Sunday, 30 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پس منظر میں آج کُل جماعتی اجلاس۔
٭ ”من کی بات“ سلسلے کے تحت آج وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوام سے بات چیت۔
٭ موسمِ ربیع کیلئے صرف سوا تین لاکھ کسانوں نے حاصل کیا فصل بیمہ۔
٭ آئندہ بلدی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم عروج پر؛ رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ سلطان ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ بلجیم سے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا‘ کل سے آغاز ہورہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے آج کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ جس پارلیمانی اُمور کے وزیر کِرین رِجیجو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے گفت و شنید کریں گے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ایوانوں کا اجلاس بہتر طور پر چلانے کیلئے حکومت تمام جماعتوں کے ارکان سے تعاون کی اپیل کرے گی۔ پارلیمنٹ کا یہ اجلاس 19 دسمبر تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج صبح گیارہ بجے آکاشوانی پر ”من کی بات“ پروگرام کے سلسلے میں ملک کی عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کی 128 ویں قسط ہے۔ یہ پروگرام آکاشوانی‘ دوردرشن نیٹ ورک‘ ویب سائٹ اور نیوز آن AIR ایپ پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یونین پبلک سروس کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر اجئے کمار نے کہا ہے کہ مسلح افواج میں شامل ہونے والے طلبہ کو بدلتی ٹکنالوجی کے ساتھ خودانحصاری کیلئے باصلاحیت ہونا ضروری ہے۔ کل پونہ میں نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی (NDA) کی 149 ویں بیچ کے تقسیمِ اسناد کے جلسے سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نصاب مکمل کرنے والے 329 طلبہ کو ڈگری تفویض کی گئی۔
***** ***** *****
تین ریاستوں بشمول مہاراشٹر کے بنیادی ڈھانچے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک قرض فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں داخل درخواستیں کل منظور کی گئیں۔ اس میں مہاراشٹر میں بجلی تقسیم کاری نظام کیلئے 50 کروڑ ڈالر کا قرض بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
موسمِ ربیع کی فصلوں کیلئے اب تک صرف تین لاکھ 26 ہزار 168 کسانوں نے دو لاکھ چھ ہزار 994 ہیکٹر رقبے کیلئے فصل بیمہ کروایا ہے۔ گذشتہ برس تقریباً 55 لاکھ کسانوں نے بیمہ کروایا تھا۔ ریاست میں بیمہ کروائی گئی زمین کے رقبے کی کُل رقم 820 کروڑ روپئے ہے۔ زرعی محکمے کے اعداد و شمار کے مطابق پربھنی ضلع میں سب سے زیادہ 50ہزار 462 کسانوں نے 33 ہزار 12 ہیکٹر کابیمہ کروایا‘ جس کے بعد بیڑ اور لاتور ضلع کا نمبر ہے۔ آخری ایام میں بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ اس لیے تکنیکی دشواریوں سے بچنے کیلئے کسانوں سے قبل از وقت درخواست دہی کی اپیل محکمہئ زراعت نے کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں 243 میونسپل کونسل اور نگر پنچایتوں کے انتخابات کیلئے تشہیری مہم عروج پر ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماء تشہیری جلسوں اور ریلیوں کے ذریعے رائے دہندگان سے اپنے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اور بی جے پی رہنماء دیویندر پھڑنویس نے کل بھنڈارہ‘ چندرپور اور گڑچرولی میں تشہیری جلسوں سے خطاب کیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اور شیوسیناکے رہنماء ایکناتھ شندے نے لاتور ضلع کے اودگیر میں شیوسینا اُمیدوار کے تشہیری جلسے میں شرکت کی۔ اس علاقے میں تبدیلی کی ہوائیں چلنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انھوں نے اودگیر اور لاتور کی ترقی کا جائزہ بھی پیش کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے رہنماء اجیت پوار نے ماجلگاؤں میں اپنی پارٹی کے امیدوار کے انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ جس میں انھوں نے تعلقے میں بنیادی ڈھانچے اور حمل و نقل کی سہولیات کا ذکر کیا۔
پرسوں 2 دسمبر کو رائے دہی ہونے جارہی ہے اور کل یکم دسمبر کی شب 10 بجے تک تشہیری مہم چلائی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیومیونسپل کاؤنسل انتخابات کیلئے بی جے پی کا منشور کل رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل اور پارٹی کے ضلع صدر دتا بھاؤ کلکرنی نے جاری کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ بی جے پی ترقی کیلئے پانچ نکاتی پروگرام پر عمل کرے گی۔
***** ***** *****
تلجاپور میں بلدیہ کے انتخابات کے پیشِ نظر ”سویپ“ ووٹر بیداری ریلی نکالی گئی۔ شہر کے 23 اسکولوں کے تین ہزار 700 سے زائد طلبہ نے اس میں شرکت کی۔ استاد اور سویپ کے رُکن اشوک چوہان اور ان کے طلبہ نے رائے دہندگان میں بیداری کیلئے مختلف گیت اور اسٹریٹ پلے پیش کیے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے سیلو میں نوتن کالج میں دو ہزار ایک سو طلبہ نے 20 ہزار مربع فٹ کی ”ووٹ فار سیلو“ کے نعرے کے ساتھ انسانی زنجیر بناکر رائے دہندگان میں بیداری کا پیغام دیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے چار نئے قوانین ِ محنت پر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ پارلیمان اروند ساونت نے سخت تنقید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ قوانین مزدوروں کے حقوق کو نقصان پہنچائیں گے اور بے یقینی پیدا کریں گے۔ بھارتیہ کامگار سینا ان قوانین کی مخالفت کرے گی اور انھیں عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
***** ***** *****
گورنر آچاریہ دیو وَرَت نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو پڑھا لکھا‘ تربیت یافتہ اور بہترین شہری تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ کل ممبئی میں تعلیمی میدان میں سرگرِم عمل ایک قومی تنظیم کی جانب سے گورنر کو اعزازیہ دیا گیا۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آچاریہ دیو وَرَت نے کہا کہ آج کے نظامِ تعلیم سے طلبہ کو معلومات تو ملتی ہیں لیکن زندگی کے مقصد سے رُوشناس نہیں کروایا جاتا۔ جس کے سبب تعلیمی اداروں سے نامکمل شخصیتیں پیدا ہوتی ہیں۔
***** ***** *****
ملیشیاء میں جاری سلطان ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ بلجیم سے ہوگا۔ گذشتہ روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارت نے کینیڈا کو تین کے مقابلے 14 گول سے شکست دی۔ بھارت کی جانب سے جگراج سنگھ نے چار‘ تین کھلاڑیوں نے دو- دو اور چار کھلاڑیوں نے ایک- ایک گول اسکور کیا۔
***** ***** *****
بیڈمنٹن کھلاڑی کدمبی شریکانت نے سیّد مودی بیڈمنٹن چمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ مردوں کے سنگلز سیمی فائنل میں انھوں نے متھن منجوناتھ کو 21-15, 19-25, 21-13 سے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز زمرے میں گائیتری گوپی چند اور تریشا جالی کی جوڑی نے ملیشیائی جوڑی کو شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ جاپان کی جوڑی سے ہوگا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ تین میچوں کی اس سیریز کا پہلا میچ آج رانچی میں‘ دوسرا میچ 3 دسمبر کو رائے پور میں اور تیسرا میچ 6 دسمبر کو وشاکھا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے فوری بعد دونوں ٹیموں کے مابین پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائیگی۔
***** ***** *****
دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے خطرناک گینگسٹر انمول بشنوئی کی NIA حراست میں سات دن کی توسیع کردی ہے۔ امریکہ سے حوالگی کے بعد وہ آٹھ دن سے NIA کی حراست میں ہے۔ اب اس حراست میں 5 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ این سی پی قائد صدیقی کے قتل‘ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ سمیت دیگر کئی سنگین جرائم کا اس پر الزام ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی فہرست ِ رائے دہندگان میں بڑے پیمانے پر ابہام اور گڑبڑی کا الزام رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ نے عائد کیا ہے۔ کل شہر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت کو ہدایت کی کہ وہ اس جانب توجہ دیکر فی الفور اقدامات کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے تعلیمی ادارے سرسوتی بھون میں کل سے گووند بھائی شراف میوزک فیسٹیول کا آغاز ہوا۔ کل اُتکرشا بوریکر اور ان کے گروپ نے بھرت ناٹیم کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد سارنگی نواز استاد دلشاد خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ آج یہ فیسٹیول اختتام پذیر ہوگا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے نائے گاؤں تعلقے کے کرشنور صنعتی علاقے میں ایک تیندوے نے کل ایک مزدور پر حملہ کردیا۔ بعد میں اس کی تلاش میں سرگرداں محکمہئ جنگلات کی ٹیم پر بھی اس نے حملہ کیا۔ یہ واقعہ کل شام پیش آیا۔ ہنوز اس تیندوے کی تلاش جاری ہے اور عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت 10 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس گوندیا میں ریکارڈ کیا گیا۔ ناگپور میں 11 جلگاؤں میں ساڑھے گیارہ اور اہلیا نگر و ناسک میں ساڑھے بارہ ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
مراٹھواڑہ میں پربھنی میں 12‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں میں ساڑھے 13‘ اور بیڑ میں کم سے کم درجہئ حرارت 14 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پس منظر میں آج کُل جماعتی اجلاس۔
٭ ”من کی بات“ سلسلے کے تحت آج وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوام سے بات چیت۔
٭ موسمِ ربیع کیلئے صرف سوا تین لاکھ کسانوں نے حاصل کیا فصل بیمہ۔
٭ آئندہ بلدی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم عروج پر؛ رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ سلطان ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ بلجیم سے۔
***** ***** *****

No comments: