Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 23 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ داؤوس کانفرنس میں مہاراشٹرکے 30 لاکھ کروڑ روپئے کے معاہدے؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 55 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری۔
٭ ریاست کی 29 میونسپل کاپوریشنوں کے میئر کے عہدے کا ریزرویشن ظاہر؛ مراٹھواڑہ کے پانچ میں سے تین میونسپل کارپوریشن خواتین کیلئے ریزرو۔
٭ سپریم کورٹ نے ٹیم انڈیا کے خطاب کو چیلنج کرنے والی درخواست کو کیا خارج۔
اور۔۔۔٭ پربھنی کی سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین یومِ جمہوریہ کی تقریب کیلئے مدعو۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
داؤوس کانفرنس میں 18 ممالک کے مختلف کمپنیوں کے ساتھ تقریباً 30 لاکھ کروڑ روپئے کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل داؤوس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس سرمایہ کاری میں مزید سات سے دس لاکھ کروڑروپئے کا اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 55 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کوکن میں ساڑھے تین لاکھ کروڑ‘ ودربھ میں دو لاکھ 70 ہزار کروڑ اور اہلیا نگر سمیت خاندیش میں 50 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔
***** ***** *****
ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشنوں کے میئر کے عہدوں کیلئے کل قرعہ اندازی ہوئی۔ یہ عمل شہری ترقی کی وزیرِ مملکت مادھوری مساڑ کی صدارت میں منترالیہ میں انجام پایا۔ آئندہ ڈھائی سالوں کیلئے ان کارپوریشنوں میں ریزرو میئر عہدے اس طرح ہیں۔ کلیان- ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن درجِ فہرست قبائل کیلئے جبکہ ٹھانے میونسپل کارپوریشن درجِ فہرست ذاتوں کیلئے۔ چار میونسپل کارپوریشن جلگاؤں‘ چندر پور‘ اہلیا نگر اور اکولہ پسماندہ طبقے کی خواتین کیلئے‘ پنویل‘ اچل کرنجی‘ کولہاپور اور اُلہاس نگر کو پسماندہ طبقے کے شہریوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ پونے‘ دھولیہ، برہن ممبئی، مالیگاؤں‘ میرا بھائیندر‘ ناگپور اور ناسک میونسپل کارپوریشن جو کہ عام گروپ کیلئے ہیں عام خواتین کیلئے مختص ہیں۔ امراوتی‘ سانگلی‘ شولاپور‘ پمپری چنچوڑ‘ بھیونڈی اور وسئی- ویرار بلدیہ عام گروپ کیلئے کھلی ہیں۔
مراٹھواڑہ کی پانچ میونسپل کارپوریشنوں میں سے تین خواتین کیلئے مختص ہیں، جبکہ جالنہ اور لاتور درجِ فہرست ذات کی خواتین کیلئے۔ ناندیڑ- واگھالہ میونسپل کارپوریشن عام خواتین کیلئے مختص ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور پربھنی میونسپل کارپوریشن عام زمرے کیلئے کھلے ہیں۔
دریں اثناء اطلاعات ہیں کہ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی اور کانگریس نے ممبئی اور پربھنی میں ریزرویشن پر اعتراض کیا ہے۔ ممبئی کی سابق میئر کشور پیڈنیکر نے دعویٰ کیا ہے کہ کسی کو بتائے بغیر ریزرویشن ڈراء کے قوانین کو تبدیل کیا گیا۔
دریں اثناء‘ کانگریس قائد وجئے وڑیٹیوار نے الزام عائد کیا کہ میئر کے عہدے کیلئے ریزرویشن نکالنے کا عمل شفاف طریقے سے نہیں کیا گیا۔ وہ کل چندر پور میں مخاطب تھے۔
***** ***** *****
ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتی کے انتخابات کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ کل مکمل ہوگئی۔ کاغذاتِ نامزدگی 27 تاریخ کو سہ پہر تین بجے تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔ امیدوارں کی حتمی فہرست اور نشانات کی تقسیم 27 جنوری کو جاری کی جائیگی۔ رائے دہی پانچ فروری کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 7 فروری کو ہوگی۔
***** ***** *****
وکرم کاڑے اور آرگنائزن کمیٹی کے پرنسپل مدھوکر گائیکواڑ نے استقبالیہ میں کہا کہ بزرگ مصنف ڈاکٹر سریش ساونت کو دھاراشیو ضلع کے پڑسپ میں منعقد ہونے والی گیارہویں دیہی ادبی کانفرنس کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس سال کی ایک روزہ ادبی کانفرنس 2 فروری کو منعقد کی جائیگی۔ کانفرنس کا انعقاد وسنت راؤ کاڑے پرتشٹھان اور کسان واچنالیہ کے اشتراک سے کیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
شری گرو تیغ بہادر صاحب کی 350 ویں برسی کے موقع پر لاتور ضلعی محکمہئ تعلیم کی جانب سے گیان پرکاش ایجوکیشن کمپلیکس میں ایک گانے کا مقابلہ ”ہند دی چادر“ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں طلبہ نے گانوں کے ذریعے گرو تیغ بہادر جی کی زندگی کی قربانی اور بہادری کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
دریں اثناء‘ پروگرام کل اور پرسوں ناندیڑ کے مودی میدان میں ہوگا۔ عقیدت مندوں کے پروگرام کے مقام تک پہنچنے کیلئے 200 سے زائد مفت گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کل مردم شماری کے پہلے مرحلے کیلئے سوالنامہ جاری کیا۔ گھروں کی گنتی کے اس پہلے مرحلے میں شہریوں سے 33 سوالات کیے جائیں گے۔ یکم اپریل سے شروع ہونے والا یہ پہلا مرحلہ 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔
***** ***** *****
نیتاجی سبھاش چندر بوس کی یومِ پیدائش پراکرم دن آج منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر سبھاش بابو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں مختلف پرگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
شیوسینا پارٹی کے سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے کا آج صد سالہ یومِ پیدائش منایا جارہاہے۔ اس موقعے پر ممبئی سمیت مختلف مقامات پر پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
حیدرآباد مکتی سنگرام کے نمایاں ں سوامی رامانند تیرتھ کو کل ان کی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ناندیڑ میں سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں سوامی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر نے سوامی کے مجسّمے پر پھول چڑھائے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (BCCI) کی کرکٹ ٹیم کو بھارتی قومی کرکٹ ٹیم یا ٹیم انڈیا کہنے پر روک لگانے کی درخواست کو خارج کردیا۰ درخواست میں آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن کے انتظامی پرسار بھارتی پر بی سی سی آئی کرکٹ ٹیم کو ٹیم انڈیا کہنے پر روک لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت جسٹس جوائے مالیا باگچی اور جسٹس وپل پنچولی کی بینچ نے عرضی کو خارج کردیا اور اس معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کے 8 اکتوبر کے حکم کو برقرار رکھا۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی کپ کیلئے بنگلہ دیش‘بھارت کا دورہ نہیں کرے گا۔ بنگلہ دیش کے اُمورِ نوجواں اور کھیلوں کے مشیر آصف نظرل نے کل‘ ٹیم کے کھلاڑیوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کے بعد یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کیلئے بھارت نہیں آئے گی کیونکہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات بدستور موجود ہیں۔
دریں اثناء، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بدھ کو ٹورنامنٹ کے معلّنہ شیڈول میں تبدیلی نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے مقابلے بھارت سے منتقل کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں اُمید مہم کے تحت کام کرنے والی خواتین کو یوم جمہوریہ کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ گنگا کھیڑ تعلقے کے مُڑی گاؤں کے خواتین بچت گروپ کی ایک زرعی سہیلی وندنا بھوسلے بھی مدعو خواتین میں شامل ہیں۔ وندنا بھوسلے نے انھیں تقریب میں مدعو کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔
ان خواتین کو بذریعہئ ہوائی جہاز سے دہلی آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ مانوت تعلقے کے کولہا گاؤں میں اُمید اور خود مدد گروپوں کے درمیان کوآرڈنیٹر کے طور پر کام کرنے والی بھاگیہ شری بھیسے نے بھی اس طرح کا موقع فراہم کرنے پر آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
انڈونیشیا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پی وی سندھو اور لکشئے سین نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ سندھو کا مقابلہ اب کوارٹر فائنل میں چین کی چین یُو فے یِ سے ہوگا۔
***** ***** *****
77ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کی اہم سرکاری تقاریب ریاست بھر میں ایک ہی وقت صبح سوا نو بجے منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے نے ایک حکمنامہ جاری کرکے ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی دفتر یا ادارہ اپنی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کرنا چاہتا ہے تو صبح ساڑھے آٹھ بجے سے قبل یا صبح دس بجے کے بعد کرے۔
***** ***** *****
وائس چانسلر ڈاکٹر وجے پھلاری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں گزشتہ دو سالوں کے دوران پی ایم اوشا پروجیکٹ کے تحت تقریباً 77 کروڑ روپئے کی بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وہ کل‘ وائس چانسلر عہدہ سنبھالنے کے دو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے صحافیوں سے مخاطب تھے۔ ڈاکٹر پھلاری نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق متوقع معیار اور معیاری تحقیق کو ترجیح دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں 100 یا اس سے زیادہ طلباء کی تعداد والے اسکولوں میں 28 جنوری کو ایک ”صحت رہنمائی ورکشاپ“ منعقد کیا جارہا ہے۔ طلباء کی جسمانی، ذہنی اور سماجی صحت کو بہتر کرنے کیلئے اس اقدام پر ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کے تصور کے تحت عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ داؤوس کانفرنس میں مہاراشٹرکے 30 لاکھ کروڑ روپئے کے معاہدے؛ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 55 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری۔
٭ ریاست کی 29 میونسپل کاپوریشنوں کے میئر کے عہدے کا ریزرویشن ظاہر؛ مراٹھواڑہ کے پانچ میں سے تین میونسپل کارپوریشن خواتین کیلئے ریزرو۔
٭ سپریم کورٹ نے ٹیم انڈیا کے خطاب کو چیلنج کرنے والی درخواست کو کیا خارج۔
اور۔۔۔٭ پربھنی کی سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین یومِ جمہوریہ کی تقریب کیلئے مدعو۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment