Wednesday, 26 November 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 نومبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 26 November-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/نومبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ایودھیام کی رام مندر کا جھنڈا جدوجہد کے ذریعے تخلیق کی علامت: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ بلدیاتی اداروں کے غیر اعلان شدہ انتخابی اداروں میں ریزرویشن کی حد پر عمل کرنے کی سپریم کورٹ کی ہدایت۔
٭ آج‘ یومِ دستور‘ جگہ جگہ مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ نئے مزدور قوانین سے 77 لاکھ اضافی ملازمتیں پیدا ہونے کا بھارتی اسٹیٹ بینک کا تخمینہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ایودھیا کی رام مندر کا جھنڈا جدوجہد کے ذریعے تخلیق کی علامت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کل رام جنم بھومی مندر میں جھنڈا لہرایا۔
اس موقعے پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) کے سربراہ موہن بھاگوت‘ اُترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ موجود تھے۔ وزیرِ اعظم کے ساتھ رام للا اور رام دربار کے ساتھ تمام معززین نے سپترشی مندر‘ شیشاوتار مندر اور انا پورنا مندر کا بھی دورہ کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم مودی نے کل ہریانہ کے کروکشیتر میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ انھوں نے کرشن کے مقدس شنکھ کو وقف نئی تعمیر شدہ پانچ جنیہ میمورئیل کا افتتاح بھی کیا۔
انھوں نے سکھوں کے نویں گرو‘ گرو تیغ بہادر کے 350 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر ایک خصوصی پروگرام میں بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر ایک خصوصی یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو احکامات دئیے ہیں کہ وہ بلدیاتی اداروں میں ریزرویشن کی 50 فیصد حد سے تجاوز نہ کرے‘ جہاں ریاست میں ابھی تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے کل ہوئی سماعت میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن کے ساتھ بات چیت جاری ہے‘ جس کے بعد بینچ نے معاملے کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل بلبیر سنگھ نے بتایا کہ ریاست میں آئندہ میونسپل کونسل اور نگر پنچایت انتخابات میں 57 بلدیاتی اداروں میں زیادہ سے زیادہ ریزرویشن کی حد سے تجاوز کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیارہ کردہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ پر اعتراضات اور تجاویز پیش کرنے کی آخری تاریخ سات دن سے بڑھا کر 15 دن کی جائے۔ کانگریس کی پریس ریلیز کے مطابق اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
جماعت پانچویں اور آٹھویں کیلئے اسکالر شپ امتحان جو مہاراشٹر اسٹیٹ اگزامنیشن کونسل کے ذریعے 8 فروری کو منعقد ہونا تھا اب 22 فروری کو ہوگا۔ یہ اطلاع اگزامنیشن کونسل کمشنر انورادھا اوک نے دی۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اُس دن ہونے والے مرکزی اساتذہ کی اہلیت کے امتحان کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایلورہ کے سنت جناردن سوامی کے آشرم میں جن شانتی دھرم تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ سنتوں نے سماجی روشن خیالی اور قوم کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ 751 کُنڈیگیہ شاڑا میں داخلے کی تقریب اور شیوکی مورتی کی پوجا اور افتتاح وزیرِ اعلیٰ نے اس موقعے پر کیا۔
***** ***** *****
مہذب اور معیاری طلبہ کی تخلیق کیلئے دس نکاتی پہل کے ایک حصے کے طور پر کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایک ہزار 920 اسکولوں میں والدین کی میٹنگیں بیک وقت منعقد کی گئیں۔ طلبہ کو اچھا شہری بنانے کیلئے ان کی ہمہ جہت ترقی ضروری ہے۔ جس کیلئے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ان میں ثقافت کو بڑھانے کی ضرورت کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
آج 2008ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں کو 17 برس ہوگئے۔ 26 نومبر کی شام کو دس دہشت گردوں کی طرف سے کیے گئے حملے میں غیر ملکیوں سمیت تقریباً 170 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جانیں گنوانے والے پولس اور سیکوریٹی فورسیز کے اہلکاروں کو آج ریاست بھر میں مختلف تقریبات کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
آج یومِ آئین منایا جارہا ہے۔ اس موقعے پر نئی دہلی میں ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس دن کا موضوع ”ہمارا آئین ہماری عزتِ نفس“ ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے ناندیڑ ضلعے کے تمام محکموں کے سربراہوں کو یومِ آئین منانے کی ہدایت دی ہے۔ پربھنی میں شیواجی کالج میں سماجی انصاف و خصوصی معاونت کے محکمے کی جانب سے ”گھر گھر آئین“ مہم کے تحت ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئے مزدور قوانین سے 77لاکھ اضافی ملازمتیں پیدا ہونے اور بے روزگاری میں ایک اعشاریہ تین فیصد کی کمی کی اُمید ہے۔ ان قوانین سے منظم کارکنوں کے تناسب میں کم از کم 15 فیصد اضافہ ہوکر تقریباً 75 اعشاریہ پانچ فیصد ہوجائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والوں کی تعداد تقریباً 44کروڑ ہے‘ جن میں سے تقریبا 31کروڑ کارکنوں نے ای شرم پورٹل پر اندراج کروایاہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بی جے پی مزدور الائنس کے ریاستی سیکریٹری صاحب راؤ نکم نے رائے ظاہر کی ہے کہ ان مزدور قوانین سے مزدوروں کو بہت فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایڈیشنل ضلع کلکٹر سمبھاجی اڑکونے نے ہدایت دی ہے کہ محکمہئ محنت کے تحت منظم اور غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ دیا جائے۔ وہ کل ضلع کلکٹر آفس میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اڑکونے نے یہ بھی ہدایت دی کہ سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں۔ اس کیلئے میڈیا کا استعمال کیا جائے اور مختلف سماجی خدمت گار تنظیموں اور سماجی کارکنوں سے مدد لی جائے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میں اہم سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر آوارہ جانوروں کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت میں رخنہ اندازی اور حادثات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کے پیشِ نظر ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنر آشیما متل نے آوارہ جانوروں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شہریوں کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرنے کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
امباجوگائی میں یشونت راؤ چوہان یادگاری تقاریب کمیٹی کے زیرِ اہتمام سہ روزہ پروگرام کا افتتاح کل بزرگ مصنف شری کانت دیشمکھ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر دیشمکھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یشونت راؤ چوہان نے عام شہریوں کیلئے کام کیے اور ان کے ذریعے مہاراشٹر سے ملک کو ایک مہذب حکمران حاصل ہوا، انہوں نے ذات پات سے بالاتر ہو کر ریاست کو سنبھالا، لیکن موجودہ دور میں مہاراشٹر میں ذات پات کو ہوا دی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو بلدیہ انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل پانچ نکاتی منشور کا اعلان کیا۔ رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے ایک صحافتی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مستقبل میں دھاراشیو کو معقول پانی اور باغ باغیچوں والے ایک خوبصورت شہر کے طور پر جانا جائے گا۔
***** ***** *****
لاتور کے سابق میئر اور کانگریس رہنماء‘ وکرانت گوجم گُنڈے کل ممبئی میں نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی موجودگی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے یہ فیصلہ آئندہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں زون نمبر پانچ میں اپنی امیدواری سے متعلق تنازعے کی وجہ سے لیا۔
***** ***** *****
سکھوں کے نویں گرو،گرو تیغ بہادر جی کی 350ویں یومِ وفات کی مناسبت سے کل ناندیڑ میں ایک عطیہئ خون کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے خون عطیہ کیا۔
***** ***** *****
ناناجی دیشمکھ زرعی سنجیونی پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت انفرادی استفادہ کنندگان اور زرعی پیداوار گروپوں کیلئے درخواست دہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت بیڑضلعے کے 396 دیہاتوں کا انتخاب کیے جانے کی اطلاع ضلع زرعی سپرنٹنڈنٹ آفیسر اور آتما پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس.ایم. ساڑوے نے دی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں کل دو پولس اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سونکھیڑ پولس اسٹیشن کے معاون سب انسپکٹر گنپت گیتے کے خلاف مارپیٹ کے ایک معاملے میں مدد کرنے کیلئے پانچ ہزار روپئے کی رشوت لینے کا معاملہ درج کیا گیا ہے، جبکہ رام تیرتھ پولس اسٹیشن کے معاون سب انسپکٹر دشرتھ جامبھڑیکر کے خلاف ایک جوّے سے متعلق مدد کرنے کیلئے دس ہزار روپئے کی رشوت لینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت 14 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس برہمپوری میں درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ میں 17‘ جبکہ پربھنی میں 17 اعشاریہ نو ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت درج کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین گوہاٹی میں جاری دوسرے ٹسٹ کرکٹ مقابلے کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹ پر 260 رنز بناکر اپنی اننگ ڈکلیئر کردی۔ کل کا کھیل ختم ہونے تک بھارت کی دوسری اننگ میں دو وکٹ پر 27 رن ہوچکے تھے۔ یشسوی جیسوال 13 اور کے ایل راہل پانچ رن پر آؤٹ ہوگئے‘ جبکہ سائی سدرشن دو اور کُلدیپ یادو چار رن پر کھیل رہے ہیں۔ مقابلہ جیتنے کیلئے بھارت کو 522 رن کا ہدف ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ایودھیام کی رام مندر کا جھنڈا جدوجہد کے ذریعے تخلیق کی علامت: وزیرِ اعظم کا بیان۔
٭ بلدیاتی اداروں کے غیر اعلان شدہ انتخابی اداروں میں ریزرویشن کی حد پر عمل کرنے کی سپریم کورٹ کی ہدایت۔
٭ آج‘ یومِ دستور‘ جگہ جگہ مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ نئے مزدور قوانین سے 77 لاکھ اضافی ملازمتیں پیدا ہونے کا بھارتی اسٹیٹ بینک کا تخمینہ۔
***** ***** *****

No comments: