہ ہر طرف بارش کا یلو الرٹ‘ جبکہ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے کل آرینج الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی حکومت نے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ سے ریاست میں شدید بارشوں اور کسانوں کو ہوئے نقصانات کیلئے قومی ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے مالی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل شاہ کو ایک محضر دیا۔ اس موقع پر شاہ کو ریاست کے مختلف مقامات پر ہوئے نقصانات کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئی۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کے ارکان نے کل مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا معائنہ کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل بیڑ ضلعے کے پمپل گاؤں گھاٹ‘ کھوکر موہا، و دیگر گاؤں کا دورہ کیا اور ان کا معائنہ کیا۔ پوار نے بیڑ تعلقے کے پمپل واڑی کے سیلابی پانی میں بہہ جانے والے آدتیہ کلسانے کے خاندان کو چار لاکھ روپئے کا چیک سونپا۔
دریں اثناء‘ اکشئے جادھو نامی نوجوان جو وڑونی تعلقے کی کنڈلیکا ندی کے سیلاب میں بہہ گیا تھا کی لاش کل 36 گھنٹے بعد ملی۔ یہ لاش ڈوکڑے گاؤں کے باندھ کے قریب ملنے کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
مٹی اور پانی کے تحفظ کے وزیر سنجئے راٹھوڑ نے ناندیڑ ضلع کے حد گاؤں‘ اردھاپور، ناندیڑ اور لوہا تعلقوں میں کسانوں کے کھیتوں پر جاکر معائنہ کیا۔ انھوں نے یقین دلایا کہ کسانوں کو نقصانات کی مدد جلد ملے گی۔
مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے دھاراشیو ضلعے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے ہنگولی ضلعے کے کنیر گاؤں اور امبالا کا معائنہ کیا۔
بازآبادکاری کے وزیر مکرند پاٹل نے پربھنی ضلع کے دھانورا کالے اور دھاراسور کا معائنہ کیا۔ ریاستی وزیر یوگیش کدم نے لاتور ضلعے کے ریناپور اور لاتور تعلقے کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیکر متاثرین کو دلاسہ دیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے شدید بارش سے صنعتی علاقوں اور ملحقہ علاقوں میں پانی آنے سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے احکامات دئیے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کل بیڑ ضلع کے مانجر سمبا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھاری بارش سے متاثرہ کسانوں کو فوری امداد دی جائے اور دیوالی سے پہلے قرض معافی کا اعلان کیا جائے۔ ٹھاکرے نے کل مراٹھواڑہ کے لاتور‘ دھاراشیو، بیڑ، جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کے شدید بارش سے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ حکومت کی جانب سے جو بھی امداد حاصل کریں‘ اسے قبول کریں جبکہ وہ اضافی امداد کیلئے حکومت سے مطالبہ کریں گے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں جو کہ کچھ سالوں پہلے خشک سالی کا سامنا کررہا تھا‘ گذشتہ ہفتے ہونے والی اچانک زبردست بارش کی وجہ سے ضلع کے 363 گاؤں متاثر ہوئے ہیں، جبکہ دو لاکھ 26 ہزار 706 ہیکٹر اراضی پانی میں ڈوب گئی۔
***** ***** *****
ریاست میں آج خاندیش کے اضلاع کے علاوہ ہر طرف یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے کل آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت‘ خدمت‘ بہتر حکمرانی کے نعرے کے ذریعے تبدیلی اور ترقی لانے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ سیوا پرو کے موقعے پر خصوصی سیریز کے آج کے ایپی سوڈ میں آئیے خلاء میں حکومت کی کارکردگی کے بارے میں جانتے ہیں:
Voice Cast
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے تمام علاقوں کے نقصانات کے پنچنامے کرنے کیلئے ڈرون‘ موبائل فوٹو کو بطورِ ثبوت قبول کرنے کے احکامات رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ نے دئیے ہیں۔ وہ کل کنڑ میں جائزاتی میٹنگ کے بعد مخاطب تھے۔ سیلاب میں مرنے والے سنجئے دڑے کے خاندان کو رابطہ وزیر کے ہاتھوں چار لاکھ روپئے کا چیک دیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے کے احکامات دئیے ہیں کہ زرعی ترقی اسکیم کا فائدہ کسانوں کو پہنچایاجائے تاکہ وہ قدرتی آفات سے بچ سکیں۔ وہ اس اسکیم کے حوالے سے پونے میں مہاراشٹر زرعی تعلیم و ریسرچ کونسل میں منعقدہ ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اسکیم کے تحت ہر سال پانچ ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائیگی جبکہ پانچ سالوں میں 25 ہزار کروڑ روپئے فنڈ زرعی اسکیموں کیلئے فراہم کیے جانے کی اطلاع بھرنے‘ نے دی۔
***** ***** *****
مقامی خود مختار اداروں کے پرائمری اسکولوں کے اساتذہ نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا خط لکھا ہے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے ان تمام اساتذہ کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا‘ جنھوں نے ریاست کی سیلابی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
***** ***** *****
صفائی ہی خدمت مہم کے تحت کل پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی یومِ پیدائش کے موقع پر صفائی دن منایا گیا۔ اس پہل کو چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے تمام اسکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکولوں میں بھی نافذ کی گیا۔ 100 سے زائد اسکولوں اور میونسپل دفتر کے علاقے کی صفائی کی گئی۔ رکنِ اسمبلی سنجئے کینیکر کی موجودگی میں پشپ نگری شمشان بھومی میں صفائی مہم عمل میں لائی گئی۔
پربھنی ضلع کے پنگلی میں صفائی مہم چلائی گئی۔ اس موقع پر سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر موجود تھیں۔
***** ***** *****
اسکول کے طلبہ کو پیشہ وارانہ علوم اور پیشہ وارانہ مہارتیں فراہم کرنے کیلئے ہنگولی ضلعے کے بسمت تعلقے کے ضلع پریشد اسکول نے ”سنیچر بازار“ نامی ایک قابلِ ستائش اقدام کو نافذ کیا ہے۔
***** ***** *****
”صحت مند خاتون، مضبوط خاندان“ مہم کے تحت، چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 2 اکتوبر تک 65 صحت کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان میں سے اب تک 15 خصوصی کیمپ منعقدہوچکے ہیں، جن میں تین ہزار سے زیادہ خواتین سمیت مجموعی طور پر پانچ ہزار سے زائد شہریوں کی صحت کا معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ میں سرکاری صنعتی تربیتی مرکز میں قائم کردہ انکیوبیشن سینٹر کا افتتاح آج عمل میں آئے گا۔ ریاستی وزیر برائے فروغ ہنر و صنعتی ترقی منگل پربھات لوڈھا اس افتتاحی تقریب میں موجود رہیں گے۔
***** ***** *****
ہنگولی میں کل بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی جانب سے ”نمو یووا رن - نشہ سے پاک بھارت“ میراتھن کا انعقاد کیا گیا۔ نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ اس میراتھن میں حصہ لیا اور بھارت کو نشے سے پاک بنانے کا عزم کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کو قومی ڈیزاسٹر رِسپانس فنڈ سے مالی مدد فراہم کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا مرکزی حکومت سے مطالبہ۔
٭ وزیروں کے مراٹھواڑہ میں فصل نقصان معائنہ دورے؛ چھترپتی سمبھاجی نگر کے صنعتی علاقے کے نقصانات کا وزیرِ صنعت کی جانب سے جائزہ۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ کسانوں کو دیوالی تک قرض معافی فراہم کریں: سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے کا مطالبہ۔
اور۔۔۔٭ ریاست میں آج خاندیش کے اضلاع کے علاوہ ہر طرف بارش کا یلو الرٹ‘ جبکہ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے کل آرینج الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment