Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 27 January-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/ جنوری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 77 ویں یومِ جمہوریہ کی تقاریب کا پُرجوش انعقاد؛ کرتویہ پتھ پر ملک کی عسکری طاقت کا بھرپور مظاہرہ۔
٭ دستور کے اقدار کی رہنمائی میں ریاست‘ ملک کی ترقی کا انجن بن کر پیش رفت کررہی ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر رابطہ وزراء کے ہاتھوں پرچم کشائی۔
٭ ریاست کے اسکولی طلباء کی ایک ہی وقت میں حب الوطنی کے گیتوں پر اجتماعی پریڈ؛ لندن کے بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اندراج۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں وسطی مہاراشٹر‘ وِدربھ اور مراٹھواڑہ کے چند ایک مقامات پر بارش کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
77 واں یومِ جمہوریہ کل ملک بھر میں مختلف تقاریب کے انعقاد کے ساتھ پُرجوش طریقے سے منایا گیا۔ نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر منعقدہ شاندار پریڈ میں ملک کی عسکری قوت کا مؤثر مظاہرہ کیا گیا۔ یوروپین یونین کے صدر انٹونیو کوسٹا اور یوروپین کمیشن کی سربراہ اُرسُلا فان ڈیر لین اس تقریب میں بہ حیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ ”آزادی کا منتر وندے ماترم‘ اور خوشحالی کا منتر خودکفیل بھارت“ اس برس کی پریڈ کا تصور تھے۔ آپریشن سندور کی جھلک پیش کرنے والی فوجی جھانکی‘ برہموس اور S-400 میزائل‘ ارجن ٹینک‘ 16لڑاکا طیارے اور بھارت کی دفاعی طاقت کی نمائش کرنے والے جدید ہتھیار اس پریڈ کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔
کرتویہ پتھ کی سمت جانے والی تمام سڑکوں پر علی الصبح سے شہریوں کا ہجوم اُمڈ پڑا تھا‘ جن میں پریڈ میں حصہ لینے والے تینوں افواج کے فوجی‘ این سی سی کیڈیٹس‘ پریڈ کے نظارے کیلئے مدعو این ایس ایس کارکن‘ سماجی کارکن‘ مثالی گاؤوں کے سرپنچ اور بچت گروپوں کی خواتین بھی شامل تھیں۔ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں پرچم کشائی کے بعد پریڈ کا آغاز ہوا اور مہاراشٹر کی جھانکی سامنے آتے ہی مراٹھی عوام جذباتی ہوگئے۔ ریاستی تہوار قرار دئیے گئے گنیش اُتسو کے وِسرجن کا نظارہ اس چتررتھ پر پیش کیا گیا تھا۔ مہاراشٹر کے اس ثقافتی ورثے کی جھلک 31 جنوری تک دہلی کے لال قلعے پر دیکھی جاسکے گی۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے ہندوستانی گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کو اس موقع پر اشوک چکر سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے سلسلے میں کل گورنر اچاریہ دیو وَرَت نے ریاست کی عوام سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر نے راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں ملک بھر میں سبقت حاصل کررکھی ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کیلئے ایک قابلِ اعتماد مرکز کی حیثیت سے سامنے آئی ہے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے ریاست کی سنت روایات اور ثقافتی ورثے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مہاراشٹر‘ ملک کی معاشی ترقی کا ایک طاقتور انجن بن چکا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ آئین کی اقدار کی رہنمائی میں مہاراشٹر آج ملک کی ترقی کا انجن بن کر پیش رفت کررہا ہے۔ کل ممبئی کے شیواجی پارک میں سرکاری پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کے بعد وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں داؤوس میں اقتصادی کانفرنس کے دوران مہاراشٹر نے 30 لاکھ کروڑ روپئے کے مفاہمتی یادداشتوں پر ستخط کیے ہیں۔ جس سے بڑے پیمانے پر ریاست میں روزگار کے مواقع مہیا ہوں گے۔ حکومت کے ذریعے کسانوں کو خوشحال بنانے کی کوشش کی جائیگی۔ جب جب مہاراشٹر کا کسان دشواری کا شکار ہوا تب تب ریاستی حکومت نے اس کی بھرپور مدد کی اور اب اگلے مرحلے میں قحط سے پاک مہاراشٹر بنانے کی کوشش کے طورپر ندی جوڑ پروجیکٹ کے ذریعے ریاست کے کونے کونے میں پانی فراہم کرکے کاشتکاروں کو خوشحال بنایا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ضلع صدر دفاتر پر پرچم کشائی کی تقاریب عمل میں آئیں۔ ڈویژن کے تمام اسکولوں‘ کالجوں اور سرکاری و نیم سرکاری دفاتر میں ڈرل اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کے ہاتھوں ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور عوام کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ دستور کی قدروں پر عمل کرنا ہم تمام کا فرض ہے۔
دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں مرکزی سرکای تقریب میں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف اسکولوں کے طلبہ نے کم عمری کی شادیوں سے پاک دھاراشیو ضلع اور نقل سے پاک ضلع بنانے کیلئے حلف بھی اٹھایا۔ اس موقع پر اجتماعی طور پر وندے ماترم گایا گیا اور اس کے بعد تین ہزار طلبہ نے حب الوطنی کے مختلف نغموں پر ڈرل کا مظاہرہ کیا۔
جالنہ میں پولس ہیڈکوارٹر میدان پر رابطہ وزیر پنکجا منڈے نے مرکزی سرکاری تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انھوں نے پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد ضلع کی عوام کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ جالنہ ضلع غیر ترقی یافتہ سمجھا جاتا ہے تاہم ضلع میں چلائے جارہے ترقیاتی کاموں کا انھوں نے تذکرہ کیا۔
پربھنی میں رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر محکمہئ تعلیم کی جانب سے تقریباً دوہزار طلبہ نے دیش بھکتی پر مبنی گیتوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ہنگولی میں رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ‘ ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے‘ لاتور میں رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے اور بیڑ میں امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ہاتھوں سرکاری تقاریب میں پرچم کشائی کی گئی۔
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ میں جسٹس وِبھا کنکن واڑی کے ہاتھوں قومی پرچم لہرایا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری کے ہاتھوں‘ ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کے ہاتھوں اور پربھنی کی وسنت راؤ نائیک زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر اندرامنی کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”راشٹر پرتھم“ مہم کے تحت یومِ جمہویہ کے موقع پر ریاست بھر میں سرکاری پرچم کشائی کے بعد اسکولی طلبہ نے ایک ساتھ قومی نغموں پر اجتماعی پریڈ پیش کی۔ اس مہم میں ریاست کے ایک لاکھ اسکولوں کے دو کروڑ سے زائد طلبہ نے ایک ہی وقت میں نظم و ضبط اور ہم آہنگی کے ساتھ یہ پریڈ پیش کی۔ اس مہم کا باضابطہ اندراج لندن کی بین الاقوامی تنظیم ”ورلڈ بک آف ریکارڈ“ میں کیا گیا۔ یہ اطلاع وزیرِتعلیم دادا بھوسے نے دی۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی کے کرتویہ پتھ پر منعقدہ پریڈ دیکھنے کیلئے ملک بھر سے مہمان مدعو تھے۔ جن میں دھاراشیو ضلع کے جکے کُرواڑی کے سرپنچ امر سوریہ ونشی اور ناندیڑ ضلع کے یوولی کے سرپنچ شیتل کنٹھاڑ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے 150 دنوں کے ای گورننس اصلاحاتی پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے دفاتر کی فہرست کل جاری کی گئی۔ بہترین انسپکٹر جنرل پولس دفتر کے زمرے میں ناندیڑ دفتر نے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا۔ بہترین ضلع کلکٹر دفتر کے زمرے میں دھاراشیو نے تیسرا اور لاتور نے چوتھا مقام حاصل کیا، جبکہ ڈویژنل کمشنر دفتر کے زمرے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے دفتر نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
قومی بینکوں کے کام کاج کیلئے پانچ دن کا ہفتہ کرنے اور دیگر مطالبات پر آج ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ بینک ملازمین کی تنظیموں نے کیا ہے۔ اس ضمن میں چیف لیبر کمشنر کے ساتھ جاری گفت و شنید ناکام ہوجانے پر بینک ملازمین کی 9 تنظیموں نے یہ فیصلہ کیا۔ تاہم‘ اس سلسلے میں جاری کردہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ خانگی شعبے کی بینکوں کے ملازمین اس ہڑتال میں شرکت نہیں کریں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کے نئے آڈیٹوریم کا افتتاح رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر انھوں نے ناندیڑ ضلع کے سرپنچوں اور عوام سے اپیل کی کہ ”مکھیہ منتری خوشحال پنچایت راج“ مہم میں مؤثر شرکت کریں‘ کیونکہ یہ مہم گاؤوں کی ہمہ گیر ترقی کا تاریخی موقع ہے اور صرف عوامی شراکت کے ذریعے ہی اسے کامیاب کیا جاسکتاہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست کے مختلف مقامات پر سردی کی شدت میں نسبتاً کمی واقع ہوئی ہے۔ آئندہ دو دِنوں میں وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور وِدربھ کے چند ایک مقامات پربارش کی پیشگوئی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ 77 ویں یومِ جمہوریہ کی تقاریب کا پُرجوش انعقاد؛ کرتویہ پتھ پر ملک کی عسکری طاقت کا بھرپور مظاہرہ۔
٭ دستور کے اقدار کی رہنمائی میں ریاست‘ ملک کی ترقی کا انجن بن کر پیش رفت کررہی ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ خیال۔
٭ مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر رابطہ وزراء کے ہاتھوں پرچم کشائی۔
٭ ریاست کے اسکولی طلباء کی ایک ہی وقت میں حب الوطنی کے گیتوں پر اجتماعی پریڈ؛ لندن کے بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اندراج۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں وسطی مہاراشٹر‘ وِدربھ اور مراٹھواڑہ کے چند ایک مقامات پر بارش کی پیشگوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment