Saturday, 29 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جن بلدیاتی اداروں میں انتخابات کا اعلان نہیں ہوا وہاں 50 فیصد سے زائد ریزرویشن کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے: سپریم کورٹ کی ہدایت۔
٭ میونسپل کونسلوں اورنگر پنچایتوں کیلئے انتخابی مہم کے وقت میں توسیع۔
٭ وزیرِ اعظم کی ملک کو خودکفیل بنانے کا عزم کرنے کی اپیل۔
٭ IFFI اختتام پذیر؛ فلم ”اِسکن آف یوتھ“ نے گولڈن پیکاک جیتا‘ جبکہ سنتوش ڈاؤکھر کی فلم ”گوندھڑ“ کو ملا سلور پیکاک۔
اور۔۔۔٭ جالنہ میں دو منشیات فروش غیر قانونی جنس کے تعین کے معاملے میں گرفتار۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ایسے بلدیاتی اداروں میں 50 فیصد سے زائد ریرزویشن کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے جن کیلئے ریاست میں انتخابات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس‘ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالیہ باگچی کی بینچ نے کل ریاستی الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت دی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ جن انتخابات میں 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں ان کے نتائج ان درخواستوں کے نتائج پر منحصر ہوں گے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے وکیل بلبیر سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ ریاست میں کُل 246 میونسپل کونسلوں اور 42 نگر پنچایتوں کے انتخابات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور ان میں سے 40 میونسپل کونسل اور 17 نگرپنچایتیں زیادہ سے زیادہ ریزرویشن کی حد سے تجاوز کررہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ 29 میونسپل کارپوریشنوں اور 346 پنچایت سمیتی کے انتخابات کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے۔
عدالت نے یہ معاملہ تین رکنی بینچ کو بھیج دیا اور ہدایت کی کہ اگلی سماعت 21 جنوری کو کی جائے اور انتخابات کی اجازت دی جائے‘ جس کیلئے شیڈول کے مطابق انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ کانگریس لیجسلیٹیو گروپ لیڈر وجئے وڑیٹیوار نے یہ کہتے ہوئے ردّ عمل ظاہر کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے انتخابات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ میونسپل کونسل اور نگرپنچایت انتخابات کیلئے مہم زور پکڑگئی ہے اور مختلف پارٹیوں کے قائدین اپنے اپنے امیدوارں کی تشہیر کیلئے میدان میں اُتر چکے ہیں۔ بی جے پی لیڈر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل جالنہ‘ واشم‘ وردھا اور ایوت محل اضلاع میں مختلف انتخابی اجلاس سے خطاب کیا۔
جالنہ ضلعے کے پرتور میں منعقدہ ایک جلسہئ عام میں پھڑنویس نے پرتور شہر کو مراٹھواڑہ میں ایک مثالی شہر بنانے کا عزم کیا۔ انھوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ پرتورکی ترقی کیلئے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ اس موقعے پر رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ‘ رکنِ اسمبلی ببن راؤ لونیکر‘ نارائن کوچے‘ سابق مرکزی وزیرِ مملکت راؤ صاحب دانوے موجود تھے۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر و نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ پونے، اہلیا نگر اور رائے گڑھ اضلاع میں انتخابی مہم چلارہے ہیں۔
شیوسینا کے اہم قائد و نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ناسک میں انتخابی مہم کی میٹنگ میں کل شرکت کی۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ انتخابی مہم کا وقت بڑھادیا گیا ہے اور انتخابی مہم یکم دسمبر کو رات 10 بجے ختم ہوجائے گی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے سیکریٹری سریش کاکانی نے ایک سرکُلر جاری کیا ہے جس میں یہ اطلاع درج ہے۔ ریاست کے میونسپل کونسل اور نگرپنچایت کے انتخابات کیلئے ووٹنگ 2 دسمبر کو ہوگی، جس کیلئے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس چھٹی کا اطلاق متعلقہ حلقوں سے باہر رہنے والے رائے دہندوں پر بھی ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل کرناٹک کے اُڈُپی کے شری کرشنا مٹھ کا دورہ کیا اور پوجا کی۔ گربھ گرہ کے روبرو سورن تیرتھ منڈپ کا افتتاح کرنے کے بعد انھوں نے سنت کنک داس کی مقدس کھڑکی کو سنہرا دائرہ پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقعے پر منعقدہ لکش کنٹھ گیتا کے پروگرام میں بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملک کو خود کفیل بنانے کا عزم کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم نے کل گوا کے شری سنستھان گوکرن جیووتسم مٹھ کے پانچ سو پچاسویں یومِ قیام میں شرکت کی۔ اس موقع پر شری رام کے 77 فٹ اونچے کانسے کے مجسّمے کی نقاب کشائی بھی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم کل بروز اتوار صبح گیارہ بجے آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام میں اہلِ وطن سے خطاب کریں گے۔ یہ اس سیریز کی 128 ویں قسط ہوگی۔ یہ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن نیٹ ورک‘ ویب سائٹ اور News On AIR موبائل ایپ پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
عوامی انتظامی محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری راجیش اگروال کو مہاراشٹر کا نیا چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ موجودہ چیف سیکریٹری راجیش کمار کل 30 نومبرکو سبکدوش ہورہے ہیں۔ راجیش اگروال کل اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔
***** ***** *****
نکسلیوں کی مہاراشٹر‘ مدھیہ پردیش‘ چھتیس گڑھ اسپیشل سیل ریجنل کمیٹی کے ترجمان اننت نے دریکسا دَلَم کے گیارہ سرگرم نکسلیوں کے ساتھ کل گوندیا پولس کے سامنے خود سپردگی کی۔ ان سب پر 89 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں کل 10 نکسلیوں نے بھی خود سپردگی کی۔
***** ***** *****
56 واں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کل گوا کے پنجی میں اختتام پذیر ہوا۔ فیسٹیول میں دکھائی جانے والی آخری فلم ”اے یوز فل گھوسٹ“ تھی۔ فیسٹیول کی بہترین فلم کا پُروقار گولڈن پیکاک ایوارڈ ایشلے فیر کی اسکن آف یوتھ کو دیا گیا اور سلور پیکاک ایوارڈ سنتوش ڈاؤکھر کی گوندھڑ فلم کو ملا۔ بہترین ویب سیریز ا ایوارڈ بندش بینڈٹس کو دیا گیا۔ کرن سنگھ تیارگی نے کیسری چیپٹر 2- کیلئے بھارتی فلم زمرے میں بہتر کارکردگی دکھائی،جس پر انھیں یہ ایوارڈ ملا۔ باوقار آئی سی ایف سی یونیسکو گاندھی میڈل طارق سوینسن کے سیف ہاؤس نے حاصل کیا۔ فلم ”مائی فادر شیڈو“ کو خصوصی جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقعے پر مشہور اداکار رجنی کانت کو بھی خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ثقافتی ایوارڈز کا کل اعلان کردیا گیا۔ ڈرامہ زمرے میں بزرگ اداکار ارون کدم جبکہ نوجوان فنکار کے زمرے میں اداکارہ تیج شری پردھان اور اداکار بھوشن کڑو کو منتخب کیا گیا۔ فلمی زمرے میں مدھرا ویلنکر کو جبکہ کلاسیکل میوسیقی کے زمرے میں گلوکار راہل دیشپانڈے اور بھاگیش مراٹھے کو ذیلی کلاسیکل میوسیقی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ بزرگ فنکار ادے سبنیس کو مزاحیہ ایوارڈ کیلئے، امبریش مشرا، میگھنا ایرنڈے اور سمیرا گجر کو روایتی اداکاری کے تحفظ کے زمرے کے ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا، جبکہ گوداوری منڈے اور بیڑ کے تامبیشور شاعری فن دستے کا بھی لوک فن کے تحفظ زمرے کے ایوارڈ کیلئے انتخاب عمل میں آیا۔
***** ***** *****
مشہور مزاحیہ شاعر، ڈاکٹر مرزا رفیع احمد بیگ، جو”مرزا ایکسپریس“ کے نام سے جانے جاتے ہیں، کل امراوتی میں انتقال کر گئے۔ وہ 68 برس کے تھے۔ انہوں نے کئی مشاعروں میں اپنے منفرد اسلوبِ بیان سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی تھی۔ ان کا اخباری کالم ”مرزاجی کہیں“ کافی مقبول ہوا۔ مرزا کے 20 شعری مجموعے ہیں، اور مرزا ایکسپریس کے نام سے ان کی شاندار کہانیوں اور شاعری کا پروگرام خاص و عام میں کافی مقبول تھا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ان کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرزا بیگ کے انتقال سے ہم‘ ایک عظیم مزاحیہ عوامی شاعر اور سماجی احساس رکھنے والی شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ کے مقامی کرائم برانچ دستے نے کل جالنہ ضلعے کے بھوکردن تعلقہ کے نانجاواڑی میں غیر قانونی اسقاطِ حمل کے معاملے میں دو ادویات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش ان دونوں کی جانب سے غیر قانونی طور پر اسقاطِ حمل کیلئے درکار ادویات کلیدی ملزم کو فروخت کر نے کا انکشاف ہوا۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت اور جالنہ کرائم برانچ دستے نے تین دن پہلے نانجاواڑی میں مویشیوں کے ایک گودام میں جاری ایک غیر قانونی تشخیصِ حمل مرکز کا پردہ فاش کیا تھا۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر کے تکنیکی شعبے سے وابستہ ٹیکنیشین سنیل جوشی کل ملازمت سے سبکدوش ہو گئے۔ انھوں نے آکاشوانی پربھنی اور آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر مراکز میں اپنی خدمات انجام دیں۔ جوشی کو کل آکاشوانی مرکز کے افسران اور عملے کی جانب سے وداعیہ دیا گیا۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر اور میٹروپولیٹن کمشنر جتیندر پاپلکر نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میٹروپولیٹن ترقیاتی اتھارٹی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جن بلدیاتی اداروں میں انتخابات کا اعلان نہیں ہوا وہاں 50 فیصد سے زائد ریزرویشن کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے: سپریم کورٹ کی ہدایت۔
٭ میونسپل کونسلوں اورنگر پنچایتوں کیلئے انتخابی مہم کے وقت میں توسیع۔
٭ وزیرِ اعظم کی ملک کو خودکفیل بنانے کا عزم کرنے کی اپیل۔
٭ IFFI اختتام پذیر؛ فلم ”اِسکن آف یوتھ نے گولڈن پیکاک جیتا‘ جبکہ سنتوش ڈاؤکھر کی فلم ”گوندھڑ“ کو ملا سلور پیکاک۔
اور۔۔۔٭ جالنہ میں دو منشیات فروش غیر قانونی جنس کے تعین کے معاملے میں گرفتار۔
***** ***** *****

No comments: