Tuesday, 30 September 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 ستمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ستمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ موسلادھار بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچنامے اس ہفتے کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے: وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے کا تیقن۔
٭ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے فنڈ کا 10 فیصد ہنگامی حالات کیلئے استعمال کرنے کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ ریاستی حکومت کی جدید پالیسی کے باعث صنعتی سرمایہ کاری میں مہاراشٹر سرِفہرست: وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا اظہارِخیال۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز؛ افتتاحی میچ بھارت اور سری لنکا کے مابین۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے یقین دلایا ہے کہ ریاست میں موسلادھار بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچنامے اس ہفتے کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے اور کسانوں کو دیوالی سے قبل ہی ریاستی حکومت امداد جاری کرے گی۔ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس ضمن میں وزیرِ اعلیٰ جو فیصلہ کریں گے اس سے تمام کسان مطمئن ہوں گے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ مویشیوں‘ مکانوں اور فصلوں وغیرہ کیلئے کتنا معاوضہ موزوں ہوگا ان معاملات سے حکومت آگاہ ہونے کے بعد معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ اس کیلئے حکومت کو کتنا بھی بوجھ برداشت کرنا پڑے لیکن کسانوں کو اطمینان بخش معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کیلئے منظور شدہ فنڈ کا 10 فیصد موسلادھار بارش‘ ژالہ باری، یا پانی کی قلّت جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے استعمال کرنے کو ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ اس خصوص میں ایک سرکاری مکتوب گذشتہ روز منصوبہ بندی محکمے نے جاری کیا۔ اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فنڈ کو خرچ کرنے کا حتمی اختیار متعلقہ ضلع کے رابطہ وزیر کا ہوگا۔
***** ***** *****
شدید بارش کے باعث ریاست میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ نظامِ زندگی بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ ریاست کے 41 ہزار شہری مختلف مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ یعنی 13 ہزار سے زائد افراد شولاپور ضلع میں منتقل کیے گئے‘ جبکہ جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کے آٹھ آٹھ ہزار سے زائد اور دھاراشیو میں تقریباً ساڑھے چار ہزار شہری متاثر ہوئے۔ ڈویژن میں گذشتہ چار دنوں میں بارش سے متعلق حادثات میں سات افراد اور تقریباً 300 مویشی ہلاک ہوئے، جبکہ 1200 سے زیادہ تعمیرات کو نقصان پہنچا۔
اسی دوران جالنہ ضلع میں کل شام تک عنبڑ، گھن ساونگی اور پرتور تعلقوں کے 26 دیہاتوں سے 119 خاندانوں کے سات ہزار 733 شہریوں کو عارضی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
شدید بارش سے متاثرہ ہونے والے افراد کیلئے ممبئی کے سدھی ونایک مندر ٹرسٹ نے 10 کروڑ روپئے کی امداد کا علان کیا ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع پریشد کے اساتذہ بھی سیلاب زدگان کیلئے ایک کروڑ چھ لاکھ روپئے کی امداد دیں گے۔ اس کے علاوہ جنتا سہکاری بینک کی جانب سے دھاراشیو ضلع کیلئے 10 لاکھ، جبکہ لاتور، شولاپور، بیڑ اور بیدر اضلاع کیلئے پانچ پانچ لاکھ، اس طرح مجموعی طور پر 30 لاکھ روپئے امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر زرعی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین، نائب چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز اپنا ایک مہینے کا مشاہرہ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں دیں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں اگست کے مہینے میں ہوئی شدید بارش کے باعث جو نقصانات ہوئے تھے اس سلسلے میں کسانوں کیلئے منظور شدہ امداد کی تقسیم جاری ہے۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا E-KYC فوری طور پر کروالیں۔
پربھنی کے ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ چوہان نے کل مانوت تعلقے کے سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہاتھوں ضرورت مند متاثرین میں اناج تقسیم کیا گیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ سابق ریاستی وزیر امیت دیشمکھ نے کہا ہے کہ حقیر اور ناکافی رقم امداد کے نام پر جاری کرکے ریاستی حکومت کسانوں کو توہین کررہی ہے۔ کل لاتور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے مرکزی حکومت سے مہاراشٹر کیلئے خصوصی پیکیج جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن اور گنگا پور تعلقوں میں نقل مکانی کرنے والے خاندانوں سے ملاقات کرکے ان کی مشکلات جاننے کی کوشش کی اور تیقن دیا کہ متاثرین کو زیادہ سے زیادہ مالی امداد دی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست میں جاری بارش کا کچھ حد تک زور کم ہوا، لیکن اس وقفے کے باوجود ڈیمز سے پانی کے نکاسی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے ایک لاکھ 60 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے، جبکہ مانجرا پشتے سے دو لاکھ 71 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کہا ہے کہ ریاست میں صنعتی ترقی کیلئے نافذ کردہ جدید پالیسیوں کے باعث مہاراشٹر ملک میں سرمایہ کاری میں سرِفہرست ہے۔ انھوں نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں آرک سٹی کے چھٹے یومِ تاسیس اور سمردھی ایکسپریس وے سے شیندرا صنعتی علاقے کو جوڑنے والی سڑک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر آرِک سٹی کا لوگو، ویب سائٹ، پورٹل اور کافی ٹیبل بک بھی جاری کی گئی۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اس سڑک کے آغاز سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حکومت جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے اور ہم نے یہ پروجیکٹ دو سال کے اندر شروع کرکے یہ بات ثابت کی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی بورڈ برائے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم نے بارہویں جماعت کے امتحانی فارم بھرنے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر تک بڑھادی ہے۔ یہ آخری تاریخ آج ختم ہورہی تھی۔ بیرونی امیدوار 15 اکتوبر تک یہ فارم بھرسکتے ہیں، جبکہ نئے امتحانی مراکز کیلئے 10 اکتوبر تک درخواست دی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ذریعے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت حکومت‘ تبدیلی اور ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ سیوا پرو آج کی خصوصی قسط میں ہم جانیں گے کہ حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ذریعے ملک کیلئے جدید، جامع اور مستقبل کیلئے تیار تعلیمی نظام قائم کیا ہے:
Byte: Voice Cast
***** ***** *****
این سی پی رہنماء اور رکنِ پارلیمنٹ پرفل پٹیل نے کہا ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اُن کی پارٹی تنہا اپنی طاقت پر الیکشن لڑے گی۔ وہ کل گوندیا میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی نے کارکنو ں کے مقامی مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیاہے۔
***** ***** *****
گریجویٹ حلقہئ انتخاب کیلئے فہرست رائے دہندگان نئے سرے سے مرتب کرنے کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اہل ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ناموں کا اندراج کروائیں۔ یہ اپیل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر نے کی ہے۔
***** ***** *****
بنجارا سماج کو درجِ فہرست قبائل میں شامل کرنے کے مطالبے کیلئے کل ناندیڑ میں ضلع کلکٹر کے دفتر تک ایک جلوس نکالا گیا۔ اسی طرح بیڑ میں آدیواسی سماج نے بھی ایک جلوس نکالا اور مطالبہ کیا کہ دھنگر، بنجارا اور دیگر برادریوں کو درجِ فہرست قبائل میں شامل نہ کیا جائے۔
***** ***** *****
خواتین کے ایک روزہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ گوہاٹی میں بھارت اور سری لنکا کے مابین سہ پہر تین بجے سے کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 نومبر کو ہوگا۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں آج ناندیڑ ضلع کیلئے اور آئندہ روز ناندیڑ و ہنگولی اضلاع کیلئے موسم کا یلو الرٹ محکمہئ موسمیات نے جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ موسلادھار بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچنامے اس ہفتے کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے: وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے کا تیقن۔
٭ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے فنڈ کا 10 فیصد ہنگامی حالات کیلئے استعمال کرنے کو ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ ریاستی حکومت کی جدید پالیسی کے باعث صنعتی سرمایہ کاری میں مہاراشٹر سرِفہرست: وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا اظہارِخیال۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز؛ افتتاحی میچ بھارت اور سری لنکا کے مابین۔
***** ***** *****

No comments: