Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 27 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سیلاب متاثرین کی خاطر خواہ امداد کیلئے مرکزی حکومت کا رویہ مثبت؛وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو مکتوب پیش۔
٭ عوامی نمائندوں کے دوروں کے سبب پنچناموں میں تاخیر: سابق مرکزی وزیر شرد پوار کا اظہارِ خیال۔
٭ محکمہئ موسمیات کی جانب سے آج ریاست میں بارش کی پیشگوئی؛ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں اسکولوں کو تعطیل۔
٭ ریاست کے پانچ رَتن ٹاٹا اسکل سینٹرز میں سے ایک مرکز چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہوگاتعمیر۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں بھارت کی سپر اوور میں فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست کے سیلاب زدگان کو خاطر خواہ امداد دینے کیلئے مرکزی حکومت مثبت رویہ رکھتی ہے۔ وہ کل نئی دہلی میں وزیرِ اعظم سے ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں سیلاب کی صورتحال اور اس کے نتیجے میں کسانوں کو ہونے والے نقصانات کی تفصیلات دیکر بھرپور امداد دئیے جانے سے متعلق ایک یادداشت وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ خود ان کے اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کے دستخط کے ساتھ دئیے گئے اس مکتوب میں NDRF کے ذریعے ریاست کو بھرپور امداد دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ ریاست میں چھترپتی سمبھاجی نگر، اہلیا نگر، پونا سمیت تین دفاعی راہداریوں کی تعمیر، گڈچرولی میں فولاد کی پیداوار، دہیسر میں انڈیا ایئرپورٹ اتھاریٹی کی منتقلی‘ اِز آف ڈوئنگ بزنس کے تحت ریاستی حکومت کے اقدامات وغیرہ پر وزیرِ اعظم سے تفصیلی تبادلہئ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
ملک بھر میں BSNL کی معرفت 98 ہزار 4-G نیٹ ورک قائم کیا جارہا ہے اور وزیرِ اعظم کے ہاتھوں آج اس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ مرکزی وزیرِ مواصلات جیوتیر آدتیہ سندھیا نے کل یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ بعد میں یہ نیٹ ورک فائیوجی میں تبدیل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے کہا ہے کہ ریاست میں شدید بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کے پنچ نامے کرنے میں وزراء اور عوامی نمائندوں کے دوروں کے سبب تاخیر ہورہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں شرد پوار نے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے نقصانات کے پنچنامے اور بازآبادکاری کاموں کی بجائے سرکاری مشنری کی تمام تر توجہ وزراء کے پروٹوکال پر ہوجاتی ہے اور اس وجہ سے پنچ نامے کرنے میں تاخیر ہوکر امدادی کام رُک جانے کا خدشہ ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں گیلاقحط ظاہر کرنے کا مطالبہ کانگریس پارٹی نے کیا ہے۔ رکنِ پارلیمان رویندر چوہان سمیت کانگریس کی کمیٹی نے کل ضلع میں موسلادھار بارش سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کرنے کے بعد یہ مطالبہ کیا۔ رکنِ اسمبلی پرگیا ساتو سمیت کئی عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع کے کئی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے متعلقہ اداروں و افسران کو تمام پنچنامے فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پربھنی کی رابطہ وزیر اور مملکتی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے کل پربھنی اور امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل لاتور ضلع کے احمدپور تعلقے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے کسانوں کی ڈھارس بندھائی۔
سیلاب کی وجہ سے کٹ جانے والی زمینوں کے درست پنچنامے کرنے کیلئے اُن علاقوں کا بذاتِ خود دورہ کرنے کی ہدایت مملکتی وزیرِ محصول یوگیش کدم نے کی ہے۔ وہ کل لاتور میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ بجلی سپلائی نظام کا فوری سروے کرکے مشن موڈ پر اُسے درست کرنے کا حکم بھی وزیرِ موصوف نے دیا۔
دھاراشیو کے ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کل پرانڈہ تعلقے کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وڈنیر گاؤں میں سیلاب زدگان کو فوری امداد کے چیک‘ روئی میں راشن کٹ اور تلجا بھوانی مندر سے ملنے والی ساڑیوں کی واگے گوہان میں تقسیم بھی ضلع کلکٹر نے کی۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں آج شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع سمیت کوکن کے تمام اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامی مشنری نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ناندیڑ ضلع میں درمیانی شب سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج اسکولوں کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ ان میں آنگن واڑی‘ آشرم اسکول‘ کالج اور خانگی تربیتی مراکز سمیت تمام تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
اسی دوران ناندیڑ ضلع کے کندھار تعلقے میں بجلی گرنے سے کل ایک کسان کی موت واقع ہوگئی۔
اس کے علاوہ لاتور ضلع میں بھی گذشتہ شب سے زوردار بارش جاری ہے جس کے باعث کئی دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی کے اُصول کے تحت وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت حکومت‘ تبدیلی اور ترقی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ سیوا پرو کے موقع پر خصوصی سلسلے کے آج کے حصے میں جانیں گے کہ حکومت نے کس طرح تاریخ کو محفوظ رکھنے والے، حب الوطنی کی تحریک دینے والے اور آنے والی نسلوں کو قربانی کے جذبے سے جوڑنے والی یادگاریں بناکر ملک کے لازوال ورثے اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے:
Byte: Voice Cast
***** ***** *****
28 ستمبر کو ہونے والے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن MPSC کے سول سروسیز گزیٹیڈ پری اگزامنیشن ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ اب یہ امتحان 9 نومبر 2025 کو ہوگا۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے پانچ رَتن ٹاٹا اسکل سینٹرز میں سے ایک مرکز چھترپتی سمبھاجی نگر میں قائم ہونے جارہا ہے۔ وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس مرکز کیلئے جگہ طئے ہوتے ہی اس کی تعمیر تیزی سے کی جائیگی۔ صنعتی علاقوں کے گندے پانی سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی وزیرِ موصوف نے جائزہ لیا۔
***** ***** *****
ریاست کے سرکاری آئی ٹی آئی اداروں میں 100 سے زائد مضامین پر روزگار سے منسلک قلیل مدتی نصاب شروع کیے جائیں گے۔ وزیر برائے اسکل ڈیولپمنٹ منگل پربھات لوڈھا نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ لوڈھا نے شہر میں آئی ٹی آئی اداروں کا دورہ بھی کیا۔ اسی دوران جالنہ میں قائم کیے گئے میجک انکیوبیشن سینٹر کا افتتاح بھی انھوں نے کیا۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے آخری سنسنی خیز میچ میں بھارت نے سری لنکا کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ بھارت کی جانب سے دئیے گئے 202 رنوں کے ہدف کو سری لنکا نے آخری گیند پر برابر کردیا۔ اس کے بعد سپر اوور میں سری لنکا کے دونوں بلّے باز بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے صرف دو رنوں پر آؤٹ کردئیے۔ بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے پہلی ہی گیند پر تین رن بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل کل بھارت اور پاکستان کے مابین کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا مرکزی یوتھ فیسٹیول آج سے شروع ہورہا ہے۔ آج صبح شوبھا یاترا کے ذریعے اس یوتھ فیسٹیول کا آغاز ہوگا۔ یہ فیسٹیول 29 ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں تقریباً ایک ہزار فنکار طلبہ شرکت کررہے ہیں۔
***** ***** *****
ڈویژن میں کئی ڈیمز سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج جاری ہے۔ جائیکواڑی ڈیم سے 37 ہزار 700 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ اسکے علاوہ عیسیٰ پور‘ نمن تیرنا اور مانجرا سے 32 ہزار، ماجل گاؤں سے 42 ہزار اور نمن دودھنا ڈیم سے چار ہزار ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سیلاب متاثرین کی خاطر خواہ امداد کیلئے مرکزی حکومت کا رویہ مثبت؛وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو مکتوب پیش۔
٭ عوامی نمائندوں کے دوروں کے سبب پنچناموں میں تاخیر: سابق مرکزی وزیر شرد پوار کا اظہارِ خیال۔
٭ محکمہئ موسمیات کی جانب سے آج ریاست میں بارش کی پیشگوئی؛ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں اسکولوں کو تعطیل۔
٭ ریاست کے پانچ رَتن ٹاٹا اسکل سینٹرز میں سے ایک مرکز چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہوگاتعمیر۔
اور۔۔۔٭ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں بھارت کی سپر اوور میں فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment