Friday, 28 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صرف آدھار کارڈ کی بنیاد پر دئیے گئے یا مشکوک پائے گئے پیدائش اور موت کے صداقت ناموں اور ان کے ریکارڈ کو فوری منسوخ کرنے کا محصول کے ریاستی وزیر نے دیا حکم۔
٭ ریاست کے 75 دیہاتوں کو اسمارٹ اور Intelligent وِلیجیز کے طور پر تیار کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ اس میں کلمنوری تعلقے کے 11 گاؤں شامل۔
٭ وزیرِ اعلیٰ نے ”لکھ پتی دیدی“ اسکیم کو فروغ دینے کا کیا اعلان۔
٭ مہایوتی میں فنڈنگ کے معاملے پر تینوں پارٹیوں میں گھماسان: سینئر قائد شرد پوار کا الزام۔
اور۔۔۔٭ چائلڈ ہیلپ لائن کی ٹیم دھاراشیو ضلع میں دو بچیوں کی شادی روکنے میں کامیاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
محصول کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے صرف آدھار کارڈ کی بنیاد پر جاری کیے گئے یا مشتبہ پائے گئے پیدائش اور موت کے صداقت ناموں اور ان کے ریکارڈ کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی اس خصوص میں محکمہئ پولس میں شکایت درج کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ محصول کے محکمے نے کل اس سلسلے میں سرکُلر جاری کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر‘ سلوڑ‘ لاتور‘ پربھنی‘ بیڑ‘ گیورائی،‘ جالنہ‘ اردھاپور‘ پرلی‘ امراوتی‘ آکولہ، انجن گاؤں سُرجی اور پوسد میں اس مہم پر زیادہ زور دیا جائے گا اور ان صداقت ناموں کی 16 نکات کی بنیاد پر جانچ کی جائیگی۔ اس کیلئے خصوصی اجلاس منعقد کرکے مقدمات کا تصفیہ کیا جائے گا۔ مشتبہ صداقت نامے واپس نہ کرنے والوں یا جواب نہ دینے والوں کو مفرور قرار دیکر FIR درج کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ یہ سرکُلر گذشتہ 11 اگست 2023 کی ترمیم کے بعد نائب تحصیلداروں کے ذریعے تقسیم کیے گئے پیدائش اور موت کے اندراج کے احکامات کو واپس لینے اور منسوخ کرنے کی ہدایت بھی فراہم کرتا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت پانچ اضلاع کے 75 دیہاتوں کو Smart & Intelligent Villeges کے طور پر تیارکرے گی۔ ان میں ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقے کے 11‘ ناگپور کے کاٹول تعلقے کے 10‘ امراوتی ضلع کے چاندو بازار کے 23‘ بارامتی ضلع کے 10 اور سندھو دُرگ ضلع کے ویبھو واڑی تعلقے کے 21 گاؤں شامل ہیں۔ حکومت نے گذشتہ روز اس سلسلے میں ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ اس منصوبے کو ناگپور کے ساتنوری میں تجرباتی بنیاد پر نافذ کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد شہروں اور دیہاتوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا اور دیہی علاقوں میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کیلئے حکومت نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل کی ہے۔
***** ***** *****
آئندہ کے میونسپل کاؤنسل اور نگر پنچایت انتخابات کے پیشِ نظر‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل مراٹھواڑہ کے لاتور اور ہنگولی اضلاع میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ اودگیر میں منعقدہ ایک جلسے میں حکومت کی طرف سے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے شروع کی گئی لکھ پتی دیدی مہم کو فروغ دینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ رواں برس 50 لاکھ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا ہدف ہے اور آنے والے برسوں میں مزید ایک کروڑ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا منصوبہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ ریاست میں لاڈلی بہن اسکیم جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے ہنگولی میں انتخابی جلسہئ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تیقن دیا کہ ہنگولی شہر کی ترقی کیلئے فنڈ کی کمی ہونے نہیں دی جائیگی۔
***** ***** *****
سینئر قائد شرد پوار نے الزام عائد کیا ہے کہ مہایوتی کی تینوں پارٹیوں کے درمیان فنڈ کو لیکر گھماسان جاری ہے۔ وہ کل بارامتی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ان دنوں ووٹ کام کی بنیاد پر نہیں مانگے جارہے ہیں بلکہ پیسے دئیے جارہے ہیں اور فنڈنگ کے وعدے کیے جارہے ہیں۔ پوار نے کہا کہ انتخابات جیتنے کا یہی اگر طریقہ ہے تو اس پر تبصرہ نہ کرنا ہی بہتر ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں دھڑے بندی ہے اور اتفاقِ رائے کا فقدان ہے۔ پوار نے کہا کہ کسانوں کو قرض واپسی کیلئے ایک برس کی مہلت دینے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ عارضی طور پر مفید ہوگا‘ تاہم کسانوں کو ہوئے نقصان کو دیکھتے ہوئے حکومت کو چاہیے کہ وہ انھیں کچھ رقم دے۔
***** ***** *****
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کا آج گوا میں اختتام ہورہا ہے۔ یہ فلمی میلہ تھائی فلم ’A Useful Ghost‘ کی نمائش کے ساتھ ختم ہوگا۔ اس فلمی میلے میں کل بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ”سماجی تبدیلی کی کہانی نویسی“ اس موضوع پر ماسٹر کلاس کا انعقاد کیا۔ انھوں نے فلموں میں‘ کلاسیکی کہانیوں اور تخیل کو مقام دلانے کی خاطر‘ لکھنے اور کہانیاں سنانے کے ساتھ ساتھ مصنفین کو ترجیح دینے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
آبی وسائل کی مرکزی وزارت کی جانب سے گذشتہ کافی عرصے سے دھاراشیو ضلع میں زیرِ زمین پانی کے انتظام اور مصنوعی ریچارج پر کام کیا جارہا ہے۔ اس معاملے میں بیداری پیدا کرنے کی خاطر کل دھاراشیو کے زرعی کالج میں کسانوں‘ زرعی کالج کے طلبہ اور زرعی شعبے میں خدمات انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں کیلئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا افتتاح ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کیا۔ دھاراشیو ضلع کے 41 واٹر شیڈ علاقوں میں سے تین‘ خطرے اور ہائی رِسک کے زمرے میں آتے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے ان پر کام کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے بھوکردن تعلقے کے نانجاواڑی میں غیر قانونی طور پر جنس کی تشخیص کے معاملے میں گرفتار دو ملزمین کو عدالت نے سات دِنوں کی پولس حراست میں بھیج دیا ہے۔ ان ملزمین کے نام ستیش سونونے اور کیشو گاونڈے ہیں۔ اس معاملے کے ایک اور مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ جالنہ کرائم برانچ کے دستے نے گذشتہ بدھ کو نانجا واڑی میں غیر قانونی طورپر چلائے جارہے جس کی تشخیص کے مرکز کا پردہ فاش کیا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو میونسپل کاؤنسل کے تینوں حلقوں کے انتخابات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ SDO اومکار دیشمکھ نے بتایا کہ آئندہ احکامات تک ان وارڈوں کے چناؤ ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وارڈ 7B‘ 2A اور 14Bمیں چند امیدواروں کی درخواستوں پر اعتراضات اور عدالت میں زیرِ غور ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے گنگاکھیڑ قصبے کے ایک عروسی جوڑے نے رائے دہی بیداری مہم میں حصہ لیا اور جمہوری عمل سے شعوری وابستگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے شہر یوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور ووٹ ضرور ڈالنے کا پیغام دیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل خلدآباد میونسپل کاؤنسل کے دفتر میں انتخابی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے رائے دہندگان سے اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا ضرور استعمال کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
’بچوں کی شادی سے پاک‘ بھارت‘ مہم کے تحت Child Help Line ٹیم نے دھاراشیو ضلع میں دو بچوں کی شادیوں کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دھاراشیو کے بھیم نگر اور تلجاپور تعلقے کے پمپلے میں بچپن کی ان شادیوں کو روکا گیا۔ ساتھ ہی لڑکیوں کے والدین کی ذہن سازی کی گئی۔ اسی طرح شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ضلع میں کہیں بھی کم عمری کی شادیوں کی اطلاع ملنے پر ٹول فری نمبر 1098 پر رابطہ کریں۔
***** ***** *****
بھارت کی 16 سالہ بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی شرما نے سابق عالمی چمپئن نوزومی اوکوہارا کو شکست دیکر سیّد مودی انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ تنوی نے نوزومی کو گذشتہ مقابلے میں 21-16, 13-21 اور 21-19 سے ہرایا۔ اس کے علاوہ ترشالی جالی اور گائیتری گوپی چند‘ خواتین کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اسی طرح سنگلز زمرے میں‘ اُنتی ہڈا‘ ایشا رانی بروعا‘ متھن منجوناتھ‘ کدامبی شریکات‘ پریانشو راجاوت اور منراج سنگھ کوارٹر میں پہنچ گئے ہیں۔
***** ***** *****
بھارت نے ملیشیاء میں کھیلے جارہے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دے دی۔ اس میچ میں امت روہیداس‘ سنجئے اور سیلوم کارتھی نے ایک ایک گول کیا۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں نگرپنچایتوں اور میونسپل کاؤنسلز کے انتخابات کیلئے رائے دہی 2 دسمبر کو ہوگی۔ اس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے بیڑ اور پربھنی اضلاع میں ہفتہ واری بازاروں کو رائے دہی کے دن بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں مقیم شاعر اور غزل نگار‘ باپو داسری کو ہیم لکسہ میں ہونے والی پانچویں مراٹھی ادبی کانفرنس کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ آئندہ 13 اور 14 دسمبر کو منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا افتتاح سماجی کارکن پرکاش آمٹے کریں گے۔ یہ اطلاع کانفرنس کے استقبالیہ صدر سروج اَندنکر نے دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ صرف آدھار کارڈ کی بنیاد پر دئیے گئے یا مشکوک پائے گئے پیدائش اور موت کے صداقت ناموں اور ان کے ریکارڈ کو فوری منسوخ کرنے کا محصول کے ریاستی وزیر نے دیا حکم۔
٭ ریاست کے 75 دیہاتوں کو اسمارٹ اور Intelligent وِلیجیز کے طور پر تیار کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ اس میں کلمنوری تعلقے کے 11 گاؤں شامل۔
٭ وزیرِ اعلیٰ نے ”لکھ پتی دیدی“ اسکیم کو فروغ دینے کا کیا اعلان۔
٭ مہایوتی میں فنڈنگ کے معاملے پر تینوں پارٹیوں میں گھماسان: سینئر قائد شرد پوار کا الزام۔
اور۔۔۔٭ چائلڈ ہیلپ لائن کی ٹیم دھاراشیو ضلع میں دو بچیوں کی شادی روکنے میں کامیاب۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
ان خبروں کو آپ AIR چھترپتی سمبھاجی نگر یوٹیوب چینل‘ پر دوبارہ کسی بھی وقت سن سکتے ہیں۔
***** ***** *****

No comments: