Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/نومبر ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ایودھیا کے رام مندر میں مذہبی پرچم کی کریں گے تنصیب۔
٭ ملک کے 53 ویں چیف جسٹس کے طور پر جسٹس سوریہ کانت کی حلف برداری۔
٭ نوجوانوں کے ذریعے معاشرے اور سیاست میں تبدیلی ممکن ہے: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ نکسلیوں نے سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی خاطر حکومت سے 15 فروری 2026 تک مسلح کارروائیاں بند کرنے کی‘ کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ سینئر فلم اداکار دھرمیندر چل بسے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ایودھیا میں رام مندر کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہاتھوں رام مندر کے کلش پر رسمی طور پر مذہبی پرچم لہرایا جائے گا‘ تاکہ مندر کی تعمیر مکمل ہونے کی علامت بن سکے۔ اسی طرح وہ سپت مندر‘ شیشاوتار مندر اور ماتا انّا پورنا مندر کے بھی درشن کریں گے۔
***** ***** *****
جسٹس سوریہ کانت نے کل بھارت کے 53 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے انھیں عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور مرکزی کابینہ کے اراکین موجود تھے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت آئینی اور شہری قانون کے ماہر ہیں اور 2019 سے سپریم کورٹ میں خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وہ آئندہ 15 مہینوں کیلئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
***** ***** *****
زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے فائدے کیلئے مربوط کاشتکاری پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیرِ موصوف کل نئی دہلی میں چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاح کے بعد اظہارِ خیال کررہے تھے۔ اس تین روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے زرعی سائنسداں‘ ماہرین‘ زرعی صنعتوں کے نمائندے اور زرعی کاروبار کے شعبے میں اختراع کرنے والے شرکت کررہے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سماج اور سیاست میں تبدیلی نوجوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل انڈیاز انٹرنیشنل موومنٹ ٹو یونائٹیڈ نیشنس کے یوتھ کنیکٹ سیشن میں بول رہے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے بتایا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات میں بی جے پی کے 40 فیصد امیدوار نوجوان ہوں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اٹل سیتو‘ ممبئی کی ساحلی سڑک اور میٹرو جیسے پروجیکٹ صرف شروعات ہیں اور آئندہ پانچ برسوں میں ممبئی مکمل طور پر بدل جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ اسکیم سے بہت سے نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔
***** ***** *****
مسلح تصادم ترک کرنے اور سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے نکسلیوں کی تنظیم MMC ZONE یعنی مہاراشٹر‘ مدھیہ پردیش‘ چھتیس گڑھ پردیش کمیٹی نے سلامتی دستوں سے 15 فروری 2026 تک اپنی کارروائیوں کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے تینوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام اس سلسلے کا مطالباتی مکتوب جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
گذشتہ ہفتے نافذ ہونے والے نئے مزدور قوانین سے خواتین کو کام کی جگہ پر مزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔ بھارتیہ جنتا مزدور سیل کی ریاستی صدر جیوتی ساورڈیکر نے بتایا کہ نئے مزدور قوانین کے نفاذ سے خواتین کو ان کی ضرورت کے مطابق دن بھر میں 24 گھنٹے کام حاصل کرنے کی سہولت میسر آئی ہے۔
***** ***** *****
گوا میں جاری 56 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) نے بچپن اور اس کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر فلمو ں کی نمائش کیلئے یونیسیف کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس فلمی میلے میں کل ایک AI HAKATHON کا انعقاد کیا گیا۔ IFFI کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلموں اور ٹکنالوجی کے ماہرین ایک ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت AI پر مبنی فلم سازی کا ایک جدید نظام بنائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
معروف اداکار پدم بھوشن دھرمیندر کا طویل بیماری کے بعد کل ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 89 برس کے تھے۔ ان کی آخری رسومات کل دوپہر ممبئی میں ادا کی گئیں۔ شعلے‘ چپکے چپکے‘ سیتا اور گیتا‘ ڈریم گرل‘ دی برننگ ٹرین‘ میرا نام جوکر‘ اپنے‘ لائف ان اے میٹرو جیسی کئی فلموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑنے والے دھرمیندر نے لوک سبھا میں راجستھان کے بیکانیر حلقے کی نمائندگی بھی کی تھی۔ چھ دہائیوں پر محیط دھرمیندر کے فلمی سفر کی یہ مختصر رپورٹ:
VOICE CAST
8 دسمبر 1935 کو پنجاب کے لدھیانہ ضلع میں پیدا ہونے والے دھرم سنگھ دیول عرف دھرمیندر نے قومی سطح کے مقابلے میں فلم سازوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ انھوں نے 1960 میں فلم ”دل بھی تیرا ہم بھی تیرے“ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ابتدائی دنوں میں دھرمیندر نے کئی فلموں میں مختلف کردار ادا کیے۔ دلہن ایک رات کی‘ بہاریں پھر بھی آئیں گی‘ اَن پڑھ‘ پھول اور پتھر جیسی فلموں میں دھرمیندر پر فلمائے گئے بہت سے نغمے کافی مقبول ہوئے۔
70 کی دہائی میں دھرمیندر نے ہندی سینما میں چاکلیٹ ہیرو کی شناخت کو ختم کرکے کئی ایکشن فلموں میں کام کیا اور ”ہی مین“ کے طور پر اپنی نئی شناخت بنائی۔ فلم شعلے جس میں دھرمیندر نے امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا‘ اپنے وقت کی مشہور فلم کے طور پر جانی جاتی ہے۔ 1997 میں دھرمیندر کو فلم فیئر کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر معززین نے دھرمیندر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنے تعزیتی پیغام میں مختلف کردار ادا کرنے والے ایک روشن ستارے کے کھوجانے کی بات کہی ہے۔ اسی طرح نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے‘ کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے نے بھی دھرمیندر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے سابق رکنِ اسمبلی شری کانت جوشی نے دھرمیندر کے اُس وقت کے اورنگ آباد کے دورے کی یاد تازہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اُن کے عمدہ اخلاق کی یادیں شیئر کی ہیں۔
***** ***** *****
اساتذہ کے اہلیتی امتحان کے سوالیہ پرچے کے افشاء ہونے کے معاملے میں پولس نے گذشتہ دو دنوں کے دوران کولہاپور‘ ستارا اور سانگلی اضلاع سے کُل 18 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ سات ملزمین کو اتوار کی رات اور دیگر 11 کو کل گرفتار کیا گیا۔ سبھی ملزمین کو پولس کی یک روزہ تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
میونسپل کونسل کے عام انتخابات کے پس منظر میں کل تلجا پور میں رائے دہی بیداری ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ چیف افسر اجنکیہ رندیوے کی موجودگی میں اس ریلی میں طلبہ نے رائے دہی بیداری سے متعلق نعرے لگائے‘ ساتھ ہی پلے کارڈس اور سیلفی پوائنٹس کے ذریعے بھی رائے دہندگان کو متوجہ کیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کلکٹر آشیما متل نے کل پرتور کا دورہ کیا اور نگر پنچایت انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے ہدایت دی کہ انتخابی عمل کو شفاف‘ پُرامن اور قواعد کے مطابق بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے بچوں کی مجموعی نشونماء کیلئے درکار تمام قوانین کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ کل خواتین و اطفال کے محکمے کے ضلعی سطح کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ بچہ مزدوروں کے سروے‘ بھکاری بچو ں کی بازآبادکاری اور ان کی صحت کی جانچ کے ساتھ ساتھ دوستانہ گرام پنچایتوں کو تیار کرنے کیلئے پہل کریں۔
***** ***** *****
بھارت کی پرانجلی دھمال نے ٹوکیو میں جاری سماعت سے محروم خواتین کے کھیل مقابلوں کے 25 میٹر پسٹل نشانہ بازی زمرے میں سونے کا تمغہ جیتا۔ ان کھیلوں میں ان کا یہ تیسرا تمغہ ہے۔ اسی طرح سمیت داہیا نے مردوں کے 97 کلو گرام فری اسٹائل کشتی میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ امت نے 86 کلو گرام فری اسٹائل کشتی میں چاندی کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
بھارت نے مسلسل دوسری مرتبہ خواتین کا کبڈی عالمی کپ جیت لیا ہے۔ ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے چائنیز تئے پے ای کی ٹیم کو 28-35 سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان گوہاٹی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کرکٹ میچ میں بھارت 314 رنوں سے پیچھے ہے۔ بھارت کی پہلی اننگ کل 211 رنوں پر ختم ہوگئی۔ یشسوی جیسوال کے 58 اور واشنگٹن سندر کے 48 رنوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلّے باز تسلی بخش رنز نہیں بناسکا۔ کل جب کھیل روکا گیا تو مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 26 رنز بناچکی تھی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ایودھیا کے رام مندر میں مذہبی پرچم کی کریں گے تنصیب۔
٭ ملک کے 53 ویں چیف جسٹس کے طور پر جسٹس سوریہ کانت کی حلف برداری۔
٭ نوجوانوں کے ذریعے معاشرے اور سیاست میں تبدیلی ممکن ہے: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ نکسلیوں نے سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی خاطر حکومت سے 15 فروری 2026 تک مسلح کارروائیاں بند کرنے کی‘ کی اپیل۔
اور۔۔۔٭ سینئر فلم اداکار دھرمیندر چل بسے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment