Thursday, 27 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دو ملٹی ٹریک ریلوے منصوبوں اور پونا میٹرو لائن کی توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ گذشتہ ایک دہائی میں ملک کی اقتصادی ترقی‘ آئین سازوں کی دُور اندیشی کا ثمر ہے: صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو کا اظہارِ خیال۔
”دستور دِن“ کے موقع پر مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ زراعت سے متعلق قرضہ جات کی وصولی آئندہ ایک برس تک مؤخر کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ سہ لسانی پالیسی کے تعین کیلئے تشکیل شدہ کمیٹی کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں اجلاس۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی کابینہ نے مہاراشٹر اور گجرات کے دو ہزار 781 کروڑ روپئے کے صرفے سے دو کثیر المساری یعنی ملٹی ٹریک ریلوے منصوبوں کو منظوری دی ہے۔ جس میں دوارکاتاکنالوس دوہرا ٹریک اور بدلاپور تا کرجت تیسرے اور چوتھے ٹریک شامل ہیں۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے قومی ریلوے نیٹ ورک میں تقریباً 224 کلو میٹر کا اضافہ ہوگا اور 585 دیہاتوں کو نیٹ ورک سے جوڑا جاسکے گا۔ پونا میں کھڑک واسلہ تا کھراڑی اور نل اسٹاپ تا مانک باغ کے درمیان نئی میٹرو لائن کو بھی مرکزی کابینہ نے منظوری دے دی۔ ان نئی لائنوں کیلئے 9 ہزار 858 کروڑ روپئے کے اخراجات متوقع ہیں۔ آئندہ پانچ برسوں میں یہ منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد پونا میٹرو لائن کی طوالت 100 کلو میٹر سے زیادہ ہوجائیگی۔ سنٹرڈ ریئر اَرتھ پرمننٹ میگنیٹ REPM کی پیداوار کو فروغ دینے کے منصوبے کو بھی کل مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔ اس اسکیم پر کُل خرچ سات ہزار 280 کروڑ روپئے ہوگا۔ اشونی ویشنو نے بتایا کہ اس ان اخراجات میں REPM کی فروخت پر کی ترغیب کیلئے چھ ہزار 450 کروڑ روپئے کے مصارف بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ریئر اَرتھ پرمننٹ میگنیٹ مقناطیس کے سب سے زیادہ مضبوط اقسام میں سے ایک ہے اور الیکٹرک گاڑیوں‘ غیر روایتی توانائی‘ الیکٹرانکس اور دفاعی جوہری تجربوں کیلئے یہ اہم عنصر ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ گذشتہ دہائی میں بھارت کی اقتصادی ترقی‘ آئین سازوں کی دُور اندیشی کا ثمر ہے۔ دستور دن کے حوالے سے کل نئی دہلی میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صدرِ جمہوریہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سب سے بڑی جمہوریت کی نمائندگی کرنے والی ہندوستانی پارلیمان‘ اپنے دستور کے معماروں کی پیش کردہ آزادی‘ مساوات‘ انصاف اور بھائی چارے کی قدروں پر ہی انحصار کرتی ہے۔
Byte: President Droupadi Murmu
***** ***** *****
دستور دن کے موقع پر کل ریاست بھر کے سرکاری اور نیم سرکاری دفاترمیں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ جن میں آئین کا دیباچہ اجتماعی طور پر پڑھا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پال گھر ضلع کے ڈہانو میں منعقدہ تقریب میں آئین کی تمہید پڑھی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے وندے ماترم ہال میں قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرپرسن نیلم گورہے کی صدارت میں دستور دن کے موقع پر آئین کا دیباچہ اجتماعی طور پر پڑھا گیا۔ اس موقع پر نیلم گورہے نے کہا کہ ہر شخص کے حقوق کے دفاع کیلئے ہر گھر میں دستور کا پہنچنا ضروری ہے۔ حقوق کے ساتھ فرائض سے آگاہی کیلئے ہر ایک کو آئین کا سفیر بننا پڑے گا۔ اس موقع پر رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ بھی موجود تھے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد میں ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسر واسودیو سولنکے کے ہاتھوں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے گئے اور دستور کا دیباچہ پڑھا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کمشنر جی شریکانت کی موجودگی میں آئین کے پیش لفظ کی نقولات کی رتھ یاترا نکالی گئی۔
ناندیڑ میں سماج کلیان دفتر کی جانب سے دستور ریلی نکالی گئی۔ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے اس ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی۔ لاتور میں منعقدہ ریلی بھی میں بھی طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہنگولی ضلع کلکٹر دفترمیں آئین کے پیش لفظ کو اجتماعی طور پر پڑھا گیا۔ دھاراشیو میں دستور اور رائے دہندگی سے متعلق بیداری ریلی نکالی گئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ آکاشوانی مراکز پر ملازمین نے اجتماعی طور پر دستور کی تمہید پڑھی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جون تا ستمبر کے دوران ہوئی شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے زراعت کے شعبے سے متعلق قرضہ جات کی وصولی مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متاثرہ دیہاتوں کے کسانوں کے قلیل مدتی قرضوں کو درمیانی مدتی قرضوں میں تبدیل کرنے کے احکامات بھی حکومت کی جانب سے دئیے گئے۔ اس ضمن میں امدادِ باہمی محکمے کی جانب سے ایک سرکاری مکتوب کل جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
ممبئی میں 26 نومبر 2008 کو کیے گئے خوفناک انتہاء پسند حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولس محکمے کے افسران و ملازمین اور حفاظتی دستوں کے اہلکاروں کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ممبئی پولس کمشنریٹ میں تعمیر کردہ یادگار پر انھوں نے پھول چڑھائے۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ‘ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ اور لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بھی اس حملے میں جان گنوانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
اسکول اور کالج کے طلباء و طالبات کو سفر میں پیش آنے والی تکالیف کو دور کرنے کیلئے ایس ٹی کارپوریشن نے‘ ایک آٹھ صفر صفر‘ دو‘ دو ایک‘ دو پانچ ایک‘ ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ وزیرِ حمل و نقل اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمن پرتاپ سرنائیک نے کل یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کیلئے 31 ڈویژن کے تمام کنٹرولرز کے نمبر بھی اسکولوں اور کالجوں کو دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
میونسپل کونسل اور نگرپنچایت انتخابات کی تشہیر کیلئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج لاتور اور ناندیڑ کا دورہ کررہے ہیں۔ آج صبح وہ اودگیر میں اور دوپہر میں لوہا میں تشہیری اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
دھاراشیو میں کل راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے ریاستی صدر ششی کانت شندے نے ایک تشہیری جلسے سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے اسکولوں میں سہ لسانی پالیسی کے تعین کیلئے ریاستی حکومت کی ڈاکٹر نریندر جادھو کی زیرِ قیادت قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نریندر جادھو نے سماج کے مختلف طبقات سے اپیل کی کہ وہ کمیٹی کی ویب سائٹ پر اس خصوص میں اپنا مؤقف رکھیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے کسانوں کو سال 2020 کا فصل بیمہ ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اس ضمن میں داخل کردہ عرضداشت پر ممبئی عدالت ِ عالیہ نے بیمہ کمپنی کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے عدالت میں جمع75 کروڑ روپئے بہ مع سود فی الفور کسانوں میں تقسیم کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں بیمہ کمپنی کی حکومت کی جانب سے روکی گئی رقم کو بھی کسانوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ جس کے نتیجے میں ضلع کے کسانوں کو فصل بیمے کے مزید 220 کروڑ روپئے ملیں گے۔ یہ اطلاع رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے دی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے سیلو اور مانوت تعلقوں کے 54 گاؤں کو پانی فراہم کرنے کے مطالبے پر آبی وسائل کے وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل کے ساتھ ہوئی مثبت ملاقات کے بعد آبرسانی کا مسئلہ حل ہونے کی اُمید ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنتور تعلقے کے دیہاتوں کو پورنا آبی منصوبے سے آبرسانی کے معاملے پر بھی اہم گفت و شنید ہوئی۔ رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے کہا کہ وہ ان دونوں مطالبات کو پوراکرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی کے ضلع کلکٹر راہل گپتا نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے طئے کردہ بنیادی نرخ کے مطابق‘ مونگ‘ تور اور سویا بین کی خرید کیلئے کسان کسی بھی دلال کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انھوں نے کہا کہ مارکیٹنگ فیڈریشن نے اس سلسلے میں سات خرید مراکز پر خریدی کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دو ملٹی ٹریک ریلوے منصوبوں اور پونا میٹرو لائن کی توسیع کو مرکزی کابینہ کی منظوری۔
٭ گذشتہ ایک دہائی میں ملک کی اقتصادی ترقی‘ آئین سازوں کی دُور اندیشی کا ثمر ہے: صدرِ جمہوریہ دَرَوپدی مُرمو کا اظہارِ خیال۔
”دستور دِن“ کے موقع پر مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ زراعت سے متعلق قرضہ جات کی وصولی آئندہ ایک برس تک مؤخر کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ سہ لسانی پالیسی کے تعین کیلئے تشکیل شدہ کمیٹی کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں اجلاس۔
***** ***** *****

No comments: