Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 29 September-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ستمبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مراٹھواڑہ کے 189 ڈویژنوں میں شدید بارش کا اندراج؛ دھاراشیو ضلعے میں بارش سے چار افراد کی موت۔
٭ بارش کی وجہ سے آبی پشتوں سے پانی کے اخراج سے سیلابی صورتحال قائم۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے کے تمام 27 دروازوں سے تقریباً دو لاکھ 54 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری؛ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے مراٹھواڑہ کی سیلابی صورتحال کا جائزہ۔
٭ آئندہ تہوار ملکی اشیاء کی خریداری سے منانے کی وزیرِ اعظم کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ بھارتی ٹیم نے پاکستان کو ہراکر جیتا ایشیاء کپ فائنل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ سیلابی پانی کئی دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ مراٹھواڑہ کے 189 ڈویژنوں میں شدید بارش درج کی گئی ہے۔ کل بارش کی شدت کم تھی لیکن سیلابی صورتحال برقرار رہے کیونکہ بیشتر آبی پشتوں سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج جاری ہے۔
بیڑ ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے تقریباً تمام منصوبے مکمل بھرچکے ہیں۔ وڑونی تعلقے کے کچھ دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اوروہاں ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خصوصی امدادی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے۔
ناندیڑ ضلعے میں کل سے بارش رُک گئی ہے لیکن وشنو پوری منصوبے سے بڑے پیمانے پر پانی کے اخراج کی وجہ سے گوداوری ندی میں طغیانی جاری ہے۔ ناندیڑ شہر کے کئی علاوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے تقریباً 950 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ میونسپل کمشنر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے اپیل کی ہے کہ چونکہ سیلاب کا بحران اب بھی منڈلارہا ہے اس لیے شہر کے باشندوں کو احتیاط برتنی چاہیے۔
ناندیڑ ضلعے میں سیلاب کی وجہ سے فصلیں تباہ ہوگئیں۔ دھرم آباد تعلقے کے روشن گاؤں کے لوگوں نے اپنی فصلیں تباہ ہونے کے صدمے سے گوداوری ندی میں کودنے کی کوشش کی۔ بھوکر تعلقے کے پاڑج میں سیلاب میں بہہ جانے سے ایک فرد کی موت ہوگئی۔ دریں اثناء‘ ناندیڑ کے محکمہ محصول اور ضلع پریشد کے افسران و ملازمین نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کیلئے ایک دِن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رہائشی نائب کلکٹر کرن امبیکر نے کہا کہ یہ فنڈ وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کیا جائے گا۔
لاتور کے احمد پور تعلقے کی منیاڈ ندی سمیت تمام چھوٹی اور بڑی ندیاں خطرے کے نشان کو عبور کرچکی ہے۔ ہنگولی ضلعے کی کیادو اور پورنا ندی سمیت نالوں میں طغیانی کی وجہ سے دس گاؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ کلمنوری تعلقے کے تونڈاپور کے ایک شخص کی پانی میں بہہ جانے سے موت ہوگئی۔
دھاراشیو ضلعے میں شدید بارشوں اور سیلاب میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ ساتھ ہی 81 جانوروں کی موت ہوگئی۔ 600 سے زیادہ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
پربھنی ضلعے کے 10ڈویژنوں میں شدید بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ پردیشی نے ندی کے کنارے واقع دیہاتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ گنگا کھیڑ کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر رتناکر گٹے نے کل نقصان کا معائنہ کیا۔ جالنہ ضلعے کے بھوکردن‘ جعفرآباد اور گھن ساونگی تعلقوں میں کئی مقامات کی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔ سابق مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے نے کل بھوکردن تعلقے میں نقصانات کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
ڈویژن کے تمام آبی پشتوں سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جارہا ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی کے علاقے میں 150 ملی میٹر بارش ہونے سے ڈیم کے 27 دروازے کھول دئیے گئے ہیں اور دو لاکھ 54 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے۔
وشنوپوری پشتے سے تقریباً تین لاکھ، عیسیٰ پور سے 22ہزار، سدھیشور منصوبے سے 25ہزار، سینا کولے گاؤں سے تقریباً ایک لاکھ چار ہزار، یلدری سے 44 ہزار اور لوور دودھنا سے تقریباً 21 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل مراٹھواڑہ کے آٹھوں اضلاع کے ضلع کلکٹروں سے رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال اور راحتی کاموں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آئندہ تہواروں کیلئے دیسی مصنوعات خرید کر تہوار منانے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کی 126 ویں قسط میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دیسی مصنوعات خریدنے سے ملک کے کاریگروں کے خاندانوں میں خوشیاں آئیں گی، ان کی محنت کو عزت ملے گی اور نوجوان کاروباریوں کے خواب پورے ہوں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
من کی بات پروگرام میں وزیرِ اعظم نے راشٹریہ سوئم سنگھ آر ایس ایس کے قیام کے سو سال مکمل ہونے پر، نوراتر تہوار، دسہرہ، خواتین کی خود مختاری جیسے موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا خطاب بھارت نے جیت لیا ہے۔ کل دبئی میں ہوئے فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 146 رنز بنائے۔ کلدیپ یادو نے چار وکٹیں لیں۔ جواب میں محتاط آغاز کے بعد میدان میں اُترنے والی بھارتی ٹیم نے تلک ورما کی ناقابلِ شکست نصف سنچری کے بل بوتے پر جیت کا ہدف حاصل کرلیا۔ تلک ورما کو مین آف دی میچ جبکہ ابھیشیک شرما کو مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت خدمت اور بہتر حکمرانی کے ذریعے تبدیلی اور ترقی لانے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ سیوا پرو کی خصوصی سیریز کے آج کے ایپی سوڈ میں ریلوے کے شعبے میں کی گئیں اصلاحات سے متعلق ہم جانیں گے:
Voice Cast
”پچھلی دہائی میں بھارتی ریلوے شعبے میں اصلاحات کی وجہ سے ایک انقلاب آیا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت میں، بھارتی ریلوے نے ایک زیادہ آرام دہ، محفوظ اور عالمی معیار کا سفری تجربہ فراہم کرنے کی طرف پیش قدمی کی ہے۔
کشمیر سے کنیا کماری تک، بھارتی ریلوے پورے ملک میں ایک مربوط اور ہموار نیٹ ورک بنا رہا ہے۔ حال ہی میں ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے لائن کا افتتاح کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے کہا کہ:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
ریلوے سفر کو محفوظ اور زیادہ آرام دہ بنانے کیلئے حکومت نے ’امرت بھارت ٹرین‘ اور ’نمو بھارت ریپڈ ریل‘ شروع کی ہیں۔
آئندہ دو تین سالوں میں، 200 نئی وندے بھارت ریلوے، 100 امرت بھارت ریلوے، 50 نمو بھارت ریپڈ ریلوے اور ساڑھے سترہ ہزار جنرل کوچز کی شمولیت والے نئے پروجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔
امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت 1300 سے زیادہ اسٹیشنوں کوتعمیر ِ نو کی جا رہی ہے۔ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2030 تک قومی ریلوے منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت عام شہری کو سستی، محفوظ اور قابل اعتماد سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔“
***** ***** *****
بزرگ مصنف بھاسکر چندن شیوکا‘ کل لاتور میں انتقال ہوگیا۔ وہ 80 برس کے تھے۔ وہ گذشتہ کئی دنوں سے زیرِ علاج تھے۔ چندن شیو نے دیہی سماج میں ہونے والی تبدیلیوں کی تصویر کشی کی۔ ان کے نام کہانیوں کے پانچ مجموعے ہیں۔وہ 28 ویں مراٹھواڑہ ساہتیہ سمّیلن کے صدر کے عہدے پر فائز تھے۔ چندن شیو کی آخری رسومات ان کے آبائی گاؤں کلمب میں ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے اورنگ آباد انڈسٹرئیل سٹی آرِک کی سالگرہ کا پروگرام اور سمردّھی جوڑ راستے کی افتتاحی تقریب آج وزیرِ صنعت اُدئے سامنت کی موجودگی میں منعقد ہوگی۔ ان کی صدارت میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع صنعت دوست کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی۔
***** ***** *****
تلجاپور کی تلجابھوانی دیوی کے شاردیے نوراتر تہوار کے دوران کل دیوی کی شیش شائی النکار مہاپوجا ہوئی۔ صبح سے عقیدت مندوں نے مندر علاقے میں بھیڑ لگا دی تھی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مراٹھواڑہ کے 189 ڈویژنوں میں شدید بارش کا اندراج؛ دھاراشیو ضلعے میں بارش سے چار افراد کی موت۔
٭ بارش کی وجہ سے آبی پشتوں سے پانی کے اخراج سے سیلابی صورتحال قائم۔
٭ جائیکواڑی آبی پشتے کے تمام 27 دروازوں سے تقریباً دو لاکھ 54 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری؛ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے مراٹھواڑہ کی سیلابی صورتحال کا جائزہ۔
٭ آئندہ تہوار ملکی اشیاء کی خریداری سے منانے کی وزیرِ اعظم کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ بھارتی ٹیم نے پاکستان کو ہراکر جیتا ایشیاء کپ فائنل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment